پیزہ بنانے کی آسان ترکیب

ناعمہ عزیز

لائبریرین
مجھے پیزہ بہت زیادہ پسند ہے ، کب اور کیونکر پسندہوا یہ تو علم نہیں مگر ہر روز دل کرتاہے کہ پیزا کھاؤں۔
پہلے تو میں پورا کا پورا یعنی سالم پیزہ باہر سے لا کر کھا لیا کرتی تھی ، پھر یوں ہوا کہ مجھے پیزہ بریڈ مل گئی تو میں نے ٹاپنگ خود کر کے پیزہ بنانا شروع کر دیا ، اور اب ہوا کہ میں پیزہ کی بریڈ بھی گھر پر ہی بنا لیتی ہوں ۔اور بقول میرے میاں کے
تم نے میری صحبت میں رہ رہ کے پیزہ بنانا سیکھ ہی لیا ( یہ الگ بات ہے پسند صرف مجھے تھا مگر اب وہ بھی شوق سے کھاتے ہیں )۔
آج بھی میں نے پیزہ کی ڈو بنا کے رکھی ہے اور شام کو پیزہ بنانا ہے تو یہاں بیٹھے بیٹھے خیال آیا کیوں نا آپ لوگوں کے ساتھ اس کی ترکیب شئیر کی جائے۔
تو ڈو بنانے کے لئے جو چیزیں آپ کو درکار ہیں :
میدہ ۔ایک کلو (میں ہمیشہ ایک کلومیدہ لیتی ہوں کیونکہ اس پر میرا ہاتھ سیٹ ہے ،اور یہ جو ریسیپی میں یہاں دے رہی ہوں یہ ایک کلو کے ساتھ ہی بنائی جائے )
خمیر (yeast) ۔ ایک پیکٹ
نمک ۔ ایک چٹکی
چینی۔ ایک ٹی سپون
آئل ۔دو ٹی سپون
اور نیم گرم پانی آٹا گوندھنے کے لیے

ترکیب
سب سے پہلے ایک برتن میں ایک کپ نیم گرم پانی لیں اس میں ایک پیکٹ خمیر اور چینی ملا کر ہلائیں اور اسے آدھے گھنٹے کے لیے ڈھک کے رکھ دیں ۔ آدھے گھنٹے کے بعد اسے دیکھیں اس پر جھاگ نمودار ہو چکی ہو گی ، (اگر ایسا نا ہوا ہو تو اسے دس منٹ کے لئے اور چھوڑ دیں )
اب ایک برتن میں میدہ ، نمک ، آئل اور خمیر ملا پانی ڈالیں اور نیم گرم پانی سے آٹے کی طر ح گوندھ لیں ۔
گوندھنے کے بعد میدے کو پریشر کوکر میں ڈالیں اور رات بھر پڑا رہنے دیں ، بہتر یہی ہے کہ آپ رات کو ہی ڈو بنا کے رکھ لیں اور اگلے دن اس کا پیزا بنائیں ، اگر سردی کا موسم ہے تو پریشر کوکر میں ڈو رکھنے سے پہلے اسے قابل برداشت گرم کر لیں پھر ڈو رکھیں ، اور ہاں کوکر پر ویٹ رکھنا نہیں بھولنا ، یعنی اسے بالکل ائیر ٹائٹ بند کرنا ہے۔
نوٹ۔ایک کلو میدہ سے لارج سائز پانچ سے چھ پیزہ بنائے جا سکتے ہیں ، اگر آپ نے ایک یا دو بنانے ہوں تو باقی ڈو کو فریز کر لیں ۔

اب آتے ہیں ٹاپنگ کی طرف۔ٹاپنگ آپ کی اپنی مرضی کی ہو سکتی ہے جو دل چاہے وہی ایڈ کریں ۔بہرحال جو چیزیں میں استعما ل کرتی ہوں ان کے بارے میں لکھ رہی ہوں ۔

اشیا:
شملہ مرچ۔حسب ضرورت

پیاز۔حسب ضرورت
چکن بون لیس۔حسب ضرورت
چیز۔ ایک چھوٹا پیک (کرش کر لیں )
پیزہ ساس (پیزہ ساس بنی بنائی مل جاتی ہے میں نے گھر پر بنائی نہیں اس لیے اس کی ریسپی نہیں لکھ رہی) دو ٹیبل اسپون (درمیانے پیزہ کے لیے
روز مور۔ آدھا ٹی سپون
پارسلے ۔آدھا ٹی سپون
زیتون۔ 12 سے 18
(ٹاپنگ میں مشروم اور کارن بھی ایڈ کیے جاسکتے ہیں )

سب سے پہلے چکن تیار کرلیں اور اس کی ترکیب کچھ یوں ہے کہ

بون لیں چکن کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر لیں ، ایک فرائی پین میں ایک ٹی سپون آئل لیں ، اس میں چکن ڈالیں ، آدھا آدھا ٹی سپون لہسن ، ادرک کی پیسٹ شامل کریں اور اسے فرائی کر لیں ،اب اس میں ایک چوتھائی چمچ چائیز نمک ڈالیں ، اور پھر آدھا آدھا ٹی سپون سرکہ ، سویا ساس ، چلی ساس ، ووسٹرشائر ساس
شامل کر کے ملائیں ، مجھے تکہ فلیور پسند ہے تو اس کے لیے میں ایک ٹی سپون تکہ مصالحہ چکن میں ایڈ کرتی ہوں ۔ جب چکن گل جائے اور ساسز خشک ہو جائیں اور اسے اتار لیں ،

اب آتے ہیں پیزہ کی طرف

سب سے پہلے پیزہ کی ڈو بیلیں ، موٹی یا پتلی آپ کی پسند پر منحصر ہے ، ( میں چونکہ اوون میں بناتی ہوں اس لئے اوون کی ترکیب لکھ رہی ہوں ، اگر آپ چولہے پر بنانا چاہتے ہیں تو وہ ترکیب بعد میں لکھوں گی۔)
ڈو پر سب سے پہلے پیزہ ساس لگائیں ،
اور آدھی کرش کی ہوئی چیز پھیلا دیں ، اب چکن ڈالیں ، شملہ، پیاز ڈالنے کے بعد دو سے تین چٹکی تکہ مصالحہ اور چھڑک دیں اور پھر کرش کی ہو ئی آدھی چیز ڈالیں ۔سب سے آخر پر زیتون ڈالیں، پارسلے اور روز میری کے پتے چھڑکیں،اور اسے 200 سیلسی ایس پر بیک کر لیں ۔


اگر آپ چولہے پر بنانا چاہ رہے ہیں تو
ایک نان سٹک پین لیں ، اس کے ڈھکن کو فوائل پیپر سے کور کریں تاکہ ڈھکن میں جانے والا پانی پیزہ پر نا گرے۔
سب سے پہلے ڈو کی روٹی بنائیں
اسے پین میں رکھیں ، دم کی آگ پر 10 منٹ کے لئے پکائیں اور پھر اس کی سائیڈ پلٹیں ، دوسری طرف کو بھی اتنا ہی ٹائم دیں ۔
اب اوپر دی گئی ترکیب کے مطابق اس کی ٹاپنگ کریں اور دوبارہ سے ڈھک کر چالیس سے پینتالیس منٹ تک دم کی آگ پر پکائیں ۔
آپ کا پیزہ تیار ہے۔
 
آخری تدوین:

مقدس

لائبریرین
اچھی ریسیپی ہے ناعمہ۔۔۔ مجھے پیزا بنانا اچھا لگتا ہے لیکن کھانا نہیں۔۔۔ شادی سے پہلے اسماعیل کے کیے اور اب تیمور کے لیے اکثر بناتی رہتی ہوں
 

نایاب

لائبریرین
ترکیب تو سادہ و آسان ہے
مزیدار بھی ہوگا ۔۔۔
جمعے کو کوشش کروں گا بنانے کی ۔۔۔
بہت دعائیں
 

ناعمہ عزیز

لائبریرین
پیزہ کھانے کا بہت شوق ہے ۔۔ بنانے کا بالکل نہیں ۔۔۔
کبھی ہمت کی تو یہ ترکیب آزماؤں گی :)
مجھے تو بنا کے کھانے کا مزہ آتا ہے اب۔ کوئی مجھے پوچھے پیزا کون سا پسند ہے تو میں کہتی ہوں
اپنے ہاتھ کا :laugh:
 
آخری تدوین:

افضل حسین

محفلین
یہ پارسلے بہت مشکل سے ملتا ہے ۔گزشتہ دنوں سوپ بنانے کے لئے پارسلے خریدنے گیا تو سبزی فروش نے کہا کہ کم ازکم ایک کیلو خریدنا ہوگا:)
 

arifkarim

معطل
ویسے تو پیزا کئی طریقوں سے بنایا جاتا ہے لیکن اوریجنل ترکیب میں اوون کا شدید گرم درجہ حرارت ضروری ہے جو آپ کو گھر کے اوون میں نہیں ملتا۔
دوکاندار اسکے لیے پروفیشنل اوون استعمال کرتے ہیں جو کہ ظاہر ہے گھر میں نہیں ہوتے
 

ناعمہ عزیز

لائبریرین
یہ پارسلے بہت مشکل سے ملتا ہے ۔گزشتہ دنوں سوپ بنانے کے لئے پارسلے خریدنے گیا تو سبزی فروش نے کہا کہ کم ازکم ایک کیلو خریدنا ہوگا:)
پارسلے تو پیک بھی مل جاتا ہے اور میں پیزا کے لیے وہی استعمال کرتی ہوں۔
 
Top