اختر شیرانی نظم، ننھا قاصد از اختر شیرانی

فرخ منظور

لائبریرین
نظم

ننھا قاصد

ترا ننھا سا قاصد ، جو ترے خط لے کر آتا تھا
نہ تھا معلوم اسے ، کس طرح کے پیغام لاتا تھا؟

سمجھ سکتا نہ تھا وہ خط میں کیسے راز پنہاں ہیں؟
حروف سادہ میں کس حشر کے انداز پنہاں ہیں؟
اسے کیا علم ان رنگیں لفافوں میں چھپا کیا ہے؟
کسی مہوش کا نامے بھیجنے سے مدعا کیا ہے؟

مگر مجھ کو خیال آتا تھا اکثر اس زمانے میں
کہ اس کی حیرت طفلی ہے کیوں گم اس فسانے میں؟
وہ باایں کم سنی ، کیا یہ نہ دل میں سوچتا ہو گا؟
کہ"باجی نے ہماری اپنے خط میں کیا لکھا ہو گا؟"

"اور آخر وہ اسی کو نامہ لکھ کر بھیجتی کیوں ہیں؟"
"کبھی بھیجا تو بھیجا لیکن اکثر بھیجتی کیوں ہیں؟"
"وہ پہلے سے زیادہ بھائی کو کیوں پیار کرتی ہیں؟"
"لفافہ دے کے لطف خاص کا اظہار کرتی ہیں"

"پھر"ایسے اجنبی" پر اُس کی باجی" مہرباں کیوں ہیں؟"
"اگر ہیں بھی تو گھر والوں سے یہ باتیں نہاں کیوں ہیں؟"
اور اس کے شبہے کی، اس سے بھی تو تائید ہوتی ہے
چھپا کر خط کو لے جانے کی کیوں تاکید ہوتی ہے؟

"یہ نو خیز اجنبی جانے کہاں سے اکثر آتا ہے"
"جب آتا ہے تو باجی کی طرح خط لکھ کے لاتا ہے"
"عزیزوں کی طرح یہ کیوں، مکاں میں آ نہیں سکتا؟"
جب اس سے پوچھتا ہے، وہ اسے سمجھا نہیں سکتا!

کھلونے دے کر اس کو، مسکرا دیتا ہے وہ اکثر
اور اک ہلکا سا تھپڑ بھی لگا دیتا ہے وہ اکثر!
ترے قاصد کے یہ افکار ، دل کو گدگداتے تھے
اور اپنے بھولپن سے میرے جذبوں کو ہنساتے تھے

نہیں موقوف انہی ایام پر، جب بھی خیال آیا،
تصور ، تیرے بعد اس کا بھی نقشہ سامنے لایا!
مگر آج اس طرح دیکھا ہے وہ نقش حسیں میں نے
کہ رکھ دی خاک حیرت پر محبت کی جبیں میں نے

وہی ننھا سا قاصد نوجواں ہو کر ملا مجھ کو
زمانے کے تغيّر نے پریشاں کر دیا مجھ کو
جنونِ ابتدائے عشق نے کروٹ سی لی دل میں
پس از مدّت ، یہ لیلیٰ آ گئی پھر اپنے محمل میں!

ترے قاصد سے ملتے وقت مجھ کو شرم آتی تھی
مگر اس کی نگاہوں میں شرارت مسکراتی تھی
شرارت کا یہ نظارہ مری حیرت کا ساماں تھا!
کہ اس پردے کے اندر تیرا راز عشق عریاں تھا!
 

محمد وارث

لائبریرین
اجی واہ صاحب کیا خوب 'باجی کا ننھا قاصد' ڈھونڈ کر لائے ہیں، افسوس کہ ہمیں آج تک کوئی 'ننھا قاصد' نہ ملا :)
 

محمد امین

لائبریرین
ہاہاہاہا ماشاءاللہ۔۔۔۔ جتنی اچھی نظم ہے اتنی ہی خوب نوک جھونک ہے،،۔۔۔ اللہ آپ لوگوں‌کو ایسا ہی بذلہ سنج اور ہنستا مسکراتا رکھے۔۔۔!:)
 

فرخ منظور

لائبریرین
عمر گزری تو نہیں ہاں کچھ زیادہ ہو گئی سو ننھے قاصد کی جگہ بڑا قاصد بھی چلے گا ;)

حضور بڑے قاصد کی آرزو مت کیجیے۔ اگر اس نظم کی طرح اسے آپ نے ایک چپت رسید کر دی تو وہ آپ کے ساتھ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بس توبہ! ;) :notlistening:
 

محمد وارث

لائبریرین
حضور بڑے قاصد کی آرزو مت کیجیے۔ اگر اس نظم کی طرح اسے آپ نے ایک چپت رسید کر دی تو وہ آپ کے ساتھ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بس توبہ! ;) :notlistening:

خانہ زادِ زُلف ہیں، زنجیر سے بھاگیں گے کیوں
ہیں گرفتارِ وفا، زنداں سے گھبرائیں گے کیا ;)
 

محمد وارث

لائبریرین
بہت شکریہ زونی! لیکن وارث صاحب کو تم ہی کچھ سمجھاؤ یہ تو باز نہیں آرہے۔
:)

میں سمجھا تو دوں لیکن اس کی کیا گارنٹی ھے کہ وہ سمجھ بھی جائیں گے ;)



:grin:

یہ کہاں کی دوستی ہے، کہ بنے ہیں دوست ناصح
کوئی چارہ ساز ہوتا، کوئی غمگسار ہوتا :)
 
Top