میں اپنی تحریروں میں اقرار کرتا رہتا ہوں کہ میں زندگی بھر نہ کبھی مکمل گاؤں کا ہوا اور نہ کبھی پورا شہری ہوا، بس درمیانی کیفیت میں مبتلا رہا۔ جب ایک برس نارمل سکول گکھڑ منڈی میں پہاڑے یاد کرتا رہا تو میرے بہتر لباس کی وجہ سے میری شامت آتی رہتی۔ امی مجھے ایک بچہ اچکن پہناتیں جیب میں رومال...