اردو ہے جس کا نام

سحر کائنات

محفلین
#اردو_ریختی_نہیں_ایک_اعزاز_ہے۔

اُردُو کا دامَن تنگ کہنے والوں پر ہنسی آتی ہے ۔ حالانکہ ذرا دھیان دیں تو بُہُت سی مِثالیں ایسی مِل جائیں گی جو ایسی بات کہنے والوں کی نفی کرتی ہیں ۔ مثلاً :

1 - رِشتوں کیلِئے اُردُو میں الفاظ کی جو نیرنگی پائی جاتی ہے وُہ انگریزی بی بی میں عنقا ہے جیسے انگریزی میں الفاظ Uncle اور Aunt بہ طورِ " اَمرَت دھارا " اِستعمال ہوتے ہیں ۔ جبکہ اُردُو میں باپ کے اُس بھائی کو جو عُمر میں باپ سے بڑا ہو ، " تایا " ، اور جو عُمر میں باپ سے چھوٹا ہو ، وُہ " چچا " ، ماں کا بھائی " مامُوں " ، ماں کا بہنوئی " خالُو " ، باپ کا بہنوئی " پُھوپھا " ۔ اِسی طرح تایا کی اہلیہ " تائی " چچا کی اہلیہ " چچی " ، مامُوں کی اہلیہ " مُمانی" باپ کی بہن " پُھوپھی " ، ماں کی بہن " خالہ ۔

2 - پِھر Sister کیلِئے

" بہن " ، " ہمشیرہ " ، " بہنا " ، " باجی " ، " آپا " ، " آپی " ، " بجیا " ، " بَجّو " ، " گُڈُّو " ، گُڈّی " ، " گُڑیا " وغیرہ مُستعمِل ہیں۔

3 - اور Brother کیلِئے اُردُو میں :

بھائی ، بَھیّا ، بھائی جان ، بَرادَر ، لالہ جیسے الفاظ ہیں ۔

4 - انگریزی لفظ Daughter کیلِئے ،

" بیٹی " ، " بِٹِیا " ، " بِٹّو " ، " گُڑیا " ، " لاڈو " ، " بِٹِیا رانی " ، " صاحبزادی " ، " دُختَر " وغیرہ ہیں۔

5 - انگریزی لفظ Son کے اُردُو مُتَرادِفات :

" بیٹا " ، " برخُوردار " ، " پُوت " ، " لمڈا " ، " لَؤنڈا " ، " صاحبزادہ " ، نُور چَشمی " ، " پِسر " ، " فَرزَند " نُورِ نَظَر " ، چَشم و چَراغِ ۔ ۔ ۔ ۔ مَوجُود ہیں ۔

6 - اِسکے عِلاوہ Brother in law اور Sister in law سے کئی جگہ کام چلایا جاتا ہے۔ جیسے Brother in law کو بہنوئی ، ہم زُلف ، برادَرِ نِسبَتی ، سالا کا مُتَرادِف مانا جاتا ہے ، اور Sister in law کو سالی ، خواہرِ نِسبَتی ، بھابی " ، کیلِئے اِستعمال کرتے ہیں۔

7 - انگریزی الفاظ Smile اور Laughter کے اُردُو مُتَرادِف دیکھیں تو ، " مُسکانا ، مُسکُرانا ، تَبَسُّم فرمانا ، ہنسنا ، کِھلکِھلانا ، اور قہقَہے لگانا کے علاوہ چہرے پر دَھَنَک رنگ بِکَھرنا ، ہنستے ہنستے پیٹ میں بل پڑ جانا ، کھسیانی ہنسی ہنسنا ، جیسے رنگا رنگ اِظہارِئے ملتے ہیں جن میں سے ہر لفظ کا اَلَگ ہی ذائقہ ہے۔

8 - پِھر ہاتھی کا بَچّہ " ہَتھنوٹا / پاٹھا " ، شیر کا بَچّہ ، " شِبلی " ( شِبلی عربیُ الاصل ہے ) ، انگریزی میں دونوں کیلِئے ایک ہی لفظ cub سے کام چلایا جاتا ہے ۔ پِھر بکری کا بَچّہ " " میمنا " اور ہِرَن کا بَچّہ " ہِرنوٹا " کیلِئے انگریزی میں ایک ہی لفظ kid ہے ۔ عُقاب کا بَچّہ " قاز " ، تذکیر و تانیث دیکھیں : " بِلّا " ، " بِلّی " ، " بکرا " ، " بکری " ، " گدھا " ، " گدھی " ، " ہاتھی " ، " ہتھنی " ، " ناگ " ، " ناگن " سانپ " ، " سنپولِا " جِنکے لِئے انگریزی میں ۔ ۔ ۔ ۔

9 - " حُور " ، " غیرَت " ، پہلی اولاد " پہلوٹی " ، یا آخری اولاد " کُھرچَن " ، " گُھٹّی " ، " دھمال " ، کیلِئے انگریزی کی پوٹلی میں الفاظ ہیں ہی نہیں ۔ بھلا غیرَت یا حُور کا کوئی کیا ترجُمہ کرے گا اور کیا کھا کر کرے گا ؟

10 - کِسی کے ساتھ تَعَلُّق کے مُختَلِف مدارِج ہیں اور ہر ایک کیلِئے اُردُو میں الفاظ موجُود ہیں۔ مثلاً : " واجبی شناسائی " ، " جانکاری " ، " واقِفِیَّت " ، " اُنس " ، " لوبھ " ، " لگاؤ " ، " پیار " ، " پریم " ، " پرِیت " ، " پِیت " ، " مَحَبَّت " ، " عِشق " ، مُؤدَّت " ، " فنا فی المحبُوب " ، " قَدر " ، " عقیدَت " " احترام کا رِشتہ " وغیرہ وغیرہ ۔ جِنکے مُتبادِل میں انگریزی میں Love ، affection , fondness ، acquaintance ہی ہیں ۔

11 - انگریزی لفظ eye کیلِئے

" آنکھ " ، " چشم " دیدہ " ، " نین " ، " نَیَن " ، " نَیَنوا " اَنکھیَن " ، " اَنکھیَن " ۔ " اَنکھڑی " ، " اَنکھڑِیوں " ، " اَنکھڑِیاں "

12 - انگریزی لفظ lover کیلِئے ،

" محبُوب " ، " ماھی " ، " مِیت " ، " مِتوا " ، " پی " ، " پِیا " ، " سانوَل " ، ڈھولا " ، ڈھولَن " ، " ڈھولنا " ، " سانوَرِیا " ، " سانورے " ، سَنوَرِیا " ، " ساجَن " ، " ساجنا " ، " سجنا " ، " مِتَّر " ، " رانجھن " ، " مَجنُوں " ، " عاشِق " ، " سودائی " ، " دیوانہ " ، " بالَم " ، " بَلَم " ، " بَلَما " وغیرہ ۔

13 - انگریزی الفاظ father , dad , daddy کیلِئے اُردُو ،

" والِد " ، " والِدِ مُحتَرَم " ، " والِدِ بُزُرگوار " ، " اَبّا جان " ، اَبّا جی " ، " اَبّا " ، " بابا " بابا جان " ، بابا جانی " ، " اَبُّو " جیسے الفاظ سے مالا مال ہے ۔

14 - انگریزی الفاظ friend اور confidant کیلِئے ،

" دوست " ، " مِیت " ، " مِتوا " ، " سجن " ، " جِگَر " ، "جِگری یار " ، " یار " ، " یار جانی " ، " رازدار " ، " یارِ غار " ، " بَڈُّو " جیسے رنگا رنگ الفاظ موجُود ہیں۔

15 - ایک دِلچَسپ بات یہ کہ موٹر سائیکل پر دو سوار بیٹھے ہوں تو اِسے عوامی زبان میں ڈَبَل سواری کہا جاتا ہے ۔ انگریزی میں اِسے pillion riding کہتے ہیں ۔ لیکِن فارسی میں گھوڑے پر بیٹھنے والے دو سواروں میں سے اگلے کو ، " قافِیہ " ، اور پیچھے بیٹھنے والے کو ، " رَدیف " کہا جاتا ہے ۔ اور یہ دو الفاظ اُردُو کے ذخیرۂِ الفاظ میں شامِل ہیں اَگَرچہ آج کل کے حضرات اُردُو سے کم واقِفِیَّت کی بِنا پر کم جانتے ہیں ۔ اور اِتنی فَصاحَت انگریزی میں نہیں۔

16 - اِسکے عِلاوہ انگریزی الفاظ girl , lace , damsel ، virgin کے اُردُو مُتَرادِفات دیکھیں :

" لڑکی " ، " دوشیزہ " ، " ناکتخدا " ، " باکرہ " ، " چھوکری " ، " چھوری " ، " لونڈِیا " ، " پُھل جَھڑی " وغیرہ ہیں ۔

17 - اَنگریزی لَفظ Tears کے لِیے ،
آنسُو ، اشک ، نیر ، آبِ چشم ، ٹَسوے ، موتی ۔

18- اَنگریزی اَلفاظ Family / House کے لِیے ،

گَھرانہ ، کُنبہ ، خاندان ، ٹَبَّر ، پَروار ، پریوار ، اہلِ خانہ ۔

19 - انگریزی الفاظ garden / Orchard کے لِیے ،

باغ ، باغیچہ ، بَگِیا ، گُلشَن ، گُلزار ، گُلِستان ، گُلِستاں ، چَمَن ، چَمَنِستاں ، چَمَنِستان ، مُرغزار ، لالہ زار

20 - اَنگریزی لَفظ Tears کے لِیے ؛ آنسو ، اشک ، نیر ، آبِ چشم ، ٹسوے



مَضامینِ مَولوی تَمیزُالّدین شِبلی
 
Top