سندھی کمپیوٹنگ کو خوبصورتی بخشنے والے، ثناءُاللہ منگنیجو صارِم

محمد بقا

محفلین
سندھی کمپیوٹنگ کو خوبصورتی بخشنے والے، صارِم
تحریر : صفن کنگرائی

دیکھا جائے تو کسی سے محبت کرنا اور اس سے اظہارِ محبت کرنے کے بہت سارے طریقے ہوتے ہیں. جیسے انسان کی انسان سے محبت اور اس محبت کے اظہار کی انیک مثالیں تاریخ کے اوراق کا حسین حصہ بنی ہوئی ہیں. اسی طرح بہت سے کردار اپنی ماتر بھومی سے محبت کے لازوال نقوش چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے امر ہوگئے.
یقینًا اپنی مٹی اور اس سے وابستہ ہر چیز سے روح اور دل کا ایک بے مثال اور مضبوط رشتہ ہوتا ہے. مطلب کہ محبوب تو جاں سے پیارا آنکھ کا تارا ہوتا ہی ہے لیکن اس سے منسوب ہر شے سے بھی عقیدت کی حد تک لگاؤ ہوتا ہے.
اسی طرح جب بات سندھ اور سندھی زبان سے پرخلوص محبت کے اظہار کی چھڑے گی تو بہت سے امر کرداروں کے ساتھ ساتھ سندھی کمپیوٹنگ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے نوجوان ثناءُاللہ منگنیجو صارِم کا نام کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا.
کیوں کہ صارِم سندھی کمپیوٹنگ کے ایک ایسے متحرک فرد ہیں کہ جنھوں نے سندھی زبان سے اپنی بے پایاں چاہت کے اظہار کے طور پر اس کی لکھائی یا صورتخطی کو سیکڑوں دل لبھاتی صورتیں دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے. وہ سندھی فونٹس (جدید خطاطی کے نمونوں) کا ایک زبردست ذخیرہ پیش کر چکے ہیں. اگر یوں کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا کہ صارِم دنیا کے سب سے بڑے سندھی فونٹ ڈیزائنر ہیں جنھوں نے تن تنہا سندھی زبان کے لئے 200 سے زائد معیاری فونٹس بناکر بغیر کسی معاوضے کے پیش کیے ہیں. صارِم کے اِن فونٹس اور دوسرے نوجوانوں کی محنت سے سندھی زبان فونٹس کے حوالے سے جنوبی ایشیا کی شاہوکار زبان بن چکی ہے.
صارِم نے اپنے فونٹس پر لوگوں کی آسان رسائی کے لئے 2008ء میں منگنیجو ڈاٹ کام نامی ذاتی ویب سائٹ لانچ کی جہاں پر اپنے سارے فونٹس مفت میں ڈاؤنلوڈنگ کے لئے رکھے.
اس کے علاوہ انھوں نے اپنی ویب سائٹ پر سب سے پہلے متحرک گِف امیجز والے بینر لگانے کے بجائے تبدیل ہوتے رنگ برنگی "ٹیکسٹ بیسڈ" سندھی بینر لگائے اور پہلی مرتبہ کسی سندھی ویبسائٹ کے موبائل وِیو کے لیے ایک موبائل ٹیمپلیٹ استعمال کی. جو کہ انٹرنیٹ کی دنیا کے سب سے بڑے ذخیرے کی حامل ویبسائٹ آرکائیو ڈاٹ آرگ کے محفوظات کا حصہ ہیں.
ثناءُاللہ منگنیجو صارِم کے بنائے گئے فونٹس میں کثیرالازبان / ملٹی لنگوئل سپورٹ بھی شامل ہے یعنی بیک وقت یہ فونٹس سندھی، اردو، سرائکی، عربی، فارسی، پنجابی وغیرہ زبانوں میں لکھنے کے لئے استعمال کئے جاسکتے ہیں اور تمام فونٹس یونیکوڈ کے معیار کے عین مطابق بھی ہیں.
یہی نہیں صارِم وہ واحد فونٹ ڈزائینر ہیں جنھوں نے پہلی بار عربی لپی میں مکمل بلیڈنگ فونٹ (خون کے قطروں پر مشتمل) سندھی زبان کے لئے بنایا جوکہ اس سے پہلے عربی، فارسی یا اردو زبانوں میں موجود نہیں تھا. اور خوشخطی سکھانے کے لئے پہلا ڈاٹد سندھی فونٹ بھی انھیں کی محنت کا ثمر ہے. ساتھ ساتھ وہ سندھی فونٹ ڈزائینرس میں پہلے ہیں جنھوں نے اپنے فونٹس میں سرائکی زبان کے لئے سپورٽ شامل کی اور مستقبل میں اپنے تمام پرانے فونٹس کے نئے ورژن میں بھی ملٹی لنگوئل سپورٽ شامل کرنے کے خواہاں ہیں.
ساتھ ساتھ وہ پہلے سندھی فونٹ ڈزائینر ہیں جنھوں نے سب سے پہلے سندھی زبان کے کسی فونٹ میں ریگولر اور کشیدہ سہولت ایک ساتھ شامل کی ہے یعنی فونٹ تبدیل کئے بغیر کیبورڈ پر مطلوبہ بٹن پریس کرنے سے ریگولر اور کشیدہ صورتیں کام میں لائی جاسکتی ہیں.
اس کے علاوہ رواں سال رمضان المبارک میں صارِم نے ملٹی لنگوئل سپورٹ کا حامل خاص فونٹ جاری کیا ہے جس سے نہ صرف قرآن پاک لکھنے میں آسانی آگئی ہے بلکہ سندھی ٹیکسٹ بکس میں اسباق کی ہِجے کے لئے حرکات (زیر، زبر، پیش) کا مقررہ جگہ پر نا ہونے کے مسئلے کا بھی مکمل حل ہے. اس پر سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کو خاص توجہ دینی چاہیے.
صارِم کے فونٹس 2008ء سے ابتک لاکھوں بار ڈائونلود ہو چکے ہیں اور سندھی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر ڈراموں، مختلف پروگراموں کے ٹائٹلز، اخبارات، رسائل، کتابوں ویبسائٹس اور اینڈرائیڈ و ڈیسک-ٹاپ اپلیکیشنز کی زینت بنے ہوئے ہیں. جس میں کرشن کمار لوہانا کی تیار کردہ شاھ جو رسالو کی سب سے پہلی الفابیٹیکل ڈیسک-ٹاپ اپلیکیشن بھی شامل ہے.
صارم کے تمام فونٹس سندھی کمپیوٹنگ کے بانی عبدالماجد بھرگڑی کی ویبسائٹ اور سندھ سلامت ڈاٹکام کے فونٹ سرور سے بآسانی ڈاؤنلوڈ کیے جاسکتے ہیں.
ضرورت اس بات کی ہے کہ صارِم اور ان جیسے دوسرے نوجوانوں کی پذیرائی اور حوصلہ افزائی میں اگر اور کچھ نہیں کرسکتے تو کم از کم ان کی محنت سے فائدہ اٹھانے کے بعد تھوڑی سی شکریہ ادائی تو ان کا حق بنتا ہے.
 
Top