بندر روڈ سے کیماڑی میری چلی ہے گھوڑا گاڑی

بندر روڈ سے کیماڑی
میری چلی رے گھوڑا گاڑی
بابو ہو جانا فٹ پاتھ پر

بسوں کی آج ہوئی ہڑتال
سواری کی پھر کیا ہے کال
خدا دیتا ہے روٹی دال
ذرا چل گھوڑے سر پٹ چال
ہوئی میری گاڑی اوورلوڈ
جیو میری کالی بندر روڈ
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر

یہ آیا ریڈیو پاکستان
ہے گویا خبروں کی دوکان
تو اس کے گنبد کو پہچان
کہیں مسجد کا ہو نہ گمان
کہ ہوتا ہے درسِ قرآن
کہیں گمشدگی کا اعلان
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر

یہاں ہوتے ہیں بندو خان
یہاں درباری اور کلیان
یہیں پہ کوئی تمنچہ جان
سنائے گیت غزل کی تان
مگر ہم بوڑھوں کے یہ کان
کریں لے سر کی کیا پہچان
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر

گویا، شاعر، موسیقار
ہے سب کا نام یہاں فنکار
ملازم سب ناپائیدار
مگر برسوں کے وظیفہ خوار
یہ ہے فن کا جُونا بازار
کہ سب کا ہوتا ہے بیوپار
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر

ہے میرا ثی بھی ایکٹر بھی
قلی بھی مست قلندر بھی
یہاں ہے نیوز ایڈیٹر بھی
شکیل احمد بھی انور بھی
یہیں کا آرٹسٹ بنتا
جو ہوتا راجہ اِندر بھی
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر

یہ آیا عید گاہ میدان
یہاں کی بھی ہے نرالی شان
انوکھے یہاں کے ریستوران
ہیں ان کے باسی سب پکوان
یہ قلفی، کھیر، کباب، اور ران
ہیں سب بیماری کے سامان
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر

سڑک کے بیچ ہے چوراہا
وہ دیکھو ناچ سپاہی کا
ٹریفک کا یہ ان داتا
ہے ٹوپی لال اور کوٹ اجلا
کدھر جاتا ہے او رکشہ
ابے چالان کرائے گا
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر

یہ آئی لکشمی بلڈنگ
کبھی کی سب سے بڑی بلڈنگ
جو لالو کھیت سے بھی دیکھو
نظر آتی تھی یہی بلڈنگ
ہے جن کا اس میں اک دفتر
اب وہ رکھتے ہیں کئی بلڈنگ
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر

ہوا میرا گھوڑا کم رفتار
کہ آیا بولٹن بازار
ٹریفک کی ہے یہاں بھرمار
کہ پیدل چلنا بھی دشوار
ٹراموں کا یہ بڑا جنکشن
ہر اک جانب ہے چیخ و پکار
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر

یہ آیا بومبے بازار
پھلوں کا ہوتا ہے بیوپار
سجے ہیں سیب، انگور, انار
موسمبی، مالٹے رس دار
سفیدوسرخ تو دوکاں دار
مگر گاہک لاغر بیمار
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر

یہ لو ہم پہنچ گئے ٹاور
ہےجس کے باجو کھارادر
بسوں کا ہے یہ اک سنٹر
کھڑے ہیں بہت سے کنڈکر
ٹریفک کا یہ ون وے رُوٹ
یہیں سے کھاتا ہے چکّر
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر

چلو اب اترو بابو جی
تمہاری منزل آ پہنچی
یہی ہے کراچی کی گودی
جسے کہتے ہیں کیماڑی
منوڑے یہاں سے جانا ہو
تو لے جائے گی تمہیں کشتی
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر

کیماڑی سے میری گاڑی
اب تو چلی ہے گھر کو خالی
بابو ہوجانا فٹ پاتھ پر
 
Top