المانیہ او المانیہ۔ جرمنی کی سیر​
محمد خلیل الرحمٰن
ہمیں کالے پانی کی سزا ہوگئی۔ یہ وہی سزا ہے جسے منچلے پردیس کاٹنا کہتے ہیں۔ سنتے ہیں کہ قسمت والوں ہی کے مقدر میں یہ سزا ہوتی ہے۔ عرصہ ایک سال ہم نے بڑی کٹھنائیاں برداشت کیں اور یہ وقت کاٹا۔ پھر یوں ہوا کہ ہمارے لیے اس علاقے ہی کو جنت نظیر بنادیا گیا۔پھر تو پانچوں انگلیاں گھی میں تھیں اور سر کڑھائی میں۔ پھر ہمیں یہ مژدہ جاں فزاء سننے کو ملا کہ ہمیں جرمنی میں پانچ ہفتے کی تربیت یا جبری مشقت کے لیے چن لیا گیا ہے۔ ہم خوشی سے پھولے نہ سمائے۔ اپنا سفری بیگ اٹھایا اور کراچی کے لیے روانہ ہوگئے۔ گھر پہنچ کر گھر والوں کو بھی یہ خوشخبری سنائی۔ وہ بھی بہت خوش ہوئے اور جواب مضمون کے طور پر ہمیں ایک اور خوشخبری سنادی۔
’’ تمہارے چھوٹے بھائی کا تبادلہ بھی اسلام آباد کردیا گیا ہے اور اب وہ بھی تمہارے ساتھ ہی رہے گا۔‘‘
ابھی یہ بم ہمارے سر پر اچھی طرح پھٹنے بھی نہیں پایا تھا کہ بھائی نے گرینیڈ سے ایک اور حملہ کردیا۔
’’ بھائی! یہ بتائو کہ کراچی سے اسلام آباد جاتے ہوئے اسلام آباد ائر پورٹ پر کسٹم پہلے ہوتا ہے یا پھر امیگریشن؟‘‘
ہم نے خون کے گھونٹ پی کر اس حملے کو بھی برداشت کیا اور سفر کی تیاریوں میں لگ گئے۔ اگلے روز کمپنی کے صدر دفتر پہنچے تو پرِ پروانہ اور دیگر ضروری دستاویزات کے ساتھ ایک عدد لمبی چوڑی فہرستِ اشیائے ضروریہ ہمارے حوالے کی گئی جن کا بہم پہنچایا جانا ہماری ہی صحت کے لیے بہت ضروری تھا۔
بڑے بھائی ( مر حوم ) کو ساتھ لیا اور بھاگے بھاگے لنڈا بازار پہنچے اور وہیں سے یہ تمام اشیاء بصد شوق خریدیں جن میں ایک عدد گرم سوئٹر، گرم واٹر پرف دستانے ، ایک جوڑی لمبے جوتے، اندر پہننے کے لیے گرم پائجامےاور ایک عدد لانگ اوور کوٹ شامل تھے۔
اس اوور کوٹ کی کہانی بھی بہت دلچسپ ہے۔جب ہم فخر سے اسے پہن کر باہر نکلتے تو گورے اور گوریاں ہمیں حیرت سے آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھتے تھے۔ بقول جناب مختار مسعود:۔
’’ چلتے چلتے کسی نے نگاہِ غلط انداز ڈالی اور کسی نے نظر انداز کیا۔ نظر بھر کر دیکھنے والے بھی گو دوچار سہی، اس بھیڑ میں شامل تھے۔( برف کدہ۔ سفر نصیب)
واپسی پر اندازہ ہوا کہ ہم نےغلطی سے زنانہ اوور کوٹ مول لے لیا تھا۔ جس کے بٹن الٹی جانب تھے۔ ہم نے چونکہ زرِ کثیر صرف کرکے یہ قیمتی اوور کوٹ مول لیا تھا، لہٰذا اب اس کا استعمال ترک نہیں کرسکتے تھے۔ ہم نے اسے عرصہ کئی سال تک یورپ کے اکثر سفروں میں استعمال کیا یہاں تک کہ بیگم نے اسے سیلاب فنڈ میں دیدینے کا اعلان کردیا اور ہم اس قیمتی اوور کوٹ سے جبراً محروم کردئیے گئے۔
ہماری پہلی منزل فرینکفرٹ ائر پورٹ تھی، جہاں سے ہمیں جہاز تبدیل کرکے نورمبرگ کی فلائٹ لینی تھی۔ ہمیں تجربہ کار دوستوں نے اس ائر پورٹ سے متعلق پہلے ہی خبردار کردیا تھا کہ یہ ائر پورٹ بہت بڑا ہے اور کئی طویل راستے اس میں طے کرنے پڑیں گے لہٰذا دیکھ بھال کر چلنا۔مزید یہ کہ اس ائر پورٹ پر تمہیں چہرے جتنی چوڑائی والی بندکھڑکیاں بھی نظر آئیں گی ۔ یہ وہاں کا مشہور تانک جھانک شو ( پیپ شو) ہے۔ سکہ ڈالتے ہی شیشے کی کھڑکی پر سے پردا چند منٹ کے لیے سرک جائے گا۔ مزے سے نظارہ کرو۔ اور دیکھو‘‘ انھوں نے تاکیداً کہا۔’’ اس چند منٹ کے عرصے کو پلکیں جھپکانے میں نہ گزار دینا۔غور سے دیکھنا اور ایک ایک تفصیل کا دھیان رکھنا۔‘‘ گویا ہمیں واپسی پر اس تانک جھانک ہی کا تو تجزیہ لکھ کر کمپنی میں پیش کرنا تھا۔
فرینکفرٹ ائر پورٹ ٹرمنل کی عمارت واقعتاً ہمارے قیاس سے بھی بڑی تھی ، لہٰذا ہم ھیبت کے مارے بھاگتےہی چلے گئے اور نورمبرگ کی فلائٹ کی روانگی کے ہال پر جاکر ہی دم لیا اور وہاں پر اطمینان کے ساتھ بیٹھ کر گورے گورے چہروں والی حسینائوں کے سردی سے تمتمائے حسین چہروں کو تکتے رہے۔ ہمارے لیے یہی تانک جھانک بہت تھی۔
نورمبرگ ائر پورٹ سے ٹیکسی لی اور ڈرائیور کو چھپا ہو اکاغذ دکایا جس پر ہماری منزل کا پتا لکھا ہوا تھا۔ اس نے کچھ آئیں بائیں شائیں کی اور ایک نقشہ نکال کر اس پر جھک گیا۔ پھر اس نے وائر لیس ریڈیو پر کسی سے پشتو یا اس قبیل کی کچھ آوازیں نکال کر کچھ گپ شپ کی ، دو منٹ بعد اس نے گاڑی اسٹارٹ کی اور ہمیں منزل مقصود تک پہنچا کر ہی دم لیا۔
ارلانگن ہمارا مستقر دراصل ایک چھوٹا سا قصبہ ہے جس کا اپنا کوئی ائر پورٹ نہیں ہے۔ نورمبرگ ائر پورٹ جو تاریخی شہر نورمبرگ اور ارلانگن کے درمیان واقع ہے، دو نوں شہروں کے لیے ائر پورٹ کاکام دیتا ہے۔ قارئین کو علم ہوگا کہ نورمبرگ جرمنی کے جنوبی صوبے بویریا کا ایک تاریخی شہر ہے ۔ ہٹلر کے زمانے میں اس شہر کے قلعے میں اس نے گسٹاپو کا عقوبت خانہ بھی بنوایا تھا۔
اس صوبے کا سب سے بڑا اور مشہور شہر میونخ ہے جسے جرمن میونچن کہتے ہیں۔
گھر پہنچے تو صرف ایک بزرگ جوڑ ہی گھر پر ملا۔ دونوں ہمیں دیکھ کر نہال ہوگئے اور مسلسل جرمن زبان میں استقبالیہ کلمات کہتے رہے جو ہمارے لیے آواز کی کرختگی کے لحاظ سے پشتو ہی تھے۔ انھوں نے گھر کے پچھواڑے ہمیں ایک کمرے تک پہنچا دیا جس کا دروازہ اور ایک کھڑکی صحن میں کھلتے تھے۔ کمرے کے اندر داخل ہوتے ہی ایک جانب ایک گوشے میںچھوٹے سے کچن کا بندو بست تھا اور دوسری جانب ایک باتھ روم تھا۔
ہم بھی ان بڑے میاں اور بڑی بی سے مل کر بہت خوش ہوئےاور اگلے پانچ ہفتوں تک مہ وشوں کو دیکھ دیکھ کر خوش ہوتے رہے، فارسی کا یہ شعر پڑھتے رہے اور جرمن زبان کا مزہ اپنے منہ میں محسوس کرتے رہے۔
زبانِ یارِ من ترکی و من ترکی نمی دانم
چہ خوش بودی اگر بودی زبانِ خوش دہانِ من​
اب ہم نے کھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ آرام اور حوائجِ ضروریہ سے فارغ ہونے کے بعد باہر نکلنے کا ارادہ کیا تاکہ ابھی سے بس میں جاکر تربیتی مرکز دیکھ آئیں اور اگلے روز وقتِ مقررہ پر تربیت گاہ پہنچ سکیں۔
باہر سردی مزاج پوچھ رہی تھی ۔ ہم نے دستانے چڑھائے، اوور کوٹ کو اچھی طرح اپنے جسم کے ارد گرد لپیٹ لیا اور بس اسٹاپ پرآکر کھڑے ہوئے اور اِدھر اُدھر نظر دوڑائی تاکہ اس جگہ کو پہچان کر واپسی کا راستہ متعین کر سکیں۔ پہلے تو ارد گرد کے ماحول کی تفصیلات کو ذہن میں بٹھایا، پھر اس بس اسٹاپ اور اس محلے کا نام معلوم کرنے کی دھن ہمارے دل میں سماگئی۔ یہ ایک چھوٹا سا بس اسٹینڈ تھاجہاں پر بس کا انتظار کرنے کے لیے ایک لکڑی کی بنچ لگائی گئی تھی ۔اسی طرح ایک کونے میں دوتین نوٹس بھی نظر آئے، دیکھنے پر پتہ چلا کہ یہاں پر آنے والی بسوں کے روٹس اور اوقات ہیں۔ ساتھ ہی اوپر کی جانب ایک چھوٹے سے بورڈ پر ایک نام لکھا ہوا تھاجسے ہم نے ذہن میں بٹھا لیا۔
اتنے میں کیا دیکھتے ہیں کہ ایک گول مٹول، خوبصورت سی ، مائل بہ فربہی، پیاری سے حسینہ ہمارے برابر آکر کھڑی ہوگئی اور سامنے لگے ہوئے نوٹس کو غور سے پڑھنے لگی۔
ہم نے سوچا کہ اب ہمیں اس مظہرِ حسن کے ساتھ بات چیت کا آغاز کردینا چاہیے، تاکہ اپنی معلومات میں خاطر خواہ اضافہ کرسکیں۔ یہ سوچتے ہی پہلے تو پانچ منٹ تک اپنے حواس مجتمع کرتے رہے، پھر ہمت کرکے کھنکارے اور بھررائی ہوئی آواز میں یوں گویا ہوئے۔
’’ معاف کیجیے گا؟‘‘
اللہ جانے یہ سردی کا اثر تھا یا رعبِ حسن کا دبدبہ کہ ہمیں اپنی کپکپاتی ہوئی آواز کہیں دور سے آتی ہوئی معلوم ہوئی۔
’’ جی فرمایئے؟‘‘ وہ حسینہ فوراً ہماری جانب متوجہ ہوگئی اور اپنی کوئل جیسی آواز میں انگریزی میں گنگنائی۔
’’ کیا اس جگہ کا نام نیو مالے ہے؟‘‘ ہم نے ڈرتے ڈرتے پوچھا۔
’’جی؟‘‘ اس نے غور سے سننے کی کوشش کی اور پھر ایک خوبصورت اندازِ پریشانی میں کندھے اچکائے۔ جرمنوں کا یوں کندھے اچکانے کا یہ انداز بھی ہمیں بہت پیارا لگا۔ جرمنوں کو جب بھی کوئی بات سمجھ میں نہیں آتی، وہ اسی طرح اپنے کندھے اچکا دیتے ہیں۔
ہم نے کچھ دیر سوچا، اس صورتحال کا ادراک کیا اور پھر فوراً اپنی جیب سے ٹشو پیپر نکال کر اس پر اس جگہ کا نام لکھ دیا۔ جیسے اُس بورڈ پر لکھا ہوا تھا۔
’’ اوہ! نائے میوہلے۔ نائے میوہلے۔‘‘ وہ بیچاری کھل اٹھی۔
پھر ہم نے اسکی آواز کی نغمگی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اپنا تعارف کروایا اور اسے بتایا کہ ہم ابھی ابھی اس کے ملک میں وارد ہوئے ہیں اور یہ ہمارا اپنے ملک سے باہر کوئی پہلا سفر ہے۔
’’ میرا نام فاطمہ ہے۔ فاطمہ کیتی سی اوغلو!‘‘ اس نے بتایا۔
وہ ایک ترک مسلمان لڑکی تھی اور اپنی پیدائش سے ہی یہاں رہتی تھی۔ یعنی پیدایشی طور پر جرمن تھی۔ پھر کیا تھا۔ ہم نے اس کے ساتھ گپ شپ شروع کردی۔ اسے اس جگہ کا پتہ بتلایا جہاں ہمیں جانا تھا۔ ورنافان سیمنز اسٹراسے کا نام سنتے ہی وہ دوبارہ کھل اٹھی اور اس نے بتایا کہ وہ بھی اسی جانب جائے گی، لہٰذا ہم دونوں کی بس ایک ہی ہے۔
بس آئی تو ہم دونوں اس میں سوار ہوگئے اور ایک ہی سیٹ پر بیٹھ کر ایک دوسرے سے متعلق معلومات بہم پہنچاتے رہے۔ سنٹرم پہنچ کر وہ بس سے اتر گئی اور ہمیں بتلا دیا ہمیں اب سے کوئی تین چار اسٹاپ بعد میں ورنافان سیمنز اسڑاسے پر اترنا ہے اور بس ڈرائیور کو بھی اس بارے میں واضح ہدایات دیتی ہوئی وہ ہم سے رخصت ہوئی۔ ہم نے بھی اس کا بہت بہت شکریہ ادا کیا۔
ایک جگہ بس ڈرائیور نے ہمیں تار دیا جہاں سے ورنافان سیمنز اسٹراسے شروع ہورہی تھی۔ سڑک کے گرد ڈھیروں برف پڑی ہوئی تھی۔ ہم نے اس برف میں چلنا شروع کردیا۔ کافی دور تک اور دوایک چوراہوں کو عبور کرنے کے بعد ہم اپنی منزلِ مقصود تک پہنچ گئے۔ ہمارا ٹریننگ سنٹر ایک چھوٹی سی عمارت تھی۔ اس عمارت کو اچھی طرح دیکھنے کے بعد ہم واپس مڑے۔ راستے میں سنٹرم پر اترے میکڈانلڈ سے فش فلے اور گرم گرم کافی کا لنچ کیا اور گھر واپس آگئے۔
شام تک بوڑھے میزبانوں کے بیٹی اور داماد بھی آگئےجو ہفتے کا اختتامیہ ( ویک اینڈ) گزارنے کے لیے کہیں گئے ہوئے تھے۔ دونوں انگریزی جانتے تھے اور ہم سے بہت گرم جوشی کس ساتھ ملے۔ ان دونوں سے مل کر ہم نے کافی معلومات بہم پہنچائیں۔
دراصل جرمن بزرگ حضرات انگریزی بالکل نہیں جانتے، جبکہ نوجوان نسل انگریزی سیکھتی ہے۔ جہاں تک بولنے کا معاملہ ہے، اکثر نوجوان واجبی ہی بولنا جانتے ہیں، جبکہ کچھ بہت اچھی طرح بول سکتے ہیں۔ انگریزی بولنے کا رواج بالکل نہیں ہے۔ صرف غیر ملکیوں کے ساتھ انگریزی بولی جاتی ہے۔ چونکہ مشکل سے بولتے ہیں، لہٰذا ہر لفظ صاف صاف ادا کرتے ہیں اور ہمارے لیے ان کی کہی ہوئی بات کا سمجھنا قدرے آسان ہوجاتا ہے۔
جرمن لوگوں کو بات کرتے ہوئے سنیں تو وہ مزاج کے بہت اکھڑ لگتے ہیں۔ لیکن ان سے بات کیجیے تو وہ بہت خوش مزاج، مہربان اور مدد کرنے والے لوگ ہوتے ہیں۔ ہمارے ساتھ اکثر یہ ہوا کہ جب بھی ہم کسی لائن میں لگ کر کائونٹر تک پہنچے اور کائونٹر والی خاتون کے ساتھ بات چیت شروع کی اور مشکل میں پھنسے، پیچھے کوئی لڑکی فوراً نکل کر آئی اور ہماری مشکل آسان کردی۔ اسی طرح جہاں پر کسی کو روک کر کوئی سوال پوچھا، انھوں نے بہت خوش مزاجی کے ساتھ جواب دیا اور صحیح رہنمائی کی۔
سفر کی تھکن بہت زیادہ تھی اس لیے ہم سرِ شام ہی سو گئے اور اگلے دن صبح کی خبر لائے۔
 
المانیہ او المانیہ۔ جرمنی کی سیر
قسط نمبر (۲)
یورپ کے عین درمیان میں واقع ، نارتھ اور بالٹک سمندروں اور سلسلہ کوہ آلپس کے درمیان موجود اس ملک کا سرکاری نام فیڈرل ریپبلک آف جرمنی ہے اور اسکا رقبہ لگ بھگ تین لاکھ ساٹھ ہزار مربع کلو میٹر ہے۔ اسکے مشرق میں پولینڈ اور چیک ریپبلک واقع ہیں تو جنوب میں آسٹریا اور سوئٹزر لینڈ ہیں ، مغرب میں فرانس ، بیلجئیم لکسمبرگ اور ہالینڈ واقع ہیں اور شمال میں ڈنمارک۔ اسکا صدر مقام برلن ہے اور آبادی تقریباً اکیاسی ملین ہے۔ جس زمانے کا یہ قصہ ہے ، یہ ملک دو حصوں میں بٹا ہوا تھا، مشرقی اور مغربی جرمنی۔ مغربی جرمنی فیڈرل ریپبلک آف جرمنی کہلاتا تھا اور مشرقی جرمنی پیپلز ریپبلک آف جرمنی۔ ایک ملک آہنی پردے کی اس جانب واقع تھااور نیٹو کا حصہ تھا تو دوسرا دوسری جانب تھا اور وارسا پیکٹ میں شامل۔ ایک امریکن بلاک میں تھا تو دوسرا روسی بلاک میں۔یورپین یونین ابھی وجود میں نہیں آیا تھا اور سوویت یونین اپنے تمامتر اتحادیوں سمیت موجود تھا۔اور تو اور، شہر برلن بھی دوحصوں میں تقسیم کیا گیا تھا، مشرقی اور مغربی برلن۔ مغربی برلن جو مشرقی جرمنی کے عین درمیان میں واقع تھا، مغربی جرمنی کا شہر تھا اور مشرقی جرمنی والوں نے اس شہر کے گرد ایک دیوار کھینچ دی تھی جو دیوارِ برلن کہلاتی تھی۔اِس جغرافیے کے پس منظر میں، ہم مغربی جرمنی کے مہمان تھے۔
اگلے دن کی سرمئی صبح برفباری کے ساتھ طلوع ہوئی۔ ہم بمشکل اٹھے اور تیاری وغیرہ کرکے بس اسٹاپ پر جاکھڑے ہوئے۔بس اسٹاپ کے شیڈ میں پہنچے تو اپنے مشہورِ زمانہ اوور کوٹ سے برف کو جھٹکا ، سردی سے تمتمائی ہوئی اپنی ناک کو اپنے ہاتھ سے چھو کر محسوس کیا تو اللہ کا شکر بجالائے کہ ابھی اپنی جگہ پرہی موجود ہےاور بس کا انتظار شروع کردیا۔مسلسل برفباری کا یہ انوکھا منظر ہم نے پہلے کب دیکھا تھا، مبہوت ہوکر ہر طرف دیکھا کیے۔ سبحان تیری قدرت۔
بس آئی تو ایک انوکھا نظارہ دیکھا۔ نہ بس ڈرائیور نے بس کو اسٹاپ سے دور لے جاکر روکا، نہ لوگوں کا ہجوم اس کی طرف دوڑا بلکہ جو کچھ لوگ بشمول رنگا رنگ کپڑوں میں ملبوس طلبا و طالبات وہاں موجود تھے ایک باقاعدہ لائن بنا کر بس کے اگلے دروازے سے داخل ہونا شروع ہوئے اور ساتھ ہی ڈرائیور کو ٹکٹ کے پیسے دیکر، اس سے ٹکٹ حاصل کرتے ہوئے ، اندر داخل ہوتے رہے۔پچھلا دروازہ مسافروں کے بس سے اترنے کے لیے تھا، لہٰذا اُدھر سے کوئی بھی شخص داخل نہیں ہوا۔ بس چل پڑی۔ اتوار کی بہ نسبت زیادہ رش تھا، اس لیے ہم بھی ایک کونے میں ڈنڈا پکڑ کر کھڑے ہوگئے اور اپنے اسٹاپ کا انتظار کر نے لگے۔
گو بس میں تل دھرنے کی جگہ نہ تھی، لیکن سفر مزیدار گزر رہا تھا۔ جہاں برفباری کا حسین منظر بصارتوں کے لیے ایک حسین تحفہ ثابت ہورہا تھا تو وہیں جرمن خواتین کی گفتگو کے آواز و انداز سماعتوں میں شیرینی گھول رہےتھے۔ہم خوش ہوئے اور خوش خوش اپنے اسٹاپ پر اترے اور پھر وہیں سے اپنے تربیتی مرکز تک گرتی ہوئی برف کے مزے لیتے ہوئے ہم نے ایک طویل واک کا آغاز کردیا۔ہر قدم ایک نئی جد و جہد تھا۔بمشکل زور لگا کر اپنا پاؤں برف میں سے نکالتے اور ایک فٹ دور اسے دوبارہ نرم سی برف میں دھنسادیتے۔برف میں چلتے چلتے، گرتے پڑتے آخر کار ہم اپنی منزل مقصود تک پہنچ ہی گئے۔ استقبالیہ پر پہنچ کر اپنے نام کا اعلان کیا اورضروری کاروائیوں کے بعد اپنی کلاس میں پہنچا دئیے گئے۔ نئے دوستوں سے ملے۔ جو لوگ پچھلی مرتبہ کے تجربہ کار تھے ، فوراً کچن سے چائے اور کافی کے تھر ماس اٹھالائے جو فری تھے۔ ہم نے پہلی مرتبہ اسٹرانگ جرمن کافی نوش جان کی اور پسند کی۔استاد کے آنے سے پہلے پہلے ہم کافی پی کر سردی سے بچاؤ کی تدابیر اور اپنی کلاس کے دوستوں کے ساتھ اچھی خاصی گپ شپ کرچکے تھے۔ استاد صاحب تشریف لائے اور ایک عدد بور قسم کی تربیت کا آغاز ہوا۔ دوپہر کے کھانے کا وقفہ ہوا تو دوستوں کے ہمراہ کمپنی کی ایک دوسری عمارت میں پہنچ گئے ۔کینٹین میں پہنچے تو وہاں پر بھی ایک عجیب و غریب منظر دیکھا۔ کیا چھوٹا ، کیا بڑا ہر افسر و کلرک ایک ہی لائن میں کھڑےہوئےتھے۔
ایک ہی صف میں کھڑے تھے گویا محمود و ایاز
نہ کوئی بندہ ہی تھا اور نہ کوئی بندہ نواز
کینٹین میں پہنچ کر حلال غذا کی تلاش شروع کی اور آخر کار تھک ہار کر سلاد، ڈبل روٹی اور مکھن قسم کی اشیا پر ہی گزارا کیا۔
شام سے پہلے پہلےہم ریشارد شغم ( رچرڈ شرم) ایک جرمن ساتھی اور ایک کینیڈین ساتھی سے گہری دوستی گانٹھ چکے تھے۔ شرم کو اپنے پروگرام کے بارے میں بتایا کہ ہم ایک عدد کموڈور ۶۴ کمپئیوٹر خریدنا چاہتے ہیں تو اس نے جی جان سے مدد کا وعدہ کرلیا۔ کینیڈین ساتھی نے بتایا کہ وہ سنٹرم کے قریب ہی ہوٹل پیئر میں قیام پذیر ہے تو روزآنہ اس کے ساتھ پیدل ہی سنٹرم تک جانے لگے۔ سنٹرم تک پہنچ کر پہلے تو کسی ریسٹورینٹ میں بیٹھ کر کافی کا ایک اور کپ نوشِ جان فرماتے اور اپنے کینیڈین ساتھی کو جامِ شراب لنڈھاتے ہوئے یعنی بئیر کا ایک بڑا گلاس اسکے حلق سے اتارتے ہوئے دیکھتے، ڈھیروں باتیں کرتے اور پھر اسے اسکے ہوٹل چھوڑتے ہوئے اپنی بس پکڑتے۔ کبھی کبھی رات ہوجانے پر میکڈانلڈ سے فش فلے اور کافی یا ہاٹ چاکلیٹ کا ایک بڑا گلاس لیتے اور اس طرح رات کے کھانے سے فارغ ہوکر ہی اپنے کمرے میں واپس پہنچتے۔ ادھر یہ بات بھی پتہ چلی کہ ہم پہلے دن سے جس بس اسٹاپ پر اترتے آرہے تھے وہ ٹریننگ سنٹر سے کافی دور تھا، اگر ہم ایک دو اسٹاپ بس کو اور برداشت کرتے تو قریبی اسٹاپ پر اتر سکتےتھے۔خیر آئیندہ کے لیے ہم نے اپنے راستے میں تبدیلی کرلی اور دو اسٹاپ کے بعد اترنے لگے۔
کینیڈین ساتھی ہی کی بدولت ایک اور یوروپین سے دوستی ہوئی جو کسی اور کلاس میں تھا اور وقفوں میں کافی پینے کے لیے ہمارے کمرے میں آجاتا تھا۔ اس کا نام اب بھی یاد ہے ، وہ سوین گنار اولسن تھا۔بلا کا باتونی۔ ہر موضوع پر بولتا اور اچھابولتا تھا۔ ادھر شرم کے ساتھ دوستی بھی اچھی نبھ رہی تھی، یعنی اس نے اپنا وعدہ پورا کردکھایا تھا۔ پہلے تو وہ ہمیں شہر کے مختلف اسٹورز پر لے گیا اور وہاں ہماری فرمائش پر کموڈور کی قیمت دریافت کی، پھر ہمیں لے کر شہر سے تقریباً باہر ایک بڑے اسٹورپر جا کر ان کے کاؤنٹر پرہمیں پیش کردیا۔ ہم نے کمپئیوٹر کی قیمت دریافت کی تو پتہ چلا کہ قیمت میں کہیں بھی فرق نہیں ہے، لہٰذا ہم نےاپنے پیارے دوست شرم کے مشورے کے ساتھ، وہیں سے اپنی زندگی کا سب سے پہلا کمپئیوٹر بمع ایک عدد فلاپی ڈرائیو کے خریدا۔ ہم نے ان دونوں چیزوں کے نام لیے اور کلرک نے قریب ہی کسی شیلف سے نکال کر ان چیزوں کو ہمارے حوالے کردیا۔ نہ چیکنگ کی دِقت اور نہ ڈبے کھولنے کی ضرورت، ہم نے قیمت ادا کی اور شرم کے ساتھ آکر گاڑی میں بیٹھ گئے۔ اب ایک مشکل اور تھی۔ اس کمپئیوٹر کو ہم کون مانیٹر پر دیکھیں گے؟ ہم نے شرم کو اس مشکل سے آگاہ کیا تو اس نے فوراً گاڑی موڑلی اور سنٹرم میں واقع واحد ڈیپارٹمنٹل اسٹور پہنچ کر ہمیں ایک عدد چھوٹا، چھ انچ اسکرین کا بلیک اینڈ وہائٹ ٹی وی بھی مول لےدیا۔ ہماری ساری مشکلیں آسان ہوچکی تھیں۔ کشاں کشاں گھر پہنچے ۔ گھر پہنچ کر ٹی وی کو ٹیون کیا اور جرمن نشریات دیکھتے ہوئے کمپئیوٹر کو اسکے ڈبوں سے نکال کر سیٹ کیا ۔ پھر کیا تھا، ہماری تو پانچوں انگلیاں گھی میں تھیں اور سر کڑھائی میں۔ رات کوباری باری، دیر تک، کبھی ٹی وی دیکھتے اور کبھی کمپئیوٹر سے کھیلتے۔ چند ایک جملوں کے علاوہ ،( مثلاً ڈانکے شون یا ڈانکے، بیٹے شون، آف ویڈے زین، اش بین آئنے ٹیکنیکار وغیرہ) جو ہم اب تک سیکھ چکے تھے، جرمن زبان گو ہماری سمجھ سے بالاتر تھی ، پھر بھی کبھی کبھی تو اتنے ’اچھے‘ اور ’دلچسپ‘ پروگرام دیکھنے کو ملتے تھے کہ طبیعت باغ باغ ہوجاتی اور ہم عش عش کر اٹھتے۔یہی لن ترانیاں تھیں اور ہم تھے۔پورا ہفتہ اسی طرح مصروف گزر گیا۔
ایک ایسےہی جمعے کی شام کا ذکر ہے، ہم ٹریننگ سنٹر کی مصوفیات سے فارغ ہوکر اپنے کینیڈین دوست کے ساتھ ایک قریبی ریستوران میں بیٹھے موسم کا لطف اٹھارہے تھے اور ساتھ ہی اسی طرح کافی کی چسکیاں لے رہے تھے، جس طرح ہمارا دوست بیئر کے مزے لے رہاتھا۔ کتنی شیریں تھی زندگی اُس پل۔ پاکستان سے باہر جاکر جمعہ کی شام کا تو لطف ہی دوبالا ہوجاتا ہے۔ ڈھائی دن کی پُر لطف چھٹی ہمارے سامنے تھی۔ چاہیں سوئیں، چاہیں اپنے نئے کمپئیوٹر پر گیم کھیلیں، چاہیں لیٹے رہیں تصورِ جاناں کیے ہوئے۔
اچانک ہمارے کینیڈین دوست نے اپنی خمار آلود نگاہیں اوپر اٹھائیں اور ہم سے مخاطب ہوا۔
’’ خلیل! کیا خیال ہے؟ کیوں نہ برلن چلیں؟‘‘
’’برلن؟ ابھی؟‘‘ ہم حیران رہ گئے۔’’ گورا نشے میں ہے۔‘‘ ہم نے سوچا۔
’’ہاں۔ کیوں نہیں؟‘‘ وہ ترنگ میں آکر بولا۔
اندھا کیا چاہے، دو آنکھیں۔ دو دن کی پہاڑ جیسی چھٹی ہمارے سامنے تھی۔ہم نے فوراً حامی بھرلی۔
ہم دونوں نے جلد جلد اپنے مشروبات ختم کیے اور وہاں سے نکل کر ریلوے اسٹیشن پہنچے جو سنٹرم سے زیادہ دور نہ تھا۔ معلومات کی کھڑکی سے معلوم ہوا کہ برلن جانے والی انٹر سٹی ریل گاڑی رات بارہ بجے یہاں سے روانہ ہوگی۔ ہم نے بکنگ کروا لی اور اپنے اپنے مستقر کی طرف روانہ ہوگئے۔ رات بارہ بجے دوبارہ ایک ایک تھیلا لیے اسٹیشن پر ملے اور ٹرین کے آنے پر اطمینان کے ساتھ اس کی آرام دہ سیٹوں پر براجمان ہوگئے۔ ٹرین ساری رات کئی گھنٹے چل کر صبح سویرے برلن زو اسٹیشن پہنچےگی۔ ریل گاڑی چھکا چھک چلی اور ایرلانگن سے روانہ ہوئی اور رات کے کسی پہر سرحد پار کر گئی۔ کچھ سرحدی گارڈ ریل گاڑی پر چڑھ آئے اور لگے پاسپورٹ چیک کرنے۔ ہم دونوں نے اپنے پاسپورٹ انکے حوالے کیے تو انھوں نے کاغذی کارروائی کے بعد ایک علیحدہ کاغذ پر مشرقی جرمنی کا ٹرانزٹ ویزا ہمارے حوالے کر دیا اور یوں ہم مغربی جرمنی سے مشرقی جرمنی میں داخل ہوگئے۔
ہم نے آرام دہ برتھ پر لیٹ کر آنکھیں بند کرلیں اور ایک دوسری دنیا میں پہنچ گئے۔ صبح سویرے تازہ دم ہوکر اٹھے تو اجالا پھیل چکا تھا اور ریل گاڑی مشرقی جرمنی کےمیدانوں، کھیتوں اور کھلیا نوں ، بستیوں اور ویرانوں سے دوڑتی ہوئی گزرتی جارہی تھی۔ پہلی چیز جو ہم نے محسوس کی وہ مغربی جرمنی اور مشرقی جرمنی کے ماحول کا واضح فرق تھا۔ جہاں مغربی جرمنی کے ماحول سے امارت ٹپکتی تھی وہیں مشرقی جرمنی کا ماحول نسبتاً غربت کی عکاسی کرتا تھا۔ تھوڑی دیر میں ہم مشرقی جرمنی کو عبور کرکے مغربی برلن میں داخل ہوگئے اورصبح سات بجے کے قریب برلن زو نامی ریلوے اسٹیشن پر اتر گئے۔
ریلوے اسٹیشن سے خراماں خراماں چلتے ہوئے باہر نکلے تو برلن کی خوبصورت صبح اپنے حسین جلوے بکھیرے ہماری منتظر تھی۔ ہم نے سڑک کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک ٹہلتے ہوئے ایک چکر لگا یا اور برلن کا مشہور ناشتہ کرنے کے لیے ریستوران کے باہر لگی ہوئی ایک میز پر براجمان ہوگئے۔ مزے لے لے کر ناشتہ کیا اور اس دوران موسم اور دیگر نظاروں کا خوب لطف اٹھایا۔ ناشتے سےفارغ ہوئے تو دیکھا کہ قریب ہی کئی ٹووربسیں مسافروں کے انتظار میں کھڑی تھیں۔ ہم نے بھی مشرقی برلن کے ٹوور کا بس ٹکٹ خرید لیا۔ یہ سفرچار گھنٹے دورانیئے کا تھا۔بس کچھ دیر مسافروں کے انتظار کے بعد ہمیں لے کر چلی تو آن کی آن میں دیوار برلن کی مشہور گزرگاہ چیک پوائنٹ چارلی پہنچ گئی۔ یہاں ہم قارئین کو اس بدنامِ زمانہ دیوار کی تاریخ سے آگاہ کرتے چلیں۔
جنگِ عظیم دوم کے اختتام پر شکست خوردہ جرمنی کو اتحادیوں کےچار فاتح ملکوں یعنی امریکہ، برطانیہ، فرانس اور روس نےپوٹسڈیم ایگریمنٹ کے ذریعے چار حصوں میں بانٹ لیا۔ برلن جو جرمنی کا دارالخلافہ تھا، اسے بھی اسی طرح چار سیکٹرز یعنی حصوں میں بانٹ دیا گیا۔ اس بندر بانٹ کے دوسال کے اندر اندر ہی اتحادی قوتوں کا فاتح اتحاد پارہ پارہ ہوگیا اور روس اپنے حصے کو لیکر علیحدہ ہوگیا ۔ اِدھر امریکہ برطانیہ فرانس اور قریبی ہالینڈ، بیلجئیم اور لکسمبرگ نے مارشل پلان کے ذریعے باقی تین حصوں کو ملا کر مغربی جرمنی کی تشکیل کی راہ ہموار کردی۔مغربی برلن بھی اسی منصوبے کے تحت مغربی جرمنی کی حدود میں آگیا۔
مشرقی جرمنی کے تسلط سے آزادی پانے کے خواہش مند سینکڑوں باشندوں نے موقع غنیمت جانا اور اور سرحد پار کرکے مغربی برلن پہنچنا شروع ہوگئے، جہاں سے وہ آزاد ی کے ساتھ مغربی جرمنی جاسکتے تھے۔
اس صورتحال کے پیشِ نظر ۱۹۴۸ میں روسی ڈکٹیٹر جوزف اسٹالن نے مغربی برلن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا اور اسے چاروں طرف سے گھیر کر ہر قسم کی آمد و رفت اور سپلائیز کو روک دیا گیا۔مغربی طاقتوں نے اس مشکل صورتحال سے اہلِ شہر کو نکالنے اور ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کے لیے برلن ائر لفٹ کا پروگرام بنایا اور اس طرح تمام نجی ائر لائینز کو اس پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔ برلن ائر لفٹ نے اس بائیکاٹ کو بے معنی بنادیا تو ۱۹۴۹ میں یہ بائیکاٹ ختم کردیا گیا۔ ۱۳ اگست ۱۹۶۱ کو مشرقی جرمنی نےدیوار برلن کی تعمیر شروع کی اور اس طرح مغربی برلن کو گھیر کر ہر قسم کی آمد و رفت کو ناممکن بنادیا۔
بالآخر ۱۹۸۹ میں جرمنی متحد ہوا ، اور اس دیوار کو گرادیا گیا لیکن اس عرصے میں تقریباً ۵۰۰۰ لوگوں نے دیوار پھلانگنے کی کوشش کی جن میں سے تقریباً دوسو افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔۱۹۸۶ میں جب ہم مغربی جرمنی پہنچے، تو جرمنی دوحصوں میں منقسم تھا اور دیوارِ برلن اپنی تمام تر حشر سامانیوں سمیت موجود تھی، جسے ہم چار گھنٹے کے لیے عبور کیا چاہتے تھے۔
باقی آئیندہ
 
المانیہ او المانیہ۔ ۔جرمنی کی سیر
ِ المانیہ او المانیہ۔ سیرِِ برلن
قسط نمبر (۳)
ہماری بس چیک پوائینٹ چارلی پہنچی تو مغربی جرمنی کی سرحد پر متعین گارڈز نے ہمارے پاسپورٹ کا جائزہ لیا اور ہمیں آگے بڑھنے کا اشارہ کردیا۔ بس رینگتی ہوئی آگے بڑھی اور نو مینز لینڈ سے ہوتی ہوئی مشرقی جرمنی کی سرحد پر پہنچ گئی۔ دیوارِ برلن کو دیکھ کر جو ہیبت ہم پر طاری ہوگئی تھی وہ اور زیادہ گہری ہوگئی۔ مشرقی جرمن فوجیوں نے انتہائی سرعت کے ساتھ بس کو گھیرے میں لے لیا اور اس کی جامع تلاشی شروع کردی۔ تمام مسافروں کے پاسپورٹ چیک کرکے اپنے قبضے میں کرلیے گئے اور بس کی نچلی منزل پر واقع سامان کے کمپارٹمنٹ کو کھول کر اس کی بھی تلاشی لی گئی۔ تقریبا آدھے گھنٹے کی چیکنگ کے بعد آخر کار ہمیں آگے بڑھنے کا اشارہ کیا گیا۔ اب ہم اگلے چار گھنٹے تک اس بس چے چمٹے رہنے پر مجبور تھے اس لیے کہ ہمارے پاسپورٹ فوجیوں نے اپنے قبضے میں لے لیے تھے جو بشرط واپسی ہی ہمیں لوٹائے جانے تھے۔ ہمارے دل میں یہ احساس جاگزیں ہوچکا تھا کہ ہم ایک آزاد دنیا سے ایک قید خانے میں جارہے تھے۔ایک عجیب اداسی کی کیفیت ہمارے حواس پر طاری ہورہی تھی۔اے اداسی تجھے سلام۔ ہم جو صرف چار گھنٹے کے لیے اس دنیا میں داخل ہوا چاہتے تھے، پریشان تھے، اداس تھے، اپنی آزادی کے چھن جانے پر خوفزدہ تھے۔ ہمیں ان لوگوں کا بھی خیال تھا جو اپنی ساری زندگی اس قید خانے میں گزارنے پر مجبور تھے۔ جن کے ارد گرد ایک لوہے کا پردہ ڈال دیا گیا تھا۔ جو اس وسیع و عریض قید خانے میں ضمیر کے قیدی تھے۔ بھاری دل کے ساتھ ہم نے اس نئی دنیا میں قدم رکھا اور ہماری بس نے چیک پوایئنٹ چارلی سے مشرقی برلن ( مشرقی جرمنی) میں سفر شروع کیا۔
بہتر معلوم ہوتا ہے کہ اس مقام پر ہمارے پیارے قارئین کو چیک پوائینٹ چارلی سے متعلق کچھ معلومات فراہم کردی جائیں۔ یہ معلومات ہم نے مندرجہ ذیل ویب سائیٹ سے لی ہیں ۔ قارئین اس ویب سائیٹ پر جاکردیوارِ برلن کی پوری تاریخ جان سکتے ہیں۔
http://www.dailysoft.com/berlinwall/history/
’’ ۱۳ اگست ۱۹۶۱ کو سرحدبند کرنے کے دس دن بعد، سیاحوں، دوسرے ممالک کے افسروں ( ڈپلو میٹس ) اور مغربی طاقتوں کے فوجیوں کو مشرقی برلن میں داخلے کے لیے صرف فریڈریش اسٹراسے پر واقع گیٹ استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔ کچھ دن بعد ، اس کے علاوہ دو اور چیک پوائینٹس کھولے گئے جن میں سے ایک مغربی جرمنی کی سرحد پر واقع تھا اور ہیلم اشٹاڈ میں تھا اور دوسرا مغربی برلن اور مشرقی جرمنی کی سرحد پر ،ڈرائی لنڈن میں تھا۔ ان تین چیک پوائینٹس کو بالترتیب چیک پوائینٹ الفا ( ڈرائی لنڈن)، چیک پوائینٹ براوو ( ہیلم اشٹاڈ) اور چیک پوائینٹ چارلی ( فریڈریش اسٹراسے) کے نام سے پکارا گیا۔‘‘
چیک پوائینٹ چارلی سے آگے بڑھے تو ہماری حسین گائڈ نے بس کے انٹر کام پر ہمیں خوش آمدید کہا اور ارد گرد کی عمارات سے متعلق معلومات بہم پہنچانا شروع کردیں۔ ہم ایک کشادہ سڑک پر پہنچے تو گائڈ نے بتایا کہ اس سڑک کا نام اُنٹر ڈی لنٹن یعنی ’’لیموں کے درختوں کی چھاؤں میں‘‘ ہے۔ ایک زمانہ تھا کہ اس سڑک پر دورویہ لیموں کے درخت لگائے گئے تھے جسکی وجہ سے اس اسٹراسے کا نام ہی اُنٹر ڈی لنٹن پڑ گیا تھا۔ اس وسیع و عریض شاہراہ کے دونوں جانب انتہائی عالیشان عمارتیں اس شہر کے عظیم ماضی کے قصے سنا رہی تھیں۔ ایک ایک عمارت دیکھنے کے لائق تھی۔ خوبصورت، عالیشان اور فن تعمیر کا ایک اعلیٰ نمونہ۔ یکے بعد دیگرے ان عمارتوں کا ایک سلسلہ تھا جو دور تک پھیلا ہوا تھا۔ پتھر کی بنی ہوئی یہ بلند و بالا عمارتیں اس پارینہ عظمت کے گن گا رہی تھیں جو اس شہر اور اس عظیم ملک کا خاصہ تھی۔ہم دیکھتے ہی چلے گئے۔ کبھی بس کے سامنے کے شیشے سے آنے والی عمارت کو دیکھتے، کبھی دائیں دیکھتے اور کبھی بائیں۔ ادھر ہماری گائڈ ایک خوبصورت جرمن خاتون تھی جس کے گلے کی حلاوٹ پر ہم کئی کئی مرتبہ قربان ہو ہو سے گئے۔اس کا بیان پہلے جرمن اور پھر انگلش زبان میں ہوتا۔ پہلے ہم اسکے حسین چہرے کی بناوٹ کو دیکھتے ہوئے اس کے خوبصورت منہ سے جرمن زبان کی شیرینی کے مزے لوٹتے اور پھر انگلش میں اس کا مدعا جانتے۔ پہلے جرمن زبان میں وہ جب بھی شہر برلن کا تذکرہ کرتی، اسکے بیان میں لفظ ’برلن‘ ہمیں بلین سنائی دیتا ، پھر اسکے ترجمے میں وہ اسے انگلش لہجے میں بورلن ( رے کو پر کرکے) ادا کرتی۔ ہم جو اسکے الفاظ کی ادائیگی اور تلفظ پر پہلے ہی فدا ہورہے تھے، اس لفظ کو دو مختلف زبانوں میں سن کر تو جھوم جھوم اٹھتے۔اگلے تین گھنٹے کچھ اس تیزی کے ساتھ گزرے کہ ہم حیران رہ گئے ۔کاش کچھ اور وقت ملا ہوتا تاکہ ہم اس کی زبان کی شیرینی سے صحیح طور پر لطف اندوز ہو سکتے۔ کاش کچھ اور وقت ملا ہوتا اور ہم پیدل گھوم کر ان عمارتوں کو دیکھ پاتے۔ یہی سوچتے ہوئے ہم ایک ایک گزرے ہوئے لمحے کو اپنی یادداشت میں محفوظ کرتے رہے۔
ایک جگہ ، پتھر کی خوبصورت عمارت کے صحن میں ہمیں بس سے تارا گیا۔ ہم نے ٹانگیں سیدھی کیں اور گائڈ کی جانب دیکھا تو پتا چلا کہ ہمیں ایک عدد میوزیم کو دیکھنے کے لیے یہاں روکا گیا ہے۔ میوزیم بھی خاصا دلچسپ تھا۔ فارغ ہوئے تو پھر بس میں اپنی اپنی سیٹ سنبھالی اور اپنی حسین ٹوور گائڈ اورمشرقی برلن کے خوبصورت نظاروں میں کھو گئے۔
بس میں سے چلتے چلتے ہم نے ایک عدد عالیشان اور خوبصورت گیٹ کو بھی دیکھا جس کے اوپر ایک لائف سائز رتھ کو چار تنومندگھوڑے کھینچ رہے تھے۔اس ’’کواڈریگا ‘‘ یعنی رتھ کو جرمن دیومالائی کہانیوں کی فتح کی دیوی ’’ وکٹوریہ‘‘ چلارہی ہے۔ پتھر کا بنا ہوا یہ مجسمہ اتنا دل لبھانے والا تھا کہ ہم مبہوت ہوکر اسے دیکھتے رہے جب تک کہ وہ ہماری نظروں سے اوجھل نہ ہوگیا۔یہ عمارت جس کا نام برنڈن برگ گیٹ ہے، برلن کا لینڈمارک یا علامتی عمارت کہلائی جانے کی بجا طور پر مستحق ہے
کبھی کبھی دیوار برلن کی بھی ہمیں ایک آدھ جھلک نظر آجاتی تھی لیکن دور دور سے، ا دھر ہماری گائڈ اس بارے میں خاموش تھی۔ وہ ہمیں سامنے سے گزرنے والی عمارتوں کے ماضی بعید کے بارے میں فر فر بتاتی رہی، لیکن پچھلے پچاس ساٹھ سالہ تاریخ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
خیر صاحب ، یہ چار گھنٹے کہاں گئے، ہمیں آج تک نہیں پتا چلا۔ ہم ایک خوابناک انداز میں اس عظیم الشان شہر کو دیکھتے رہے یہاں تک کہ بس دوبارہ چیک پوائینٹ چارلی پر پہنچ کر رک گئی۔ اب جو تلاشی شروع ہوئی ہے تو ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی تھی۔ بس کے ہر کونے کھدرے کی تلاشی لی گئی۔سامان کے کمپارٹمنٹ کو دوبارہ کھلوا کر ایک ایک سوٹ کیس اور بیگ کو نکال کر دیکھا گیا۔دراصل مشرقی جرمنی والے یہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کا کوئی بھی شہری ان کے چنگل سے آزاد ہوکر آزاد دنیا میں جاسکے اور سکھ اور چین کا سانس لے سکے۔ہمیں ہر لمحہ یہ خوف دامن گیر تھا کہ کہیں ہمیں کسی ناکردہ گناہ کی پاداش میں روک ہی نہ لیا جائے۔ خیر خدا خدا کرکے اس تکلیف دہ صورت حال کا خاتمہ ہوا اور فوجیوں نے بس کو آگے بڑھانے کا اشارہ کردیا۔ ہمیں اپنے پاسپورٹ کی بھی فکر دامن گیر تھی لیکن گائڈ کے ہاتھوں میں پاسپورٹوں کی گڈی میں جھانکتا ہوا ہرا رنگ دیکھ کر جان میں جان آئی۔ بس نے ہمیں اسی چوک میں اتار دیا جہاں سے ہم اس سفر پر روانہ ہوئے تھے۔ ہمیں یقین نہیں آرہا تھا کہ ہم مشرقی جرمنی کے شہر مشرقی برلن ہو آئے ہیں۔ہم نے اور ہمارے کینیڈین دوست نے اپنے اپنے پاسپورٹ سنبھالے اور دوسری بس کی جانب بڑھے جو مغربی برلن کی سیر کے لیے تیار تھی۔
اگلے آدھے گھنٹے کے اندر اندرہم مغربی برلن کی سیر کی غرض سے ایک دوسری بس میں آرام سے بیٹھے تھے، ہماری ہمسفر گائڈ ایک اور جرمن شگفتہ چہرے والی خاتون تھی اور بس اپنے سفر پر روانہ ہونے کو تھی۔ ہم نے اپنی نگاہیں گائڈ کے چاند سے چہرے پر گاڑدیں اور مغربی برلن کی بہاریں دیکھنے کے لیے تیار ہوگئے۔
بس چلی تو سب سے پہلا نظارہ قیصر ویلہلم کا گرجا تھا جو جنگ عظیم دوم میں تقریباً مکمل طور پر تباہ ہوچکا تھا، اس کا تباہ شدہ مینار اب بھی اسی حالت میں کھڑا عظمت رفتہ کی کہانی سنارہا ہے جسکے برابر ۱۹۶۳ میں ایک نئی عمارت بنا دی گئی ہے۔ بس گھومتی رہی اور ہم مغربی جرمنی کی خوبصورت اور نسبتاً نئی عمارات کو دیکھتے رہے۔ ہمارا خیال ہے کہ زیادہ تاریخی اور عالیشان عمارات شہر کے مشرقی حصے میں تھیں۔ بس نے ہمیں دیوارِ برلن کے قریب ایک عمارت میں اتارا اور ہم اس میوزیم کو دیکھتے ہوئے دیوارِ برلن کی اصل کہانی سنتے رہے۔ یہاں سے ہم دیوار کے قریب گئے اور اس پر مغربی جانب بنے ہوئے مصوری کے نمونے دیکھا کیے۔ قریب ہی کچھ قبریں بھی تھیں جو دیوار پار کرنے والوں پر مشرقی گارڈز کے ظلم کی داستان سنا رہی تھیں۔
ہم نے میوزیم کی عمارت کے چبوترے پر چڑھ کر دوسری طرف جھانکا تو قریب ہی برنڈن برگ گیٹ کی عالیشان عمارت نظر آرہی تھی۔ دیوار کی دوسری جانب ایک ہیبت ناک سناٹا چھایا ہوا تھا اور کوئی آدم یا آدم زاد نظر نہیں آتا تھا، گو یا کسی انسان کوبھی اُدھر دم مارنے کی اجازت نہ تھی، اِدھر مغربی جانب اسے ایک مصور دیوار کی حیثیت حاصل تھی جس پر ہزاروں مصوروں نے اپنے نقش و نگار چھوڑے تھے۔
بحیثیت مجموعی برلن ہمیں اچھا لگا تھا۔ آج تقریباً پچیس سال بعد ہم اس شہرکو دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ متحدہ برلن کتنا عظیم الشان شہر ہوگا۔ اس کریہہ المنظر دیوار کا کیا ہوا ہوگا۔ ٹی وی پر کئی مرتبہ اس دیوار کو گرتے ہوئے دیکھاہے، جو ہمیں بہت اچھا لگا۔ اس وقت لوگوں کے بپھرے ہوئے جذبات کا کیا عالم ہوگا جب انھوں نے ہر زنجیر کو توڑ دیا اور اس قبیح دیوار کو آخر کار گرادیا جس نے انھیں پچاس سال ایک دوسرے سے جدا رکھا تھا۔ اس دنیا میں ہم نے ایک ملک کے اتحاد کو پارہ پارہ ہوتے ہوئے تو اکثر دیکھا ہے لیکن یونیفیکیشن یعنی ایک ملک کے دوحصوں کو متحد ہوتے ہوئے پہلی بار دیکھا۔People have spoken عوام کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔
اپنےدن کی اس مصروفیت میں ہم دوپہر کا کھانا بھول چکے تھے، لہٰذا ان دونوں سفروں سے فارغ ہوکر ہم نے ایک ریستوران میں جاکر رات کا کھانا کھایا ، اور اسٹیشن پہنچ کر میونخ کی ٹرین پر سوار ہوگئے۔ ابھی اتوار کا دن باقی تھا جسے ہم میونخ کی سیر میں گزارنا چاہتے تھے۔ آج ساری رات سفر میں سوتے ہوئے گزار کر کل صبح سویرے ہم میونخ پہنچ جائیں گے جسے اہلِ جرمنی میونچن کہتے ہیں۔
رات آئی تو پھر گارڈز نے ہمارے پاسپورٹ چیک کیے اور ہمیں مشرقی جرمنی کا ٹرازٹ ویزا تھمادیا۔ یہ دونوں کاغذات اب بھی ہمارے خزانے میں موجود ہیں۔ جب کبھی ہم اپنے اس خزانے کو نکال کر دیکھنا شروع کرتے ہیں میموری لین میں پہنچ جاتے ہیں، اپنی پیاری یادوں کے درمیان، جب ہم نے یہ سفر کیے تھے۔ جب ہم نے اس انوکھی سرزمین کی سیر کی تھی۔
اس سفر سے واپسی کے بعد برلن ہمارے لیے اجنبی شہر نہ تھا۔ جب کبھی کسی ناول میں اس کا تذکرہ آتا، ہم بہت شوق سے اسے پڑھتے۔ برلن جسے ہم دیکھ چکے۔ دیوارِ برلن جو اب قصہ پارینا بن چکی ، ہم نے اسے دیکھا ہے۔ جان لی کار کا جاسوسی ناول ’’دی اسپائی ہو کیم ان فرام دی کولڈ‘‘ ہمارے پسندیدہ ناولوں میں سے ہے۔ یہ اسی دور کی کہا نی ہے جب دنیا دو حصوں میں بٹی ہوئی تھی۔ دیوار برلن کے اُس طرف اور دیوارِ برلن کے اِس طرف۔آہنی پردے کر اُس طرف اور آہنی پردے کے اِس طرف۔یہ ٹھنڈی جنگ یعنی ’کولڈ وار‘ کا قصہ ہے۔ اسی ناول میں چک پوائینٹ چارلی کا تذکرہ بھی موجود ہے جسے عبور کرتے ہوئے ایک کردار مشرقی جرمن فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بن جاتا ہے۔یہ وہی چیک پوائینٹ چارلی ہے جسے عبور کرکے ہم مشرقی برلن گئے تھے۔
اگلی صبح ہم میونچن پہنچ گئے اور سارا دن اسی طرح اس عظیم شہر کی سیر کی اور شام ڈھلے ایرلانگن کو سدھارے۔میونچن، نورمبرگ اور ایرلانگن، جرمن صوبے بویریا کا حصہ ہیں۔ بویریا کے رہنے والے بائر کہلاتے ہیں۔ ریشارڈ شرم بھی ایک بائر تھا۔ وہ اکثر کہا کرتا تھا۔
It’s nice to be a price but it’s higher to be a Bayar
’’پرائس ہونا اچھا ہے لیکن بائر ہونا زیادہ بہتر ہے۔‘‘
کہتے ہیں پرانے زمانے میں بویریا میں گھڑیاں الٹی چلتی تھیں۔ آج بھی بویریا کی گھڑیوں کی دکانوں پر آپ کو ایسی گھڑیاں مل جاتی ہیں جو کاؤنٹر کلاک وائز چلتی ہیں۔ ہم نے بھی میونچن سے ایک ایسی ہی دیوار گھڑی ( وال کلاک) مول لی جو الٹی چلتی تھی۔گھر لاکر اکثر ہم اپنے مہمانوں کو یہ عجیب و غریب گھڑی دِکھا کر حیران کردیا کرتے تھے۔
ہمارا ویک اینڈ ختم ہورہا تھا۔ کل سے پھر وہی ٹریننگ ہوگی اور وہی مصروفیات۔ اِس کورس میں ابھی ایک ہفتہ باقی ہے۔ اگلے ہفتے بابو بھی کراچی سے آرہے ہیں جن کے ساتھ ملکر ہم ایک دوسری ٹریننگ حاصل کریں گے، ایک دوسری جماعت کا حصہ بنیں گے۔ ہمارا کینیڈین دوست، ہمارا جرمن دوست ریشادڑ شرم اور سوین گنار اولسن سب اپنے اپنے گھروں کو سدھاریں گے، شاید پھر کبھی نہ ملنے کے لیے۔ٹرین جوں جوں ایرلانگن سے قریب ہوتی جاتی تھی، ہماری اداسی بڑھتی جاتی تھی۔ اے اداسی تجھے سلام۔
 
المانیہ او المانیہ۔جرمنی کی سیر
محمد خلیل الرحمٰن
(قسط نمبر چار)

اسی کشمکش میں گزریں مری جرمنی کی راتیں
کبھی کچھ حسین چہرے، کبھی ان کی شوخ باتیں
خبردار ! بلکہ ایک مرتبہ پھر خبردار!۔ کہیں شاعرِ مشرق کے ساتھ ہماری اس برجستہ گستاخی سے کوئی اور مطلب نہ نکال لیجیے گا۔ ہم تو ( غالب کی روح سے معذرت کے ساتھ) صرف اس بات کے قائل ہیں کہ
نیند اس کی ہے! دماغ اس کا ہے! راتیں اس کی ہیں
تیری زلفیں جس کے خوابوں میں پریشاں ہوگئیں

جمعہ کی صبح ہمارے لیے ، خوشی و غم کے ملے جلے جذبات لے کر آئی۔آج جرمنی میں ہمارے پہلے کورس کا اختتام تھا اور اس حوالےسے جہاںہمیں اپنے پرانے دوستوں کے بچھڑنے کا غم تھا وہیں بابو کی آمد اور نئے دوستوں سے ملاقات کی خوشی اور اشتیاق تھا۔ تربیت گاہ پہنچے تو ایک عجیب منظر دیکھا۔کسی منچلے نے تختہٗ سیاہ پر جلی حروف میں ٹی۔جی۔آئی ایف لکھ دیا تھا۔ ہماری کچھ سمجھ میں نہیں آیا کہ اس شوخیٗ تحریر کا آخر مدعا کیا ہے۔ ہمارے کینیڈین دوست نے فوراً ہماری مشکل آسان کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ اس کا مطلب ہے، ‘‘تھینک گاڈ اِٹس فرائیڈے یعنی اللہ کا شکر ہے آج جمعہ ہے۔
تب تو ہم فوراً سمجھ گئے۔ دراصل مغرب میں ہفتے کا اختتامیہ دودن یعنی ہفتے اور اتوار پر مشتمل ہوتا ہے۔ ان دو دنوں میں اہل مرکب مکمل تفریح کرتے ہیں، لہٰذا جمعے کا مبارک دن انہیں اس ڈھائی دن کی چھٹی کا مژدہ سناتا ہے۔ ہم نے وہاں برف باری کے دوران منچلے لوگوں کو اپنی فور وہیل ڈرائیو جیپ پر اپنی کھڑی سائیکلیں کسے گھر سے دور پکنک پر جاتے ہوئے بھی دیکھا ہے۔
کچھ دوست جو یورپ یا جرمنی ہی کے دوسرے شہروں سے آئے تھے، صبح ہی اپنے ہوٹلوں سے چھٹکارا حاصل کرچکے تھے اور اپنا سارا سامان اپنی موٹر گاڑیوں میں ڈال لائے تھے تاکہ دوپہر کو لنچ کرتے ہی اپنے اپنے ٹھکانوں کو لوٹ جائیں۔ہم پچھلے ہفتے کھائی ہوئی دو دعوتوں کے خمار میں تھے۔ پہلی دعوت ہمارے پیارے دوست ریشارڈ شغم نے صرف ہمیں دی تھی اور دوسری دعوت ہمارے ریجن کے منتظم نے اپنے تمام مہمان طالب علموں کو دی تھی۔ ان دونوں حسین شاموں کا تذکرہ بھی اب ہمارے لیے ایک میٹھی میٹھی ، لذت انگیز ، درد بھری کسک کے ساتھ ہی ممکن ہے۔ یہ دنیا اچھے ، ملنساراور دوست لوگوں سے بھری ہوئی ہے۔ انسانی فطرت ہے کہ جب بھی دو انسان کچھ دنوں کے لیے ایک دوسرے کے قریب وقت گزارتے ہیں، لازمی طور پر ایک دوسرے کے دوست بن جاتے ہیں۔ وہ لوگ ایک دن ہمیں ضرور یاد آتے ہیں اور بے طرح یاد آتے ہیں۔ ہمیں آج یہ واقعات لکھتے ہوئے نہ صرف اپنے وہ دوست یاد آرہے ہیں بلکہ اپنے سنڈک ری اسکول کے ایک استاد کا ہماری آٹو گراف بک پر لکھا ہوا یہ شعر بھی یاد آرہا ہے۔
فرصت نہ دیں گے یوں تو غمِ زیست ایک پل
کچھ دن تمہاری یاد مگر ، آئے گی ضرور
ایک دن صبح ہی ریشادڈ نے ہمیں اپنے گھر پر رات کے کھانے کے لیے دعوت دے ڈالی اور ہم نے لگے ہاتھوں، بصد شکریہ اس دعوت کو قبول بھی کرلیا۔سہ پہر پانچ بجے جب اسکول کی چھٹی ہوئی تو ہم بھی اس کے ساتھ اسکی موٹر گاڑی میں بیٹھ گئے اور وہ ہمیں لے کر کشاں کشاں حلال گوشت کی تلاش میں نکلا۔ ایک جگہ حلال گوشت مل گیا تو وہ ہمیں اپنے جلو میں لیے ہوئے اپنے فلیٹ پر پہنچا اور فوراً ہی باورچی خانے میں جاکر ایک عدد پیتزا بنانے کا اہتمام شروع کردیا۔ بز ار دقت پیتزا بن کر تیار ہوا ، اس نے دو عدد موم بتیاں روشن کیں اور انھیں میز پر سجاکرہم دونوں نے مزے لے لے کر مزیدار پیتزا کھانا شروع کیا۔ یورپ میں رات کے کھانے کے وقت موم بتیوں کا استعمال بھی خوب ہے۔ اسے کھانا کھاتےوقت ماحول کی ایک خوشگوار تبدیلی سمجھا جاتا ہے۔ آپ جیسے ہی کسی ریستوران میں اپنی میز پر پہنچتے ہیں، ایک خوبصورت سی میزبان آگے بڑھ کر آپکی میز پر رکھی ہوئی موم بتیوں کو روشن کردیتی ہے اور فورا ً آپ کا آرڈر لینے کے لیے ہمہ تن گوش ہوجاتی ہے۔ اگر کسی نے آپ کو اپنے گھر پر دعوت دی ہے تو وہاں پر بھی کھانا شروع کرنے سے پہلے کھانے کی میز پر موم بتیاں روشن کردی جاتی ہیں۔ چاہنے والوں کے لیے تو کینڈل لائٹ ڈنر ایک خوبصورت اور معنی خیز دعوت ہوتی ہے۔
ہم دونوں اس لذیذ پیتزا کا مزا بھی لے رہے تھے اور دنیا جہان کے موضوعات پر باتیں بھی کررہے تھے۔دورانِ گفتگو ہم نے اس سے ایک انتہائی ذاتی قسم کا سوال کرڈالا۔ ہم نے اس سے بے تکلفانہ انداز میں اس سے اس کے سنگل ہونے کا راز پوچھا۔
بغیرشرمائے اس نے بتایا کہ حال ہی میں اسکی اپنی گرل فرینڈسے علیحدگی ہوچکی ہے۔
ہم نے اسکے اس جواب سے ہمت پکڑی اور فوراً حملہ کردیا‘‘ اس کی وجہ؟’’
ریشارڈ نے اس بات کا بھی برا نہ منایا اور بات کو آگے بڑھاتے ہوئے یوں گویا ہوا۔
‘‘دراصل ہمارے تعلقات اس حد تک آگے بڑھ چکے تھے کہ ہم اپنی شادی کے ممکنات پر بھی غور شروع کرچکے تھے۔’’
‘‘واقعی؟ پھر کیا ہوا؟’’ ہم نے خوش ہوتے اور اس نازک صورتحال میں مزید دلچسپی لیتے ہوئے سوال کیا۔’’
‘‘ پھر یوں ہوا کہ اس نے میرے سامنے اپنے ماں باپ کی مرضی کے مطابق یہ مطالبہ رکھ دیا کہ شادی کے بعد ہم دونوں اسکے ماں باپ کے گھر پر رہیں گے۔’’
‘‘پھر کیا ہوا؟’’
‘‘ مجھے یہ بات منظور نہیں تھی۔ میں چاہتا تھا کہ شادی کے بعد ہم دونوں یہاں اس فلیٹ میں رہیں۔’’
‘‘تو کیا اس نے تمہاری تجویز سے اتفاق نہیں کیا؟’’
‘‘نہیں۔ ہم دونوں میں اس بات پر اتفاقِ رائے نہ ہوسکا اور ہم علیحدہ ہوگئے۔’’
‘‘بہت افسوس ہوا یہ سن کر۔’’ ہم نے اس کے ساتھ ہمدردی جتائی۔ آخر کو وہ ہمارا گہرا دوست تھا۔
‘‘افسوس کرنے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ اب میں نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ اگلی مرتبہ اپنی کسی گرل فرینڈ سے شادی کے بارے میں سوچنے سے پہلے میں اس کے ساتھ سال چھ مہینے زندگی گزاروں گا تاکہ اسے اچھی طرح سمجھنے کے بعد ہی اس قسم کا کوئی فیصلہ کروں۔’’
‘‘ارے؟’’ ہم حیران رہ گئے۔
وہ شام یونہی اوٹ پٹانگ باتوں میں گزر گئی۔ اگلے دن دورانِ کلاس ہمارے ریجنل منتظم نے ہمیں پیغام پہنچایا کہ شام کو وہ ہمارے اعزاز میں ایک دعوت دے رہےہیں جو سنٹرم کے قریب ایک ریستوران میں ہوگی اور ہمیں چاہیے کہ ہم شام سات بجے وہاں پہنچ جائیں۔
اپنے تئیں ہم ٹھیک وقت پر گھر سے نکلے اور بس اسٹاپ پر پہنچ کر بس کا انتظار شروع کیا۔ اللہ جانے اس دن کیا ہوا کہ ہمیں وہ بس نہیں ملی اور ہم آدھ گھنٹے بعد آنے والی بس پکڑ کر ریستوران پہنچے ۔ لیٹ ہوچکے تھے اس لیے وہاں پر مہتمم صاحب اپنی بیگم صاحبہ و دیگر مہمانوں سمیت نہایت بے چینی کے ساتھ ہمارا انتظار کر رہے تھے۔ سلام و تعارف اور دیگر رسمی خوشگوار جملوں کے تبادلے کے بعد ہم نے پیش کی گئی کرسی سنبھالی جو مہتمم صاحب کی بیگم صاحبہ کے برابر تھی ، اپنے حواس درست کیے اور اپنے دیر سے آنے کی وجہ بیان کرنے کی کوشش کرڈالی ۔ خیر جرمنی میں بس کے نہ آنے یا دیر سے آنے کا خیال ہی بے معنی ہے، لذٰکا ہماری ساری کوششیں یونہی ٹائیں ٹائیں فش ہو کر رہ گئیں اور بات آئی گئی ہوگئی۔
ہمارے ریجن کے جتنے بھی طالب علم اس وقت شہر میں موجود تھے، انھیں بھی مہتمم صاحب نے دعوت دی تھی، لہٰذا ہمیں ملا کر دعوت میں کل چھ اشخاص تھے۔ ہم چونکہ میزبان خاتون کے پہلو میں بیٹھے تھے، لہٰذاانھوں نے فوراً ہم سےپوچھا کہ ہم کون سا مشروب پینا پسند کریں گے؟ ہم نے اِدھر اُدھر دیکھا، ہماری میز پر ہر طرف بئیر کے گلاس نظر آرہے تھے۔ ہم نے محفوظ ترین مشروب یعنی کافی کا نام لے ڈالا۔ خاتون پریشان سی ہوگئیں اور ہم سے پوچھا کہ کیا واقعی ہم بئیر نہیں پئیں گے ؟
ہائے رے مجبوری۔
اول شب وہ بزم کی رونق ،شمع بھی تھی ، پروانہ بھی
یعنی موسم تو عاشقانہ تھاہی، میخانہ بھی گرم تھا، ساقی بھی ساقی گری کی لاج رکھنے کے لیے تیار تھا، ایک ہم ہی پینے والے نہ تھے۔
ہم نے انھیں سمجھانے کی کوشش کی کہ ہم شراب نہیں پیتے اس پر ان خاتون کی پریشانی میں اور اضافہ ہوگیا اور انھوں نے ہمیں وائن کی پیشکش کردی۔ ہم نے دل ہی دل میں مسکراتے ہوئے ، ان سے کہا کہ اے نیک دل خاتون، وائن بھی شراب ہی ہے لہٰذا ہم الکوحل سے پاک کوئی مشروب ہی پی سکتے ہیں۔ تب اس نیک دل خاتون نے ہماری توجہ آرنج جوس کی طرف دلائی تو ہم نے فوراً حامی بھرلی۔ ان کی جان میں جان آئی کہ مہمان خوش ہوا اور انھوں نے ایک گلاس آرنج جوس کا آرڈر کردیا۔ ادھر مہمان کی بھی جان میں جان آئی کہ یہ معاملہ بحسن و خوبی حل ہوا۔ چونکہ محفل کے دیگر تمام شرکا بے چینی کے ساتھ ہمارا انتظار کررہے تھے، لہٰذا ہماری آمد آمد کے ساتھ ہی کھانے کا آرڈر دیا گیا۔ اِدھر ایک مرتبہ پھر ہمیں دخل در معقولات کرنی پڑی اور ہم نے انھیں بتایا کہ ہم مذہبی طور پر چونکہ خنزیر کے گوشت یا گائے کے بغیر حلال کیے ہوئے گوشت سے پرہیز کرتے ہیں لہٰذا ہم صرف سمندری غذا یا سبزی پرہی گزارا کریں گے۔ اب تو تمام دوستوں نے نہایت دلچسپی کے ساتھ اس کوشش میں حصہ لیا اور ہمارے لیے کھانے کی ڈش کا انتخاب کیا۔یہ مشق بھی خوب تھی اور یاروں نے اس سےخوب ہی لطف اٹھایا۔ مینو کارڈ منگوا کر ہر ہر آئیٹم کا بغور جائزہ لیا گیا ، اس کی جزئیات کو دیکھا گیااور مآلِ کار کچھ ایسی ڈشز مل ہی گئیں جو ہمارے معیارِ انتخاب پر پوری اترتی تھیں۔ڈنر کا آرڈر دیا گیا اور اس مشکل صورتحال سے بھی بخیر و خوبی نکلے تو ہم نے اللہ کا شکر ادا کیا اور اپنی میزبان خاتون سے باتیں شروع کیں ، کچھ اپنی کہی اور کچھ ان کی سنی، اور اس طرح اس حسین شام کے طویل گھنٹے ہمارے لیے مختصر ہوگئے ۔ ہم نے باتوں باتوں میں ان خوبو رت جرمن خاتون سے جرمن تہذیب و تمدن اور ثقافت کو سمجھنے کی کوششیں شروع کیں اور انہیں اپنی مشرقی روایات سے آگاہ کرنا شروع کیا تو ہم خودکھوئے سےگئے۔ ہم ان باتوں میں یوں کھوئے کہ اپنا آپ بھولے اور رات گئے ہوش آیا۔ دونوں میزبانوں نے ہم چاروں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ ادھر ہم نے بھی اپنے دونوں میزبانوں اور خاص طور پر اپنی حسین میزبان کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی بدولت اس قدر حسین شام ہمارے حصے میں آئی اور رات بارہ بجے کی بس پکڑ کر اپنے کمرے کو سدھارے۔
خیر صاحب اس طرح جمعہ یعنی ہمارے اس کورس کا یومِ آخر بھی آگیا۔ اپنی کلاس میں پہنچ کر اسامد صاحب کے آنے تک ہم نےخوب جی بھر کر انےہ دوستوں کے ساتھ گپ شپ کی۔ دوپہر بارہ بجے تک ہم سب تجربہ گاہ کوسمیٹ کر اور اپنےاساتذہ سے اپنی اپنی اسناد لے کر فارغ ہوچکے تھے۔ ہم آخری مرتبہ اپنے تمام دوستوں سے ملے اور دل پرایک بھاری بوجھ لیے ان سب سے رخصت ہوگئے۔
اب ہم تھے اور ہماری تنہائی۔ اب ہمیں ڈھائی پہاڑ سے دن اس غیر ملک میں تنِ تنہا گزارنےتھے۔ اس پر طرہ یہ کہ بابو کا انتظار کرنا تھا۔ اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ اپنے وطن سے نکلے اور اس غیر ملک میں پورے تین ہفتے، اپنی مادری زبان بولے بغیر ، اپنے گھر والوں اور اپنے ہم وطنوں کو دیکھے بغیر گزار چکے تھے اور اب انگریزی بولتےبولتے اور پشتونما جرمن سنتے سنتے تھک چکے تھے۔ اِدھر ہمیں یہ مژدہ جاں فزا بھی سننے کو مل چکا تھا کہ اگلےدوہفتےیعنی اگلی کلاس میں ہمارے یارِ جانی عرف بابو بھی ہمارے ساتھ ہوں گے۔ یوں یہ دودن کا انتظار بھی کافی جان لیوا ثابت ہورہاتھا۔
وہ سہہ پہر ہم نے بازار میں گزاری اور بابو کے شایانِ شان کوئی کھانے کی شے کھوجتے رہے۔ بالآخر طے کیا کہ ایک اچھے دوست کے لیے چاکلیٹ سے بہتر اور کوئی تحفہ توہو ہی نہیں سکتا اور ایک دکان سے باؤنٹی چاکلیٹ کے پانچ عدد چھوٹے پیکٹ مول لے لیے۔بازار ہم گئے تھے، اک چوٹ مول لائے۔ہفتے کے اختتامیے کے بعد بروزِپیرجب بابو سے ملاقات ہوگی تو ہم انھیں کھانے کے یہ میٹھے اور ذائقے دار چاکلیٹ پیش کریں گےتو وہ ہماری دوستی اور خلوص سے کس قدر متاثر ہوں گے۔ہم سا دوست کوئی کہاں سے پائے گا۔
ہفتے کے دن ہم دیر تک سوتے رہے ۔تقریباً دوپہر کو نہایت کسلمندی کے ساتھ اٹھے، ناشتہ کیا اور پھر سوگئے۔ اُٹھے تو خیال آیا کہ پانچ چاکلیٹ بہت ہوتے ہیں اور پھر بابو اتنے چاکلیٹ بھلا کب کھاتے ہوں گے، لہٰذا ایک چاکلیٹ نکال کر حضم کرگئے۔ اسی طرح باقی وقت اور اتوار کا پورا دن بابو کا انتظار کرتے رہے اور چاکلیٹ کھاتے رہے، یہاں تک کہ انتظار کی گھڑیاں بھی کٹ گئیں اور چاکلیٹ بھی ختم ہوگئے اور ہم اگلے خوشگوار دن کا تصور اپنے ذہن میں لاتے ہوئےنیند کی وادی میں پہنچ گئے۔
 
المانیہ او المانیہ۔ جرمنی کی سیر​
قسط نمبر پانچ
محمد خلیل الرحمٰن​
ہمارے اس سفر نامے کی پہلی قسط پڑھ کر ارلانگن ہی سے نبیل بھائی نے اچانک ہم سے پوچھ لیا ‘‘ خلیل بھائی ! آپ ارلانگن کب تشریف لائے تھے۔’’​
اس بے ساختہ سوال کو پڑھ کر ہم حواس باختہ رہ گئے۔ یہ سوال کچھ اتنا اچانک تھا گویا کوئی وقت کا راہی (ٹائم ٹریولر ) ہمارے ماضی سے نکل کر اچانک ہمارے سامنے آبیٹھا ہو اور ہم سے پوچھ رہا ہو، ‘‘خلیل بھائی ! آپ ارلانگن کب تشریف لائے تھے۔’’ اور ہم سوچنے لگے کہ ان سے ہماری ملاقات اُس شہرِ غدار میں کہاں کہاں اور کس کس موڑ پر ہوئی تھی۔​
دوسری مرتبہ ہمیں گڑبڑانے کا سہرا بھی نبیل بھائی ہی کے سر گیا۔ ہم نے حسینانِ ملکِ ختن کے لانبے بالوں پر شمشاد بھائی کے مزیدار تبصرے پر جواباً کہا کہ لانبی گھنی زلفوں والی دلرباوں کا غولِ بیابانی تو ہمارے ماضی میں رہتا ہے، حال کی خبر تو نبیل بھائی ہی دے سکیں گے۔اس پر فوراً نبیل بھائی نے تڑکا لگایا، ‘‘جناب یہاں کیا خبر دیں، بس سرد شاموں میں نوئے میوہلے کے بس سٹاپ پر ایک خاتون بیٹھ کر ایک چوتھائی صدی پہلے کا وقت یادکرکے آہیں بھرتی رہتی ہیں۔’’​
اس پچھل پائی کے بارے میں سن کر ہماری تو سٹی گم ہوگئی، کیا واقعی نبیل بھائی کوئی وقت کے راہی ہیں جنہوں نے ہمیں نوئے میوہلے میں ایک عدد زنانہ اوور کوٹ پہنےانتہائی سرد شاموں میں سڑکیں ناپتے اور اپنے ناک اور منہ سے سگریٹ کی گرم گرم بھاپ نکالتے ہوئے دیکھاتھا اور اب وہاں سے واپسی پر ہمیں جتا رہے ہیں۔ یا پھر ہم خود ہی وقت کے راہی بن چکے ہیں۔ یہی آنا جانا رہا تو ہمارا تو خدا ہی حافظ ہے۔​
جرمن وہ نہ تھے کوچے، اوراقِ مصور تھے​
جو شکل نظر آئی ، تصویر نظر آئی​
ہم ڈیفنی ڈی موریا کے ناول‘‘ دی ہاوس آن دی سٹرانڈ’’ سمیت دوتین ناولوں میں وقت کے مسافروں کی ذہنی اذیت کے بارے میں پڑھ چکے ہیں جو ماضی کی پراسرا ر گلیوں میں اس حد تک کھو جاتے ہیں کہ حال میں وہ اجنبیوں کی طرح وقت گزارتے ہیں۔وہ بھول جاتے ہیں کہ کیا رئیل ہے اور کیا سرئیل ۔کون سی صورتحال حقیقیت ہے اور کون سی خواب۔انھیں یہ فکر دامن گیر ہوتی ہے کہ کہیں وہ ان تانوں بانوں اور اس بھول بھلیاں میں اپنا آپ ہی گم نہ کر بیٹھیں۔ شاید یہی وہ کیفیت ہو، یہی وہ ناسٹالجیا کا عذاب ہو جسے شاعر نے اس طرح بیان کیا ہے​
یادِ ماضی عذاب ہے یارب​
چھین لے مجھ سے حافظہ میرا​
یارو ہم اس وقت جرمنی کے شہر ارلانگن میں اپنے سفر کی اس منزل پر تھے جہاں ہمیں اچانک اپنے ہم وطن سے ملاقات کی خوشخبری دی گئی تھی، اور ہم خوشی سے بے قابو ہوئے جاتے تھے۔​
کسی غیر ملک میں تربیت کے دوران یہ شاید ہمارا خوشگوار ترین پیر کا دن تھا، اس لیے نہیں کہ آج سے ہمارا نیا کورس شروع ہونے کو تھا، بلکہ اس لیے کہ آج ہماری ملاقات بابو سے ہونی طے تھی۔ ایسے خوشی کے موقعوں پر بقول پطرس جو ہنسی ہم ہنستے ہیں، اس میںمعصوم بچے کی مسرت، جوانی کی خوش دلی، ابلتے ہوئے فواروں کی موسیقی اور بلبلوں کا نغمہ سب ایک دوسرے کے ساتھ ملے ہوئے ہوتے ہیں، چنانچہ ہم اٹھتے ہی یہ ہنسی ہنسے اور ہنستے ہی رہے۔یہان تک کہ ہم تیار ہوکر گھر سے نکلے اور چشمِ زدن میں بس کا سفر طے کرکے سنٹرم بس اسٹاپ پر پہنچ گئے۔ اس مرتبہ ہمارا کورس سیمنز کے کارخانے میں ترتیب دیا گیا تھا، لہٰذا ہم نے میکڈانلڈ سے پیدل ہی سفر کرنے کی ٹھانی اور منزلوں پر منزلیں مارتے ہوئےاپنی منزلِ مقصود پر پہنچ ہی گئے۔​
کلاس روم میں میں پہنچے تو گوہرِ مقصود ہاتھ آیا۔افروز بابو اپنی تمامتر حشر سامانیوں سمیت کلاس روم میں جلوہ افروز تھے۔ہم خوشی سے پھولے نہ سمائے اور اس خوشی میں انگریزی ہی میں ان سے مخاطب ہوگئے اور ان کی خیریت پوچھی۔ بابو نے بھی انگریزی ہی میں جواب دیا اور اس طرح جرمنی میں ہمارے دوہفتوں کے کورس کا آغاز ہوا ۔اس سارے کورس کے دوران ہم اور بابو کلاس میں انگریزی ہی میں بات کرتے اور کلاس سے باہر نکل کر اردو میں بات چیت شروع کرتے۔ دراصل ہم دونوں نہیں چاہتے تھے کہ کسی غیر پاکستانی کی موجودگی میں ایک ایسی زبان بولیں جو وہ نہ سمجھ سکے۔ہم اپنے تئیں اسےایک غیر اخلاقی حرکت گردانتے تھے۔​
ہمارے دیگر کلاس فیلوز یعنی ہم جماعتوں نے ہمیں آپس میں بات کرتے ہوئے سنا تو حیرت ظاہر کی کہ کیا انگریزی ہی ہماری مقامی زبان ہے اور کیا اپنے ملک میں بھی ہم ایک دوسرے کے ساتھ اپنا مافی الضمیر ادا کرنے کے لیے انگریزی زبان ہی استعمال کرتے ہیں؟ ہم نے نفی میں جواب دیا تو وہ اور زیادہ حیرت کا اظہار کرنے لگے۔بالآخر انہیں سمجھانا پڑاکہ ہماری اس انگریزی دانی کا راز کیا ہے۔دراصل یورپ کے غیر انگریزی داں علاقوں سے آئے ہوئے گورے ، اگرچہ انگریزی جانتے ہیں، لیکن ان کی انگریزی بول چال کچھ واجبی ہی سی ہوتی ہے۔ ان کے سامنے ہم دونوں اپنی انگریزی دانی کی وجہ سے اندھوں میں کانے راجے سمجھے جاتے تھے۔​
کلاس سے فارغ ہوتے تو ہم دونوں بھاگم بھاگ بازار کا رُخ کرتے، کچھ رات کی ہانڈی کا انتظام کرتے اور پھر نوئے میوہلے میں ہمارے کمرے میں پہنچ کر کھانا بنانے کا اہتمام کرتے۔ رات کے کھانے سے فارغ ہوتے تب ہی بابو اپنے ہوٹل روانہ ہوتےاور ہم اپنا بستر سنبھالتے۔ ہمارا نیا کمپیوٹر اور ٹی وی بھی اپنے منحنی اسکرین سمیت بابو کو بہت پسند آیا تھا جس پر ہم دونوں جرمن زبان کے مختلف پرو گرام دیکھا کرتے اور لطف اندوز ہوتے۔​
یارو ! عجیب دور تھا وہ بھی۔ ابھی کچھ ہی سال پہلے اپنے تعلیمی سفر کے دوران ہم نے حساب دانی میں سلائیڈ رول کو دیس نکالا دیتے ہوئے ایک انتہائی عجیب وغریب ایجاد یعنی کیلکو لیٹر کا استعمال شروع کیا تھا، اور اب نوئے میوہلے کے ایک گرم کمرے میں بیٹھے دنیائے سائنس کی حیرت انگیز ترین ایجاد کمپیوٹر سے کھیل رہے تھے۔ ڈیجیٹل الیکٹرانکس پڑھ چکے تھے ، لیکن اس سائنسی شیطانی چرخے مائیکرو پروسیسر سے اب متعارف ہورہے تھے۔ ایک دن ٹریننگ سنٹر میں چائے کے وقفے کے دوران دھیرے دھیرے گرم گرم کافی کی چسکیاں لیتے ہوئے ہمارے کانوں میں کچھ آوازیں آئیں تو ہم چونک کر مڑے ، ایک عدد ہیتھ کٹ بکاؤ تھی اور بابو ایک گورے کے ساتھ اس کا سودا کررہے تھے۔ ہم بھی شریکِ گفتگو ہوئے تو پتہ چلا کہ سودا تقریبا ہوچکا ہے، بعوض ایک سو ڈوئچ مارک ۔ ہم نے دلچسپی ظاہر کی اور ان صاحب سے پوچھا کہ اگر کوئی اور کٹ بکاؤ ہو تو ہم بھی خریدنا چاہتے ہیں۔ ان گورے صاحب کے ایک اور دوست جو قریب ہی کھڑے تھے، آگے بڑھے اور کہنے لگے کہ ان کے پاس ایک کٹ موجود ہے اور وہ بھی اسے بیچنا چاہتے ہیں۔ اندھا کیا چاہے، دو آنکھیں۔ ہم نے قیمت دریافت کی ۔​
اسی اثنا میں، مارکیٹ میں مانگ بڑھ جانے کے باعث ، اس کٹ کی قیمت میں اضافہ ہوچکا تھا۔ ان صاحب نے ہمیں اپنی کٹ کی قیمت ایک سو جرمن مارک اور ایک گلاس بیئر بتلائی۔ ہم نے بھاؤ تاؤ کرتے ہوئے انھیں بتایا کہ چونکہ ہم شراب نہیں پیتے لہٰذا انھیں بیئر نہیں پیش کرسکتے ، اگر وہ اپنی کٹ ہمارے ہاتھ بیچنا چاہتے ہیں تو سودا ایک سو جرمن مارک میں طے ہوسکتا ہے۔ ہماری بات ان کے دل کو لگی اور انھوں نے ہماری پیشکش کو قبول کرتے ہوئےڈلیوری کے لیے کل صبح تک کا وقت مانگ لیا۔ ادھر ہم نے ایک اور شرط عائد کردی کہ اس کٹ کے ساتھ کتابیں انگریزی زبان میں ہونی چاہیئں، جسے انھوں نے خوش دلی کے ساتھ قبول کیا۔ یوں اگلے روز ہم ایک سو مارک سے محروم تو ہوئے لیکن اس کے بد لے ایک عدد ٹریننگ کٹ اور تین عدد موٹی موٹی فائلوں کے مالک بن گئے۔ ۶۸۰۰ مائیکرو پروسیسر کی یہ کٹ آج بھی ہمارے خزانے میں موجود ہے۔​
 
المانیہ او المانیہ۔ جرمنی کی سیر
قسط نمبر چھ۔آخری قسط​
محمد خلیل الرحمٰن​
اسی طرح تربیت کے یہ دن گزرتے چلے گئے یہاں تک کہ پورا ہفتہ ختم ہوگیا۔ اب ہمارے پاس جرمنی کے اس سفر میں صرف آخری ویک اینڈ یعنی اختتامِ ہفتہ بچا تھا جسے ہم دیکھ بھال کر خرچ کرنا چاہتے تھے۔ ہفتے کے روز دوپہر ایک بجے تک بازار کھلا ہوتا تھا لہٰذا ہم نے وہ ہفتہ شاپنگ کے مخصوص کردیا اور اتوار کا دن جرمنی میں اپنی آخری سیر بمعنی سائیٹ سیینگ کے لیے مختص کیا ۔ ہفتے کے روز ہم صبح ہی اٹھ گئے۔ ناشتے سے فارغ ہوکر بس پکڑی، بابو کے ہوٹل پہنچ کر انھیں لیا اور دوپہر ، دکانوں کے بند ہونے تک بازا ر کا چکر لگایا کیے۔​
بازا سے فارغ ہوئے تو نوئے میوہلے کا رخ کیا تاکہ کچھ لنچ وغیرہ کا بندو بست کریں۔ نائے میوہلے کا بس اسٹاپ آیا تو ہم دونوں دوست بس سے اترے اور خراماں خراماں اپنے کمرے کی جانب چل دئیے۔ گو اب اتنے سالوں بعد موضوع تو یاد نہیں البتہ اتنا ضرور یاد ہے کہ اس سمے ہم دونوں کسی خاص موضوع پر باتوں میں مصروف تھے اور دنیا و مافیہا سے بے خبر اپنے کمرے کی طرف خراماں خراماںچلے جاتے تھے۔ اچانک ہماری نظر ایک طرف کو اٹھی اور اٹھی ہی رہ گئی۔ ہم ٹھتک گئے اور فورا ہی بابو کو ٹھہوکا دیا۔ سامنے ہی فاطمہ کیتی سی اوغلو جو شاید اسی بس سے اتری تھی جس سے ابھی ہم اترے تھے ,تیز تیز قدموں سے اپنے گھر کی جانب چلی جاتی تھی۔ اللہ جانے وہ سردی کا اثر تھا یا پھر شادی مرگ کی سی کیفیت ہم پر طاری تھی، ہم سے بولا نہ جاتا تھا۔ بڑی مشکل سے ہم نے اپنی آواز ڈھونڈی اور جلدی جلدی بابو کو فاطمہ کے بارے میں بتایا ۔ پھر کیا تھا ہم دونوں نے اپنی رفتار تیز کی اور آناً فاناً فاطمہ کو جالیا۔ وہ ہمیں دیکھ کر خوش ہوگئی اور وہیں کھڑے کھڑے ہم دونوں نے ایک دوسرے سے نہایت گرمجوشی کے ساتھ ہاتھ ملائے، ایک دوسرےکی خیریت دریافت کی اور ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔​
خیریت معلوم ہوئی تو ہم نے اگلا معر کہ طے کیا اور لگے ہاتھوں یارِ جانی بابوکا تعارف بھی اس سے کروادیا۔ وہ بابو سے مل کر بہت خوش ہوئی، ادھر بابو کی بھی باچھیں کھلی ہوئی تھیں، گویا ریشہ ختمی ہوئے جاتے تھے۔ انھوں نے لگے ہاتھوں فاطمہ کو کافی کی دعوت دے ڈالی ۔ ہم نے بھی ان کی ہاں میں ملائی اور یوں​
خاطر سے یا لحاظ سے، وہ مان تو گئے​
اور ہم تینوں اپنے کمرے کی جانب چل دئیے۔ اب جو ہم چلے ہیں تو دل کی ایک عجیب کیفیت تھی۔ ہم پاؤ ں کہیں رکھتے تھے، پڑتے کہیں اور تھے، گویا اڑے اڑے جاتے تھے۔ کمرہ قریب آیا تو جذب کی ایک کیفیت میں آگے بڑھ کر قفل کھولا اور کمرے میں داخل ہوکر ادھر اُدھر نظریں دوڑائیں۔ آج خوش قسمتی سے کمرہ اس قدر پھیلا ہوا نہیں تھا۔ ہم نے اپنا تولیا بستر سے اٹھا کر ایک طرف رکھا اور دونوں ہاتھ پھیلائے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہو گئے۔​
وہ کافر ادا حسینہ ہمارے کمرے میں جلوہ افروز ہوئی تو ہم نے بابو کو اس کی دل بستگی کے لیے اس کے ساتھ بٹھا یا اور خود چولھا جلا کر چائے بنانے کا سامان کیا ، ساتھ ہی ان کی باتوں میں شامل بھی رہے اور یوں​
چائے بنائی جتن سے، دل کو دیا جلا​
اورچائے سے مہمان کی خاطرداری کرنے کے بعد ہی اس کے سامنے بیٹھے۔اب جو باتیں شروع ہوئی ہیں تو مت پوچھیے کیا حال رہا۔ ہم دونوں پاکستانیوں نے اپنے ملک کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملادئیے اور وہ اللہ کی بندی حیرت سے آنکھیں پھاڑے ہماری باتیں سنتی رہی۔ پھر جب وہ بولتی تو ہم دونوں دنیا و مافیہا سے بے خبر اس کے حسین چہرے کی طرف دیکھتے ہوئے اس کی شیریں زبانی کے مزے لوٹتے۔ وقت پر لگا کر اڑا اور ہم دونوں اس حسین مہمان کی خاطر داری میں اپنا آپ بھولے۔ چونکے تو شام ہوچکی تھی۔ اب اس مہمانِ دلنواز نے ہم سے اجازت چاہی اور ہم نے دل پر ہاتھ رکھ کر بادلِ ناخاستہ اسے جانے کی اجازت مرحمت فرمائی ورنہ دل تو چا ہتا تھا کہ وہ بولتی رہے اور ہم اس کے حسین چہرے کو تکتے رہیں اور یونہی منٹ گھنٹوں میں، گھنٹے دنوں میں دن سالوں میں اور سال صدیوں میں بدلتے رہیں۔​
پاکستان پہنچے تو یہی ملاقات ہم دونوں دوستوں کی’ بدنامی’کا باعث بن گئی۔ہوا یوں کہ جب ہم نے اپنی کتھا حلقہ یاراں میں سنائی کہ کس طرح ایک قاتل حسینہ ہمارے کمرے میں آئی اور ہم دونوں نے گھنٹوں اس سے مزے مزے کی باتیں کیں تو یاروں نے خوب ہی ہماری بھَد اُڑائی۔ ہم دونوں کے لیے یہ ملاقات بےحد حسین تھی لیکن یاروں کو اس میں چاشنی کی کمی محسوس ہوئی اور وہ بے حد مایوس ہوئے۔اف فوہ​
ہم بات بھی کرتے ہیں تو ہوجاتے ہیں بدنام​
اگلے دن اتوار تھا۔ ہم دونوں دوستوں نے سیر کے لیے قریبی قصبے نیورمبرگ کو چنا۔ ٹرین پکڑ کر وہاں پہنچے، سارا دن اس قصبے میں واقع قلعے کی سیر کی جس میں ہٹلر کا بنایا ہوا عقوبت خانہ بھی موجود تھا اور سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز تھا۔​
اگلا پورا ہفتہ ٹریننگ میں مصروف رہ کر جب ہم اتوار کی صبح جرمنی سے اپنے ملک روانہ ہوئے تو ملے جلے جذبات لیے ہوئے تھے۔ جہاں اپنے گھر جانے اور گھر والوں سے ملنے کی خوشی تھی وہیں ان دوستوں سے بچھڑنے کا غم بھی تھا جو ہم نے اپنے اس سفر میں اپنےاس اجنبی ملک میں بنائے تھے۔ اتنا ضرور تھا کہ اب ہم پہلے کی طرح کنویں کے مینڈک نہیں رہے تھے۔ اب ہم نے دنیا دیکھ لی تھی اور کئی ممالک کے لوگوں سے ملاقات اور دوستی کرلی تھی۔ یادش بخیر! یہ زمانہ بیسویں صدی کا اواخر تھا، کمپیوٹر کو ایجاد ہوئے ابھی کچھ ہی سال ہوئے تھے۔ انٹر نیٹ اور ای میل کا دور دور تک پتہ نہیں تھا اور خط لکھنے کا یارا ، نہ ہم میں تھا اور نہ ہی ہمارے کسی دوست نے اس کی ہمت کی ، البتہ ہم ہر ایک سے اس امید پر جدا ہوئے کہ ‘‘ یہ دنیا ایک بہت چھوٹی دنیا ہے اور ہم مستقبل میں کبھی نہ کبھی ، کسی نہ کسی موڑ پر ضرور ملیں گے۔’’​
فرصت نہ دیں گے یوں تو غمِ زیست ایک پل​
کچھ دن تمہاری یاد مگر آئے گی ضرور​
Jتمت بالخیرJ​
 
کچھ باتیں جو سفر نامہ ختم ہونے کے بعد یاد آئیں ، ان کا کچھ مختصر حال بیان کیے دیتے ہیں، تفصیل بعد میں سفر نامے میں شامل کردیں گے۔



ارلانگن جو آجکل ہمارے سوفٹ ویر کے بے تاج بادشاہ نبیل بھائی کی وجہ سے مشہور ہے ان دنوں سیمنز جرمنی کی میڈیکل مشینوں کی فیکٹری اور امریکنوں کے اڈے کی وجہ سے مشہور تھا۔ اب نبیل بھائی خبر دیتے ہیں کہ امریکنوں کا اڈا مدت ہوئی ختم ہوچکا۔ نوئے میوہلے اور سنٹرم میں واقع میکڈانلڈ اپنی اسی آن بان کے ساتھ موجود ہے کو کبھی ہم نے دیکھا تھا۔ ایک شب اپنے دوست سے رخصت ہوکر میکڈانلڈ سے رات کا کھانا کھا کر ہم واپس نوئے میوہلے چلے تو فوجیوں کے ایک گروہ میں سے ایک نے جو شاید اس وقت نشے میں دھت تھا، ہم پر آوازہ کسا لیکن ہم اسے کوئی اہمیت دئیے بغیر آگے بڑھ گئے۔



اسی طرح نورمبرگ کی سیر کی ایک خاص وجہ وہاں جنگ عظیم دوم کے خاتمے اورہٹلر کی شکست کے بعد اسی قصبے میں جنگی جرائم کے ٹرائیبونل کا قیام اور امن کے محل میں چوبیس مجرموں پرجنگی جرائم کے مقدمے کا آغاز ہوا، گرچہ کئی بڑے لیڈر ان مقدمات کے شروع ہونے سے پہلے ہی خودکشی کرچکے تھے، جن میں اڈولف ہٹلر، ہملر اور جوزف گوئبلز شامل تھے۔

تفصیل پھر کبھی۔یار زندہ صحبت باقی
 
جناب یہاں کیا خبر دیں، بس سرد شاموں میں نوئے میوہلے کے بس سٹاپ پر ایک خاتون بیٹھ کر 25 برس پہلے کا وقت کرکے آہیں بھرتی رہتی ہیں۔ :sneaky:

ارلانگن میں رہنے والے بتا
ارلانگن میں رہنے والے بتا
ارلانگن کی حالت کیسی ہے
کیا اب بھی وہاں کوئی نار کھڑی
بس راہ کسی کی تکتی ہے
کیا اب بھی وہاں کا میکڈانلڈ
ہے واں کا اکیلا میکڈانلڈ
وہی سنٹرم کے بس ا ڈّے کا
اکلوتا اکیلا میکڈانلڈ
کیا اب بھی وہاں کے اسٹراسے
بے کل بے چین سے رہتے ہیں
دن بھر تو ہلچل رہتی ہے
راتوں کو آہیں بھرتے ہیں
کیا اب بھی وہاں کی سڑکوں پر
برسات کی جل تھل ہوتی ہے
کیا اب بھی وہاں پر شام ڈھلے
کوئی لڑکی پاگل ہوتی ہے
وہی پیاری لڑکی چنداسی
وہی آنکھیںجسکی نندا سی
بس راہ ہماری تکتی ہے
وہ نائی میوہلے کی اک باسی
ارلانگن میں رہنے والے بتا
ارلانگن کی حالت کیسی ہے
کیا اب بھی وہاں کوئی نار کھڑی
بس راہ کسی کی تکتی ہے
 

شمشاد

لائبریرین
شکر کریں کہ فاطمہ نے آپ پر دھوکے دہی کا کیس نہیں کر دیا کہ آپ نے اسے کوفی کی دعوت دے کر چائے پر ٹرخا دیا۔ اور وہ بھی اتنی سخت سردی میں۔

بہت زبردست سفر نامہ لکھا ہے۔ قاری اپنے آپ کو آپ کے ساتھ ساتھ محسوس کرتا ہے۔
 
شکر کریں کہ فاطمہ نے آپ پر دھوکے دہی کا کیس نہیں کر دیا کہ آپ نے اسے کوفی کی دعوت دے کر چائے پر ٹرخا دیا۔ اور وہ بھی اتنی سخت سردی میں۔

بہت زبردست سفر نامہ لکھا ہے۔ قاری اپنے آپ کو آپ کے ساتھ ساتھ محسوس کرتا ہے۔

خوب پکڑا ہے جناب۔ آپ کی عقاب نظروں سے کسے مفر ممکن ہے۔ شاید کافی ہی بنائی ہو؟ یا شاید چولھے پر پانی چڑھا کر معزز مہمان سے ان کی مرضی دریافت کی ہو کہ وہ چائے نوشِ جان فرمانا پسند کریں گی یا کافی۔ یا پھر جھونک میں پہلے کافی اور پھر چائے لکھ گئے ہوں کہ وہاں پر رواج کافی کا ہے لہٰذا پوچھا اسی بارے میں ہوگا۔ عادت ہماری چائے کی ہے لہٰذا بعد میں چولھے پر کھڑے ہوتے ہوئے چائے لکھ گئے۔ وللہ اعلم۔

پسندیدگی کے لیے آداب ۔ اگر آپ نے ایسا محسوس کیا ہے تو ہم اپنی مراد پاگئے۔
 
Top