Unicode Urdu Fonts یونیکوڈ اردو فونٹس
اردو نسخ ایشیا ٹائپ
اس وقت انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والا اردو فونٹ " اردو نسخ ایشیا ٹائپ " ہے۔ اس فونٹ کو متعارف کرانے والی ویب سائٹ " بی بی سی اردو " ہے۔ اس فونٹ کو پشاور کے ایک ادارے " لیوال لمیٹڈ " نے بنایا ہے۔ بی بی سی اردو کے بعد اس فونٹ کو بہت سی دیگر اردو ویب سائٹوں نے اپنا لیا اور اب یہ فونٹ مشہور و معروف ہو گیا ہے۔ اس فونٹ کو بی بی سی اردو کی ویب سائٹ یا میری ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
کچھ لوگوں کی رائے ہے کہ اس فونٹ کا خط صحیح نہیں ہے ۔ ان کی یہ رائے بالکل غلط ہے ۔ یہ فونٹ نسخ رسم الخط کے لیے بالکل معیاری ہے۔ اگر ناقدین حضرات چند سال پرانی اردو کتب اٹھا کر دیکھیں ، جو کہ ٹائپنگ کے ذریعے لکھی گئی ہیں ، تو معلوم ہوگا کہ اردو نسخ ایشیا ٹائپ کا رسم الخط بالکل وہی ہے جو کہ پرانی ٹائپ شدہ اردو کتب کا ہے۔ اس وقت ، میرے پیشِ نظر ٹائپ شدہ دو اردو کتب ہیں جن کا رسم الخط بالکل مندرجہ بالا فونٹ والا ہے۔ ان کتب کے نام یہ ہیں۔
میٹرک کی اردو گرائمر (تقریباً 5،6 سال پرانی)
اردو ہندی تنازعہ (مطبوعہ 1977)
ان کے علاوہ باقی پرانی اردو کتب جو ٹائپ شدہ ہیں، ان کا رسم الخط نسخ ہے جو کہ بالکل اردو نسخ ایشیا ٹائپ جیسا ہے۔ اس کے علاوہ اس فونٹ کی مندرجہ ذیل خصوصیات ہیں۔
1۔ یہ فونٹ تمام آپریٹنگ سسٹم پر بخوبی کام کرتا ہے۔
2۔ یہ فونٹ انٹرنیٹ ایکسپلورر کے ورژن 5٫5 سے اوپر، موزیلا فائر فاکس اور دیگر یونیکوڈ براؤزر پر بطریقِ احسن کام کرتا ہے۔
3۔ اس کی ایک خرابی یہ ہے کہ یہ جلی یعنی بولڈ نہیں ہے ۔ اس لیے اس کی لکھائی مدھم مدھم دکھائی دیتی ہے۔ لہٰذا بہتر منظر کے لیے ضروری ہے کہ پسِ منظر (بیک گراؤنڈ) گہرے رنگ کا ہو اور ٹیکسٹ کا رنگ سفید، پیلا، اورنج یا کوئی دوسرا ہلکا رنگ ہو۔
4۔ ایک خرابی یہ کہ مختصر سائز میں کئی حروف درست دکھائی نہیں دیتے۔
نفیس اردو فونٹس
یہ فونٹس Crulp کے ساختہ ہیں۔ یہ ادارہ تحقیقاتِ اردو ہے۔ کرلپ نے ان اردو فونٹس کا تجارتی نام نفیس رکھا ہے۔ یعنی یہ ان کا برانڈ نیم ہے۔ نفیس کے چار فونٹ اس وقت مفت ڈاؤن لوڈ کے لیے کرلپ کی ویب سائٹ پر موجود ہیں جن کو میں نے اپنی ویب سائٹ پر mirror کیا ہے، یعنی یہ میری ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔ ان فونٹس کے نام درج ذیل ہیں۔
1۔ نفیس نسخ
2۔ نفیس پاکستانی نسخ
3۔ نفیس ویب نسخ
4۔ نفیس نستعلیق ( ایک انقلابی فونٹ )
پہلے ان کی خصوصیات پر ایک نظر
1۔ یہ فونٹ ٹرو ٹائپ ہیں۔
2۔ یہ فونٹ
Win2K اور
WinXP پر کام کرتے ہیں۔ یہ
Windows98 سے مطابقت نہیں رکھتے۔
3۔ نفیس نستعلیق کو چھوڑ کر باقی تمام فونٹ Linux پر درست کام کرتے ہیں۔ نفیس نستعلیق کے بارے میں کنول نے رپورٹ دی ہے کہ یہ فونٹ لینکس پر درست کام نہیں کرتا۔
4۔ ان کی ایک خوبی یہ ہے کہ یہ جلی ہیں۔ لہٰذا اس لحاظ سے یہ بہت اچھا تاثر دیتے ہیں۔
ان فونٹس میں سے مجھے ذاتی طور پر نفیس ویب نسخ نسبتاً بہتر محسوس ہوا ہے ، خط میں ۔ آپ ان فونٹس کو ڈاؤن لوڈ کر کے خود چیک کر سکتے ہیں۔
کرلپ نے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے جو کہ انٹرنیٹ کی دنیا میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ انقلاب " نفیس نستعلیق " فونٹ کی تخلیق ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا اور اس وقت واحد فونٹ ہے جو کہ انٹرنیٹ پر موجود ہے۔ اس سے پہلے PDMS ویب پر اردو نستعلیق سپورٹ فراہم کر چکا ہے مگر اس کی خرابی یہ ہے کہ اس میں تکلف کچھ زیادہ ہی ہے۔ اس کو استعمال کرنے کے لیے Object استعمال کرنا پڑتا ہے جس میں مختلف پیرامیٹرز کی مدد سے اردو دیکھی جا سکتی ہے۔
اس لحاظ سے نفیس نستعلیق نے انقلاب برپا کیا ہے اور Crulp کی یہ کوشش بلاشبہ قابلِ ستائش ہے۔ مگر پلیٹ فارم کی محدودیت ایک خامی ہے جس کے دور ہونے کے بعد یہ بلاشبہ اردو نسخ ایشیا ٹائپ کی جگہ لے لے گا۔
اردو لائف کے فونٹ
اردو لائف پر بھی چند اردو فونٹ موجود ہیں جنہیں امجد شیخ صاحب اور کچھ دوسرے افراد نے بنایا ہے ۔ یہ فونٹ خوبصورتی میں بلاشبہ بے مثال ہیں مگر یہ بھی ونڈوز 98 پر درست کام نہیں کرتے۔ البتہ یہ ایکس پی اور ونڈوز دو ہزار پر بالکل درست کام کرتے ہیں۔
میں
Windows98 کا حوالہ اس لیے دیتا ہوں کیونکہ پاکستان میں گھروں اور دفاتر میں یہ ونڈوز کثیر پیمانے پر زیرِ استعمال ہے اور اکثر افراد اس کے کم سائز کی وجہ سے اسے رکھنا پسند کرتے ہیں۔
"اردو نستعلیق یونیکوڈ
یہ فونٹ شہزاد علی اور تابش نے بنایا ہے۔ یہ فونٹ بھی نستعلیق سے مشابہت رکھتا ہے اور یہ بھی ایک اچھی کوشش ہے مگر اس کی خامی یہ ہے کہ یہ کچھ حروف کو نہیں دکھاتا ، اس کے علاوہ پلیٹ فارم کا مسئلہ بھی موجود ہے۔
مزید اردو فونٹس
مندرجہ بالا فونٹس کے علاوہ بھی کئی یونیکوڈ فونٹ موجود ہیں جو میری ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں ، ان میں مائکروسافٹ، خپلہ پشتو اور دیگر کئی فونٹ شامل ہیں ۔ ان کے متعلق تبصرہ نہ کرنے کی ایک وجہ وقت کی کمی ہے ۔ اور دوسری وجہ یہ ہے کہ مجھے ان کی خصوصیات اور دائرہ عمل کے بارے میں معلومات میسر نہیں ہیں۔ جب بھی مجھے ان کے بارے میں معلومات ملیں گی میں انہیں یہاں شامل کردوں گا۔
There are no comments on this page. [Add comment]