یہ بالاکوٹ کی نگری شہیدوں کی نشانی ہے ۔ سعید الرحمن سعید

یہ بالاکوٹ کی نگری شہیدوں کی نشانی ہے
بیاں کرتی وفائے دین و ملت کی کہانی ہے

اسی دھرتی پہ گونجی تھی صدائے حق نما یارو
اسی خطے سے وابستہ فلک کی ترجمانی ہے

زمین ِ ہند سے تحریک اٹھی گرم جوشوں کی
پلٹ کر رکھ دیں جس نے بازیاں سب دہر پوشوں کی

تھے قائد شاہ اسماعیل اور احمد شہید ان کے
تھی طاری کفر پر ہیبت جیالے سرفروشوں کی

اٹل ان کا عقیدہ تھا اٹل تھے فیصلے ان کے
چلے دل میں لیے شوق ِ شہادت قافلے ان کے

مقابل دہر کی شاہی کا ہیبت ناک لشکر تھا
ہمالہ سے مگر اونچے بہت تھے حوصلے ان کے

"اکوڑہ اور بالاکوٹ میں وہ سر بکف غازی
کٹا کے گردنیں اللہ کو یوں کر گئے راضی "

طریقت ہے زمانے میں یہی زندہ ضمیروں کی
یہی ہے سنت ِ اسلافِ ملت ، رسم ِ شہبازی

سلام اے ارض بالاکوٹ تیرے سب شہیدوں پر
سلام اے وادیء احرار تیرے سبز چیدوں پر

سلام ان کربل ِ کہسار کے حرّان ِ ملت پر

سلام ان شہداء اسلام پر ان کے مریدوں پر

جو یار اپنے لہو سے داستان ِ دار لکھتے ہیں
قصیدہ ان کی جرآت کا ہرے کہسار لکھتے ہیں

محمد کے غلاموں کا مقام اعلی و بالا ہے
سعید اپنا عقیدہ ہست کے بیدار لکھتے ہیں

سعیدالرحمن سعید
 
آخری تدوین:
واہ صاحب۔ کیا بات ہے۔ وہ لوگ آج کل کی ٹی ٹی پی کی طرح دہشت گرد نہیں بلکہ سچے مسلمان اور سچے مجاہد تھے
شکریہ دانش بھائی۔ جی میں آپکی اس بات سے متفق ہوں۔ ٹی ٹی پی وغیرہ اسلام کے جہادی لوگ نہیں بلکہ دشمن ممالک کی ایجنسیوں کے آلہ کار دہشت گرد ہیں۔
 
Top