ٹائپنگ مکمل کربلا : صفحہ 10

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
KarBala%20-%2000012.gif
 

شاہ حسین

محفلین
۲۲

وہ کندھوں پر بٹھاتے تھے ۔ وہ اپنی زلفوں کو ان کے دست نازک کے لئے وقف کر دیتے تھے ۔ جس پیشانی کو آپ اپنے پیروں پر جھکانا چاہتے ہیں ۔ وہ رسول کی بوسہ گاہ تھی ۔ حسین سے دشمنی کر کے آپ اپنے حق میں کانٹے بو رہے ہیں خلافت اس کی ہے جسے اکابر قبول کریں ۔ یہ کسی کی میراث نہیں ہے ۔ آپ خود مدینہ جائیے اور دیکھئے قوم کس پر خلافت کا بار رکھتی ہے ۔ اس کے ہاتھ پر بیعت کیجئے ۔ اگر قوم آپ کو اس رُتبہ پر بٹھادے ۔ تو مدینہ میں رہ کر شوق سے اسلام کی خدمت کیجئے ۔ مگر خدا کے واسطے یہ ہنگامہ برپا نہ کیجئے ۔ (جاتی ہے )
یزید :۔ سر جون رومی کو بلاؤ ۔
(سر جون آکر آداب بجالاتا ہے )
یزید :۔ جس وفاداری کے ساتھ آپ نے والد مرحوم کی خدمت کی ہے ۔ اس کے لئے آپ کا شکر گزار ہوں ۔ مگر اس وقت مجھے آپ کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے بصرہ کی صوبہ داری کے لئے آپ کسے تجویز کرتے ہیں ؟
رومی :۔ خدا امیر کو سلامت رکھے ۔ میرے خیال میں عبداللہ بن زیاد سے زیادہ لائق آدمی آپ کو مشکل سے ملے گا ۔ زیاد نے امیر معاویہ کی جو خدمت کی اس کی یاد ہمیشہ تازہ رہے گی ۔ عبداللہ اسی باپ کا بیٹا ہے ۔ اس خاندان کا وہ اتنا ہی سچا غلام ہے ۔ اُس کے پاس فوراً قاصد بھیج دیجئے ۔
یزید :۔ مجھے زیاد کے بیٹے سے شکایت ہے کہ اس نے بصرہ والوں کی مجھے اطلاع نہیں دی ۔ مجھے خوف ہے بصرہ والے مجھ سے بغاوت کر جائیں گے ۔
رومی:۔ زیاد پر آپ کا شک بیجا ہے ۔ آپ کے مددگار آپ کے پاس خود بخود

۲۳

نہ آئیں گے وہ تلاش کرنے سے منّت و سماجت و رعایت کرنے سے آئیں گے ۔ آپ ہی آپ وہ لوگ آئیں گے ۔ جو آپ کی ذات سے خود فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔ اس منصب کے لئے زیاد سے زیادہ بہتر آدمی آپ کو نہ ملے گا ۔
یزید :۔ سوچوں گا ۔ ( شراب کا پیالہ اٹھا کر پیتا ہوا۔ )
ضحاک کوئی نغمہ دلنواز سناؤ ۔ جس کا مزہ اسِ فکر کو مٹادے ۔ جو اس وقت میرے دل و جگر پر سنگِ گراں کی بار ہو رہی ہے ۔
ضحاک :۔ جیسا ارشاد ( دف بجا کر گاتا ہے )
(پردہ گرتا ہے )

دوسرا سین

رات کا وقت ہے ۔ مدینہ کا گورنر ولید اپنے دربار میں بیٹھا ہوا ہے ۔
ولید :۔ (خودبخود ) مروان کتنا خود غرض آدمی ہے۔ میرا ماتحت ہو کر بھی مجھ پر رعب جماتا ہے ۔ اس کی مرضی پر چلتا تو آج سارا مدینہ میرا دشمن ہو جاتا اس نے رسول کے خاندان سے ہمیشہ دشمنی کی ہے ۔
(قاصد آتا ہے )
قاصد :۔ یا امیر یہ خلیفہ یزید کا خط ہے ۔
ولید :۔ (گھبراکر ) خلیفہ یزید ! امیر معاویہ کو کیا ہُوا ؟
قاصِد آپ کو پوری کیفیت اس خط سے معلوم ہو گی ۔
 
Top