نوائے پریشاں

آسمانوں سے کوئی بشارت نہیں آئے گی اور زمیں گنگ ہے
وقت ایک بیوہ ماں کی طرح سوگ میں مبتلا ہے ...
ہوا سسکیاں لے کے چلتی ہے کالی ہوا
خواہشوں کے کنول درد کی جھیل سے سر اٹھاتے نہیں
خواب تک بند آنکھوں میں آتے نہیں

ساری سچی کتابوں میں یہ درج ہے
ایسے حالات میں
آسمان سے نبی یا تباہی زمیں کی طرف
بھیجے جاتے رہے ہیں
مگر ان کتابوں میں یہ بھی لکھا ہے کہ
نبی اب نہیں آئیں گے !!!
 
تجربے نہیں چلتے
عشق کے علاقے میں، حکم یار چلتا ہے
ضابطے نہیں چلتے
حسن کی عدالت میں ،عاجزی تو چلتی ہے
مرتبے نہیں چلتے
دوستی کے رشتوں کی پرورش ضروری ہے
سلسلے تعلق کے ،خود سے بن تو جاتے ہیں
لیکن ان شگوفوں کو، ٹوٹنے بکھرنے سے
روکنا بھی پڑتا ہے
چاہتوں کی مٹی کو ، آرزو کے پودے کو
سینچنا بھی پڑتا ہے
رنجشوں کی باتوں کو بھولنا بھی پڑتا ہے
 
کرو جو بات کرنی ہے
اگر اس آس پر بیٹھے کہ دنیا بس تمہیں
سننے کی خاطر گوش بر آواز ہو جائے گی
تو ایسا ہو نہیں سکتا
زمانہ ایک لوگوں سے بھرا فٹ پاتھ ہے جس پر
کسی کو ایک لمحے کے لئے رکنا نہیں ملتا
بٹھاؤ لاکھ تم پہرے تماشہ گاہِ عالم سے
گزرتی جائے گی خلقت بنا دیکھے ،بنا ٹھہرے
جسے تم وقت کہتے ہو‘ دھندلکا سا ہے وہ کوئی
زمیں سے آسماں تک یہ کوئی خواب ہے جسے
نہیں معلوم کہ اس خواب کی مہلت کہاں تک ہے
کرو جو بات کرنی ہے
 
ہاں، سنو دوستو!
جو بھی دنیا کہے
اس کو پرکھے بنا، مان لینا نہیں۔
ساری دنیا یہ کہتی ہے،
پربت پہ چڑھنے کی نسبت اترنا بہت سہل ہے
کس طرح مان لیں،
تم نے دیکھا نہیں!
سر فرازی کی دھن میں کوئی آدمی
جب بلندی کہ رستے پہ چلتا ہے تو
سانس تک ٹھیک کر نے کو رکتا نہیں
اور اسی شخص کا
عمر کی سیڑھیوں سے اترتے ہوئے
پاؤں اٹھتا نہیں !!
اس لئے دوستو،جو بھی دنیا کہے
اس کو پرکھے بنا، مان لینا نہیں
 
چلو اس کوہ پر اب ہم بھی چڑھ جائیں
جہاں پر جا کہ پھر کوئی کبھی واپس نہیں آتا
سنا ہے اک ندائے اجنبی بانہوں کو پھیلائے
جو آئے اس کا استقبال کرتی ہے
اسے تاریکیوں میں لے کہ آخر ڈوب جاتی ہے
یہی وہ راستہ ہے جس جگہ سایہ نہیں جاتا
جہاں پر جا کہ پھر کوئی کبھی واپس نہیں آتا
چلو اس کوہ پر اب ہم بھی چڑھ جائیں
جو سچ پوچھو تو ہم تم زندگی بھر ہارتے آئے
ہمیشہ بے یقینی کے خطر سے کانپتے آئے
ہمیشہ خوف کہ پیراہنوں میں اپنے پیکر ڈھانپتے آئے
ہمیشہ دوسروں کے سائے میں اک دوسرے کو چاہتے آئے
برا کیا ہے اگر اس کوہ کے دامن میں چھپ جائیں
جہاں پر جا کہ پھر کوئی کبھی واپس نہیں آتا
 
Top