مکمل کلام مجید امجد

فرخ منظور

لائبریرین
موجِ تبسّم

ستاروں کو نہ آتا تھا ابھی تک مسکرا اٹھنا
دیے بن کر یوں ایوانِ فلک میں جگمگا اٹھنا
حسیں غنچوں کے رنگیں لب تھے ناواقف تبسم سے
چمن گونجا نہ تھا اب تک عنادل کے ترنم سے
نہ پروانے تھے جلتے شمعِ سوزاں کے شراروں میں
نہ آئی تھی ابھی ہمت یہ ننھے جاں نثاروں میں
ابھی گہوارۂ ابرِ بہاری میں وہ سوتی تھی
نہ بجلی یوں شرر بار اور خرمن سوز ہوتی تھی
نہ اب تک ارتعاشِ نغمہ تھا بربط کے تاروں میں
نہ اب تک گونجنے پائے تھے نغمے نغمہ زاروں میں
نہ اب تک آبشاریں پتھروں سے سر پٹکتی تھیں
نہ اب تک رونے دھونے میں یوں راتیں انکی کٹتی تھیں
سمجھتا تھا نہ دل اب تک نشاط و رنج و کلفت کو
نہ چھیڑا تھا ابھی تک اس نے اپنے سازِ الفت کو
ابھی تیروں کو ترکش ہی میں ڈالے دیوتا کیوپڈ
کھڑا خالی کماں کو تھا سنبھالے دیوتا کیوپڈ
جہاں پر حکمراں تھی ایک ہیبت خیز خاموشی
مصیبت ریز ، خوف آمیز ، ہول انگیز خاموشی

یکایک بجلیاں ٹوٹیں فغانِ بزمِ ہستی میں
ہزاروں جاگ اٹھے فتنے اس دنیا کی بستی میں
خموش و پرسکوں عالم میں دوڑی روحِ بیتابی
ہوئی ہر ذرّۂ رقصاں میں پیدا شانِ سیمابی
سمندر کی روانی ہو گئی تبدیل طوفاں میں
پڑا نورس گلوں کے قہقہوں کا غل گلستاں میں
شبستانوں سے رندوں کی صدائے ہاؤ ہُو اٹھی
دبستانوں سے بلبل کی نوائے ہاؤ ہُو اٹھی
پٹکنے لگ گئی سر جوئے کہساری چٹانوں سے
مچل کر بجلیاں ٹوٹیں زمیں پر آسمانوں سے
اٹھایا شور افزا آبشاروں نے رباب اپنا
سنایا گا کے سبزے کو گزشتہ شب کا خواب اپنا
حیاتِ تازہ یوں دوڑی دلوں کی کائناتوں میں
کہ جیسے برق چمکے برشگالی کالی راتوں میں
یمِ ہستی میں کف و نور کا سیلِ رواں آیا
ریاضِ دہر میں اک رنگ و بو کا کارواں آیا
جہاں بس رہ گیا بن کر طلسمِ کیف و سر مستی
نشوں کی ایک دنیا اور کیفیات کی بستی
فلک اک گنبدِ زریں زمیں اک بقعہ نوریں
یہ ساری کائناتِ شش جہت اک جلوۂ رنگیں
یہ موج بحر امکاں جلوۂ موجِ تبسم ہے
چمک کر جو ترے لب پر فروغ افزائے عالم ہے
تبسم جس کی رنگینی ترے ہونٹوں پہ رقصاں ہے
تبسم آہ جس کا رقص مضرابِ رگِ جاں ہے

1932ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
اقبال

اقبال ! کیوں نہ تجھ کو کہیں شاعرِ حیات
ہے تیرا قلب محرم اسرارِ کائنات
سرگرمیِ دوام ہے تیرے لئے حیات
میدانِ کارزار ہے تجھ کو یہ کائنات
مشرق تری نظر میں ہے امید کا افق
مغرب تری نگاہ میں ہے غرقِ سئیآت
یورپ کی ساری شوکتیں تیرے لئے سراب
ہنگامۂ تمدنِ افرنگ ، بے ثبات
اسلامیوں کے فلسفے میں دیکھتا ہے تُو
مظلوم کائنات کی واحد رہِ نجات
تیرا کلام جس کو کہ بانگِ درا کہیں
ہی اس کے نقطے نقطے میں قرآن کے نکات
بھولے ہوؤں کو تُو نے دیا درسِ زندگی
زیبا ہے گر کہیں تجھے خضرِ رہِ حیات
سینے میں تیرے عشق کی بیتاب شورشیں
محفل میں تیری قدس کی رقصاں تجلیات
عریاں تری نگاہ میں اسرار کن فکاں
مضمر ترے ضمیر میں تقدیرِ کائنات

دنیا کا ایک شاعرِ اعظم کہیں تجھے
اسلام کی کچھار کا ضیغم کہیں تجھے

1933ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
ہوائی جہاز کو دیکھ کر

یہ تہذیب اور سائنس کی ترقی کا زمانہ ہے
رہے گا یوں بھلا کب تک درندوں کی طرح انساں
یہ علم و دانش و حکمت کا ادنیٰ سا کرشمہ ہے
ہوا میں لگ گیا اڑنے پرندوں کی طرح انساں

وہ دیکھو ہیں فضا میں مائل پرواز طیارے
گرجتے ، گھومتے ، گرتے ، سنبھلتے اور چکراتے
فضائے آسماں کی سیر کرنے والے سیّارے
وہ دیکھو جا رہے ہیں گنگناتے ، گونجتے ، گاتے

ادھر وہ خوش نصیب اور صاحب اقبال انساں ہیں
جنہیں بخشی گئی ان برق پاروں کی عناں گیری
اُدھر وہ ذوق علم و فن سے مالا مال انساں ہیں
جنہیں سونپی گئی دنیائے حکمت کی جہانگیری

اِدھر ہم لوگ ہیں کیفیت فکر و نظر جن کی
جہاں میں قوتِ پرواز سے محروم رہتی ہے
اِدھر ہم لوگ ہیں دنیا میں جن کی مضمحل ہستی
حیاتِ جاوداں کے راز سے محروم رہتی ہے

اگر یہ آرزو انساں کے دل میں جلوہ گر ہو گی
کہ چھن جائیں نہ عیش سرمدی کی نزہتیں اُس سے
تو اس کی زندگی تابندہ تر پائندہ تر ہو گی
فقط سعیِ مسلسل سے فقط ذوقِ تجسس سے

دسمبر 1934ء​
 
آخری تدوین:

فرخ منظور

لائبریرین
آہ یہ خوش گوار نظارے !

ساملی کیا ہے اک پہاڑی ہے
خوبصورت ، بلند اور شاداب
اس کی چیں بر جبیں چٹانوں پر
رقص کرتے ہیں سایہ ہائے سحاب
اس کی خاموش وادیاں ، یعنی
ایک سویا ہوا جہانِ شباب
اس کی سقفِ بلند کے آگے
آسماں ایک سرنگوں محراب
شام کے وقت کوہ کا منظر
جیسے بھولا ہوا طلسمی خواب
جھومتے ، ناچتے ہوئے چشمے
پھوٹتا ، پھیلتا ہوا سیماب
دُوب کی رینگتی ہوئی بیلیں
پتھروں سے پٹے ہوئے تالاب
آہ یہ خوش گوار نظارے
خلد کے شاہکار نظارے

چیل کے اف یہ بے شمار درخت
اور یہ ان کی عنبریں بو باس
سنبلیں کونپلوں سے چھنتے ہوئے
یہ نسیمِ شمال کے انفاس
سایہ ہائے دراز کے نیچے
سر نگوں جھاڑیوں کا خوف و ہراس
چیل کی چوٹیوں پہ صبح کے وقت
سبز پتوں کا زر نگار لباس
یہ دھواں جھونپڑوں سے اٹھتا ہوا
کوہ کے اس طرف افق کے پاس
یہ برستی ہوئی گھٹا کا سماں
قلبِ شاعر پہ بارشِ احساس
آہ یہ خوش گوار نظارے
خلد کے شاہکار نظارے

مرغزاروں میں تا بحدّ نظر
لطف افزا فضا مہکتی ہوئی
شب کو دہقاں کے تنگ جھونپڑے سے
سرخ سی روشنی جھلکتی ہوئی
ابر میں کوندتی ہوئی بجلی
دامن آتشیں جھٹکتی ہوئی
کوہ کی سر بلند چوٹی سے
اک نئی تازگی ٹپکتی ہوئی
آہ یہ خوش گوار نظارے
خلد کے شاہکار نظارے

وادیوں کا ہر ایک خار حقیر
امتدادِ زمانہ کی تصویر
قدسیوں کی ادائے کج نگہی
صبح کے آفتاب کی تنویر
جلوہ ہائے شفق کی عریانی
ایک رنگین خواب کی تعبیر
زمہریری ہوا کے جھونکوں سے
ڈبڈبائی ہوئی سی چشم اثیر
آہ یہ خوش گوار نظارے
خلد کے شاہکار نظارے

چاہتا ہوں کہ اپنی ہستی کو
سرمدی کیف میں ڈبو جاؤں
چاہتا ہوں کہ ان فضاؤں کی
وسعتِ بیکراں میں کھو جاؤں
ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں میں
جذب ہو جاؤں، جذب ہو جاؤں
آہ یہ خوش گوار نظارے
خلد کے شاہکار نظارے

1934ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
گاؤں

یہ تنگ و تار جھونپڑیاں گھاس پھوس کی
اب تک جنہیں ہوا نہ تمدن کی چھو سکی
ان جھونپڑوں سے دور اس پار کھیت کے
یہ جھاڑیوں کے جھنڈ یہ انبار ریت کے
یہ سادگی کے رنگ میں ڈوبا ہوا جہاں
ہنگامۂ جہاں ہے سکوں آشنا جہاں
یہ دوپہر کو کیکروں کی چھاؤں کے تلے
گرمی سے ہانپتی ہوئی بھینسوں کے سلسلے
ریوڑ یہ بھیڑ بکریوں کے اونگھتے ہوئے
جھک کر ہر ایک چیز کی بو سونگھتے ہوئے
یہ آندھیوں کے خوف سے سہمی ہوئی فضا
جنگل کی جھاڑیوں سے سنکتی ہوئی ہوا
یہ شام کے مناظر رنگیں کی خامشی
اور اس میں گونجتی ہوئی جھینگر کی راگنی
بچے غبارِ راہگزر پھانکتے ہوئے
میدان میں مویشیوں کو ہانکتے ہوئے
برفاب کے دفینے اگلتا ہوا کنواں
یہ گھنگھروؤں کی تال پہ چلتا ہوا کنواں
یہ کھیت ، یہ درخت ، یہ شاداب گرد و پیش
سیلابِ رنگ و بو سے یہ سیراب گرد و پیش
مست شباب کھیتیوں کی گلفشانیاں
دو شیزۂ بہار کی اٹھتی جوانیاں
یہ نزہت مظاہر ِقدرت کی جلوہ گہ
ہاں ہاں یہ حسن شاہدِ فطرت کی جلوہ گہ

دنیا میں جس کو کہتے ہیں گاؤں یہی تو ہے
طوبیٰ کی شاخ سبز کی چھاؤں یہی تو ہے

جولائی 1935ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
حُسن

یہ کائنات مرا اک تبسمِ رنگیں
بہارِ خلد مری اک نگاہِ فردوسیں
ہیں جلوہ خیز زمین و زماں مرے دم سے
ہے نور ریز فضائے جہاں مرے دم سے
گھٹا ؟ نہیں یہ مرے گیسوؤں کا پرتو ہے !
ہوا ؟ نہیں مرے جذبات کی تگ و دو ہے !
جمالِ گل ؟ نہیں بے وجہ ہنس پڑا ہوں میں
نسیم صبح ؟ نہیں سانس لے رہا ہوں میں
یہ عشق تو ہے اک احساس بے خودانہ مرا
یہ زندگی تو ہے اک جذبِ والہانہ مرا

ظہور کون و مکاں کا سبب ! فقط میں ہوں
نظام سلسلہ روز و شب ! فقط میں ہوں

1953ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
غزل

عشق کی ٹیسیں جو مضرابِ رگِ جاں ہو گئیں
روح کی مدہوش بیداری کا ساماں ہو گئیں

پیار کی میٹھی نظر سے تو نے جب دیکھا مجھے
تلخیاں سب زندگی کی لطف ساماں ہو گئیں

اب لبِ رنگیں پہ نوریں مسکراہٹ ؟ کیا کہوں
بجلیاں گویا شفق زاروں میں رقصاں ہو گئیں

ماجرائے شوق کی بے باکیاں ان پر نثار
ہائے وہ آنکھیں جو ضبطِ غم میں گریاں ہو گئیں

چھا گئیں دشواریاں پر میری سہل انگاریاں
مشکلوں کا اک خیال آیا کہ آساں ہو گئیں

فروری 1937ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
نَو وارد

نازنیں ! اجنبی شہر محبت ہوں میں
میں ترے دیس کے اطوار سے ناواقف ہوں
دیدۂ شوق کی بیباک نگاہوں پہ نہ جا
کیا کروں جراتِ گفتار سے ناواقف ہوں
چل پڑا ہوں ترے دامن کو پکڑ کر لیکن
اس کٹھن جادۂ پرخار سے ناواقف ہوں
مست ہوں عشرت ِآغاز کی سرمستی میں
میں ابھی عاقبت کار سے ناواقف ہوں
سونگھنی ہے تری زلفوں سے ابھی بوئے جنوں
ابھی دامن کے پھٹے تار سے ناواقف ہوں
دیکھ لوں تجھ کو تو بے ساختہ پیار آتا ہے
پیار آتا ہے مگر پیار سے ناواقف ہوں
دل میں یہ جذبۂ بیدار ہے کیا ؟ تو ہی بتا
میں تو اس جذبۂ بیدار سے ناواقف ہوں

اک مسافر ہوں ترے دیس میں آ نکلا ہوں
اور ترے دیس کے اطوار سے ناواقف ہوں

ستمبر 1937ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
یہی دنیا ۔۔۔۔۔ ؟

عشق پیتا ہے جہاں خوننابہ دل کے ایاغ
آنسوؤں کے تیل سے جلتا ہے الفت کا چراغ
جس جگہ روٹی کے ٹکڑے کو ترستے ہیں مدام
سیم و زر کے دیوتاؤں کے سیہ قسمت غلام
جس جگہ حبِ وطن کے جذبے سے ہو کر تپاں
سولی کی رسی کو ہنس کر چومتے ہیں نوجواں
جس جگہ انسان ہے وہ پیکرِ بے عقل و ہوش
نوچ کر کھاتے ہیں جس کی بوٹیاں مذہب فروش
جس جگہ یوں جمع ہیں تہذیب کے پروردگار
جس طرح سڑتے ہوئے مردار پر مردار خوار
جس جگہ اٹھتی ہے یوں مزدور کے دل سے فغاں
فیکٹری کی چمنیوں سے جس طرح نکلے دھواں
جس جگہ سرما کی ٹھنڈی شب میں ٹھٹھرے ہونٹ سے
چومتی ہے رو کے بیوہ گال سوتے لعل کے
جس جگہ دہقاں کو رنجِ محنت و کوشش ملے
اور نوابوں کے کتوں کو حسیں پوشش ملے
تیرے شاعر کو یقیں آتا نہیں ، رب العلا!
جس پہ تو نازاں ہے اتنا ، وہ یہی دنیا ہے کیا؟

دسمبر 1937ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
جوانی کی کہانی

نہ چھیڑ اے دل ! جوانی کی کہانی
کسی کی دلستانی کی کہانی

وہ سوزِ زندگی افروز کا ذکر !
وہ دردِ جاودانی کی کہانی

وہ دکھ کی جاگتی راتوں کا قصہ !
وہ اشکوں کی روانی کی کہانی

بہاریں مستیوں کی داستانیں
خماریں سرگرانی کی کہانی

مسرّت آشنا غم کا فسانہ
غم آگیں شادمانی کی کہانی

وہ ہونٹوں سے لگے جاموں کا قصہ
وہ آتش موج پانی کی کہانی

مری آنکھوں میں آنسو جھوم آئے
نہ چھیڑ اے دل جوانی کی کہانی

دسمبر 1937ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
شرط

تجھ کو یہ ڈر ہے کہ ناموس گہِ عالم میں
عشق کے ہاتھوں نہ ہو جائے تو بدنام کہیں !
آج تک مجھ سے جو شرما کے بھی تو کہہ نہ سکی
وہ ترا راز زمانے میں نہ ہو عام کہیں !
کسی شب ایسا نہ ہو نالۂ بے تاب کیساتھ
تیرے ہونٹوں سے نکل جائے مرا نام کہیں !
روزنِ در سے لگی ، منتظر ، آنکھوں کا حال
جا کے تاروں سے نہ کہہ دے شفقِ شام کہیں !
اس کی پاداش میں ساقیِ فلک چھین نہ لے
مرے ہونٹوں سے ترے ہونٹوں کا یہ جام کہیں
یہ تری شرط وفا ہے کہ وفا کا قصہ
دیکھ ! سن پائے نہ گردش گرِ ایّام کہیں

ہاں مری روح پہ مسطور ہے یہ شرط تری
مجھے منظور ہے منظور ہے یہ شرط تری

تو یقیں رکھ ، کہ ترے عشق میں جیتے جیتے
عدم آباد کی آغوش میں سو جاؤں گا
ایک دن دل سے جب آوازِ شکست آئے گی
اس کے آہنگِ فنا رقص میں کھو جاؤں گا
موت کے دیو کی آنکھوں سے ٹپکتا ہے جو
جذب اس شعلۂ جاں سوز میں ہو جاؤں گا

اور خدا پوچھے گا وہ راز بہ اصرار ترا
اس کے اصرار سے ٹکرائے گا انکار مرا

دسمبر 1937ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
لمحاتِ فانی

بہشتو ، چاندنی راتیں تمہاری
ہیں رنگیں ، نقرئی ، مخمور ، پیاری

مگر وہ رات ، وہ میخانہ ، وہ دَور
وہ صہبائے محبت کا چھلکنا !
وہ ہونٹوں کی بہم پیوستگی ۔۔۔۔۔۔ اور
دلوں کا ہم نوا ہو کر دھڑکنا !

بہشتو ، اس شبِ تِیرہ پہ صدقے
رُپہلی ، چاندنی راتیں تمہاری

خدائے وقت ! تُو ہے جاودانی
ترا ہر سانس روحِ زندگانی

مگر وہ وقت جب تیرہ خلا میں
ستاروں کی نظر گم ہو رہی تھی
اور اس دم میری آغوشِ گنہ میں
قیامت کی جوانی سو رہی تھی

خدائے وقت ! اس وقتِ حسیں پر
تصدّق تیری عمرِ جاودانی

مارچ 1938ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
نفیرِ عمل

آہ کب تک گلۂ شومئ تقدیر کریں
کب تلک ماتمِ ناکامئ تدبیر کریں
کب تلک شیونِ جورِ فلک پیر کریں
کب تلک شکوہ بے مہرئ ایام کریں

نوجوانانِ وطن ! آؤ کوئی کام کریں

آج برباد خزاں ہے چمنستانِ وطن
آج محروم تجلی ہے شبستانِ وطن
مرکز نالہ و شیون ہے دبستانِ وطن
وقت ہے چارۂ دردِ دل ناکام کریں

نوجوانانِ وطن ! آؤ کوئی کام کریں

آؤ اجڑی ہوئی بستی کو پھر آباد کریں
آؤ جکڑی ہوئی روحوں کو پھر آزاد کریں
آؤ کچھ پیرویِ مسلکِ فرہاد کریں
یہ نہیں شرطِ وفا بیٹھ کے آرام کریں

نوجوانانِ وطن ! آؤ کوئی کام کریں

ایک ہنگامہ سا ہے آج جہاں میں برپا
آج بھائی ہے سگے بھائی کے خوں کا پیاسا
آج ڈھونڈے سے نہیں ملتی زمانے میں وفا
آؤ اس جنسِ گراں مایہ کو پھر عام کریں

نوجوانانِ وطن ! آؤ کوئی کام کریں

جامِ جم سے نہ ڈریں شوکتِ کَے سے نہ ڈریں
حشمت روم سے اور صولت رَے سے نہ ڈریں
ہم جواں ہیں تو یہاں کی کسی شے سے نہ ڈریں
ہم جواں ہیں تو نہ کچھ خدشۂ آلام کریں

نوجوانانِ وطن ! آؤ کوئی کام کریں

رشتۂ مکر و ریا توڑ بھی دیں ، توڑ بھی دیں
کاسئہ حرص و ہوا پھوڑ بھی دیں ، پھوڑ بھی دیں
اپنی یہ طرفہ ادا چھوڑ بھی دیں ، چھوڑ بھی دیں
آؤ کچھ کام کریں ، کام کریں ، کام کریں

نوجوانانِ وطن ! آؤ کوئی کام کریں

مئی 1938ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
سرِ بام !

لو آ گئی وہ سرِ بام مسکراتی ہوئی
لیے اچٹتی نگاہوں میں اک پیامِ خموش
یہ دھندلی دھندلی فضاؤں میں انعکاسِ شفق
یہ سونا رستہ ، یہ تنہا گلی ، یہ شامِ خموش
گلی کے موڑ پہ اک گھر کی مختصر دیوار
بچھا ہے جس پہ دھندلکوں کا ایک دامِ خموش
یہ چھت کسی کے سلیپر کی چاپ سے واقف
کسی کے گیتوں سے آباد یہ مقامِ خموش
کسی کے ہونٹوں کے اعجاز سے یہ چاروں طرف
تبسموں کے ضیا پاروں کا خرامِ خموش
کسی کے مد بھرے نینوں سے یہ برستا خمار
کسی کی نقرئی باہوں کا یہ سلامِ خموش
منڈیر پر بصد انداز کہنیاں ٹیکے
کھڑی ہوئی ہے کوئی شوخِ لالہ فام خموش

لیے اچٹتی نگاہوں میں اک پیامِ خموش

جون 1938ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
التماس

مری آنکھ میں رتجگوں کی تھکاوٹ
مری منتظر ، راہ پیما نگاہیں

مرے شہرِ دل کی طرف جانے والی
گھٹاؤں کے سایوں سے آباد راہیں

مری صبحِ تیرہ کی پلکوں پہ آنسو
مری شامِ ویراں کے ہونٹوں پہ آہیں

مری آرزوؤں کی معبود ! تجھ سے
فقط اتنا چاہیں ، فقط اتنا چاہیں

کہ لٹکا کے اک بار گردن میں میری
چنبیلی کی شاخوں سی لچکیلی باہیں

ذرا زلفِ خوش تاب سے کھیلنے دے
جوانی کے اک خواب سے کھیلنے دے​
 

فرخ منظور

لائبریرین
قیدی

سخت زنجیریں ہیں قیدی ! سخت زنجیریں ہیں یہ

ان کو ڈھالا ہے جہنم کی دہکتی آگ میں
انکی کڑیاں موت کے پھنکارتے ناگوں کے بیچ
انکی لڑیاں زندگی کی الجھنوں کے سلسلے
انکی گیرائی کے آگے تیری تدبیریں ہیں ہیچ

تیری تدبیریں ؟ عبث سب تیری تدبیریں ہیں یہ
سخت زنجیریں ہیں قیدی ، سخت زنجیریں ہیں یہ

بیڑیاں ، قیدی ترے پاؤں میں ہیں تاگے نہیں
دیکھ پاپی ! اپنے سر پر تیز سنگینوں کی چھت
چار سُو لوہے کی سیخوں کی فصیلِ بیکراں
تو ادھر بے دست و پا بے حس و حرکت بے سکت
اور ادھر اس سوچ میں ہیں تیرے ظالم پاسباں

دکھ کی کالی کوٹھڑی سے تو کہیں بھاگے نہیں
بیڑیاں ، قیدی ! ترے پاؤں میں ہیں تاگے نہیں

ستمبر 1938ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
کون ؟

زمانے پہ چھاتی ہیں جب کالی راتیں
مرے دل سے کون آ کے کرتا ہے باتیں ؟
چمکتے ہیں جب جھلملاتے ستارے
مرے من میں کیوں کوندتے ہیں شرارے ؟
اٹھاتی ہے جب کہکشاں چندرگاگر
ابلتا ہے کیوں میرے اشکوں کا ساگر ؟
گزرتے ہیں جب بادلوں کے سفینے
دھڑک اٹھتے ہیں کیوں امیدوں کے سینے ؟
کلی جب ہے شبنم کے جھومر سے سجتی
مری روح میں کس کی بنسی ہے بجتی ؟
گلستاں میں جب پھول کھلتے ہیں ہر سُو
مجھے کس کی زلفوں کی آتی ہے خوشبو ؟
یہ کیا بھید ہے کوئی بے نام ہستی
ہے آباد جس سے مرے من کی بستی
ہر اک لحظہ اک خوشنما روپ دھارے
مری روح سے کر رہی ہے اشارے

میں اس شکلِ موہوم کو ڈھونڈتا ہوں
میں اس سرِمکتوم کو ڈھونڈتا ہوں

نومبر 1938ء​
 

فرخ منظور

لائبریرین
شاعر

میں شاعر ہوں میری جمالیں نگہ میں
ذرا بھی نہیں فرق ذرے میں مہ میں
جہاں ایک تنکا سا ہے میری رَہ میں

ہر اک چیز میرے لئے ہے فسانہ
ہر اک دُوب سے سن رہا ہوں ترانہ
مرے فکر کے دام میں ہے زمانہ

میں سینے میں داغوں کے دیپک جلائے
میں اشکوں کے تاروں کا بربط اٹھائے
خیالوں میں نغموں کی دنیا بسائے

رہِ زیست پر بے خطر جا رہا ہوں
کہاں جا رہا ہوں ، کدھر جا رہا ہوں
نہیں جانتا ہوں ، مگر جا رہا ہوں

یہ دنیا یہ بے ربط سی ایک زنجیر
یہ دنیا یہ اک نامکمل سی تصویر
یہ دنیا نہیں میرے خوابوں کی تعبیر

میں جب سوچتا ہوں کہ انساں کا انجام
ہے مٹی کے اک گھر کی آغوشِ آرام
تو سینے میں اٹھتا ہے اک دردِ بے نام

میں جب دیکھتا ہوں کہ یہ بزمِ فانی
غمِ جاودانی کی ہے اک کہانی
تو چیخ اٹھتی ہے میری باغی جوانی

یہ محلوں ، یہ تختوں ، یہ تاجوں کی دنیا
گناہوں میں لتھڑے رواجوں کی دنیا
محبت کے دشمن سماجوں کی دنیا٭

یہاں پر کلی دل کی کھلتی نہیں ہے
کوئی چق دریچوں کی ہلتی نہیں ہے
مرے عشق کو بھیک ملتی نہیں ہے

اگر میں خدا اس زمانے کا ہوتا
تو عنواں کچھ اور اس فسانے کا ہوتا
عجب لطف دنیا میں آنے کا ہوتا

مگر ہائے ظالم زمانے کی رسمیں
ہیں کڑواہٹیں جن کی امرت کے رس میں
نہیں میرے بس میں ، نہیں میرے بس میں

مری عمر بیتی چلی جا رہی ہے
دو گھڑیوں کی چھاؤں ڈھلی جا رہی ہے
ذرا سی یہ بتی جلی جا رہی ہے

جونہی چاہتی ہے مری روح مدہوش
کہ لائے ذرا لب پہ فریادِ پرجوش
اجل آ کے کہتی ہے خاموش ! خاموش !

نومبر 1938ء

٭ساحر لدھیانوی کے ایک مشہور گیت کے بعض مصرعے اسی بند سے ماخوذ ہیں۔​
 
Top