انسان کے مراتب استعداد

الف نظامی

لائبریرین
انسان کے مراتب استعداد بھی الگ الگ ہوتے ہیں۔ کچھ لوگوں کی استعداد درجہ ء حیوانیت سے متجاوز نہیں ہو پاتی اور وہ صرف حیات کی اساسی ضروریات تک ہی محدود رہتے ہیں ، یہ انسانی استعداد کا سب سے کم مرتبہ ہے۔ ان سے اونچا طبقہ ان اصحاب کا ہے جو ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اپنی استعداد کے رجحانات اور تقاضوں کی مناسبت سے بعض علوم و فنون سیکھ لیتے ہیں۔ اس طرح ان کا شمار تعلیم یافتہ اور اربابِ فن میں ہوتا ہے ، یہ استعداد کا درجہ اوسط ہے۔ آخری اور سب سے بلند طبقہ وہ ہے جس پر جامع الکمالات ، نابغہ روزگار اور فطین کے القاب صادق آتے ہیں۔ قدرت نے انہیں استعداد کے اس نقطہء عروج پر فائز کیا ہوتا ہے کہ اگر وہ اپنی استعداد کو بروئے کار لائیں اور ذرا توجہ سے کام لیں تو کائنات کا کوئی علم اور فن ان کے دائرہ گرفت سے باہر نہیں جانے پاتا۔ بلکہ جس موضوع کو ان کے آئینہ استعداد کےروبرو پیش کیا جاتا ہے وہ نہ صرف یہ کہ اس پر برجستہ محو گفتگو ہو جاتے ہیں بلکہ اس موضوع پر ایسے عالمانہ ، محققانہ اور ناقابل تردید عقلی و نقلی دلائل کا ایک دریا بہاتے نظر آتے ہیں اور اپنے جوہر استعداد سے ایسی ایسی نادرہ زائیاں کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ آیت "وحملھا الانسان" میں پوشیدہ حقیقت کبرٰی ذہن پر منکشف ہو جاتی ہے۔ ان کے زیر بحث موضوع کا جو صحیح تجزیہ اور حتمی نتیجہ برآمد ہوتا ہے اس کے قبول کرنے میں سلیم الطبع ، انصاف پسند، معقول اور ذی ہوش سامعین کبھی بھی تاخیر سے کام نہیں لیا کرتے۔
مذکورہ بالا صفاتِ عالیہ ، خصائص اور استعداد کے مالک غزالیؒ ، رازیؒ ، رومیؒ اور امیرخسروؒ جیسے ذہن کے لوگ ہی ہو سکتے ہیں اور ایسے حضرات صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ اور جس خطہ ارض کو ان کی قیام گاہ کا شرف مل جاتا ہے ، وہ قیامت تک نہ صرف یہ کہ اپنے اس اعزاز پر فخر کرتا ہے ، بلکہ دنیا اس خطہ کے باشندوں کو بھی اس نابغہ روزگار سے قربت کے باعث چشمِ احترام سے دیکھتی ہے۔
تیری محبت کے سبب مجھے اس قوم کے ساتھ بھی حسن سلوک اور مروت سے پیش آنا پڑا جو میرے دشمن تھے۔ دراصل بات یہ ہے کہ ایک آنکھ کی خاطر ہزار آنکھوں کی عزت کرنا پڑتی ہے۔
( سید نصیر الدین نصیر ، محیطِ ادب صفحہ88 )
 
آخری تدوین:
Top