دوستو! اردو ویب کی ایک اور سالگرہ کی پیشگی مبارکباد قبول فرمائیں۔ اب سے چند گھنٹے بعد اردو ویب کے قیام کو پورے چودہ برس ہو چکے ہوں گے! سابقہ دستور کے مطابق ایک دفعہ پھر وہ موقع آ گیا ہے جب اردو ویب کے زیر اہتمام چل رہی تمام خدمات کو جاری رکھنے نیز ان کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے تمام محبان اردو اور بالخصوص محفلین کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اردو ویب کے سالانہ اخراجات کی مد میں اپنا تعاون پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں۔ ہماری ترجیح ہوتی ہے کہ تھوڑا تھوڑا کر کے زیادہ سے زیادہ احباب اس کا حصہ بنیں لیکن یہ روایت رہی ہے کہ بعض احباب اچانک خطیر رقم دے کر ہدف کو آن واحد میں پورا کرا دیتے ہیں اور جو احباب کسی سبب چند روز بعد اپنا تعاون پیش کرنے کا پر خلوص ارادہ رکھتے ہیں ان کو اپنا ارادہ اگلے برس تک کے لئے ملتوی کرنا پڑ جاتا ہے۔ عموماً یہ اعلان جون کی ابتدا میں کیا جاتا ہے اور سالگرہ کی ابتدا سے قبل ختم کر دیا جاتا ہے، لیکن پچھلے چند برسوں سے ہماری دیگر مصروفیات کے باعث کئی دفعہ اس اعلان میں کچھ تاخیر ہوتی رہی ہے جو کہ اس دفعہ بھی دہرائی جا رہی ہے۔ البتہ امید اینکہ اس سال کا ہدف بھی فقط چند دنوں میں پورا ہو جائے گا اور جلد ہی اس اعلان کو ختم کر دیا جائے گا۔ :)

امسال وسائل اور خدمات کی دستیابی کے حوالے سے اردو ویب کی کارکردگی تسلی بخش رہی۔ دو ایک دفعہ محفل ڈاؤن ٹائم کا شکار ہوئی لیکن یہ مسائل کچھ اتنے سنجیدہ نہ تھے۔ البتہ چند ماہ قبل محفل کو ایک بڑے سرور پر منتقل کیا گیا کیوں کہ پرانے سرور پر بڑھتی ہوئی ضروریات کے تحت وسائل نا کافی تھے۔ پس پردہ بڑے پیمانے پر اردو ویب کی تمام خدمات کی ترتیب نو پر مشاورت ہوتی رہی ہے جس میں اراکین عملہ کے ساتھ ساتھ کچھ اور احباب کو بھی شامل گفتگو رکھا گیا اور کئی معاملات میں کچھ عملی اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔ امید ہے کہ ان موضوعات پر عمومی فورم پر بھی بات کی جائے گی تا کہ احباب کی آرا سے مستفید ہوا جا سکے اور اردو ویب کے منصوبوں اور اس کے نظام کو اگلی دہائی کے لیے تیار کیا جا سکے۔ محفل کو زین فورو کے تازہ ترین نسخے پر منتقل کرنے کے لیے بھی کچھ تجربات کیے گئے، البتہ ترجمے کا کام ابھی تک نہ ہو سکا اس لیے اس بابت پیش رفت اب تک ملتوی ہے۔ اس اپگریڈ کے نتیجے میں محفل میں غیر معمولی تبدیلیاں وقوع پذیر ہوں گی۔ ایک اپگریڈ کے نتیجے میں اردو انسائیکلوپیڈیا کا نظام بعض مسائل کا شکار ہو گیا تھا جو ہماری دیگر ترجیحات کے باعث اب تک درست نہ ہو سکا، لیکن اسے میڈیا ویکی کے تازہ ترین نسخے کے ساتھ ایک نئے سرور پر منتقل کرنے کا ارادہ ہے۔ :)

اردو ویب کی مختلف خدمات مثلاً اردو محفل، جمیل خط نما فونٹ سرور، اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری، بزم اردو، اور اردو انسائکلو پیڈیا وغیرہ مختلف نظاموں پر مشتمل ہیں جن کے سرور کی دیکھ ریکھ ہمارے ذمہ ہے۔ البتہ ان خدمات کی فعال نظامت اب بھی مسئلہ ہے اور اس حوالے سے کچھ احباب کو آگے آ کر اپنی خدمات پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ جو احباب لینکس سرور ایڈمنسٹریشن میں دلچسپی اور تجربہ رکھتے ہیں وہ اس کام میں ہمارا ہاتھ بٹانے کے لیے اپنی خدمات کی پیش کش کر سکتے ہیں۔ :)

عروض کی سائٹ یوں تو اردو ویب کا ہی حصہ ہے، لیکن تا حال اس کی نظامت، ہوسٹنگ، اور تمام اخراجات اس کے خالق برادرم سید ذیشان کے ذمہ رہے ہیں۔ بعض تکنیکی پیچیدگیوں کے چلتے اسے اردو ویب کے سرور پر منتقل کرنا ممکن نہ تھا، لیکن اب اس کا امکان موجود ہے، البتہ اس کے لیے بعض تجربات کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد اسے بھی اردو ویب کے زیر انتظام کر کے کم از کم ہوسٹنگ اور ڈومین نیم وغیرہ جیسے اخراجات سے موصوف کو سبکدوش کیا جا سکتا ہے۔ :)

اس دفعہ مجموعی اخراجات کا ہدف 500 ڈالر ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ رقم میں محض اردو ویب کی ہوسٹنگ اور ڈومین نیم رجسٹریشن کے اخراجات شامل ہیں۔ ان کے علاوہ اردو ویب کے تحت استعمال ہونے والے سافٹوئیرز و لائبریریز کی لائسنس فیس کی مد میں بھی کافی اخراجات آتے ہیں جن کے لئے احباب سے تعاون کی درخواست نہیں کی گئی ہے۔ اخراجات کا تخمینہ جنوری تا دسمبر ہوتا ہے، جس میں سے بیشتر رقم ہم اپنی جیب سے پہلے ہی ادا کر چکے ہوتے ہیں جبکہ تعاون کا اعلان سالگرہ سے چند روز قبل کرتے ہیں۔ عطیات کی ادائیگی کے لیے احباب کریڈٹ کارڈ یا پے پال کا استعمال کر سکتے ہیں۔ پے پال کے نئے انٹرفیس میں ڈونیشن کا بٹن کہیں کھو گیا ہے اس لیے ہم اس دفعہ بھی تین برس پرانا بٹن استعمال کر رہے ہیں۔ :)

پے پال یا کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کا ربط۔

جو احباب امریکہ میں مقیم ہوں اور وہ رقم براہ راست ہمارے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر سکیں وہ ہم سے ذاتی مراسلت کر لیں تاکہ متعلقہ تفصیلات فراہم کی جا سکیں۔ اس طرح پے پال کی اضافی ٹرانزیکشن فیس بچائی جا سکے گی۔ نیز پاکستان میں مقیم احباب اپنے عطیات کے لیے ہم سے ذاتی مکالمے میں رابطہ کر لیں تو ان کو ادائیگی کا کوئی متبادل ذریعہ بتا دیا جائے گا۔ اگر کچھ احباب کے لیے بٹ کوئن کے ذریعہ ادائگی سہل ہو تو اس کا بھی انتظام کیا جا سکتا ہے۔ :)

واضح رہے کہ یہ رضاکارانہ تعاون اردو کی خدمت کے نام پر طلب کیا جاتا ہے اور اس کے عوض احباب کو اردو محفل میں کوئی برتری یا امتیاز حاصل نہیں ہوتا ہے۔ ٹھیک اسی طرح تعاون نہ کر پانے والے احباب کی حیثیت میں چنداں فرق نہیں پڑتا۔ بیشتر احباب اس بات کو پسند نہیں کرتے کہ ان کا نام تعاون فرمانے والوں کی فہرست میں نمایاں کیا جائے اس لئے ہم عموماً تمام معاونین کے ناموں کو صیغہ راز میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ :)

اگلے چند دنوں میں محفل کے اراکین عملہ میں بھی کچھ تبدیلیاں متوقع ہیں۔ اس کے تحت کچھ غیر فعال مدیران کی جگہ نئے چہرے لے سکتے ہیں اور کچھ کا دائرہ کار بڑھایا جا سکتا ہے۔ :)

اس اعلان کے ساتھ ہی ہم تمام احباب کو محفل کی چودہویں سالگرہ کے جشن کے لیے دعوت دیتے ہیں۔ دستور کے مطابق محفل کی سالگرہ یکم جولائی سے شروع ہو کر پورے جولائی ماہ جاری رہتی ہے۔ اس دوران احباب انواع و اقسام کے دلچسپ و مفید سلسلے شروع کرتے ہیں اور محفل کی رونق و ہنگامہ خیزیوں میں اضافہ کرتے ہیں۔ امید ہے کہ احباب بڑھ کر سامنے آئیں گے اور اس دفعہ جشن سالگرہ کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے۔ :) :) :)
 

جاسم محمد

محفلین
XUccF47.jpg
 
کیلیفورنیا گئے تھے سعود بھائی، وہاں سے واپسی ہوئی یا ابھی نہیں؟
یہ کب کی خبر ہے؟ کیلیفورنیا تو تو پچھلے برس گئے تھے۔ اس سال شکاگو جانا ہوا تھا، لیکن وہ قصہ بھی پرانا ہوا اور اس سفر کی داستان بھی ہمارے ریسرچ بلاگ پر موجود ہے۔ حالیہ مصروفیات میں کینڈیڈیسی پروپوزل امتحان کی تکمیل اور اس سیمیسٹر ایک عدد کورس پڑھانا شامل ہیں۔ :) :) :)
 
یہ کب کی خبر ہے؟ کیلیفورنیا تو تو پچھلے برس گئے تھے۔ اس سال شکاگو جانا ہوا تھا، لیکن وہ قصہ بھی پرانا ہوا اور اس سفر کی داستان بھی ہمارے ریسرچ بلاگ پر موجود ہے۔ حالیہ مصروفیات میں کینڈیڈیسی پروپوزل امتحان کی تکمیل اور اس سیمیسٹر ایک عدد کورس پڑھانا شامل ہیں۔ :) :) :)

آپ کا کوائف نامہ بتاتا ہے کہ سالِ گزشتہ 30 جولائی کو آپ کیلیفورنیا گئے تھے!
 
Top