بلاگ کیا ہے What is Blog?
بلاگ کا لفظ دو الفاظ web اور log کے ملنے سے بنتا ہے ۔ web کا لفظ تو کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے ۔ log کا مطلب بھی آپ جانتے ہیں ہوں گے ۔ log یعنی لاگ کا مطلب ہے روداد ، ڈائری یا روزنامچہ ۔ چنانچہ weblog کا مطلب ہوا ویب کا لاگ یعنی ویب ڈائری ۔ اسی لفظ ویب لاگ (weblog) کو بلاگ (blog) میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ چنانچہ واضح ہوا کہ بلاگ آپ کی آن لائن ڈائری ہوتی یا ہوتا ہے ۔
چونکہ بلاگ آپ کی آن لائن ڈائری ہے ، اس لیے آپ اس میں کچھ بھی لکھ سکتے ہیں ۔ اس وقت بہت سی ویب سائٹیں اور کمپنیاں بلاگ کی سہولت فراہم کر رہی ہیں ۔ یہ سہولت عام طور پر مفت فراہم کی جاتی ہے مگر کچھ اضافی سہولیات کے لیے ان سائٹوں نے کچھ رقم بھی مقرر کر رکھی ہے ، جو کہ عام صارفین کے لیے کچھ خاص معنی نہیں رکھتیں ۔ لہٰذا ہر شخص اپنا بلاگ مفت میں بنا سکتا ہے ۔
بلاگ کی سہولت فراہم کرنے والے اداروں میں اس وقت Blogger سرفہرست ہے ۔ بلاگر گوگل کے زیرِ انتظام ہے لہٰذا اس کی مقبولیت میں اضافے کی ایک وجہ یہ بھی ہے ۔ اس کے علاوہ msn بھی msn spaces کے نام سے بلاگ فراہم کر رہا ہے ۔ مزید اداروں کے نام بعد میں شامل کروں گا ۔
بلاگ میں آپ کچھ بھی شائع کر سکتے ہیں ۔ اس میں آپ اپنے روزمرہ مشاغل لکھ سکتے ہیں ، اپنی مصروفیات اور اپنے کاموں کی نوعیت کے بارے میں معلومات فراہم کر سکتے ہیں ۔ اپنے دکھ سکھ دوسروں سے بانٹ سکتے ہیں ۔ آپ اس سے ویب سائٹ کا کام بھی لے سکتے ہیں ۔ آپ اس پر خبریں شائع کر سکتے ہیں ۔ اس پر اپنے ادارے کے بارے میں معلومات دے سکتے ہیں ، اپنی کمپنی کی مصنوعات کی تشہیر کر سکتے ہیں اور اپنے ادارے کی خبریں اور رپورٹس بھی شائع کر سکتے ہیں ۔ اس سے آپ کسی بھی چیز کی پبلسٹی بھی کر سکتے ہیں اور لوگوں کی توجہ اپنے مقاصد اور افعال کی جانب مبذول کرا سکتے ہیں ۔ غرض کہ آپ بلاگ سے وہ سب کام لے سکتے ہیں جو ایک معیاری ویب سائٹ سر انجام دے سکتی ہے ، یا شاید اس سے بھی کچھ زیادہ ۔
بلاگ ہی کیوں؟
اس لیے کہ یہ ایک سستا، موثر اور تیز رفتار رابطے کا ذریعہ ہے ۔ بجائے اس کے کہ آپ اپنی ویب سائٹ بنائیں ، اس کے لیے رقم کی ادائیگی کریں ، اس کے ڈیزائن کے لیے سر کھپائیں ، بلاگ بنانا اور استعمال کرنا زیادہ آسان ہے ۔ وہ سب کام جو ویب سائٹ کر سکتی ہے ، بلاگ سر انجام دیتا ہے ۔ اکثر بلاگ فراہم کرنے والی والی کمپنیاں آپ کو بنے بنائے بلاگ پیش کرتی ہیں جنہیں صرف آپ کی ایک نگاہِ غلط کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اس پر کچھ بھی لکھنے اور شائع کرنے کے لیے زیادہ تردد نہیں کرنا پڑتا ۔ بس لکھیے اور شائع کیجیے ۔ نہ ڈیزائن بنانے کے لیے دماغ کھپائیں ، نہ فائلوں کو ترتیب دینے کے لیے جھک مارنی پڑے ، نہ کسی ویب ہوسٹ کی ضرورت پڑے ، نہ ہی جیب خالی ہو ، اور نہ ہی کسی سکرپٹنگ وغیرہ کے چکر میں پڑنا پڑے ۔
ارے جناب آپ نے بلاگ سے آگاہی تو حاصل کر لی ، مگر اس کو دسترس میں کرنے کے لیے بھی کچھ کیجیے ۔ اچھا ، چلیے میں ہی آپ کو اس بارے میں کچھ بتا دیتا ہوں ۔ چونکہ میں نے blogger.com پر اپنا بلاگ بنایا ہے اس لیے میں اس پر بلاگ بنانے کے متعلق کچھ لکھتا ہوں ۔ مزید اداروں کے متعلق میں کچھ لنک بعد میں اسی جگہ پر دوں گا ۔ مگر ابھی آپ بلاگر ڈاٹ کام پر ہی اکتفا کیجیے کیونکہ میرے خیال میں یہ سب سے آسان اور بہترین بلاگ فراہم کرتا ہے ۔
بلاگر www.blogger.com
بلاگر پر بلاگ بنانے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے آپ اس پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں ۔ اکاؤنٹ بنانے کا طریقہ بہت آسان ہے ۔ www.blogger.com کھولیے اور وہاں نئے اکاؤنٹ بنانے والے لنک پر کلک کیجیے ۔ اگلے صفحے پر کوئی بھی یوزر نیم ، پاس ورڈ اور ای میل ایڈریس دیجیے ۔ میرا خیال ہے کہ اب آپ کا اکاؤنٹ بن جائے گا ۔ اکاؤنٹ بنانے کے بعد اپنی پسند کا کوئی بھی template یعنی ڈیزائن منتخب کیجیے اور اس کے بعد اپنا من پسند بلاگ کا ایڈریس دیجیے جو کچھ اس طرح ہوگا ،
http://yourblog.blogspot.com∞ اس کے بعد آپ اپنی پہلی پوسٹ لکھیے اور publish کر دیجیے ۔ اور اپنے بلاگ کے ایڈریس پر جاکر اسے ملاحظہ فرمالیجیے ۔ آپ کا بلاگ بن گیا ہے اور اپنی چکا چوند سے عالم کو منور کر سکتا ہے ۔ مزید معلومات میں بعد میں اسی جگہ پر فراہم کروں گا ۔ بلاگر سے متعلق اگر کوئی سوالات آپ کے ذہن میں ہوں تو مجھے لکھیے ۔ اگر مجھے معلوم ہوا تو ضرور جواب دوں گا ۔
قدیراحمد رانا Qadeer Ahmad Rana
There are no comments on this page. [Add comment]