ماسکو میں 'عبدالرحمٰن جامی' کی منتخب تحریروں کا روسی ترجمہ شائع

حسان خان

لائبریرین
بلند علمی و انتشاراتی مقام رکھنے والے روس کے سب سے بانفوذ ناشر 'ناکوئا' نے ممتاز شاعر و متفکر مولانا عبدالرحمٰن جامی کی چھ سو سالگی کی مناسبت سے اُن کی منتخب تحریریں <<کلادیز مُدرَوستی>> یعنی <<گنجینۂ حکمت>> کے نام سے اعلیٰ کیفیت کے ساتھ شائع کی ہیں۔
اکادمیِ علومِ جمہوریۂ تاجکستان کے مطبوعاتی معمتد لطیف لطیفوو کی اطلاع کے مطابق کتاب ۵۲۲ صفحوں پر مشتمل ہے اور اس میں مولانا جامی کے قصیدوں، غزلوں، قطعوں، رباعیوں، مربعوں، مثنویوں اور اُن کی 'بہارستان' کے نمونے شامل ہیں۔ مرکزِ نشرِ اکادمیِ روس کے رئیسِ کُل، اکادمیِ علومِ روس کے رکن، اور کتاب کے ناشر وی ای واسِیلی اَیوْ نے اپنے پیش لفظ میں تاجکستان میں منائے گئے اس شاعرِ بزرگ کے جشنِ باشِکوہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اُن کی تالیفات کی بلند معنوی، اخلاقی و معرفتی ارزشوں پر زور دیا ہے۔
کتابِ مذکور میں جمہوریۂ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے پُرمغز مقالے 'مشعلِ فرہنگِ تاجک' کو بھی جگہ دی گئی ہے جس میں عبدالرحمٰن جامی کی تالیفات کی اہم ترین فضیلتوں پر روشنی ڈالی گئی ہے اور جامی شناسی کے آئندہ فرائض کی تشخیص کی گئی ہے۔
اکادمیِ علومِ جمہوریۂ تاجکستان کے رکن مرزا مُلّا احمد کے کتاب میں شامل مقالے 'جامی - انسان دوستی کی روایات کے جاری رکھنے والے' میں بزرگ شاعر و دانشمند کے انسان دوست افکار اور لوگوں کی معنوی تربیت میں اُن کے کردار پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
کتاب کے توضیحاتی حصے میں شاعر کی تالیفات کے بعض دشوار فہم کلمات، اصطلاحات اور تلمیحات کی تشریح دی گی ہے۔
یقیناً، اس کتاب کی نشر روسی خواں طبقے کو تالیفاتِ شاعر سے مزید شناسا کرنے میں مدد دے گی، نیز تاجک ادبیات و ثقافت کی اعلیٰ اقدار کی تشہیر و ترویج کے لیے بھی یہ ایک عمدہ اِقدام ہے۔
1421987598_img_6077.jpg


خبر کا منبع: تاجک اخبار 'خاور'
خبر کی تاریخ: ۲۳ جنوری ۲۰۱۵ء

×مطبوعاتی معتمد = پریس سیکرٹری
 
Top