یونیکوڈ اردو چوپالوں کی تلاش

منہاجین

محفلین
اگر آپ یہاں دیکھیں تو معلوم پڑے گا کہ اردو محفل کی طرز پر اردو میں یونیکوڈ چوپال بنانے کے خواہشمندوں نے اسے 178 بار ڈاؤنلوڈ کیا ہے۔

میں یہ سوچ رہا تھا کہ ان 178 لوگوں میں سے کتنے تجربات کی گرد میں رہ گئے اور کتنے منزلِ مراد کو پہنچے۔

اصولی طور پر تو جو لوگ یہاں سے ڈاؤنلوڈ کر کے اپنی چوپال بناتے ہیں، انہیں خود سے چاہیئے کہ اپنی ویب سائٹ کا یوآرایل یہاں مہیا کریں۔ اور اگر کسی خاص صفحے ان یوآرایلز کی فہرست بھی ظاہر کر دی جائے تو اردو کے متلاشیوں کے لئے اور بھی آسانی ہو جائے گی۔

حسبِ معمول تجویز دے کر بھاگنے کی بجائے جن چوپالوں کا مجھے علم ہے وہ پیش کرتا ہوں۔ :p


1- اردو محفل
2- ہماری اردو - پیاری اردو
3- اردو سنٹر کی چوپال
4- ویب مزا محفل
5- ہدایہ
6- بنوں فورم
7- ورلڈ پیس
8- آلمگیرین

اب آپ سے گزارش ہے کہ اس فہرست کو آگے بڑھانے میں اپنی مدد آپ کے تحت قدم بڑھائیں۔
 

زیک

مسافر
منہاجین یہ آپ نے اچھا کام کیا۔ میں خود سوچ رہا تھا کہ اتنے ڈاؤنلوڈ کے بعد فورم کدھر ہیں۔ کئی بار گوگل سے تلاش بھی کیا۔
 
کاوش بہت اچھی

منہاجین ایسا لگتا ہے کہ اردو کے فورم بنانے والے بڑے وضع دار لوگ ہیں۔ پردیسی بھائی بھی اسی وجہ سے فورم کا تعارف نہ کرا رہے تھے کہ لوگ کہیں گے خود نمائی کر رہے ہیں۔

آپ کی کاوش بہت اچھی ہے۔ میں بھی اپنی لسٹ اپ ڈیٹ کرتا ہوں۔ میرے خیال میں اردو کا ہر فورم اردو کے لیے اہم ہے بس ایکٹو رہنا چاہیے۔ اس کے لیے کچھ ہیرو قسم کے بندوں کا فورم سے ہر وقت جڑا رہنا ضروری ہے۔
 

منہاجین

محفلین
یونیکوڈ اردو چوپالوں میں سب سلور کی بجائے کوئی دوسرا تھیم استعمال کرنے کے حوالے سے ایک پیغام یہاں شائع ہو گیا ہے۔ ملاحظہ کر لیجئے گا۔
 

منہاجین

محفلین
یونیکوڈ اردو چوپالوں کا مدوجزر

آج رات جون ختم ہو رہا ہے اور یوں اردومحفل کو ایک سال مکمل ہو رہا ہے۔ اردومحفل کے منتظمین و صارفین کو مبارک ہو۔

اردومحفل نے اتنے عرصہ میں کیا کیا کیا؟ اردو سے محبت کرنے والوں کو کس محنت سے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا، ان میں سے کتنے اب تک ثابت قدم ہیں اور کتنے ذاتی مصروفیات کی نظر ہو گئے، اب تک کتنے پراجیکٹ شروع کئے گئے اور کون سا پراجیکٹ کس مرحلے میں ہے، اس بارے میں تفصیلی رپورٹیں تو یقینا منتظمین کی طرف سے شائع ہوں گی۔ میں نے گزشتہ 365 دنوں کی کارکردگی بارے کچھ سرسری سے اعدادوشمار اکٹھے کئے ہیں، آپ بھی ملاحظہ کریں:

• کل پیغامات : 60,522

• کل صارفین : 591

• کم از کم ایک پیغام لکھنے والے (فعال) صارفین : 222

• کم از کم 10 پیغامات لکھنے والے صارفین : 103

• کم از کم 100 پیغامات لکھنے والے صارفین : 42

• پیغامات میں اضافے کی شرح یومیہ : 165.81

• صارفین میں اضافے کی شرح یومیہ : 1.62

• فعال صارفین میں اضافے کی شرح یومیہ : 0.61

ان اعدادوشمار کی روشنی میں کم از کم میں تو اِس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ ہماری قوم خود اُردو لکھنے پر آمادہ نہیں ہو رہی۔

سال بھر میں اردومحفل پر کم از کم 10 پیغامات لکھنے والے صارفین کی تعداد صرف 103 ہے۔ دوسری طرف رومن اردو میں بنے فورمز اچھے خاصے صارفین اور پیغامات کی حامل ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ابھی ان فورمز کے صارفین کو اردومحفل کا پتہ ہی نہیں چلا۔ رومن اردو کے منتظمین تو چلو اپنے خول سے نکلنے سے گھبراتے ہوں گے کہ ایک چلے چلائے فورم کو کیسے یونیکوڈ اردو میں منتقل کیا جائے، محلِ نظر یہ ہے کہ صارفین نے کثرت کے ساتھ اس طرف کا رخ کیوں نہیں کیا۔

(رومن اردو سے یونیکوڈ اردو کی طرف منتقلی کے لئے اردومحفل کی طرف سے حتی الوسع مدد کا سلسلہ شروع کیا جائے تو شاید کچھ بہتری عمل میں آئے۔)

دیگر چوپالیں

ایک سال کے دوران میں 8 یونیکوڈ اردو چوپالیں میری نظر سے گزریں۔ کسی دن یہ خوشخبری ملتی ہے کہ ایک نئی اردو چوپال بنی ہے تو چند دن بعد اس کے ختم ہونے کی خبر ملتی ہے۔

• حال ہی میں اردو سنٹر کے دم توڑنے پر گہرا صدمہ پہنچا۔

بنوں فورم ڈیٹابیس کی مشکلات کی نذر ہو گئی۔

ویب مزا محفل کو ری ڈائریکٹ کر دیا گیا، گویا منتظمین کی طرف سے اس کی ضرورت سے انکار کر دیا گیا۔

• نوزائیدہ چوپالوں میں سے حکیم خالد صاحب کی ورلڈ پیس نے سب سے انقلابی قدم اٹھایا تھا، تھیم بدل کر، مگر وہ بھی ختم ہو گئی۔ (اللہ کرے اس کا یہ تعطل عارضی ہو۔)

آلمگیرین ابھی تھیم بدلنے کے چکر میں اُردو فونٹ کے مسئلہ سے دوچار ہے۔

ہدایہ میں صارفین کی تعداد میں تو بڑی تیزی سے اِضافہ ہو رہا ہے مگر متحرک صارفین کی تعداد معمولی ہے۔ اور پیغامات میں اضافے کی شرح بھی بہت کم ہے۔

ہماری اردو کی حالت پیغامات اور صارفین کی تعداد میں ہونے والے روزبروز اِضافے کے حوالے خاصی حوصلہ افزا ہے، تاہم ابھی اُن کا آغاز ہے اس لئے کچھ کہا نہیں جا سکتا۔ (اللہ انہیں اِستقامت دے۔)

جس جذبے سے ان چوپالوں کو شروع کیا جاتا ہے بعد میں وہ جذبہ غائب ہو جاتا ہے۔ میرا ذاتی خیال ہے کہ چوپالیں بنانے والے ذاتی سطح پر اخراجات کر کے کام کا آغاز کرتے ہیں۔ شوق شوق میں آغاز تو اچھا ہو جاتا ہے، مگر کسی محرک کے بغیر پلے سے وقت اور پیسے خرچ کرتے چلے جانا مستقلا ممکن نہیں ہوتا۔

ایسی چوپالوں کو چلانے کے دو ہی طریقے ممکن ہیں، یا تو اُن کے پیچھے ترویجِ اردو کا کوئی ایسا ادارہ ہو جو اُنہیں سپانسر کرے اور یا پھر یہ اپنا خرچ اُٹھانے کے لئے اشتہارات کے حصول کا سلسلہ شروع کریں۔ فی سبیل اللہ خدمت کا جذبہ مستقل نہیں رہتا۔ ایک دن آتا ہے جب بندہ ڈھیلا پڑ جاتا ہے۔

اردومحفل کی طرف سے ہمیشہ نئی اردو چوپالوں کے اجراء پر حوصلہ افزائی کی گئی ہے، حتی کہ اکثر چوپالوں کی تنصیب میں بھی مدد کی گئی ہے۔ ایک سال سے جاری محنت کے باوجود اردو کا یہ حال ہے۔ میں درخواست کروں گا کہ اس سلسلے میں جس کسی کے دل میں جو بھی مشورہ آئے بے دریغ لکھے تاکہ اردو چوپالوں کے منتظمین کو اس سے مدد ملے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
منہاجین، آپ نے اپنی پوسٹ میں ایک بہت اہم نکتہ اٹھایا ہے اور میں اس پر پہلے سے ہی کچھ لکھنے کا سوچ رہا تھا۔ حتی کہ میں اس بات کو فورم انسٹال کرنے کی ہدایات میں شامل کرنے تک کا سوچ چکا ہوں لیکن یہ غالبا الگ موضوع ہے اور اسے الگ ہی زیر بحث لانا مناسب ہوگا۔ اردو فورم سوفٹویر کے ذریعے فورم بنانا تو بہت آسان ہو گیا ہے لیکن ایک ویب فورم کو جمپ سٹارٹ دینا اور اس کی مقصدیت واضح کرکے اس کی ٹریفک میں اضافہ کرنا بہت محنت اور لگن کا کام ہے۔ یہ بات میں اپنے ذاتی تجربے سے بتا رہا ہوں۔ منہاجین اس کی خود گواہی دیں گے کہ ایک وقت میں ہم دونوں ہی اس فورم پر محفل جمائے بیٹھے رہتے تھے کہ شاید دوسرے دوست آتے ہی ہوں گے۔

جہاں تک لوگوں کے اردو ٹائپ کرنے سے جھجکنے والی بات ہے تو میں اس بات کو تسلیم کرتا ہوں کہ ہماری تمام تر کوشش کے باوجود ابھی تک ہمیں اس میدان میں خاطر خواہ کامیابی نصیب نہیں ہوئی ہے۔ اس سے میرے ذہن میں ایک پرانا خیال آ رہا ہے کہ ہمیںً ایک اردو ٹائپنگ ٹیوٹر کی اشد ضرورت ہے۔ اگرچہ شارق مستقیم نے اس سمت میں کام شروع کیا تھا لیکن یہ صحیح معنوں میں آگے نہیں بڑھ سکا۔ میں آج ہی اس آئیڈیا کو برین سٹارمنگ والی فورم میں پوسٹ کرتا ہوں۔

اردو چوپالوں کی کم تعداد کی ایک بڑی وجہ اس کے لیے ویب ہوسٹنگ کی ضرورت ہے اور زیادہ تر لوگ جوکہ محض تجرباتی طور ہر فورم سیٹ اپ کرنا چاہتے ہیں، ایک ویب ہوسٹنگ پیکج میں یا تو انویسٹ نہیں کرنا چاہتے یا پھر اس کی استطاعت نہیں رکھتے۔

میں ایک بار پہلے بھی اردو فورم ہوسٹنگ اور اردو ورڈپریس بلاگ ہوسٹنگ کے پوٹینشل کا ذکر کر چکا ہوں کہ ابھی تک کوئی ویب سائٹ اس قسم کی سروس آفر نہیں کر رہی۔ میرے اندازے کے مطابق ایسی سائٹ بہت جلدی مقبول ہوگی اور اس قسم کا سیٹ اپ کرنا بھی مشکل نہیں ہے۔ بس ذرا وقت کے ساتھ ساتھ اس کے لیے ایک بڑی ویب ہوسٹنگ کی ضرورت پڑتی جائے گی جب فورمز اور بلاگ کی تعداد بڑھنا شروع ہوجائے۔ اس قسم کی ہوسٹنگ میں فورمز اور بلاگز پر اشتہارات سے ہونے والی آمدنی ہوسٹنگ مہیا کرنے والے کو جاتی ہے اور اس سے ویب ہوسٹنگ کا خرچہ بھی نکل جاتا ہے۔ ہم نے اردو فورم کا سوفٹویر تو ریلیز کر دیا ہے اور انشاءاللہ جلد ہی اردو ورڈپریس پیکج بھی ریلیز کر دیں گے۔ منہاجین آپ ذرا اس سمت میں سوچیں۔
 

شمشاد

لائبریرین
سب باتیں ایک طرف، سب سے بڑا مسئلہ جو مجھے عملی طور پر ہوا ہے وہ ہے اردو میں ٹائپ کرنا، میں نے جس کسی کو بھی محفل پر آنے کی دعوت دی وہ اردو ٹائپ نہ کر سکنے کی وجہ سے نہیں آئے، جبکہ ان کے لیے رومن اردو لکھنا بہت آسان ہے۔

لوگوں کو اردو ٹائپ کرنے کی کسطرح آسانی فراہم کی جائے یہ سوچنا ہے۔

ایک اور مسئلہ یہ بھی ہے کہ جب ہم عام بول چال میں اگر صرف اردو میں ہی بات کرتے ہیں تو اس میں بھی انگریزی زبان کے علاوہ اپنی اپنی مادری زبانوں کا تڑکا لگاتے چلے جاتے ہیں، جبکہ یہاں ہمیں زیادہ تر اردو میں ہی لکھنا ہوتا ہے۔ جب کہ آج کی نوجوان پود کے لیے یہ مشکل ہے۔

اس کے باوجود اس محفل نے بہت ترقی کی ہے اور بہت سے اردو سے محبت رکھنے والوں کو ایک پلیٹ فارم دے کر احسانِ عظیم کیا ہے۔
 

زیک

مسافر
یونیکوڈ اردو چوپالوں کا مدوجزر

منہاجین: آپ نے کچھ اہم پوائنٹ اٹھائے ہیں۔

منہاجین نے کہا:
ان اعدادوشمار کی روشنی میں کم از کم میں تو اِس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ ہماری قوم خود اُردو لکھنے پر آمادہ نہیں ہو رہی۔

سال بھر میں اردومحفل پر کم از کم 10 پیغامات لکھنے والے صارفین کی تعداد صرف 103 ہے۔ دوسری طرف رومن اردو میں بنے فورمز اچھے خاصے صارفین اور پیغامات کی حامل ہیں۔

اگرچہ 103 کی تعداد بہت کم ہے مگر اسے اس تناظر میں دیکھیں کہ “بات سے بات“ فورم کئی سال پرانا ہے اور رومن اردو استعمال کرتا ہے وہاں ابھی تک کوئی 300 ممبر ہیں جنہوں نے 10 یا زیادہ پوسٹس کی ہیں۔ میرا خیال ہے کہ بہتر ہو گا کہ دوسرے فورمز کا ایک informal سروے کیا جائے۔ جو بات واضح ہوئی ہے وہ یہ ہے کہ یونیکوڈ اردو فورم کی اردو جاننے والوں میں کوئی خاص ڈیمانڈ نہیں تھی۔

ہدایہ میں صارفین کی تعداد میں تو بڑی تیزی سے اِضافہ ہو رہا ہے مگر متحرک صارفین کی تعداد معمولی ہے۔ اور پیغامات میں اضافے کی شرح بھی بہت کم ہے۔

زیادہ‌تر صارف نہیں سپیمر ہیں۔

جس جذبے سے ان چوپالوں کو شروع کیا جاتا ہے بعد میں وہ جذبہ غائب ہو جاتا ہے۔ میرا ذاتی خیال ہے کہ چوپالیں بنانے والے ذاتی سطح پر اخراجات کر کے کام کا آغاز کرتے ہیں۔ شوق شوق میں آغاز تو اچھا ہو جاتا ہے، مگر کسی محرک کے بغیر پلے سے وقت اور پیسے خرچ کرتے چلے جانا مستقلا ممکن نہیں ہوتا۔

یہ سب سے مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ مزید میری سالگرہ کے موقع کی پوسٹ میں۔
 

منہاجین

محفلین
یونیکوڈ اردو چوپالوں کا مدوجزر

زکریا بھائی! مجھے آپ سے کلیتاً اتفاق ہے، تاہم اِس ایک جملے کو میں سمجھ نہیں پایا، کیونکہ اِس سے تو کئی مفہوم نکل سکتے ہیں۔
زکریا نے کہا:
یونیکوڈ اردو فورم کی اردو جاننے والوں میں کوئی خاص ڈیمانڈ نہیں تھی۔
 

منہاجین

محفلین
اردو لکھنے میں جھجک؟

نبیل نے کہا:
جہاں تک لوگوں کے اردو ٹائپ کرنے سے جھجکنے والی بات ہے تو میں اس بات کو تسلیم کرتا ہوں کہ ہماری تمام تر کوشش کے باوجود ابھی تک ہمیں اس میدان میں خاطر خواہ کامیابی نصیب نہیں ہوئی ہے۔ اس سے میرے ذہن میں ایک پرانا خیال آ رہا ہے کہ ہمیں ایک اردو ٹائپنگ ٹیوٹر کی اشد ضرورت ہے۔ اگرچہ شارق مستقیم نے اس سمت میں کام شروع کیا تھا لیکن یہ صحیح معنوں میں آگے نہیں بڑھ سکا۔

اردومحفل کا سب سے اہم کام غیر اُردو کمپیوٹرز کو اُردو ویب پیڈ کی مدد سے اُردو لکھنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ محفل کی طرف سے اِتنا بڑا قدم اُٹھا چکنے کے بعد کسی کا اُردو ٹائپ کرنے سے جھجکنا حیران کن ہے۔

اردو ٹائپنگ ٹیوٹر ایک عمدہ خیال ہے، مگر اس کے لئے آپ کون سا لے آؤٹ اپنائیں گے؟ جس لے آؤٹ کو ہم فونیٹک کا نام دیتے ہیں وہ بھی مختلف کنجیوں کے فرق کے ساتھ ملتا ہے۔

ہمارے معلم اعجازاختر اپنا تیارکردہ صوتی کی بورڈ استعمال کرتے ہیں اور میں کرلپ کا تیارکردہ فونیٹک کی بورڈ لے آؤٹ استعمال کرتا ہوں۔ آپ کا بنایا ہوا لے آؤٹ کرلپ سے اچھا ہے لیکن اسے نوٹ پیڈ میں تو استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ اور دو دو لے آؤٹس کا استعمال ویسے ہی مشکل پیدا کرتا ہے۔

بہتر تو یہ ہے کہ کرلپ کی طرز پر آپ بھی اپنا لے آؤٹ ونڈوز میں انسٹال کرنے کو بنائیں تاکہ اُس سے مستقلاً چھٹکارا مل سکے۔ بصورتِ دیگر یہاں (اُردو ویب پیڈ اور ٹائپنگ ٹیوٹر میں) بھی کرلپ کو اِختیار کر لیا جائے۔ میرے جیسا بندہ اگر چند کنجیوں (آ، ٓ، ء، ئ، زیر، زبر وغیرہ) کے فرق کو دو دو لے آؤٹس تصور کرتا ہے تو نوآموزوں کا کیا حال ہوتا ہوگا۔

ضمناً عرض ہے کہ اردومحفل میں لگے اُردو ویب پیڈ کے بالکل پاس (ٹیکسٹ ایریا کے نیچے واقع اردو انگلش ٹوگل کے سامنے) ڈاؤنلوڈز میں پڑے اُردو ویب پیڈ کا ایک براہِ راست ربط دے دیا جائے تاکہ لوگ اسے کثرت سے ڈاؤنلوڈ کر سکیں۔ یہ ایک ایسا صفحہ ہے جو ہر لکھنے والا ضرور کھولتا ہے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
منہاجین، اس موضوع پر بھی بات ہو چکی ہے کہ صارفین کو اپنی مرضی کا کی بورڈ لے آؤٹ استعمال کرنے کا اختیار ہونا چاہیے اور ہمارا پلان یہ ہے کہ فورم میں اوپن پیڈ شامل کیا جائے اور اس میں زیادہ استعمال ہونے والے اردو کی بورڈ لے آؤٹس شامل ہوں۔ اس کے بعد یوزر اپنے پروفائل میں جا کر اپنی مرضی کا کی بورڈ لے آؤٹ سیٹ کر سکیں گے۔ یہ کام ہماری ترجیحات میں کافی اوپر ہے لیکن اسےسے بھی پہلے ہم کچھ اپگریڈز پر کام مکمل کرنا چاہ رہے ہیں جن کے بارے میں آپ کو بھی علم ہے۔ دوسرے میں اردو ویب پر استعمال کے لیے ایک نئی کی میپنگ پر کام کر رہا ہوں جس کے بارے میں آپ یہاں پڑھ سکتے ہیں۔ ایک مرتبہ یہ فائنل ہو جائے تو اسے آن لائن ایڈیٹر میں بھی شامل کر دیا جائے گا اور ونڈوز کے لیے بھی اسی میپنگ پر مبنی کلیدی تختہ تیار کر لیا جائے گا۔
 

منہاجین

محفلین
بہت اچھے، کی میپنگ پر تو پہلے سے کام جاری ہے!!! نئی کی میپنگ کے حوالے سے میں وہاں رائے دیتا ہوں۔
 

زیک

مسافر
یونیکوڈ اردو چوپالوں کا مدوجزر

منہاجین نے کہا:
زکریا بھائی! مجھے آپ سے کلیتاً اتفاق ہے، تاہم اِس ایک جملے کو میں سمجھ نہیں پایا، کیونکہ اِس سے تو کئی مفہوم نکل سکتے ہیں۔
زکریا نے کہا:
یونیکوڈ اردو فورم کی اردو جاننے والوں میں کوئی خاص ڈیمانڈ نہیں تھی۔

مطلب صرف یہ تھا کہ اردو جاننے والوں میں کوئی pent-up demand نہیں تھی کہ تحریری اردو کی انہیں شدید کمی محسوس ہوتی رہی ہو اور جیسے ہی کوئی ایسا resource آئے وہ دوڑ کے چلے آئیں۔ ایسے کچھ لوگ ضرور ہیں مگر اردو جاننے والوں میں زیادہ نہیں۔
 
اردو کے ذوق کی کمی

زکریا سے اتفاق کروں گا۔ میرے تو خیال میں اردو کے ذوق کی کمی اردو سے متعلقہ ہر چیز کو متاثر کرتی ہے۔ اسی لیے یہ کام محنت کچھ زیادہ ہی مانگتے ہیں۔

منہاجین چوپالوں پر آپ کا تحقیقی مضمون بہت اچھا لگا۔ اور اس کے بعد کی تمام پوسٹ بڑی فکر انگیز ہیں۔
 

باذوق

محفلین
یونیکوڈ اردو چوپالوں کا مدوجزر

زکریا نے کہا:
۔۔۔۔مطلب صرف یہ تھا کہ اردو جاننے والوں میں کوئی pent-up demand نہیں تھی کہ تحریری اردو کی انہیں شدید کمی محسوس ہوتی رہی ہو اور جیسے ہی کوئی ایسا resource آئے وہ دوڑ کے چلے آئیں۔ ایسے کچھ لوگ ضرور ہیں مگر اردو جاننے والوں میں زیادہ نہیں۔
آپ کی بات سے کچھ حد تک اتفاق سہی ۔۔۔
مگر میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ ہر نئی چیز مقبول ہونے میں‌کچھ وقت مانگتی ہے ۔

میں‌اُردوپیجز کی انتظامیہ میں‌شامل ہوں ۔۔۔ آج سے دو سال پہلے وہاں‌تحریری اُردو صفر تھی اور تصویری اُردو اور رومن اُردو کا غلبہ تھا ۔۔۔ اور آج وہاں روزانہ کم سے کم بیس فیصد پیغامات اُردو یونیکوڈ تحریر میں پوسٹ ہوتے ہیں ۔ جبکہ اُردوپیجز پر نہ تو کوئی اُردو یونیکوڈ ایڈیٹر موجود ہے اور نہ کوئی خاص اُردو فونٹ ۔ پھر بھی صارفین تاہوما فونٹ کے ذریعے لکھ رہے ہیں ۔
 

شاکرالقادری

لائبریرین
اردو چوپالوں کے متعلق بہت ہی دلچسپ اور معلومات افزا مضامین کے لیے شکریہ
اردو چوپالوں کی فہست میں ایک اور کا اضافہ کر لیجیے
www.alqalam.orgfree.com
یہ بات سو فیصد درست ہے کہ بہت سے لوگ محض اس لیے اردو چوپالوں پر نہیں آتے کہ انہیں اردو کی بورڈ کا معاملہ درپیش رہتا ہے
میرے پاس ایک چھوٹا سا سافٹ ویر ہے
جس کے ذریعہ کی بورڈ لے آٶٹ کو ایڈٹ کیا جا سکتا ہے
میں اسے کسی مناسب مقام پر اپ لوڈ کرنے کی کوشش کرتا ہوں مجھے یقین ہے کہ یہ بہت آسانیاں پیدا کرنے کا باعث بنے گا
 
باذوق اور شاکر آپ دونوں کی رائے پڑھ کر تسلی ہوئی کہ تحریری اردو ترقی کی طرف مائل ہے اور اس کے استعمال کنندہ بڑھ رہے ہیں۔ ہم سب لوگ اسی طرح ثابت قدمی سے لگے رہے تو انشاءللہ اس کا استعمال بڑھے گا اور یہ خوب پھلے پھولے گی۔
 

منہاجین

محفلین
شاکرالقادری نے کہا:
میرے پاس ایک چھوٹا سا سافٹ ویر ہے
جس کے ذریعہ کی بورڈ لے آٶٹ کو ایڈٹ کیا جا سکتا ہے
میں اسے کسی مناسب مقام پر اپ لوڈ کرنے کی کوشش کرتا ہوں مجھے یقین ہے کہ یہ بہت آسانیاں پیدا کرنے کا باعث بنے گا
جلدی کیجئے نا پھر دیر کاہے کی! اس سے واقعی بہتری عمل میں آ سکتی ہے۔
 
Top