میڈیاویکی مشترکہ ترمیم کاری اور ڈاکیومنٹیشن کے لیے ایک بہترین سوفٹویئر ہے، نیز اسی سوفٹویئر پر شہرہ آفاق دائرۃ المعارف ویکیپیڈیا بھی چل رہی ہے اس لیے اس سوفٹویئر کی ڈویلپمنٹ و ترقی دہندگی سرعت و کامل اہتمام کے ساتھ جاری ہے۔ مزید، چونکہ ویکیپیڈیا کا منصوبہ دنیا کی ڈھائی سو سے زائد زبانوں میں جاری ہے اس لیے اس سوفٹویئر میں بین الاقوامیت و مقامیانے کی بہترین صلاحیت بہم پہونچائی گئی ہے۔
گرچہ اردو ویکیپیڈیا کا آغاز آج سے بارہ سال قبل 2004ء میں ہو گیا تھا لیکن بوجوہ اس سوفٹویئر کا نصف ترجمہ بھی اب تک مکمل نہیں ہو سکا۔ گزشتہ کل جب ہم نے محفل میں میڈیا ویکی کے اردو ترجمہ میں درپیش افراد کار کی قلت پر اپنی مشکل کا اظہار کیا تو اس مراسلہ میں ابن سعید بھائی نے تجویز دی کہ یہاں محفل پر اس کے اردو ترجمہ پر علاحدہ لڑی کا آغاز کیا جائے جس میں احباب محفل کو اس اہم سوفٹویئر کے ترجمہ کاری کی جانب توجہ دلائی جائے۔ چنانچہ تعمیل ارشاد میں اس لڑی کا آغاز کر رہے ہیں۔
طریقہ کار
میڈیاویکی کا ترجمہ translatewiki پر کیا جاتا ہے، چنانچہ سب سے پہلے اس ربط پر جا کر ایک نیا کھاتہ بنا لیں، اس کے بعد اس ربط پر جائیں۔یہ ربط آپ کو میڈیاویکی کے ترجمہ پورٹل تک لے جائے گا۔ مذکورہ صفحہ کھلتے ہی آپ کو اوپر کی جانب چار ٹیبز نظر آئیں گے۔
All تمام
Untranslated غیر ترجمہ شدہ
Outdated از کار رفتہ
Translated ترجمہ شدہ

ان چاروں ٹیبز کے عنوان ہی سے آپ ان کے مفاہیم سمجھ جائیں گے۔
اب آپ کی دلچسپی جس قسم میں ہو آپ اسے دیکھ کر اپنا ترجمہ یا پہلے سے ترجمہ مواد کی اصلاح کا کام شروع کر سکتے ہیں۔

ہدایات
جہاں تک بات ہے جملوں کے سیاق سباق کی تو میڈیاویکی کا جہاں ترجمہ کیا جاتا ہے وہیں ہر سٹرنگ کے بائیں جانب اس کے سیاق و سباق پر ڈاکیومنٹیشن موجود ہوتا ہے نیز عربی و ہندی وغیرہ زبانوں میں موجود تراجم کی تجاویز بھی دی جاتی ہیں تاکہ سہولت رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، مائیکروسافٹ کے تراجم اور اگر متعلقہ سٹرنگ کا کوئی جزو پہلے بھی ترجمہ ہو چکا ہو تو اس کی بھی تجویز سامنے دی جاتی ہے۔ ان سب کی بنا پر مترجمین کے لیے میڈیاویکی کا ترجمہ کرنا انتہائی سہل ہے۔

ترجمہ کے دوران اس بات کا خصوصی خیال رکھیں کہ ترجمہ کی زبان سلیس اور عام فہم ہو، نیز خود ساختہ بوجھل اصطلاحات اور غیر معیاری زبان سے گریز کریں۔ کچھ مثالیں ذیل میں ملاحظہ فرمائیں:
  • file کا متبادل فائل ہی استعمال کریں، نہ کہ ملف یا مسل۔
  • edit کا متبادل ترمیم استعمال کریں، نہ کہ تدوین۔
  • شستہ زبان کا استعمال کریں مثلاً "دکھاؤ" کے بجائے "دکھائیں"، "فعال کرو" کے بجائے "فعال کریں"۔
  • اردو اعداد (۱۲۳۴) کے بجائے انگریزی اعداد (1234) کا استعمال کریں۔
مزید کوئی مسئلہ یا مشکل ہو تو اسی لڑی میں دریافت کر سکتے ہیں، امید ہے احباب اس اہم کام کے لیے دست تعاون دراز کریں گے اور اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اردو کی مدد فرمائیں گے۔ :) :)

کچھ تفصیلات اردو ویکیپیڈیا پر اس ربط میں بھی ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔
 
آخری تدوین:
Top