غزل: امیدیں ختم ہونے تک، تمنا ختم ہونے تک

عزیزانِ من،
السلام علیکم۔

ایک تازہ غزل آپ سب کی بصارتوں کی نذر۔ اپنی آراء سے ضرور مطلع فرمائیےگا۔

دعاگو،
راحلؔ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

امیدیں ختم ہونے تک، تمنا ختم ہونے تک
ترے در سے نہیں اٹھیں گے دنیا ختم ہونے تک

تماشہ گر کی ہے کٹھ پتلیوں سے بس غرض اتنی
سیاست گالی بن جائے تماشہ ختم ہونے تک

تمہیں جانے سے کب روکا ہے، بس اتنی گزارش ہے
چلوں گا ساتھ میں دل کا علاقہ ختم ہونے تک

نہیں درکار ایسی روشنی کی بھیک اب ہم کو
کہ جو محدود ہو دن کا اجالا ختم ہونے تک

بدل سکتا نہیں یکسر کہانی، پر یہ وعدہ ہے!
نشاں تیرا مٹادوں گا فسانہ ختم ہونے تک

ستم تیرے، وفا میری، بتا سکتا ہوں سب، لیکن
سحر ہوجائے گی یہ گوشوارہ ختم ہونے تک!

بہت کچھ سوچ رکھا ہے کہ بازی کیسے پلٹے گی
رہیں سانسیں اگر دشمن کا حربہ ختم ہونے تک

اگر خوددار تھے اتنے تو پہلے سوچ لینا تھا
انا ہوجائے گی گروی نوالہ ختم ہونے تک

بنا مطلب یہاں راحلؔ سہارا کون دیتا ہے
سبھی کچھ چھین لیتے ہیں سہارا ختم ہونے تک!
 
خوبصورت غزل۔ بہت سی داد قبول فرمائیے۔

بہت شکریہ جناب، داد و پذیرائی کے لئے ممنون و متشکر ہوں۔

طویل غیر حاضری کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ احباب اب ان محفلوں میں خال خال ہی کسی کاوش پر کوئی رائے دیتے ہیں، اور لکھنے لکھانے کی تحریک بھی نہیں ہوتی :(

بہرکیف، آپ دعا کیجئے کہ اللہ پاک ہمارے قلم میں بھی برکت عطا فرمائے اور بزم میں ہماری حاضری باقاعدہ رہے۔

مرحبا! راحل بھائی محفل میں تشریف لاتے رہیے اور اپنی خوبصورت غزلیں شامل محفل کرتے رہیے۔ محفلین ضرور متوجہ ہوں گے۔
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
واہ! بہت خوب ! کیا بات ہے راحل!

تمہیں جانے سے کب روکا ہے، بس اتنی گزارش ہے
چلوں گا ساتھ میں دل کا علاقہ ختم ہونے تک

کیا اچھا کہا ہے! بہت اچھے!
 
واہ! بہت خوب ! کیا بات ہے راحل!

تمہیں جانے سے کب روکا ہے، بس اتنی گزارش ہے
چلوں گا ساتھ میں دل کا علاقہ ختم ہونے تک

کیا اچھا کہا ہے! بہت اچھے!

بہت نوازش مکرمی جناب ظہیر صاحب، داد و پذیرائی کے لئے ممنونِ احسان ہوں۔

دعاگو،
راحلؔ
 
Top