نظم برائے اصلاح: بچوں کا کھیل

جناب محترمالف عین صاحب، اور دیگراحباب سے اصلاح کی گذارش ہے۔

فعولن فعولن فعولن فعولن
چلو اب کھلونوں سے کھیلیں دوبارہ
یہ ہاتھی ہے میرا وہ گھوڑا تمہارا
پڑے ہیں جو رنگین ڈبے یہاں پر
بناتے ہیں گڑیا کا کمرہ سجا کر
ذرا مجھ کو دینا وہ چھوٹا سا گتا
میں اس سے بناؤں گی کمرے کا چھتا
کہاں سے ملا یہ چمکتا ستارہ
جسے ڈھونڈنے کو ہے گھر چھان مارا
لگاتے ہیں اس کو یوں گڑیا کے سر پر
یہ رانی لگے گی پیاری سی بن کر
مرے چھوٹے بھائی تو اک کام کر دے
یہ چادر کے پلو کو کَس کے پکڑ لے
اسے دیکھنا تم لگے گی یہ سُندر
لپیٹوں گی گڑیا کو جب اس کے اندر
مجھے کھیلتے اب ڈرانا نہیں تم
یہ سوتی ہے گڑیا اٹھانا نہیں تم
چلو کھیل کو ختم کرتے ہیں ایسے
سمیٹو کھلونے اٹھائے تھے جیسے
اگر کھیلنا ہے یہاں پر دوبارہ
اٹھانا پڑے گا یہ سارا کباڑا
 

عظیم

محفلین
مبارک ہو محمد عظیم الدین بھائی ۔ یہ نظم درست لگ رہی ہے مجھے ۔ محض 'پیاری' کو فعولن باندھا ہے ۔ اس کو فعلن ہونا چاہیے تھا ۔
 

الف عین

لائبریرین
ستاروں کی رانی والا مصرع بہترین ہے۔
اس کے علاوہذرا مجھ کو دینا وہ چھوٹا سا گتا
میں اس سے بناؤں گی کمرے کا چھتا
چھتا؟ شہد کی مکھی اور بھروں والا چھتا؟ یہاں تو چھت کے معنی محسوس ہو رہے ہیں۔ کیا پاکستانی اردو÷ پنجابی میں چھت کے لیے بھی استعما ل ہوتا ہے؟
اور
اسے دیکھنا تم لگے گی یہ سُندر
لپیٹوں گی گڑیا کو جب اس کے اندر
قافیہ غلط ہے۔اعراب دیکھو۔ (ہاں، بندر قافیہ ہو سکتا ہے!!!!!!)
 
چھتا؟ شہد کی مکھی اور بھروں والا چھتا؟ یہاں تو چھت کے معنی محسوس ہو رہے ہیں۔ کیا پاکستانی اردو÷ پنجابی میں چھت کے لیے بھی استعما ل ہوتا ہے؟
جی میری ناقص فہم کے مطابق، چھاؤں کرنے کے لیے جو عارضی چھت بناتے ہیں اس کو چھتا بولا جاتا ہے۔
اسے دیکھنا تم لگے گی یہ سُندر
لپیٹوں گی گڑیا کو جب اس کے اندر
قافیہ غلط ہے۔اعراب دیکھو۔ (ہاں، بندر قافیہ ہو سکتا ہے!!!!!!)
بندر رہنے دیتے ہیں، یوں کردیتا ہوں
اسے دیکھنا تم لگے گی یہ پیاری
لپیٹوں گی گڑیا کو جب اس کی ساڑھی
 
Top