ساتویں سالگرہ میں، محفل، محفلین اور دیوانِ محفل

محمد بلال اعظم

لائبریرین
میں، محفل، محفلین اور دیوانِ محفل
عبادتوں کی طرح میں یہ کام کرتا ہوں​
میرا اصول ہے پہلے سلام کرتا ہوں​
السلام علیکم یا اہلِ اردو محفل!
10 فروری 2012 کی ایک ٹھنڈی ٹھار صبح تھی۔ شکر ہے ان دنوں واپڈا کو بھی کچھ کچھ قرار تھا۔ ہم بستر میں دبکے انٹرنیٹ کو اپنے پہلو میں لئے گرما گرم چائے سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ایک ایک جہانِ ان لیمیٹڈ(Unlimited)کھوئے ہوئے تھے۔ ان دنوں عروض نگاری کے شوق میں نیٹ گردی بھی کرتے پھر رہے تھے۔ اسی آوارہ گردی کے دوران ہم اردو محفل پہ آ وارد ہوئے۔
شروع شروع کے دنوں کی یادیں تازہ کرتا ہوں تو یاد پڑتا ہے کہ مجھے محفل کی بالکل بھی سمجھ نہیں آتی تھی۔ بات کچھ اور چل رہی ہوتی تھی اور میں کمنٹ کچھ اور کر دیتا تھا۔ مثلاَ ایک جگہ شایدویلنٹائن ڈے پہ بات ہو رہی تھی تو میں وہاں علامہ اقبالؒ کا یہ شعر بطور کمنٹ لکھ آیا۔
ملا کو جو ہے ہند میں سجدے کی اجازت​
ناداں یہ سمجھتا ہے کہ اسلام ہے آزاد​
اور ایک جگہ سیرئس ٹاپک تھا، میں لکھ آیا
نیند کا ہلکا ہلکا خمار آنکھوں میں تھا​
جس پر ہلکی پھلکی سر زنش بھی ہوئی، کان بھی کھینچے گئے۔ اس کے علاوہ مزید بھی چھوٹی چھوٹی غلطیاں کیں، جن کو محفلین کے سامنے پردۂ محفل پہ لانا ٹھیک نہیں کہ زمانہ خراب ہے اور میں معصوم۔خیر آہستہ آہستہ میں محفل کو سمجھتا گیا۔
محفل پہ سب سے پہلے ہمارا واسطہ الف عین جی سے ہوا۔ جنہوں نے ہمیں وارث بھائی کے بلاگ کا چکر لگانے کو کہا۔ ہم وارث بھائی کے بلاگ کا چکر لگا کر آئے کہ چلو اسے بہانے تھوڑی عروض گردی اور بلاگ گردی ہو جائے گی۔اس کے بعد ہم خلیل سر سے ملے۔ جنہوں نے ہمیں بہت ہی قیمتی مشوروں سے نوازا۔
یہ تھا تھوڑا سا محفل کا حال جس میں سردی بھی آئی، گرمی بھی، بہار بھی خزاں بھی۔
اب آرہا ہے آج کا سب سے بڑا شاہکار۔ جی ہاں آپ سہی سمجھے ہمارا دیوانِ محفل چھپ چکا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ پبلشر نے ہمیں پورے پیسے ادا نہیں کیےمگر محفل کی سالگرہ کی خوشی میں ہم یہ بھی گوارا کر بیٹھے۔ تو آئیے کرتے ہیں کچھ اشعار نذرِ محفلین۔
سب سے پہلے اردو محفل کے نام
کب یاد میں تیرا سات نہیں ، کب ہات میں تیرا ہات نہیں​
صد شکر کہ اپنی راتوں میں ہجر کی اب کوئی رات نہیں​
اور
ہم کو اچھا نہیں لگتا کوئی ہم نام تیرا​
کوئی تجھ سا ہو تو پھر نام بھی تجھ سا رکھے​
جناب محترم استادِ گرامی اعجاز عبید صاحب کے لئے( الف عین )
اتنی فرصت نہیں اب اور سخن کیا لکھنا؟​
بس بہ اندازِ غزل اُس کا سراپا لکھنا​
بزمِ خورشید رخاں میں وہ الگ، سب سے الگ​
حلقۂ گلِ بدناں میں اسے یکتا۔۔۔لکھنا​
اعجاز صاحب اتنی عظیم ہستی ہیں کہ سمھ نہیں آتا کہ کیا لکھوں بقولِ فراز
قلم بدست ہوں، حیران ہوں کہ کیا لکھوں​
میں تیری بات کہ دنیا کا تذکرہ لکھوں​
اب باری آتی ہے وارث بھائی کی۔ پتہ یہ مجھے ہی لگتا ہے یا واقعی وارث بھائی کی آنکھوں میں کچھ ہے۔ وارث بھائی مجھے آپ کی آنکھیں بہت پسند ہیں،سو آپ کے لئے( محمد وارث )
مسکراتی ہوئی آنکھوں والے​
لوٹ لیتے ہیں خزانے دل کے​
ہم نے کب اُسے نہ چاہا محسن​
ہم نے کب قول نہ مانے دل کے​
خلیل سر آپ کے محمد خلیل الرحمٰن

یہ کیسا نشہ ہے، میں کس عجب خمار میں ہوں​
تو آ کے جا بھی چکا ہے، میں انتظار میں ہوں​
یوسف ثانی بھائی( یوسف ثانی )
ہم پر تمہاری چاہ کا الزام ہی تو ہے​
دشنام تو نہیں ہے، یہ اکرام ہی تو ہے​
مغزل بھائی آپ کے لئے( مغزل )
ہم پرورشِ لوح و قلم کرتے رہیں گے​
جو دل پر گزرتی ہے، رقم کرتے رہیں گے​
احمد بھائی آپ کی نذر( محمد احمد )
یہ شب، یہ خیال و خواب تیرے​
کیا پھول کھلے ہیں منہ اندھیرے​
غالب خوش ہو جاؤ ، تمہارا نمبر بھی آ ہی گیا
ہوتی ہے تیرے نام سے وحشت کبھی کبھی​
برہم ہوئی ہے یوں بھی طبیعت کبھی کبھی​
اے دوست ہم نے ترکِ تعلق کے با وجود​
محسوس کی ہے تیری ضرورت کبھی کبھی​
خرم بھائی آپ کے لئے( خرم شہزاد خرم )
نازِ بیگانگی میں کیا کچھ تھا​
حسن کی سادگی میں کیا کچھ تھا​
لاکھ راہیں تھیں، لاکھ جلوے تھے​
عہدِ آوارگی میں کیا کچھ تھا​
ذیشان(Zeesh)بھائی آپ کے لئے( zeesh )
نہ ملا کر اداس لوگوں سے​
حسن تیرا بکھر نہ جائے کہیں​
نایاب بھائی آپ کے لئے( نایاب )
بھول کر ذات تم کو یاد کیا​
بات بے بات تم کو یاد کیا​
نیند ناراض ہو گئی ہم سے​
ہم نے جس رات تم کو یاد کیا​
ایم اے راجا بھائی آپ کے لئے( ایم اے راجا )
رستہ بھی کٹھن، دھوپ میں شدت بھی بہت تھی​
سائے سے مگر اُس کو محبت بھی بہت تھی​
اظہر بھائی ایک ابھرتے ہوئے شاعر ہیں، ان کے لئے( محمد اظہر نذیر )
رقم کریں گے تیرا نام انتسابوں میں​
کہ انتخابِ سخن ہے یہ انتخابوں میں​
اوہو فرخ بھائی کو کیسے بھول گیا، آپ کے لئے( فرخ منظور )
یہ معجزہ بھی محبت کبھی دکھائے مجھے​
کہ سنگ تجھ پہ گرے اور زخم آئے مجھے​
فاتح بھائی آپ کے لئے صرف اور صرف( فاتح )
خوشبو کی طرح آیا وہ تیز ہواؤں میں​
مانگا تھا جسے ہم نے دن رات دعاؤں میں​
تمام بہنوں کے لئے( مہ جبین ، عندلیب ، سیدہ شگفتہ ، نیلم ، تعبیر ، تبسم ، ناعمہ عزیز ، عائشہ عزیز ، برگ حنا ، نمرہ ، باقی یاد نہیں آ رہی ہیں اس وقت)
سجتی رہیں خوشیوں کی محفلیں​
ہر خوشی تمہاری سہانی رہے​
میرے دل کی یہ دعا ہے کہ​
تمہارے چہرے پہ ہمیشہ مسکان رہے​
اور اب وہ سب جو اس وقت یاد نہیں آرہے
نہ جی بھر کے دیکھا نہ کچھ بات کی​
بڑی آرزو تھی ملاقات کی​
اب آخر میں سارا سارا دن نیٹ گردی کرنے والوں کے لئے ایک مخلصانہ اور گھریلو مشورہ
یونہی بے سبب نہ پھرا کرو​
کوئی شام گھر بھی رہا کرو​
(محمد بلال ا عظم)
 

محمداحمد

لائبریرین
بہت ہی خوبصورت ۔۔۔۔۔! بہت ہی دل کو بھانے والی تحریر۔

اور بہت اچھے اشعار کا انتخاب ۔

کیا بات ہے :khoobsurat:

خوش رہیے بلال بھائی۔ شاد آباد رہیے۔ :)
 

نایاب

لائبریرین
بہت خوب محترم محمد بلال اعظم بھائی
محبتوں سے نوازنے پر بہت شکریہ
خوش رہیں سدا اور خوشیوں کی تقسیم سدا جاری رہے آمین۔
 

فرخ منظور

لائبریرین

محمد بلال اعظم

لائبریرین
بہت خوب محترم محمد بلال اعظم بھائی
محبتوں سے نوازنے پر بہت شکریہ
خوش رہیں سدا اور خوشیوں کی تقسیم سدا جاری رہے آمین۔

نایاب بھائی نوازش آپ کی۔
آپس کی بات ہے آپ ٹائپنگ کے دوران یاد آئے تو میں نے فورن ہی آپ کا نام بھی لکھ لیا مبادا کہ بعد میں بھول جاؤں:)
 
Top