لورالائی: پولیس لائن میں دہشتگردی کا حملہ ناکام، 3 خودکش بمبار ہلاک

جاسم محمد

محفلین
لورالائی: پولیس لائن میں دہشتگردی کا حملہ ناکام، 3 خودکش بمبار ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع لورالائی میں پولیس لائن پر دہشت گردی کا حملہ ناکام بنادیا گیا جب کہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بدھ کی صبح 3 خودکش بمباروں نے لورالائی پولیس لائن پر حملے کی کوشش کی، تینوں خودکش حملہ آوروں کو پولیس نے چیک پوسٹ پر مؤثر طریقے سے چیک کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایک خودکش بمبار کو داخلی گیٹ پر اور دیگر 2 کو پولیس لائن کے اندر ہلاک کیا گیا، ایف سی اور کوئیک رسپانس فورس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش بمبارنے اپنے آپ کواڑا دیا جب کہ دوسرے خودکش بمبار کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل اللہ نواز شہید اور 2 کانسٹیبل شدید زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے بعد سیکیورٹی فورسز نے لورالائی پولیس لائن کمپاؤنڈ کو کلیئر کردیا۔

’حملہ پولیس کے محکمانہ امتحان کے وقت ہوا‘

دوسری جانب ڈی پی او لورالائی جواد طارق کے مطابق لورالائی میں پولیس کے محکمانہ امتحان کی تیاری جاری تھی کہ اچانک تین مسلح افراد نے پولیس لائن پر حملہ کردیا۔

پولیس کے مطابق تینوں مسلح افراد نے پولیس لائن میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور اس دوران مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی۔

دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچے۔

پولیس کی جانب سے مزاحمت پر دو مسلح افراد نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جب کہ ان کا تیسرا ساتھی پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
 
Top