مُسکان تیری اکھیوں کی جب یاد آئے ہے-------ندیم حفی

ندیم حفی

محفلین
مُسکان تیری اکھیوں کی جب یاد آئے ہے
کُٹیا میں من کی میٹھی سی اک لو جلائے ہے

لمحوں کی بات صدیوں کے سینے میں بس گئی
کہ دو کہ یہ آشفتہ دل قرار پائے ہے

ہستی میری رہینِ شبِ ناتمام بھی
اب روشنی مجھے ترا چہرہ دکھائے ہے

حکایتِ اول جو ان آنکھوں میں بسی تھی
اب حرف حرف وہ تری قربت سنائے ہے

محبت آدمی کے واسطے اک حادثہ ہی ہے
زندگی میں جو عجب اک موڑ لائے ہے

راہ کٹھن اور ہوں میں تھکا مگر
طبیعت سنبھل سنبھل کے اُسی اور جائے ہے

اب کے سمندروں کا سفر خوب تھا حفی
ہمرہیِ دل فگار بہت یاد آئے ہے
 

الف عین

لائبریرین
غزل اچھی ہے اگرچہ صرف دو اشعار درست بحر میں ہیں۔ مطلع اور یہ
ہستی میری رہینِ شبِ ناتمام بھی
اب روشنی مجھے ترا چہرہ دکھائے ہے
جس میں شک ہے کہ پہلے مصرع میں ’تھی‘ ہو گا۔، نہ کہ ‘بھی‘
میرا مشورہ مانو تو اپنی شاعری کی کسی استادِ فن اصلاح کرا لیا کرو۔
 

ندیم حفی

محفلین
جی بالکل "تھی" ہی ہے
اور سر یہاں پر کسی سے پوچھو تو شاید مجھ کم فہم ہی کو سمجھ نہیں آتی اور یوں لگتا ہے جیسے دانستہ فقط ہمت گھٹائی جا رہی ہے آپ جو غلطیاں نکالتے ہیں وہ خود سمجھ آتی ہیں کہ آپ بالکل درست اور مثبت تنقید کرتے ہیں جو کہ میرے بہت کام آتی ہیں انشاءاللہ آپ کی رہنمائی میں اچھا بننے اور اچھا لکھنے کی کوشش کروں گا۔
 

الف عین

لائبریرین
عزیزم اکثر لوگ تو ناراض ہو جاتے ہیں، کیا کروں طبیعت ہی ایسی ہے کہ جھوٹی تعریف ہوتی ہے مجھ سے اور نہ غلطی دیکھ کر خاموش رہا جا سکتا ہے مجھ سے۔
اس غزل میں دو بحریں خلط ملط ہو گئی ہیں،
مفعول فاعلات مفاعیل فاعلن۔۔ 1
اور
مفعول مفاعیل مفاعیل فعولن۔۔۔2
اب تمہاری غزل کو تقطیع کرو۔

مُسکان تیری اکھیوں کی جب یاد آئے ہے۔۔1
کُٹیا میں من کی میٹھی سی اک لو جلائے ہے۔۔1

لمحوں کی بات صدیوں کے سینے میں بس گئی۔۔1
کہ دو کہ یہ آشفتہ دل قرار پائے ہے۔۔دونوں بحور سے خارج

ہستی میری رہینِ شبِ ناتمام تھی۔۔1
اب روشنی مجھے ترا چہرہ دکھائے ہے۔1

حکایتِ اول جو ان آنکھوں میں بسی تھی۔۔ دونوں بحور سے خارج
اب حرف حرف وہ تری قربت سنائے ہے۔۔1

محبت آدمی کے واسطے اک حادثہ ہی ہے۔۔دونوں بحور سے خارج
زندگی میں جو عجب اک موڑ لائے ہے۔۔دونوں بحور سے خارج


راہ کٹھن اور ہوں میں تھکا مگر۔۔ دونوں بحور سے خارج
طبیعت سنبھل سنبھل کے اُسی اور جائے ہے۔ دونوں بحور سے خارج

اب کے سمندروں کا سفر خوب تھا حفی۔۔1
ہمرہیِ دل فگار بہت یاد آئے ہے۔۔دونوں بحور سے خارج

تم خود ہی اس کی اصلاح کر سکتے ہو۔
 

ندیم حفی

محفلین
سر بہت شکریہ
جن لوگوں کا نام سُنا اور اُن سے اصلاح لینے کی کوشش کی اُن میں سے کسی نے بھی اس طرح رہنمائی نہیں کی ۔مندرجہ بالا آپ کی ہدایات جتنی آسان فہم ہیں ان سے ضرور افاقہ ہو گا۔
اور ہاں سر کم از کم میں ناراض نہیں ہوں گا کیونکہ مجھے نظر آتا ہے کہ آپ غلط ہی کو تو غلط کہتے ہیں ۔ اور اگر میں کسی ایسے شخص سے ناراض ہوں جو میری بھلائی کا راستہ دکھاتا ہو تو یہ فقط میری کم فہمی ہو گی۔
اپنا بہت خیال رکھیے گا اور یونہی رہنمائی فرماتے رہیے گا۔
 
Top