غزل برائے اصلاح

انیس جان

محفلین
الف عین
عظیم
دائم
خاک میں ارماں ملانا ہم سے آکر سیکھ لو
زخمی دل سے مسکرانا ہم سے آکر سیکھ لو

تند اور سرکش ہواؤں میں، سنو اہلِ جہاں
دیپ کیسے ہے جلانا؟ ہم سے آکر سیکھ لو

گر نہیں آتا ،تو چھوڑوں خاکبازی، مت کرو
چرخ پر اڑنا اڑانا ہم سے آکر سیکھ لو

موج سے طوفان سے ہرگز نہ گھبرا میرے دوست
کشتی ساحل پر لگانا ہم سے آکر سیکھ لو

درد اور تکلیف میں بھی مسکرانے کا ہنر
سیکھ لو اہلِ زمانہ ہم سے آکر سیکھ لو

گر نہیں آتا چلانا ملک اے عمران خاں
ملک کیسے ہے چلانا، ہم سے آکر سیکھ لو

مقطع بعد میں
 
آخری تدوین:

عظیم

محفلین
خاک میں ارماں ملانا ہم سے آکر سیکھ لو
زخمی دل سے مسکرانا ہم سے آکر سیکھ لو
۔۔۔۔خاک میں ارماں کس کے ملانا، اپنے یا کسی اور کے؟ یہ بات واضح نہیں ہے

تند اور سرکش ہواؤں میں، سنو اہلِ جہاں
دیپ کیسے ہے جلانا؟ ہم سے آکر سیکھ لو
۔۔۔۔صرف معمولی سی خامی ہے 'دیپ کیسے ہے جلانا' میں 'ہے' جس جگہ آیا ہے وہاں اچھا نہیں لگ رہا
دیپ چاہت کے جلانا... بہتر ہو سکتا ہے

گر نہیں آتا ،تو چھوڑوں خاکبازی، مت کرو
چرخ پر اڑنا اڑانا ہم سے آکر سیکھ لو
۔۔پہلے مصرع میں خطاب کس سے ہے؟ اگر اپنے آپ سے ہے تو چھوڑوں کے ساتھ 'مت کروں' ہونا چاہیے
لیکن خاکبازی کی معنویت سمجھ میں نہیں آتی!

موج سے طوفان سے ہرگز نہ گھبرا میرے دوست
کشتی ساحل پر لگانا ہم سے آکر سیکھ لو
۔۔۔۔شترگربہ ہے، آپ خود تلاش کر کے دور کریں

درد اور تکلیف میں بھی مسکرانے کا ہنر
سیکھ لو اہلِ زمانہ ہم سے آکر سیکھ لو
۔۔۔۔۔بہت خوب۔ زمانہ کو زمانا لکھ سکتے ہیں قافیے کی مناسبت سے

گر نہیں آتا چلانا ملک اے عمران خاں
ملک کیسے ہے چلانا، ہم سے آکر سیکھ لو
۔۔۔۔ٹھیک
 

الف عین

لائبریرین
موج سے طوفان سے ہرگز نہ گھبرا میرے دوست
کشتی ساحل پر لگانا ہم سے آکر سیکھ لو
شتر گربہ تو ہے ہی، لیکن مزید یہ کہ موج اور طوفان الگ الگ لینے کی بجانے 'موج سے طوفان کی' بہتر رہے گا۔
کشتی کی ی کا اسقاط بھی ناگوار ہے، ناؤ استعمال کیا جا سکتا ہے
باقی عظیم سے متفق ہوں
 

انیس جان

محفلین
مطلع
آہ کو دل میں دبانا ہم سے آکر سیکھ لو
زخمی دل سے……………………

دیپ چاہت کے جلانا ۔۔بہت اچھا مشورہ

تیسرے شعر میں میرا مطلب یہ ہے کہ
اگر اڑنا نہیں آتا تو خاکبازی مت کرو اور ہمارے پاس آ کر ہم سے اڑنا اڑانا سیکھ لو
"گو کہ ہمیں خود بھی اڑنا نہیں آتا":biggrin::D

شترگربے والے شعر میں
مجھے احساس ہوگیا تھا اور اسی کو دور کرنے کیلیے محفل پر حاضری دی تب تک……………
یہ مصرع کیسا رہے گا کہ
موج سے طوفان کی اے دوست گھبرائے ہو کیوں

ساتھ میں ایک اور شعر
چھوڑ یہ نفرت کی باتیں، ہیں ہمارا مشورہ
پیار و الفت کا فسانہ ہم سے آ کر سیکھ لو

،مقطع سمیت کچھ اور شعر بھی ہو سکتے ہیں
 
آخری تدوین:

عظیم

محفلین
مطلع
آہ کو دل میں دبانا ہم سے آکر سیکھ لو
زخمی دل سے……………………

دیپ چاہت کے جلانا ۔۔بہت اچھا مشورہ

تیسرے شعر میں میرا مطلب یہ ہے کہ
اگر اڑنا نہیں آتا تو خاکبازی مت کرو اور ہمارے پاس آ کر ہم سے اڑنا اڑانا سیکھ لو
"گو کہ ہمیں خود بھی اڑنا نہیں آتا":biggrin::D

شترگربے والے شعر میں
مجھے احساس ہوگیا تھا اور اسی کو دور کرنے کیلیے محفل پر حاضری دی تب تک……………
یہ مصرع کیسا رہے گا کہ
موج اور طوفان سے اے دوست گھبرائے ہو کیوں

ساتھ میں ایک اور شعر
چھوڑ یہ نفرت کی باتیں، ہیں ہمارا مشورہ
پیار و الفت کا فسانہ ہم سے آ کر سیکھ لو

،مقطع سمیت کچھ اور شعر بھی ہو سکتے ہیں
تیسرے شعر میں خاکبازی ہی کا مطلب واضح نہیں ہے۔ کن معنوں میں استعمال کر رہے ہیں؟
شتر گربہ والے شعر میں بابا نے جو فرمایا اس پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے!
نئے شعر میں 'ہے ہمارا مشورہ' کا محل ہے۔ پیار و الفت ایک تو ایک ہی بات ہے دوسرا کچھ اچھا بھی نہیں لگ رہا۔ چاہتوں وغیرہ لے آئیں
اس کے علاوہ کسی کو فسانہ کیسے سکھایا جا سکتا ہے؟
 

الف عین

لائبریرین
پیار و الفت کی واو عطف بھی غلط ہے کہ پیار ہندی لفط ہے جس کے ساتھ اضافت یا عطف نہیں لگ سکتا، شتر گربہ اس نئے شعر میں بھی ہے
 
Top