مولوی صاحب اور ڈپریشن

مولوی صاحب پر ڈپریشن کا شدید حملہ ھوا تھا اور وہ رقت بھری آواز میں گڑگڑا گڑگڑا کر دعا مانگ رھے تھے

یا اللّه , یا اللّه ، میں بڑا ھی کمینہ بندہ ھوں – مجمعے نے زوردار آواز لگائی آمین

یا اللّه ،، میں بڑا پاپی انسان ھوں – مجمعے نے نعرہ لگایا آمین

یا اللّه ھر صغیرہ کبرہ گناہ میرے اندر ھے ، مجمعے نے زور سے کہا ثم آمین

یا اللّه میں ،………..بات ابھی مولوی صاحب کے منہ میں ھی تھی کہ مجمعے نے فلک شگاف نعرہ بلند کیا ، آآآآآآآآآآآآآآمین

مولوی صاحب کا تراہ نکل گیا اور ڈپریشن ختم ھو گیا اور ان کے اندر کا مولوی واپس آ گیا

کہنے لگے

تسی وی کج کیتا اے یا سارے گناہ میں ای کر چھڈے نے ؟

مجمعے نے کمزور سی آمین کہی

یا اللّه راجہ صاحب کی چوری کی بھیڑ کی قربانی قبول فرما اور اس کا ثواب اس بکروال کو عطا فرما ،جس کی یہ دنبی راجہ صاحب نے چوری کی تھی – ایک آمین کم ھو گئ

یا اللّه ملک صاحب جو شادی شدہ عورت بھگا کر لے گئے تھے وہ تینوں بچوں سمیت ان کو معاف فرما ، ایک اور آمین کم ھو گئ

یا اللّه ان بٹ صاحب کو دیکھ ،، چہرے سے ھی لگ رھا ھے ھفتے سے کچھ نہیں کھایا ،، یا اللّه ان کو وہ 20 کنال زمین معاف فرما جو یہ اپنی بیوہ بہن کی دبا کر بیٹھے ھیں اور وہ بیچاری پھٹے کپڑوں کے ساتھ گھر گھر کام کر کے روٹی کھاتی ھے – ایک اور آمین کم ھو گئ

یا اللّه ،، یا اللّه یہ اپنے حاجی صاحب جو صبح صبح ٹھنڈے یخ پانی سے وضو کر کے اذان دیتے ھیں ، ان کی اذان بھی قبول فرما ،، اور عصر کی نماز کے بعد جو دوسروں کی فصل چوری کاٹ کر اپنے مویشیوں کو ڈالتے ھیں اور اسی وضو میں مغرب کی نماز بھی پڑھتے ھیں ، یا اللّه اتنا مضبوط وضو قبول و منظور فرما ،، ایک اور آمین کم ھو گئ

یا اللّه ، فیروز خان کی تراویح کو قبول فرما اور اس تراویح کے صدقے ان کے نہ رکھے گئے روزے کو بھی شرف قبولیت بخش دے- ایک اور آمین کم ھو گئ

یا اللّه محمد حسین کو گلے کے کینسر سے محفوظ رکھ جو لوگوں کے گائے بھینس کو آٹے میں سوئیاں کھلا دیتا ھے اور وہ بھوکے پیاسے تڑپ تڑپ کر ذبح ھو جاتے ھیں
ایک اور آمین کم ھو گئ
میرے مولا لیاقت حسین کو مثانے کے کینسر سے محفوظ رکھ جو ھر اس گائے بھینس کے تھن درانتی سے کاٹ دیتا ھے جو اس کی فصل میں گھس آتی ھے

مسجد میں سناٹا چھا گیا

یا اللّه ان سب گنہگاروں کی روٹی کھا کھا کر مجھ ناچیز سے بھی جو گناہ سر زد ھو گئے ھیں ، ان سے درگزر فرما

یا اللّه ان سب کی طرف سے مجھ اکیلے کی آمین ، ثم امین
 
Top