’دھرنوں میں پی ٹی آئی سے کئی غلطیاں ہوئیں‘ اسد عمر

’دھرنوں میں پی ٹی آئی سے کئی غلطیاں ہوئیں‘
ارم عباسی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
140113205925_asad_umer640.jpg

’دھرنوں کے لائحہ عمل سے متعلق مشاورت میں کمی تھی اور ایسے پیغامات یا نعرے لگائے گئے جو غلط تھے‘
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس ان کی جماعت کی جانب سے کیے جانے والے احتجاجی دھرنوں میں ان کی جماعت سے کئی غلطیاں ہوئیں۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ’ہاں بالکل، ہم سے غلطیاں ہوئی اور کئی غلطیاں ہوئیں، دھرنوں کے لائحہ عمل سے متعلق مشاورت میں کمی تھی اور ایسے پیغامات یا نعرے لگائے گئے جو غلط تھے۔‘

گذشتہ برس اسی مہینےمیں پاکستان کے سیاسی نظام کو اس وقت شدید دھچکہ لگا جب انتحابات میں دھاندلی کا معاملہ پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنے کے بجائے پاکستان تحریک انصاف سڑکوں پر نکل آئی۔

تو کیا دھرنوں میں عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کی کال یا لگائے گئے متعدد الزامات یک طرفہ تھے؟

اس سلسلے میں اسد عمر کا کہنا ہے کہ سول نافرمانی کی کال درست نہیں تھی۔

’میرے خیال میں سول نافرمانی کی کال کے بارے میں زیادہ سوچا نہیں گیا کیونکہ ایک تو اس کا اخلاقی پہلو ہے کہ کیا ریاست کے خلاف بغاوت کرنی چاہیے یا نہیں اور دوسرے حقیقی پہلو ہے کہ کیا ایسا کرنا اصل میں ممکن بھی ہے؟‘

141201113143_imran_khan_pti_ralley_4_624x351_epa.jpg

عمران خان نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا اور عوام کو سول نافرمانی کی کال دی تھی
پی ٹی آئی نے تصادم کی سیاست سے کیا سیکھا؟ اس سلسلے میں اسد عمر نے کہا: ’پہلے تو یہ کہ صرف لوگوں کو جمع کرنے سے منصوبہ بندی کی ضرورت ختم نہیں ہوتی اور دوسرا یہ کہ پارٹی میں ایک نظام ہونا چاہیے جس سے گزر کر چیزیں چیئرمین تک پہنچیں۔ تمام حقائق کی چھان بین کر کے چیزیں چیرمین تک پہنچائی جانی چاہیے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ اس سلسلے میں چند اقدامات کیے گئے ہیں۔

حکومت کی جانب سے سازش کے الزامات پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’میں اور عوام الزام لگا سکتے ہیں مگر حکومت ایسے نہیں کر سکتی کیونکہ اس کا کام آئین اور قانون نافذ کرنا ہے، وہ محض الزام تراشی سے کام نہیں لے سکتی۔‘

مسلم لیگ ن کی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بیان بازی کا سلسلے ایک ایسے وقت میں شروع ہوا ہے جب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 100 سے زیادہ دن تک جاری رہنے والے احتجاجی دھرنے کو ایک برس ہو چلا ہے۔

150814145156_zaheer_640x360_afp_nocredit.jpg

وزیراعظم نواز شریف کی کابینہ کے اہم رکن اور قریبی ساتھی مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ پچھلے سال اسلام آباد میں تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں کے دوران پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کے اس وقت کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام عباسی نے ایک سازش تیار کی تھی جس کے ذریعے وہ فوجی اور سول قیادت کو ہٹا کر ملک پر قبضہ کرنا چاہتے تھے
لندن میں دھرنوں کے لائحہ عمل کے لیے ہونے والی مبینہ ملاقات سے متعلق انھوں نے کہا کہ وہ لندن میں موجود نہیں تھے اور نہ ہی ان کے پاس اس بارے میں کوئی معلومات ہیں۔

’ اگر حکومت کے پاس ایسی کوئی آڈیو یا شواہد موجود ہیں جن سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آئین اور جمہوری نظام کے خلاف کوئی سازش کرنے کی کوشش کی گئی تھی تو حکومت کو چاہیے کہ وہ یہ شواہد عوام کے سامنے لائے، انھیں عدالت میں پیش کیا جائے اور جو بھی ملوث پایا جائے، چاہے وہ پی ٹی آئی کے کارکن ہو یا فوج کے اہلکار، سب کو لٹکایا جائے۔‘

دھرنوں میں اسلحہ لانے سے متعلق اسد عمر کا کہنا تھا کہ ’اتنے لوگ تھے، ہو سکتا ہے کوئی اسلحہ لے کر آیا ہو، اگر ایسا ہوا ہے تو حکومت نے ان افراد کو پکڑا کیوں نہیں؟‘

150106133319_imran_khan_640x360_epa.jpg

16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک سکول میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد عمران خان نے دھرنا ختم کر دیا تھا
جب عمران خان اور ان کی جماعت نے انتحابات میں دھاندلی سے متعلق آنے والی جوڈیشنل کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ کو تسلیم کر کیا ہے تو سوشل میڈیا پر یا ان کے بیشتر حمایتی رپورٹ کو محض ردی کاغذ کیوں قرار دے رہے ہیں؟

اس سوال پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت آئین پر یقین رکھتی ہے اور ’ہمارے جو بھی مطالبات تھے وہ اسی آئین کے ذریعے پورے ہونے تھے اس لیے ایک نیوٹرل باڈی کی ضرورت تھی۔ چاہے ہم رپورٹ سے مطمئن ہوں یا نہ ہوں اسے قبول تو کرنا پڑے گا، مگر اس سے ہمارا نظریہ نہیں بدلا۔
 

آبی ٹوکول

محفلین
بہت عمدہ انٹرویو ہے بطور پی ٹی آئی سپورٹر میری اپنی ذاتی رائے بھی یہی تھی کہ دھرنا تو درکنار لانگ مارچ کی بھی ٹائمنگ درست نہ تھی پارٹی میں مشاورت کا نظام قدے کمزور دکھائی دیتا تھا امید ہے پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے اپنی سابقہ غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہوگا اور اب عمران خان پارٹی کی تنظیم نو تشکیل جدید پر کام کریں گے ۔"اختصاصی خطہ ارضی "کی سیاست کا ایک اپنا ہی روپ ہے عمران کو بھی اس "سیاست" کے رموز اوقاف اب سمجھ ہی لینے ہونگے کیونکہ جس قسم کی سیاست وہ کرتے ہیں وہ ایک عام آدمی کے دل کی آواز تو ہوسکتی ہے مگر اسکی ضروریات و مجبوریوں کا حل نہیں لہذا عمران کو اب ایک عام آدمی کی ضروریات و مجبوریوں کی طرف بھی دیکھنا اور سوچنا ہوگا کیونکہ اس خطہ ارضی کے کامیاب سیاست دان کے لیے فقط اخلاص سےکافی نہیں اور بھی بہت کچھ کرنا ہوگا لہذا اب وہ وقت آگیا ہے کہ جب پارٹی ورکز کو دیگر قیادت سمیت سخت محنت اور لگن سے بھی کام لینا ہوگا ۔والسلام
 
جن باتوں کو عمران کو چاہنے والے سمجھ بوجھ کی غلطی کہہ رہے ہیں اور اسے تسلیم کرنے پر فخر کر رہے ہیں دراصل وہ ریاست کے خلاف کئے گئے بھیانک جرائم ہیں۔ سول نافرمانی، ٹیکس چوری کی ترغیب، بینکوں کے نظام کو تباہ کرنے کی ترغیب، ریاستی اداروں پر حملہ ، ریاستی افسروں کو دھمکیاں۔ ان باتوں کو معمولی غلطیاں نہیں بھیانک جرائم کہتے ہیں۔
 
آخری تدوین:
Top