اُجلی رِدائے عکس کو میلا کہیں گے لوگ

نیرنگ خیال

لائبریرین
کیسی خوبصورت، کمال، اعلی اور ارفع غزل ہے۔ ایک ایک شعر۔۔۔ ایک ایک خیال ۔۔۔ ایک ایک موضوع۔۔۔ واہ۔۔۔۔ مطلب میں تو خود کو اس پر داد دینے کا بھی اہل نہیں سمجھتا۔۔۔۔ ماشاءاللہ۔۔۔۔ بہت ہی خوبصورت
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
۔۔۔ مطلب میں تو خود کو اس پر داد دینے کا بھی اہل نہیں سمجھتا۔۔۔۔
میں سمجھ گیا ، نین بھائی ۔ یہ سب داد نہ دینے کے بہانے ہیں ۔ :D
مذاق برطرف، آپ جیسے صاحبان علم و ہنر اور زندہ دل و باشعور قلمکاروں کے دم قدم سے ہی یہ محفل آباد ہے ۔ اللہ کریم آپ کو اور ان رونقوں کو سلامت رکھے ۔ آپ احباب کی پذیرائی مجھ جیسے گوشہ نشینوں کو بھی تحریکِ نگارش دیتی رہتی ہے ۔ قدر افزائی اور ہمت افزائی کے لئے بہت ممنون ہوں ، نین بھائی ۔
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
اگر ظہیر کراچی کا باشندہ ہے، تو یہ شہر لازماً لاہور ہی ہوگا :LOL::LOL::LOL:

زندہ دل برادرانِ لاہور سے اس گستاخانہ مذاق پر معذرت :)
راحل ، میں تو اصلاً حیدرآبادی سندھی ہوں ۔ لیکن زندگی کا کچھ حصہ کراچی میں بھی گزارا ۔ ویسے میرا سسرائیل بھی کراچی میں ہے ۔ :)
 
صابرہ امین

لائبریرین
کیا ہی خوب کلام ہے جس سے فیض یاب ہونے کا موقع ملا ۔ ۔ ہر شعر لاجواب

شہرت کی روشنی میں مسلسل اُچھا لئے
پتھر کو آسمان کا تارا کہیں گے لوگ

کیسا اچھوتا خیال ہے ۔ ۔ ما شا اللہ ۔ ۔
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
میں سمجھ گیا ، نین بھائی ۔ یہ سب داد نہ دینے کے بہانے ہیں ۔ :D
مذاق برطرف، آپ جیسے صاحبان علم و ہنر اور زندہ دل و باشعور قلمکاروں کے دم قدم سے ہی یہ محفل آباد ہے ۔ اللہ کریم آپ کو اور ان رونقوں کو سلامت رکھے ۔ آپ احباب کی پذیرائی مجھ جیسے گوشہ نشینوں کو بھی تحریکِ نگارش دیتی رہتی ہے ۔ قدر افزائی اور ہمت افزائی کے لئے بہت ممنون ہوں ، نین بھائی ۔
خواجہ عزیز الحسن مجذوب نے آپ ایسوں ہی کے حسن ظن اور عجز و انکسار کے پیکروں بارے فرمایا تھا کہ
وہ خود کامل ہیں مجھ ناقص کو جو کامل سمجھتے ہیں
وہ حسن ظن سے اپنا ہی سا میرا دل سمجھتے ہیں

ظہیر بھائی حقیقت یہ ہے کہ آپ ایسوں کی موجودگی ہی ہمارے سیکھنے کا سامان کرتی ہے۔ اللہ پاک آپ کو سلامت رکھے۔ آمین
 
جاسمن

لائبریرین
بہت ہی خوب ، بہت ہی خوب!
ایسے لگ رہا ہے کہ قدیم برصغیر میں مشاعرہ ہے اور کوئی شعلہ نوا شعر پڑھ رہا ہے۔
حاضرین کی طرف سے داد و تحسین کا شور برپا ہے۔
 
دو سال پرانی ایک غزل آپ احباب کے حضور پیشِ خدمت ہے ۔ اس میں چند اشعار تازہ اضافہ کئے ہیں ۔ شاید آپ کو پسند آئیں ۔ آپ کی باذوق بصارتوں کی نذر!

٭

اُجلی رِدائے عکس کو میلا کہیں گے لوگ
آئینہ مت دکھائیے ، جھوٹا کہیں گے لوگ

شاخیں گرا رہے ہیں مگر سوچتے نہیں
پھر کس شجر کی چھاؤں کو سایہ کہیں گے لوگ

واقف ہیں رہبروں سے یہ عادی سراب کے
دریا دکھائیے گا تو صحرا کہیں گے لوگ

شہرت کی روشنی میں مسلسل اُچھا لئے
پتھر کو آسمان کا تارا کہیں گے لوگ

آغازِ داستاں ہے ذرا سنتے جائیے
آگے تو دیکھئےابھی کیا کیا کہیں گے لوگ

جو کچھ برائے زیبِ بیاں کہہ رہے ہو آج
کل اُس کو داستان کا حصہ کہیں گے لوگ

لوگوں کو اختیار میں حصہ تو دیجئے
اربابِ اختیار کو اپنا کہیں گے لوگ

فردِ عمل پہ کر کے رقم اپنے فیصلے
اپنے لکھے کو بخت کا لکھا کہیں گے لوگ

شکوہ کرو نہ دیدۂ ظاہر پرست کا
جیسے دکھائی دیتے ہو ویسا کہیں گے لوگ

کس شہرِخود فریب میں جیتے ہو تم ظہیرؔ
اپنا سمجھ رہے ہیں نہ اپنا کہیں گے لوگ

٭٭٭

ظہیرؔ احمد ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 2017

ظہیر صاحب ، آداب عرض ہے!

بہت عمدہ غزل ہے! تمام اشعار اعلیٰ فکر اور بیان كے آئینہ دار ہیں . میری ناچیز داد حاضر ہے .

نیازمند ،
عرفان عؔابد
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت ہی خوب ، بہت ہی خوب!
ایسے لگ رہا ہے کہ قدیم برصغیر میں مشاعرہ ہے اور کوئی شعلہ نوا شعر پڑھ رہا ہے۔
حاضرین کی طرف سے داد و تحسین کا شور برپا ہے۔
میں اپنے دفاع میں پھر یہی کہوں گا کہ ترکی ٹوپی اور شیروانی پہننے سے آدمی بزرگ نہیں ہوجاتا۔
بخدا میں پاکستان سے کئی سال چھوٹا ہوں ۔ :D
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
ظہیر صاحب ، آداب عرض ہے!

بہت عمدہ غزل ہے! تمام اشعار اعلیٰ فکر اور بیان كے آئینہ دار ہیں . میری ناچیز داد حاضر ہے .

نیازمند ،
عرفان عؔابد
آداب ، بہت نوازش ، بہت شکریہ جناب! اللہ آپ کو سلامت رکھے ! بہت ممنون ہوں ۔
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
ویسے تو یِہ پُوری غزل ہی سلِیقے سے کہی گئی ہے مگر کمال کا شعر تو یِہ لگا۔
بہت شکریہ ، نوازش! اللہ آپ کو خوش رکھے !

مجھے تجسس ہورہا ہے کہ آپ کی ڈی پی پر یہ تصویر کس کی ہے ۔ نمعلوم کیوں ذہن میں کوئی جانی پہچانی سی شبیہ ابھر رہی ہے اسے دیکھ کر لیکن نام زبان پر نہیں آرہا ۔ اگر آپ بتانا مناسب سمجھیں تو خوشی ہوگی۔
 
جاسمن

لائبریرین
میں اپنے دفاع میں پھر یہی کہوں گا کہ ترکی ٹوپی اور شیروانی پہننے سے آدمی بزرگ نہیں ہوجاتا۔
بخدا میں پاکستان سے کئی سال چھوٹا ہوں ۔ :D
لیکن جا بجا بکھرے ثبوت کچھ اور کہتے ہیں۔:D اور مزے کی بات یہ کہ آپ انھیں غائب بھی نہیں کر سکتے۔ اب تو آپ نے ثبوتوں پہ مشتمل ایک پوری "فائل" ہمارے حوالے کر دی ہے۔:)
 
بابا-جی

محفلین
بہت شکریہ ، نوازش! اللہ آپ کو خوش رکھے !

مجھے تجسس ہورہا ہے کہ آپ کی ڈی پی پر یہ تصویر کس کی ہے ۔ نمعلوم کیوں ذہن میں کوئی جانی پہچانی سی شبیہ ابھر رہی ہے اسے دیکھ کر لیکن نام زبان پر نہیں آرہا ۔ اگر آپ بتانا مناسب سمجھیں تو خوشی ہوگی۔
یِہ میرے رُوحانی و سیاسی مُرشد کی تصوِیر ہے۔
 
Top