ایمریٹس: وہ شخص جو صرف 18 ہزار انڈین روپے کے ٹکٹ میں پورے طیارے میں اکیلے سفر کر پایا

سیما علی

لائبریرین
ایمریٹس: وہ شخص جو صرف 18 ہزار انڈین روپے کے ٹکٹ میں پورے طیارے میں اکیلے سفر کر پایا
27 مئ 2021
_118691343_2323e7f4-83cc-472c-bcc3-e6ed78527602.jpg

،تصویر کا ذریعہBHAVESH JAVERI

شہ سرخی پڑھ کر آپ چونک گئے ناں؟ ممبئی سے دبئی تک 360 مسافروں کی گنجائش والے طیارے میں اکیلے سفر کرنے والا یہ شخص بھی اپنے سامنے پورا طیارہ خالی دیکھ کر چونک گیا تھا۔

اور یہ کب ہوا، کیسے ہوا اور کیوں ہوا، یہ سوالات پوچھنے سے قبل یہ جان لیں کہ یہ کسی غلط فہمی کی وجہ سے ہوا نہ ہی کسی غلطی کے باعث۔

جو لوگ اس چیز کا تجربہ کر چکے ہیں اُن کے نزدیک اسے صرف 'قسمت کا کھیل' ہی کہا جا سکتا ہے۔

بھاویش کا تعلق دبئی سے ہے اور وہ مئی کے پہلے ہفتے میں اپنے کاروبار کے سلسلے میں ممبئی آئے تھے۔

انھوں نے کام ختم کر کے دبئی واپس جانے کی توقع میں 10 دن قبل ہی پرواز بُک کروا لی تھی۔ وہ اکثر بزنس کلاس میں سفر کرتے ہیں مگر کورونا کی وجہ سے اُنھیں لگا کہ جہاز میں زیادہ مسافر نہیں ہوں گے، تو کیوں نہ اکانومی کلاس میں ہی سفر کر لیا جائے، یوں اُنھیں ممبئی سے دبئی کا ٹکٹ 18 ہزار انڈین روپوں میں مل گیا۔


مئی کی 19 تاریخ کو صبح ساڑھے چار بجے پرواز تھی۔ بین الاقوامی قواعد کے مطابق وہ نصف شب کو ہی ایئرپورٹ پہنچ گئے جہاں چیک اِن کرواتے وقت اُنھیں معلوم ہوا کہ وہ اس طیارے میں سفر کرنے والے واحد شخص ہوں گے۔

اُنھیں بھی کچھ دیر تک یقین نہیں آیا مگر پھر اُنھیں احساس ہوا کہ یہ خواب نہیں بلکہ حقیقت ہے۔

_118691345_f6cfbd20-3a8c-4219-9e12-cd02d41ac42c.jpg

،تصویر کا ذریعہBHAVESH JAVERI

وہ گذشتہ 20 سال سے دبئی میں رہ رہے ہیں اور اس دوران وہ ممبئی اور دبئی کے درمیان نہ جانے کتنی مرتبہ سفر کر چکے ہیں مگر یہ 'خوشگوار حادثہ' اُن کے ساتھ پہلی مرتبہ پیش آیا ہے۔

بی بی سی سے دبئی سے بات کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا 'میں عام طور پر ویڈیوز نہیں بناتا اور کیمرے سے شرماتا ہوں۔ مگر میں نے اس سفر کو اپنے موبائل پر شوٹ کیا کیونکہ میں چاہتا تھا کہ یہ یاد ہمیشہ میرے پاس رہے۔ چیک اِن سے لے کر طیارے تک میرا خصوصی خیال رکھا گیا۔ ایمریٹس کے عملے کے لیے بھی یہ ایک بالکل مختلف موقع تھا۔ جیسے ہی میں طیارے میں پہنچا تو عملے کے ارکان نے تالیاں بجا کر استقبال کیا۔ پائلٹس خود باہر آ کر مجھ سے ملے۔ اُنھوں نے طیارے کا دورہ بھی کروایا۔‘

پرواز پر اخراجات کتنے آئے؟

ایمریٹس کی پرواز ای کے 501 جس میں بھاویش ممبئی سے دبئی گئے، وہ 360 نشستوں والا ایک بوئنگ 777 طیارہ تھا۔

اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ اس پرواز پر ایمریٹس کا کتنا خرچہ آیا تو وہ بھی پڑھ لیجیے۔

_118691349_6ba9fb0b-532f-4d90-a368-acd805cf738e.jpg

،تصویر کا ذریعہBHAVESH JAVERI

ماہر ہوابازی راجیش ہندا کہتے ہیں کہ 'ممبئی سے دبئی کی پرواز ڈھائی گھنٹے کی ہے جس میں تقریباً 25 ٹن ایندھن خرچ ہوا ہوگا۔ کمپنی نے صرف ایندھن کی مد میں 12 سے 15 لاکھ روپے خرچ کیے ہوں گے۔ اگر پورے سفر کا اندازہ لگایا جائے تو اخراجات 20 سے 25 لاکھ کے بیچ میں ہوں گے۔‘

مگر کوئی ایئرلائن ایک مسافر کے لیے اتنا خرچہ کیوں کرے گی؟

یہی سوال بھاویش کے ذہن میں بھی تھا اور اُنھوں نے عملے سے یہ پوچھ ہی لیا۔

'مجھے یہ لگ رہا تھا کہ جہاز میں زیادہ لوگ نہیں ہوں گے۔ عرب امارات میں کورونا بندشوں کے باعث انڈیا سے دبئی جانے پر کئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ان دنوں انڈیا سے صرف گولڈن ویزا کے حامل افراد، عرب امارات کے شہریوں اور سفارتکاروں کو ملک واپس لوٹنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ کسی کمرشل پرواز میں صرف ان تین زمروں میں شامل افراد ہی عرب امارات جا سکتے ہیں۔ ان لوگوں کو ممبئی لا کر وہ پرواز خالی لوٹے گی، اس لیے جب میں نے یہ پرواز بُک کروائی تو میں اس پرواز کے ذریعے واپس لوٹ پایا اور طیارے میں اکیلا تھا۔‘

_118691347_391d0074-fc12-42ef-b4e8-017d23061bdc.jpg

،تصویر کا ذریعہBHAVESH JAVERI

اکیلے سفر کرنا کیسا رہا؟

بھاویش ہیروں کا کاروبار کرتے ہیں۔ وہ دبئی میں اپنی اہلیہ اور دو بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔ تین سو ساٹھ مسافروں کی گنجائش والے طیارے میں اکیلے سفر کرنے کی اُن کی ویڈیو دبئی اور ممبئی کے واٹس ایپ گروپوں میں وائرل ہو رہی ہے۔

بھاویش نے اس سفر کو 'ایک خوشگوار احساس' قرار دیا ہے۔

اُن کے مطابق ایسا موقع زندگی میں صرف ایک مرتبہ ہی آتا ہے اور اس خوشی کو پیسوں سے بھی شاید ہی خریدا جا سکتا ہے۔

'چونکہ میری پرواز رات کی تھی اس لیے میں سو نہیں پایا تھا۔ میں اس پورے سفر کے دوران جاگتے رہنا چاہتا تھا لیکن میری آنکھ لگ گئی۔ میں نے اپنے خاندان والوں کو صرف دبئی پہنچنے کے بعد ہی بتایا کہ میرے ساتھ کیا ہوا ہے۔

'مگر جب سے وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، تب سے اب تک بہت سے جاننے والوں کی کالز آ رہی ہیں۔ میرے بچے بھی اب مجھے سلیبریٹی کہہ کر مذاق اڑا رہے ہیں۔'
ساڑھے تین سو لوگوں کی گنجائش لیکن مسافر صرف ایک، ایمریٹس نے ایسا کیوں کیا؟ - BBC News اردو
 
Top