اردو زبان پر ایک خوبصورت نظم۔۔۔ شاعر علی شاعر

چرچا ہر ایک آن ہے اردو زبان کا
گرویدہ کل جہان ہے اردو زبان کا

اس لشکری زبان کی عظمت نہ پوچھیے
عظمت تو خود نشان ہے اردو زبان کا

گم نامیوں کی دھوپ میں جلتا نہیں کبھی
جس سر پہ سائبان ہے اردو زبان کا

مشرق کا گلستاں ہو کہ مغرب کا آشیاں
ویران کب یہ مکان ہے اردو زبان کا

سوداؔ و میرؔ و غالبؔ و اقبالؔ دیکھ لو
ہر ایک پاسبان ہے اردو زبان کا

اردو زبان میں ہے گھلی شہد کی مٹھاس
لہجہ بھی مہربان ہے اردو زبان کا

ترویج دے رہا ہے جو اردو زبان کو
بے شک وہ باغبان ہے اردو زبان کا

مہمان کہہ رہا ہے بڑا خوش نصیب ہے
جو شخص میزبان ہے اردو زبان کا

یہ ارضِ پاک صورتِ کشتی ہے دوستو!
اور اس میں بادبان ہے اردو زبان کا

لوگو! کہیں بھی اس میں پس و پیش کچھ نہیں
اک معترف جہان ہے اردو زبان کا

بولی ہے رابطے کی یہی جوڑتی ہے دل
ہر دل میں ایسا مان ہے اردو زبان کا

روشن ہے حرف حرف مفہوم اس کا آفریں
شیریں سخن بیان ہے اردو زبان کا

وسعت پذیر دامنِ اردو ہے اآج بھی
ہر گوشہ اک جہان ہے اردو زبان کا

کرتا ہے آبیاری لہو سے ادیب جو
وہ دل ہے ، جسم و جان ہے اردو زبان کا

آئیں رکاوٹیں جو ترقی میں اس کی کچھ
سمجھو یہ امتحان ہے اردو زبان کا

پائے گا جلد منزلِ مقصود بالیقیں
جاری جو کاروان ہے اردو زبان کا

عزت سخنورانِ ادب کی اسی سے ہے
شاعرؔ بھی ترجمان ہے اردو زبان کا
 

طارق شاہ

محفلین
بہت خوب انتخاب !
تشکّر شیئر کرنے کا :)

تاہم درج ذیل اشعار شاید ٹائپو کی باعث توجہ طلب ہیں

مشرق کا گلستاں ہو کہ مغرب کا آشیاں
ویران کب یہ مکان ہے اردو زبان کا

روشن ہے حرف حرف مفہوم اس کا آفریں
شیریں سخن بیان ہے اردو زبان کا

تشکّر ایک بار پھر سے صاحب!:):)
 

آصف اثر

معطل
بہت خوب انتخاب !
تشکّر شیئر کرنے کا :)

تاہم درج ذیل اشعار شاید ٹائپو کی باعث توجہ طلب ہیں

مشرق کا گلستاں ہو کہ مغرب کا آشیاں
ویران کب یہ مکان ہے اردو زبان کا

روشن ہے حرف حرف مفہوم اس کا آفریں
شیریں سخن بیان ہے اردو زبان کا

تشکّر ایک بار پھر سے صاحب!:):)
واقعی ویران میں نون غنہ ہونا چاہیے۔
 
بہت خوب انتخاب !
تشکّر شیئر کرنے کا :)

تاہم درج ذیل اشعار شاید ٹائپو کی باعث توجہ طلب ہیں

مشرق کا گلستاں ہو کہ مغرب کا آشیاں
ویران کب یہ مکان ہے اردو زبان کا

روشن ہے حرف حرف مفہوم اس کا آفریں
شیریں سخن بیان ہے اردو زبان کا

تشکّر ایک بار پھر سے صاحب!:):)
دو بار تشکر کا بہت بہت شکریہ جناب۔

دفتر میں ایک صاحب شاعر علی شاعر کی کلیات لائے تھے، اس میں سے دیکھ کر ٹائپ کرلی تھی۔
میرے خیال میں یہ یوں تھا:
ویراں یہ کب مکان ہے اردو زبان کا

باقی یہ شعر اسی طرح ہے، شاید شاعر صاحب نے مفہو کو فعلن کے بجائے فعو باندھا ہے، جو کہ مناسب نہیں۔
روشن ہے حرف حرف مفہوم اس کا آفریں
شیریں سخن بیان ہے اردو زبان کا

واللہ اعلم
 
Top