پنجاب اسمبلی کی کمیٹی کی تین کتب پر پابندی کی سفارش: کیا ریاست کو کتابوں پر پابندی لگانی چاہیے؟

جاسم محمد

محفلین
پنجاب اسمبلی کی کمیٹی کی تین کتب پر پابندی کی سفارش: کیا ریاست کو کتابوں پر پابندی لگانی چاہیے؟
عمردراز ننگیانہ بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
  • 42 منٹ پہلے
_110528629_a382f651-b991-4f8d-8f0b-ffd971006fc0.jpg

تصویر کے کاپی رائٹRIVERHEAD BOOKS/ANCHOR/BOOKLAND

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی قانون ساز اسمبلی کی ایک کمیٹی نے اسلامی تاریخ پر تین ایسی کتب پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی ہے جو کئی برس پہلے شائع ہوئیں اور تب سے ملک میں مسلسل دستیاب رہی ہیں۔

ان میں امریکی مصنفہ لیزلی ہیزلٹن کی دو کتابیں ’دی فرسٹ مسلم‘ اور ’آفٹر دی پرافٹ‘ کے علاوہ پاکستانی مصنف مظہرالحق کی کتاب ’اسلام کی ایک مختصر تاریخ‘ شامل ہے۔

پنجاب اسمبلی کے بعض ارکان کے مطابق ان کتب میں اسلام کے خلاف تضحیک آمیز مواد ہے اور ان میں ادب کو ملحوظِ خاطر نہیں رکھا گیا۔

جبکہ سماجی کارکنان سمجھتے ہیں کہ ان کتابوں پر پابندی عائد کرنے کی سفارشات سراسر بلاجواز ہیں اور ممکن ہے کہ اب لوگ یہ کتابیں زیادہ پڑھیں گے۔

جن کتابوں پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے وہ کوئی نئی کتابیں نہیں۔

مظہرالحق کی کتاب ’اسلام کی ایک مختصر تاریخ‘ پہلی مرتبہ 70 کی دہائی میں شائع ہوئی اور پاکستان میں سول سروس یعنی سی ایس ایس کے امتحانات میں سلیبس کے طور پر بھی تجویز کی جاتی رہی ہے۔ دوسری جانب آفٹر دی پرافٹ 2009 جبکہ دی فرسٹ مسلم 2013 میں شائع ہوئیں تھیں۔

کتابوں پر پابندی کی تجویز کیوں دی گئی؟
پنجاب اسمبلی کی کمیٹی نمبر چھ نے صوبائی وزیرِ قانون محمد بشارت راجہ کی سربراہی میں حال ہی میں ان کتابوں سمیت ایک اخبار روزنامہ الفضل کی اشاعت اور تقسیم پر پابندی اور چند سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔

پنجاب اسمبلی کی طرف سے جاری ایک بیان میں صوبائی وزیرِ قانون بشارت راجہ کے جانب سے کہا گیا ہے کہ ’بہت سی ملکی اور غیر ملکی کتب مارکیٹ میں موجود ہیں جن میں پیغمبرِ اسلام، انبیائے کرام، صحابہ اور اہلِ بیت کے خلاف تضحیک آمیز مواد موجود ہے۔

'ان سے نہ صرف ہمارے جذبات مجروح ہوتے ہیں بلکہ یہ ہمارے ایمان پر بھی کاری ضرب ہے۔ ان پر پابندی عائد ہونی چاہیے۔‘

_110528632_f5a25f67-df9c-44a9-a0f1-85bb023c6404.jpg

تصویر کے کاپی رائٹFACEBOOK/LESLEY.HAZLETON
Image captionلیزلی ہیزلٹن ایک امریکی مصنفہ ہیں جن کی دو کتابوں پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے

پابندی کی سفارش کرنے والی صوبائی کمیٹی کے پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے رکن محمد الیاس چنیوٹی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لیزلی ہیزلٹن نے اپنی کتاب ’دی فرسٹ مسلم‘ میں ’شبِ معراج کے حوالے سے جو واقعہ بیان کیا وہ حقیقت پر مبنی نہیں۔‘

الیاس چنیوٹی کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ’اسی طرز کی باتیں مصنفہ نے اپنی دوسری کتاب میں بھی کی ہیں۔‘

مظہر الحق کی کتاب ’اسلام کی ایک مختصر تاریخ‘ کے بارے میں بھی ان کا کہنا تھا کہ ’اس کتاب میں ادب کو ملحوظِ خاطر نہیں رکھا گیا۔‘

الیاس چنیوٹی نے مسلمانوں کے پہلے چار خلفاء کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کتاب میں 'ان میں سے ایک خلیفہ کے بارے میں لکھا ہے کہ ان میں قائدانہ صلاحیت نہیں تھی۔'

پنجاب اسمبلی کے رکن کا کہنا تھا کہ ’افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ کتاب سنہ 1977 سے شائع ہو رہی ہے اور اب تک کسی نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔‘

روزنامہ الفضل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کی کمیٹی کے ممبر محمد الیاس چنیوٹی نے بتایا کہ یہ احمدی برادری سے تعلق رکھتا ہے اور پابندی کے باوجود اس کی اشاعت جاری ہے۔

'بظاہر تو ربوہ میں موجود ان کی پرنٹنگ پریس پر پابندی ہے لیکن اس کے باوجود یہ اخبار اب بھی شائع ہو رہا ہے۔ اس لیے ہم نے سفارش کی ہے کہ اس کو مکمل طور پر روکا جائے۔'

کیا کتابوں پر پابندی لگ سکتی ہے؟

پنجاب اسمبلی کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی وزیرِ قانون محمد بشارت راجہ کی زیرِ صدارت سپیشل کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ان تینوں کتب اور روزنامہ الفضل نامی ایک جریدے پر پابندی لگائی جائے گی۔

صوبائی وزیرِ راجہ بشارت کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’درآمد شدہ کتب پر پابندی میں وفاقی حکومت کی مداخلت ضروری تھی اس لیے یہ معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھایا گیا۔ اب یہ معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں ہے۔‘

اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر جن 127 آئی ڈیز پر ’گستاخانہ‘ مواد موجود ہے ان کے خلاف پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو کارروائی کرنے کا کہا جائے گا۔

'متفق نہ ہونے اور دل دکھانے میں فرق ہے'
ڈاکٹر کوثر فردوس رفاہ یونیورسٹی میں معلمہ ہیں اور جماعتِ اسلامی کی طرف سے سینیٹر رہ چکی ہیں۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر اسمبلی میں ایک نقطہ سامنے آیا ہے تو اس میں کچھ نہ کچھ ضرور ہو گا۔

'اگر ان کتابوں میں ایسا کوئی مواد ہے جو کہ توہین کے زمرے میں آتا ہے تو اس کے خلاف ایکشن ضرور ہونا چاہیے۔ یہ ایکشن کیا ہو گا، اسں کا تعین اسمبلی کر سکتی ہے۔ اس میں دیکھنا ہو گا کہ خلاف ورزی کس نوعیت کی ہے اور اس کے حوالے سے قانون کیا ہے۔'

ڈاکٹر کوثر فردوس کا کہنا تھا کہ 'اگر کسی چیز سے متفق نہ ہوں تو اس کا جواب دیا جا سکتا ہے لیکن اگر کسی چیز سے دل آزاری ہو رہی ہو تو اس کو ہٹا دینا بہتر ہے۔ متفق نہ ہونے اور دل آزاری میں فرق ہوتا ہے۔'

_110528828_gettyimages-523682086.jpg

تصویر کے کاپی رائٹGETTY IMAGES
Image captionتاریخ دان ڈاکٹر مبارک علی: ’تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی کتابیں سینسر کی گئیں تو وہ زیادہ پڑھی گئیں ہیں‘

’پابندی کی بات کرنے والے خود کتابیں نہیں پڑھتے‘

پاکستان میں انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان یا ایچ آر سی پی کے سیکریٹری جنرل حارث خلیق کا کہنا تھا یہ کتابیں ان کی نظر سے گزر چکی ہیں اور ان کا خیال ہے کہ پنجاب اسمبلی کی ’کمیٹی کی سفارشات سراسر بلاجواز ہیں۔‘

ان کے مطابق ’اگر کوئی ایسا مواد ہے جس سے ہم متفق نہیں تو اس کو عالمانہ طور پر زیرِ اعتراض لانا چاہیے۔ ان تمام کتابوں میں مستند ذرائع کے حوالے موجود ہیں۔‘

حارث خلیق کا کہنا تھا کہ ’یہ کتابیں سالوں سے پاکستان میں حلقۂ اشاعت میں ہیں۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ زیادہ تر لوگ جو کتابوں پر پابندی کی حمایت کرتے ہیں، انھوں نے یہ کتابیں نہیں پڑھیں۔‘

حارث خلیق کا کہنا تھا کہ کمیٹی کا فیصلہ ایک سفارش ہے اس لیے اس پر عملدرآمد تاحال لازمی نہیں ہے تاہم ’یہ معاشرے میں پائی جانے والی اس عدم برداشت کی عکاسی کرتا ہے جس کی نمائندگی عوامی نمائندے کرتے ہیں۔ یہ امر خطرناک ہے۔‘

حارث خلیق کا کہنا تھا کہ ’ریاست کو کتب پر پابندیاں نہیں لگانی چاہییں۔ یہ حقِ آزادی اظہارِ رائے کی خلاف ورزی ہے۔‘

'کتاب سینسر ہوتی ہیں تو لوگ زیادہ پڑھتے ہیں'

تاریخ دان ڈاکٹر مبارک علی نے بھی بی بی سی سے بات کرتے ہوئے حارث خلیق کے موقف سے اتفاق کیا۔

ماضی سے اس کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تقسیم سے قبل ایک انگریز مصنف نے پیغمبرِ اسلام کی زندگی پر ایک کتاب شائع کی تھی ’تو سرسید احمد خان نے پھر اس کا جواب خطباتِ احمدیہ کے نام سے دیا تھا۔‘

'سنسرشپ کوئی علاج نہیں ہے۔ سینسرشپ یا پابندی سے ہو سکتا ہے وقتی طور پر وہ کتاب لوگوں تک نہ پہنچے مگر تاریخ میں یہ ہے کہ جب بھی کتابیں سینسر کی گئیں تو وہ زیادہ پڑھی گئیں ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ روشن خیالی کے زمانے کے فرانس سے ایسی بہت سی مثالیں ملتی ہیں جبکہ سینسر شدہ کتاب کی مانگ میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ ’پاکستان میں جب کتابیں سینسر کی جاتی ہیں تو کتاب فروش انھیں خفیہ طریقے سے بیچتے ہیں۔‘

_110528634_gettyimages-56845683.jpg

تصویر کے کاپی رائٹGETTY IMAGES
Image captionصوبائی وزیرِ قانون بشارت راجہ نے کہا ہے کہ ’بہت سی ملکی اور غیر ملکی کتب مارکیٹ میں موجود ہیں جن میں پیغمبرِ اسلام، انبیائے کرام، صحابہ اور اہلِ بیت کے خلاف تضحیک آمیز مواد موجود ہے‘

'معاشرے میں پہلے برداشت زیادہ تھی'

مظہر الحق کی کتاب جو 70 کی دہائی میں شائع ہوئی تھی اس وقت اس کی اشاعت پر پابندی کی سفارش کے حوالے سے ڈاکٹر مبارک علی کا کہنا تھا کہ ’اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ 70 کی دہائی میں ہمارے معاشرے میں رواداری یا برداشت زیادہ تھی۔۔۔ جو اب کم ہوتی جا رہی ہے۔‘

ڈاکٹر مبارک علی کا کہنا تھا کہ تاریخ سے ظاہر ہے کہ سینسرشپ کا کوئی فائدہ بھی نہیں ہوتا۔

رومن کیتھولک دور کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کیتھولک مخالف کتابیں ضبط کرنے اور تلف کرنے کے احکامات ہر ہفتے پوپ کی طرف سے جاری کیے جاتے تھے۔

’اس (پابندی) کے باوجود لٹریچر چھپتا بھی رہا اور لوگ پڑھتے بھی رہے۔ صرف چند افراد کے پاس یہ اختیار نہیں ہونا چاہیے کہ وہ اس کا فیصلہ کریں کیونکہ کہ کسی کی ذاتی رائے بھی ہو سکتی ہے۔

'جیسا حکومت کا خیال ہے، ویسا ہوتا نہیں'
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ایچ آر سی پی کے چیئرپرسن ڈاکٹر مہدی حسن کا کہنا تھا کہ ’حکمرانوں کا خیال ہے کہ اگر کتابوں پر پابندیاں لگا دی جائیں تو اس سے ان کے لیے آسانیاں پیدا ہو سکتی ہیں، مگر ایسا ہوتا نہیں ہے۔‘

ڈاکٹر مہدی حسن کا کہنا تھا کہ جن کتابوں پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے اگر ان کے مصنفین اس کے خلاف عدالتِ عظمٰی سے رجوع کریں تو ’مجھے یقین ہے کہ فیصلہ ان کے حق میں آئے گا۔‘

ایچ آر سی پی کے چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ پروگریسو رائٹرز موومنٹ اور صحافتی تنظیموں کو اس پر ایکشن لینا چاہیے اور وہ اس حوالے سے ان تنظیموں کے عہدیداران سے رابطہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
 

جاسم محمد

محفلین
پنجاب اسمبلی کی کمیٹی نمبر چھ نے صوبائی وزیرِ قانون محمد بشارت راجہ کی سربراہی میں حال ہی میں ان کتابوں سمیت ایک اخبار روزنامہ الفضل کی اشاعت اور تقسیم پر پابندی اور چند سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔
روزنامہ الفضل قادیانیوں کا اخبار ہے اور اس پر پابندی کی سمجھ آتی ہے۔ البتہ یہ دیگر پابندیاں سمجھ سے بالاتر ہیں۔
 

محمد وارث

لائبریرین
"آفٹر دی پرافٹ" شاید میری ناخواندہ کتب میں کہیں بہت دور پڑی ہوئی ہے کہ پچھلے کئی برس سے میں مذہب پر مطالعہ نہیں کر رہا، خیر ڈھونڈتا ہوں اب۔ :)
 

جاسم محمد

محفلین
"آفٹر دی پرافٹ" شاید میری ناخواندہ کتب میں کہیں بہت دور پڑی ہوئی ہے کہ پچھلے کئی برس سے میں مذہب پر مطالعہ نہیں کر رہا، خیر ڈھونڈتا ہوں اب۔ :)
اوکے۔ اس تاریخ کی کتاب میں کوئی "بے ادبی" ملے تو ضرور مطلع کیجئے گا :)
مظہر الحق کی کتاب ’اسلام کی ایک مختصر تاریخ‘ کے بارے میں بھی ان کا کہنا تھا کہ ’اس کتاب میں ادب کو ملحوظِ خاطر نہیں رکھا گیا۔‘
 

ابو ہاشم

محفلین
"آفٹر دی پرافٹ" شاید میری ناخواندہ کتب میں کہیں بہت دور پڑی ہوئی ہے کہ پچھلے کئی برس سے میں مذہب پر مطالعہ نہیں کر رہا، خیر ڈھونڈتا ہوں اب۔ :)
یہ کتاب میں نے پانچ چھے سال پہلے پڑھی تھی۔ اس میں مرکزی بات یہ ہے کہ شیعہ سنی اختلاف کیسے پیدا ہوا۔
بیشتر باتیں تو پہلے ہی معلوم تھیں لیکن کچھ باتوں پر ماتھا ٹھنکا مثلاً مصنفہ نے:
آنحضور کے صاحب زادے حضرت ابراہیم کے وجود کو ایک پھیلی ہوئی افواہ قرار دیا ہے
اور
حضرت امیر معاویہ کو پانچ اہم ترین صحابہ میں سے ایک بتایا ہے ان کے وصال کے وقت
اور
حضرت علی اور حضرت عائشہ کو ایک دوسرے کا مخالف بتایا ہے ایک واقعے کی آڑ لے کر
اور
سب سے بڑھ کر بات یہ کہ نعوذ بااللہ آنحضور کو کسی پر بھی اعتبار نہیں تھا اس لیے انھوں کسی کو بھی اپنا جانشین قرار نہ دیا
اوکے۔ اس تاریخ کی کتاب میں کوئی "بے ادبی" ملے تو ضرور مطلع کیجئے گا :)
اس کتاب میں مجھے آنحضرت ص کا تذکرہ کچھ ایسے لگا جیسے کسی افسانے میں کسی مزدور کا بیان ہوتا ہے۔ مجھے تو بالکل پسند نہیں آیا۔ ٹھیک ہے پیغمبر نہیں مانتی لیکن ایک بڑے آدمی کے لیے مناسب اندازِ بیان تو اختیار کرنا چاہیے تھا

مجھے لگا جس حد تک مسالہ لگ سکتا تھا مصنفہ نے لگایا ہے۔ میرا تو بہت جگہ اختلاف ہے اس کتاب پر۔ حضرت عائشہ کی بہت جگہ گستاخی کی گئی ہے۔ ان کے غزوات پر آنحضور کے ساتھ جانے کو سیر سپاٹا قرار دینا وغیرہ
سارا کچھ یادداشت کے سہارے لکھا ہے
 

سعادت

تکنیکی معاون
’دی فرسٹ مسلم‘ اور ’آفٹر دی پرافٹ‘
ان دونوں کتابوں کے اردو ترجمے عمر بنگش اپنے بلاگ پر پیش کر چکے ہیں: ’اول المسلمین‘ اور ’اول المسلمین کے بعد‘۔

البتہ اس لڑی کے موضوع کے حوالے سے عمر بنگش کا لکھا ہوا پیش لفظ اور ’ماخذ اور حوالہ جات‘ کا مطالعہ مفید رہے گا۔
 

محمد وارث

لائبریرین
ان دونوں کتابوں کے اردو ترجمے عمر بنگش اپنے بلاگ پر پیش کر چکے ہیں: ’اول المسلمین‘ اور ’اول المسلمین کے بعد‘۔

البتہ اس لڑی کے موضوع کے حوالے سے عمر بنگش کا لکھا ہوا پیش لفظ اور ’ماخذ اور حوالہ جات‘ کا مطالعہ مفید رہے گا۔
اس کے مطالعے سے علم ہوتا ہے کہ کتابوں کا اصل ماخذ تاریخ طبری ہے۔ اور وہی مستند ترین اور قدیم ترین اسلامی تاریخ کی کتاب سمجھی جاتی ہے اور بعد کے مؤرخین نے طبری ہی کا تتبع کیا ہے۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ جس طبقے کی جانب سے کتابوں پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے وہ طبری کو بالکل بھی در خور اعتنا نہیں سمجھتے حالانکہ بہت سے جدید محققین بھی طبری کو مستند مانتے ہیں لیکن یہ اصحاب اپنی توپوں کا رخ سب سے پہلے طبری ہی کی طرف کرتے ہیں کیونکہ اس وقت جو زیادہ متنازعہ باتیں مسلمانوں کے درمیان موجود ہیں ان کا اولین ماخذ طبری ہی ہے۔
 

جاسم محمد

محفلین
لیکن مسئلہ یہ ہے کہ جس طبقے کی جانب سے کتابوں پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے وہ طبری کو بالکل بھی در خور اعتنا نہیں سمجھتے حالانکہ بہت سے جدید محققین بھی طبری کو مستند مانتے ہیں لیکن یہ اصحاب اپنی توپوں کا رخ سب سے پہلے طبری ہی کی طرف کرتے ہیں کیونکہ اس وقت جو زیادہ متنازعہ باتیں مسلمانوں کے درمیان موجود ہیں ان کا اولین ماخذ طبری ہی ہے۔
جزاک اللہ۔ میں یہی جاننا چاہ رہا تھا کہ اصل مسئلہ کہاں سے آرہا ہے۔
بہرحال یہ غلط روش ہے کہ تاریخ طبری جن کے نزدیک مستند تاریخ نہیں وہ اس پر مبنی کتب پر ہی پابندی لگا دیں۔ وہی کتب تشکیک کے ساتھ بھی پڑھائی جا سکتی ہے۔ مکمل پابندی لگا دینا میرے خیال میں غیر ضروری سنسرشپ ہے۔
 

عدنان عمر

محفلین
بدگمانی معاف! بعض افراد (مسلم و غیر مسلم) کے خیالات جان کر پتہ نہیں کیوں یہ گمان گزرتا ہے کہ وہ نیو کائنڈ آف دینِ اکبری ایجاد کرنا چاہتے ہیں۔:)
 
Top