پہلی سالگرہ اردوویب ایک سال کے تناظر میں

کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں

زیک

مسافر
جیسا کہ آپ کو معلوم ہی ہو گا کہ آج محفل کی پہلی سالگرہ تھی اور اردوویب شروع ہوئے بھی 1 سال اور 6 دن ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ میں نے اپنا بلاگ 4 سال پہلے 30 جون کو شروع کیا تھا۔ اس موقع پر نبیل اور آصف اپنے خیالات کا اظہار کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ امید ہے کہ آپ سالگرہ پارٹی میں کیک تو کھا ہی چکے ہوں گے۔

اس پوسٹ میں میں اردوویب کا جائزہ لوں گا اور مستقبل کے بارے میں اپنے کچھ خیالات کا اظہار کروں گا۔

اس وقت اردوویب کے پاس یہ ڈومینز ہیں:

  • urduweb.org
  • urduweb.net
  • urdulibrary.org
  • urdudictionary.info
  • urdujoomla.org
  • urduopensource.org
  • urduphpbb.org
  • urdusoftware.org
  • urduwordpress.org

ان سب ڈومینز کی رجسٹریشن اور ایک ہوسٹنگ پلان ملا کر سال کا کل خرچہ دو سو ڈالر بنتا ہے۔ اس دفعہ ہماری اپیل پر آپ سب ارکان نے مل کر اس کا 90 فیصد حصے کی ذمہ‌داری اٹھائی۔ اس سے ہمیں حوصلہ ملا ہے کہ اردوویب کے اخراجات صرف دو تین لوگوں پر منحصر نہیں ہیں۔

منہاجین نے ایک اہم پوائنٹ اٹھایا ہے کہ کوئی بھی فورم یا سائٹ چلانا اسے کھڑا کرنے سے بہت زیادہ محنت‌طلب ہے۔ اگر آپ انٹرنیٹ پر نظر دوڑائیں تو بہت سے abandoned صفحے، بلاگ اور فورم ملتے ہیں۔

سوال یہ ہے کہ ہم اس انجام سے کیسے بچیں۔ اس کا ایک ہی جواب ہے: مجھے، نبیل اور آصف کو redundant کر کے۔ جب تک اردوویب کا انحصار دو تین لوگوں پر ہو گا اس وقت تک اس کی بقاء انہی لوگوں کی مرہونِ منت رہے گی اور ان کے جانے سے یہ سائٹ تاریک ہو جائے گی۔ اس کا حل ایک کمیونٹی کا قیام ہے اور محفل اس مقصد میں اہم‌ترین پرزہ۔

اردوویب کے سرورق پر اس کے یہ مقاصد درج ہیں:

  • اردو سے محبت کرنے والوں کی ایک کمیونٹی بنائی جائے۔
  • اردو میں مواد کو آن‌لائن لایا جائے اور نیا مواد تخلیق کیا جائے۔
  • آزاد مصدر اردو سافٹ‌ویر بنائی جائے۔
  • ویب اور ذاتی کمپیوٹر پر استعمال ہونے والی سافٹ‌ویر کو اردو میں مقامیانے پر کام کیا جائے۔
  • ان تمام حوالوں سے اردو میں مضامین لکھے جائیں اور لوگوں کی مدد کی جائے۔

کئی سافٹویر کو مقامیانے پر کام ہو رہا ہے اور اینٹرانس کی صورت میں اس کے لئے ایک باقاعدہ پلیٹ‌فارم مہیا کر دیا گیا ہے۔ اس وقت سب سے بڑا پراجیکٹ gnome کو مقامیانا ہے جس میں 36000 فقروں کا اردو میں ترجمہ کرنا پڑے گا۔ ورڈپریس کا ترجمہ ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہے اور جلد پبلک کیا جائے گا۔ پی‌ایچ‌پی‌بی‌بی کا اردو پیکج 289 دفعہ ڈاؤنلوڈ ہو چکا ہے۔

اردو لائبریری پر بہت سی کتابیں برقیائی جا چکی ہیں اور جا رہی ہیں۔ بہت سے ارکان ان کتابوں کو ٹائپ کرنے اور ان کی پروف‌ریڈنگ کرنے میں مصروف ہیں۔

اس کے علاوہ بھی بہت سے آئیڈیاز اور ارادے ہیں اور آتے رہتے ہیں۔

اردوویب کو آگے بڑھانے میں ایک اور اہم نکتہ میرے خیال میں یہ ہے کہ ہم humble رہیں۔ اردو کی دنیا میں انقلاب کی بجائے قطرہ قطرہ دریا پر زور دیں۔ زیادہ سے زیادہ پراجیکٹس پر کام شروع کرنے کی بجائے کوشش کریں کہ سب پراجیکٹس ٹھکانے لگیں۔ اس کے لئے ہماری رضاکارانہ کمیونٹی میں ایک professionalism پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم نے اس سلسلے میں کئی اقدامات پہلے ہی لئے ہوئے ہیں جیسے کہ ہماری سافٹویر کے لئے ٹکٹ سسٹم اور اب لائبریری کا کام وکی پر منتقل کرنا بھی اسی کا حصہ ہے۔ اگلے کچھ عرصے میں کام کا معیار پروفیشنل کرنے کے لئے مزید باتوں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

میں اردوویب کی سمت اور رفتار سے مطمئن ہوں اور پرامید ہوں کہ آئیندہ دنوں میں یہ اور ترقی کرے گا۔ اس بارے میں اگر آپ کے ذہن میں سوالات یا تجاویز ہوں تو ہمیں ضرور مظلع فرمائیں۔
 

شمشاد

لائبریرین
زکریا بھائی میں تو صرف آپ کو مبارک باد اور حوصلہ ہی دے سکتا ہوں۔

اصل کام کہ آپ حضرات نے اردو میں لکھنے والوں کو جو یہ پلیٹ فارم دیا ہے یہی کمال ہے۔

میں کسی کام آ سکوں تو یہ میری لیے ایک اعزاز ہو گا۔
 

قیصرانی

لائبریرین
بہت بہت مبارکباد، کہ آپ نے بہت عمدہ پیغام لکھا۔ ساری باتیں درست ہیں۔ کسی بھی ویب سائٹ کے چلنے کا دارومدار اگر دو یا تین دوستوں پر ہو تو یہ تھکا دینے والی ذمہ داری ہوتی ہے۔ اور اگر کسی وقت ایڈمن تھکنے لگیں تو ویب سائٹ کا انجام سامنے ہوتا ہے۔ دوسرا اس وقت آصف بھائی اتنے فعال نہیں دکھائی دے رہے۔ نبیل بھائی کو بھی سافٹ وئیر ڈیویلپمنٹ میں بھی وقت دینا ہوتا ہے۔ میرا یہی خیال ہے کہ اسی محفل سے ہی چند دوستوں کو کچھ ذمہ داریاں دے دی جائیں تو نہ صرف وقت بچے گا، بلکہ کام آسان اور سٹریم لائنڈ بھی ہو جائے گا۔
باقی میں نے جیسا کہ پہلے بھی کہا ہے، میں‌ ہر حال میں حاضر ہوں۔ جب کہیں گے اور جس کام کے لیے کہیں گے، میں‌ حاضر ہوں
بےبی ہاتھی
 

نبیل

تکنیکی معاون
شمشاد اور قیصرانی، آپ دوستوں کی تعاون کی پیشکش کا بہت شکریہ۔ لائبریری پراجیکٹ پر آپ لوگوں نے جس تندھی سے کام کیا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آپ اردو کی ترویج کے مشن کو آگے بڑھانے کے پوری طرح اہل ہیں۔

ابھی تک مجھے اس فورم کے انتظام چلانے میں ایک پہلو تشنہ نظر آتا ہے اور وہ ہے موڈریٹرز کے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کا۔ میرا تاثر یہ ہے کہ ابھی تک موڈریٹرز اپنی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ نہیں ہیں یا پھر انہیں موڈریٹر کنٹرول پینل کا استعمال نہیں آتا۔ میں کئی مرتبہ عرض کر چکا ہوں کہ ناظمین کو اس سلسلے میں اگر کوئی مشکل پیش آتی ہے تو بلاجھجک پوچھیں۔ جہاں تک فورم کی ایڈمنسٹریشن کا تعلق ہے تو یہ کافی وقت طلب کام ہے اور ایڈمن کنٹرول پینل پر کام سیکھتے ہوئے بھی کچھ وقت لگتا ہے۔
 

اجنبی

محفلین
مبارک ہو

محفل کی پہلی سالگرہ مبارک ہو، خدا کرے محفل جیے ہزاروں نوری سال ، ہر سال کے ہوں ہزاروں دن :congrats:

میری بے خبری دیکھیے کہ ابھی نبیل بھائی کی ای میل سے معلوم ہوا کہ محفل ایک سال کی ہو گئی ہے ۔ اس کی مناسبت سے بہت سی باتیں کرنے اور لکھنے کو دل چاہ رہا ہے ، بہت سے دلچسپ واقعات ذہن میں آ رہے ہیں ، مگر وقت کی قلت کے باعث یہ ممکن نہیں ہے ، انشاءاللہ پھر کبھی سہی ۔

نبیل بھائی نے کہا کہ میں نے اس کے قیام میں key role ادا کیا ہے ، یہ ان کی ذرہ نوازی ہے ، حقیقت میں اس کے قیام اور اس کی بہتری کابیشتر کریڈٹ زکریا اور نبیل بھائی کو جاتا ہے ۔ منہاجین، آصف اور دیگر دوستوں نے جو قابل قدر کام کیا ہے اس کے مقابلے میں میری خدمات تو کچھ بھی نہیں ہیں ، میں نے صرف تھوڑا سا ترجمہ کیا ، باقی ترجمہ جہانزیب بھائی نے کیا ، منہاجین نے تصاویر فراہم کیں ۔ اور نام اس وقت ذہن میں نہیں آرہے ۔ معذرت خواہ ہوں ۔ قیام کے بعد اسے شیر خوار بچے سے ایک بالغ شخصیت بنانے میں بہت سے ساتھیوں کا ہاتھ ہے۔

اچھا مزید باتیں پھر کبھی سہی ۔
فی امان اللہ
 
نبیل موڈریٹرز والا مسئلہ لٹک سا گیا ہے ، کیا اب موڈریٹرز کا گروپ بنا کر ان کی ذمہ داری بانٹ نہیں دینی چاہیے کیونکہ اب کچھ استعمال آ تو گیا ہے نظامت کا مگر اکثر فورمز پر اختیارات ہی نہیں ہیں۔
 

پاکستانی

محفلین
یہ اچھی بات ہے کام باٹننے سے تھکن کا احساس نہیں ہو گا اور سب مل کے دھیرے دھیرے منزل کی طرف رواں دواں رہیں گے۔

زکریا، نبیل، قدیر، آصف اور دیگر تمام ساتھیوں کی محنت قابل تحسین ہے۔ میری طرف سے سب ساتھیوں اور دوستوں کو مبارک باد
 

دوست

محفلین
جی یہ تو ہے۔
تھکن کا احساس نہیں‌ ہوگا اس طرح۔ مگر میرے خیال میں اردو محفل کی کوئی سنسر پالیسی ابھی تک وضع نہیں کی گئی۔ میں محسوس کرتا ہوں‌ کہ منتظمین یعنی زکریا اور نبیل برادران کے اپنے خیالات ہیں اس بارے میں۔
بہرحال ہر کسی کا اپنا ایک نکتہ نظر ہوتا ہے تاہم اگر ایک رہنما تحریری اس سلسلے میں‌ لکھ دی جائے، اگر کسی اور کو انتظامی امور میں شامل کرنا ہے تو، تو یہ ہمارے بہت بہتر ہوگا۔
 
کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
Top