عدیم ہاشمی کی غزل کی پیروڈی


غزل
محمد خلیل الرحمٰن

’’فاصلے ایسے بھی ہوں گے یہ کبھی سوچا نہ تھا‘‘
سامنے رکھّا تھا کھانا اور میں بھوکا نہ تھا

ایسی خوشبو اُٹھ رہی تھی اُس کے توشے سے کہ میں
بس اُسے محسوس کر سکتا تھا ، کھا سکتا نہ تھا

آج اُس نے اپنے برتن بھی علیٰحدہ کرلیے
بن گیا ایسا کہ جیسے ساتھ کچھ کھایا نہ تھا

برتنوں کی کھنکھناہٹ کان میں آتی رہی
جھانک کر دیکھا کچن میں کوئی بھی کھاتا نہ تھا

لذتیں تو بس اسی کے ہی پکانے کی رہیں
میں کہ کھا سکتا تھا لیکن کچھ پکا سکتا نہ تھا

ہاشمی صاحب کی پیاری سی غزل سے یہ سلوک
ہم نہ کرتے ، پر ہماری سوچ پر پہرہ نہ تھا

غزل
عدیم ہاشمی

فاصلے ایسے بھی ہوں گے یہ کبھی سوچا نہ تھا
سامنے بیٹھا تھا میرے، اور وہ میرا نہ تھا

وہ کہ خوشبو کی طرح پھیلا تھا میرے چار سُو
میں اُسے محسوس کرسکتا تھا، چھو سکتا نہ تھا

رات بھر پچھلی سی آہٹ کان میں آتی رہی
جھانک کر دیکھا گلی میں کوئی بھی آیا نہ تھا

آج اُس نے درد بھی اپنے علیٰحدہ کرلیے
آج میں رویا تو میرے ساتھ وہ رویا نہ تھا

یہ سبھی ویرانیاں اسکے جدا ہونے سے تھیں
آنکھ دھندلائی ہوئی تھی، شہر دھندلایا نہ تھا

یاد کرکے اور بھی تکلیف ہوتی تھی عدیم
بھول جانے کے سوا اب کوئی بھی چارہ نہ تھا​
 

Rehmat_Bangash

محفلین
پوری غزل ہی لاجواب ہے، لیکن یہ شعر
برتنوں کی کھنکھناہٹ کان میں آتی رہی
جھانک کر دیکھا کچن میں کوئی بھی کھاتا نہ تھا
کمال کر دیا جناب،
(اب آپ سےکیا چھپانا ، یہ تو اس وقت میرے حسبِ حال بھی ہے)
 

الف عین

لائبریرین
واہ میاں۔ خوب پیروڈی ہے۔ لیکن یہ شعر مزید رواں کیا جا سکتا ہے

لذتیں تو بس اسی کے ہی پکانے کی رہیں
میں کہ کھا سکتا تھا لیکن کچھ پکا سکتا نہ تھا
÷÷اسی اور ہی کا ایک ساتھ استعمال ، ’کی رہیں‘ بجائے ’میں رہیں‘ اور دوسرے مصرع میں ”کککھا‘ پسند نہیں آیا۔
صرف کھا سکتا تھا میں، لیکن پکا سکتا نہ تھا
بہتر ہو تا۔
’علیحدہ۔‘ کے تلفظ پر گفتگو نہیں کر سکتا کہ عدیم ہاشمی نے بھی اسی طرح استعمال کیا ہے۔
 

جاسمن

لائبریرین
’’فاصلے ایسے بھی ہوں گے یہ کبھی سوچا نہ تھا‘‘
سامنے رکھّا تھا کھانا اور میں بھوکا نہ تھا
ہاہاہاہاہاہاہاہاہاہاہاہاہاہاہہاہہہہہہہہہہہہہہہہہہہہہہہاااااااااااااااااااااااااااااااااااااااامزے کے اشعار
 
Top