غزل ۔۔۔۔ آپ کی آراء کی منتظر

dilshadnazmi

محفلین
غزل ۔۔۔۔
ضرورت کھردرے جسموں کو اتنا دھار کر دے گی
عَلم سر کو ، نہتے ہاتھ کو تلو ا ر کر دے گی

تِری مخصوص بیٹھک ، عام سا دربار کر دے گی
نما ئش اِک مہذب گھر کو بھی ، بازار کر دے گی

اُ جالا روکنے والی فصیلیں خوش تو ہیں لیکن
دراروں کی حمایت روشنی کو پا ر کر دے گی

ہماری بے حسی لپٹی ہے خوا بیدہ لحافوں میں
خود اپنی چیخ ہی شاید ہمیں بے دار کر دے گی

تِری رحمت پہ اِس درجہ یقیں ہے اے مِرے مو لا
تِری قدرت مِرے رُ و مال کو دستار کر دے گی

ذرا نوکِ قلم سے حاشیہ محفوظ رکھ ورنہ
لکیر اپنی روانی میں حدیں سب پا ر کر دے گی

فنا ، گہرے سمندر میں ڈبو دے گی جہازوں کو
بقا ، ٹوٹے ہوئے بازوُ کو بھی پتوا ر کر دے گی

کبھی دہلیز کے باہر نہ کر گھر کے مسائل کو
شکن دلشاد چہرے کی ، تجھے اخبا ر کر دے گی
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
 
جواب

بہت خوب جناب یقین نہیں آتا کہ اس دور میں جب‌ اردو غزل زیادہ تر اپنی روایتی انداز یعنی رومان کے گرد گھوم رہی ہے کوئی رومانوی روایت سے ہٹ کر فن اور فکر کے امتزاج سے اتنی اچھی تخلیق کر سکتا ہے۔ ویسے میں شاعری کا نقاد تو نہیں لیکن اتنا ضرور کہوں گا اس قسم کی غزلیں اسی کی دہائی کے بعد بہت کم پڑھنے اور سننے کو ملتی ہیں۔ کاش ہم بھی ایسی شاعری کر سکتے۔ آپ کی شاعری عام لوگوں کے لیے میرے خیال میں نہیں لیکن کیا ضروری ہے کہ تخلیق جیسے اعلیٰ ترین جذبے کو لوگوں کا تابع بنایا جائے۔ امید ہے آپ اس رنگ شاعری کو برقرار رکھیں گے۔
ویسے اس انداز کی غزلیں شکیب جلالی۔ جمال احسانی، ثروت حسین اور غلام محمد قاصر کے ہاں بھی زیادہ ملتی ہیں۔ جو انسان کی داخلی کیفیات کی مکمل ترجمانی کرتی ہیں۔ غلام محمد قاصر کی سائیٹ کا لنک ہے:
http://www.qasir.com امید ہے آپ اس سائیٹ کا مطالعہ بھی ضرور کریں گے۔
 
نبیل

تکنیکی معاون
دلشاد نظمی، ماشاءاللہ۔ آپ نے یہاں پہلی پوسٹ کی اور آتے ہی چھا گئے۔ آپ سے گزارش ہےکہ آپ یہاں آتے رہا کریں اور ہماری محفل کو رونق بخشتے رہا کریں۔ دراصل ابھی ہم یہاں ادبی محافل کو صحیح طور آباد نہیں کر سکے ہیں۔ جو شاعر حضرات یہاں اپنا کلام پوسٹ کرتے ہیں، وہ ان پر تبصروں اور تنقیدی جائزے کی توقع بھی رکھتے ہیں۔ اور جب ایسا نہیں ہوتا تو وہ اسے عدم پذیرائی گردانتے ہوئے دلبرداشتہ ہو کر چلے جاتے ہیں۔ ہمارے محترم سرور عالم راز صاحب کو بھی اس فورم سے اسی بات کا شکوہ رہا ہے۔ اگر آپ یہاں آتے رہیں تو اس سے نہ صرف ہماری عزت افزائی ہوگی بلکہ دوسرے شعرا کا بھی یہاں آ کر دل لگا رہے گا۔
 
الف عین

لائبریرین
دلشاد آپ کی غزل پسند آئی۔ ایک غزل اور میرے ای میل پر یا یہاں ذاتی پیغام کے طور پر بھیج دیں )یا یہاں ہی پوسٹ کر دیں ) تو میں اسے اپنے جریدے ’سمت‘ میں شامل کر دوں۔
http://samtmag.blogspot.com
 
dilshadnazmi

محفلین
جواب

وہاب اعجاز خان نے کہا:

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

محترم وہاب اعجاز صاحب
آپ کی ذرہ نوازی نے مجھے بہت بلند مقام دے دیا ۔ ورنہ ۔۔۔۔۔۔
سب سے پہلے غزل کی پسندیدگی پر میں آپ کا شکر گذار ہوں ۔ دوسری بات یہ
کہ مجھے خود پتہ نہیں کہ میں عام لوگوں کے قابل ہوں یا خواص کے لئے کہہ
رہا ہوں ۔ ہاں زندگی ، حالات ۔ تجربات ۔مشاہدے کا نچوڑ ضرور نمایاں کرنے کی
کوشش کرتا ہوں ۔۔ بہر حال آپ کی دی ہوئی سائیٹ کا مطالہ ضرور کروں گا ۔
اور انشاء اللہ جب آپ کہہ رہے ہیں تو میرے سیکھنے کے لئے وہاں بہت کُچھ ہوگا
میں نے یونہی آزمائش کے طور پہ غزل ارسال کی تھی کہ دیکھوں ؟ اس سائیٹ کا کیا حال ہے ؟ ورنہ متعدد سائیٹ پر حال کُچھ یوں ہے کہ ۔۔۔۔۔
من تورا حاجی بگویم ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ توُ مورا حاجی بگو ۔۔۔۔۔
تعریف کوئی نہ کرے ۔ کوئی بات نہیں ۔ کم از کم تنقید ہی کرے ، تاکہ
گفتگو آگے بڑھے ۔ کُچھ سیکھنے کا موقع ملے ،خیر مجھے اپنی پہلی ہی حاضری
سے یہ اُمید بندھی ہے کہ یہاں میری توقع کے مطابق حالات رہیں گے ، انشاءاللہ
آپ کا بے حد شکریہ ۔۔۔۔۔ خاکسار ۔۔۔۔۔۔۔۔ دلشاد نظمی
 
dilshadnazmi

محفلین
سلام و رحمت

اعجاز اختر نے کہا:
دلشاد آپ کی غزل پسند آئی۔ ایک غزل اور میرے ای میل پر یا یہاں ذاتی پیغام کے طور پر بھیج دیں )یا یہاں ہی پوسٹ کر دیں ) تو میں اسے اپنے جریدے ’سمت‘ میں شامل کر دوں۔
http://samtmag.blogspot.com
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اعجاز اختر صاحب
سلام و علیکم و رحمتہ اللہ و برکاۃَُِ
ذرہ نوازی کا شکریہ ۔ میں آپ کے حکم کی تعمیل اپنا ادبی فرض سمجھتا ہوں ۔
انشاءاللہ آپ جلد ہی میری ادنیٰ سے کاوش ملاحظہ فرمایئں گے ، ، اب ایک بات
عرض کرنا چاہوں گا ۔ برسوں ہوئے آپ کے شہر (ناگپور) مومن پورہ میں ایک
مشاعرے میں حاضر ہوا تھا ۔ اُن دنوں عتیق مالیگاوی حیات سے تھے ، ایک شعر
ان کا آج بھی مجھے یاد ہے ،جو اُنہوں نے اس مشاعرے میں پڑھا تھا ۔

جو دل کے برگد پہ آ بسیں آس کے پرندے ،
بجا کے تالی اُڑا نہ دینا ، بس اتنا کر نا
اور بھی بہت سارے لوگ تھے ۔۔ نام ذہن سے محو ہو گئے ہیں ۔ ہاں حمید
ناگپوری ۔ اور ایک اُستاد شخصیت ۔۔ جنکا تعلق تبیلیغی جماعت سے بھی ہوا
کرتا تھا ۔ موصوف طرفہ قریشی کے شاگردوں میں سے تھے ۔
پرانی یادیں ہیں ، ان دنوں میں کالج میں ہوا کرتا تھا ۔ کیا دن تھے ،، خیر پزیرائی کے کئے شکریہ ۔۔ اُمید ہے آیندہ بھی اپنی محبتوں سے نوازتے رہیں گے
دلشاد نظمی
 
dilshadnazmi

محفلین
غزل ؛ نشیلی شب ہے تیری یاد کی خماری ہے

نبیل نے کہا:
دلشاد نظمی، ماشاءاللہ۔ آپ نے یہاں پہلی پوسٹ کی اور آتے ہی چھا گئے۔ آپ سے گزارش ہےکہ آپ یہاں آتے رہا کریں اور ہماری محفل کو رونق بخشتے رہا کریں۔ دراصل ابھی ہم یہاں ادبی محافل کو صحیح طور آباد نہیں کر سکے ہیں۔ جو شاعر حضرات یہاں اپنا کلام پوسٹ کرتے ہیں، وہ ان پر تبصروں اور تنقیدی جائزے کی توقع بھی رکھتے ہیں۔ اور جب ایسا نہیں ہوتا تو وہ اسے عدم پذیرائی گردانتے ہوئے دلبرداشتہ ہو کر چلے جاتے ہیں۔ ہمارے محترم سرور عالم راز صاحب کو بھی اس فورم سے اسی بات کا شکوہ رہا ہے۔ اگر آپ یہاں آتے رہیں تو اس سے نہ صرف ہماری عزت افزائی ہوگی بلکہ دوسرے شعرا کا بھی یہاں آ کر دل لگا رہے گا۔
۔۔۔۔۔
نبیل صا حب
سلام و علیکم
میری پہلی ہی حاضری پہ آپ تمامی حضرات نے دلچسپی لی ،
یہ مجھے اچھا لگا ، ورنہ دوسری جگہوں پہ بس یونہی سا ردِ عمل
ہوا کرتا ہے ، تعریف تو کیا کوئی تنقید کرنا بھی گوارا نہیں کرتا ۔
اب آپ کی حوصلہ افزائی سے یہ اُمید بندھی ہے کہ میں آیندہ بھی حا ضر
ہو سکتا ہوں ۔ انشاء اللہ یہ سلسلہ قائم رہے گا ۔۔ شکریہ
 
dilshadnazmi

محفلین
سلام و رحمت

اب حیات نے کہا:
واہ بہت خوب غزل کہی ہے، میں بھی یہاں نیا رکن ہوں اور اشعار کا معیار دیکھ کر بہت خوش ہوا ہوں۔

آب حیات صاحب
سلام و علیکم
حوصلہ افزائی کا شکریہ ۔ اُمید ہے ہم یونہی ملتے رہیں گے ۔
انشاء اللہ ۔ دعاوں کا طالب ۔ دلشاد نظمی
 
نبیل

تکنیکی معاون
دلشاد نظمی صاحب، فورم پسند کرنے کا بہت شکریہ۔ آپ اگر یہاں آتے رہے تو اس سے ہماری حوصلہ افزائی بھی ہوگی اور دوسرے ادیب اور شاعر حضرات کو بھی یہاں آنے کی ترغیب ملے گی۔
 
الف عین

لائبریرین
دلشاد آپ کی اس بات کا جواب کئی دن سے نہیں دے سکا۔
میں ناگپور میں رہائش پذیر ضرور ہوں لیکن عرصے سے میرا ربط ادبی دنیا سے نہیں ہے۔ اس لئے میں ناگپور کے ابیبوں شاعروں سے ناواقف ہوں، ایک بزم میں البتہ بزرگ شاعر منشاءالرحمن منشا کے دیدار ہوئے تھے۔ اگرچہ کسی نے تعارف بھی کرایا تھا لیکن یقین ہے کہ اب تک انھیں یاد بھی نہ ہوگا۔ یہی شاید طرفہ قریشی کے شاگرد ہوں گے۔ البتہ میں پہلے سے مدحت الاختر اور عبد الرحیم نشتر کو جانتا تھا اور یہ مجھے جانتے تھے۔ (جس میٹنگ کا ذکر کر رہا ہوں اس میں مدحت نے ہی مدعو کیا تھا مجھے)۔
یہاں علی گڑھ میں محمود نیازی کے صاحب زادے ہمارے پڑوسی ہیں۔ انھوں نے مرحوم کی کتاب تلمیحاتَ غالب کا نیا اضافہ شدہ ایڈیشن دیا ہے جو غالب اکادمی دہلی نے حال ہی میں چھاپا ہے۔ ان سے کہا ہے کہ اس کی سافٹ کاپی کا انتظام کریں جس کا انھوں نے وعدہ کیا ہے۔ اس کا پیش لفظ عرشی صاحب کا لکھا ہوا ہے۔ عرفان نیازی اپنے والد کی ویب سائٹ بھی بنانا چاہ رہے ہیں اور میں نے اردو تحریر کا ہی مشورہ دیا ہے،
 
سجاد انور

محفلین
اُ جالا روکنے والی فصیلیں خوش تو ہیں لیکن
دراڑوں کی حمایت روشنی کو پا ر کر دے گی
بہت خوب جناب میرے تعریفی کلمات کی دسترس سے باہر ہے یہ نظم
اللہ آپکو ہمیشہ خوش رکھے(آمین ثم آمین)
اپنا خیال رکھئیے گا
اللہ حافظ
 
dilshadnazmi

محفلین
ضرورت کھردرے

سجاد انور نے کہا:
اُ جالا روکنے والی فصیلیں خوش تو ہیں لیکن
دراڑوں کی حمایت روشنی کو پا ر کر دے گی
بہت خوب جناب میرے تعریفی کلمات کی دسترس سے باہر ہے یہ نظم
اللہ آپکو ہمیشہ خوش رکھے(آمین ثم آمین)
اپنا خیال رکھئیے گا
اللہ حافظ
۔۔۔۔
محترم سجاد انور
سلام و علیکم
غزل پسند فرمانے کا شکریہ ۔ ساتھ میں دعاوءں کا تحفہ بھی ۔
زہے نصیب !!!!!!
 
شاکرالقادری

لائبریرین
جناب دل شاد نظمی
سلام مسنون و محبت !
آپ کی غزل پڑھی ما شااللہ فنی اور فکر اعتبار سے بہترین غزل ہے آور آپ اپنے محسوسات کوبہترین پیرایہ اظہارمیں پیش کرنے کی صلاحیتوں سے مالامال ہیں
طویل ، رواں دواں اورمترنم بحرکا انتخاب آپ کے ایک اور ذوق کی نشان دہی بھی کررہا ہے، میرا اشارہ فن موسیقی کی جانب ہے ۘ
اصلاح سخن کے سلسلہ میں کسی دھاگے میں آپ کی جانب سے کی گئی ایک اصلاح نظر سے گزری تھی جس میں آپ نے لفظ "شہر" بر وزن جگروغیرہ بادھے جانے کی نہایت عمدگی سے نشاندہی کی تھی اسی بنا پر میں نے ایک دھاگے "اصلاح سخن چند تجاویز" میں آپ کا نام تنقیدی مجلس کے اراکین میں شامل کرنے کی گزارش کی تھی اب آپ کی یہ غزل پڑھی ہے تو مجھے اپنے موقف کی درستگی پرخوشی ہو رہی ہے
تو جناب :اصلاح سخن چند تجاویز: نامی دھاگے میں آپ کی دلچسپی کا سامان بھی ہے اور بہت سوں کے بھلے کی تجاویز بھی" وھاں آپ کے بھرپور کردارکی اشد ضرورت ہے۔
ھم وہاں آپ کے منتظر رہیں گے وہاں کا ربط یہ ہے
http://www.urduweb.org/mehfil/viewtopic.php?t=5015&postorder=asc
 
Top