قول فیصل صفحہ 41 تا 44

شمشاد

لائبریرین
صفحہ 41

ہماری تمام فتح مندیوں کی بنیاد چار سچائیوں پر ہے اور میں اس وقت بھی ملک کے ہر باشندے کو انہی کی دعوت دیتا ہوں :

1 - ہندو مسلمانوں کا کامل اتفاق
2 - امن
3 - نطم
4 - قربانی اور اس کی استقامت

مسلمانوں سے میں خاص طور پر التجا کروں گا کہ اپنے اسلامی شرف کو یاد رکھیں اور آزمائش کی اس فیصلہ کن گھڑی میں اپنے تمام ہندوستانی بھائیوں سے آگے نکل جائیں۔ اگر وہ پیچھے رہے، تو ان کا وجود چالیس کروڑ مسلمانان عالم کے لیے شرم و ذلت کا دائمی دھبہ ہو گا۔

میں مسلمانوں سے خاص طور پر دو باتیں اور بھی کہوں گا۔ ایک یہ کہ اپنے ہندو بھاییوں کے ساتھ پوری طرح متفق رہیں۔ اگر ان میں سے کسی ایک بھائی یا کسی ایک جماعت سے کوئی بات نادانی کی بھی ہو جائے تو بخش دیں اور اپنی جانب سے کوئی بات ایسی نہ کریں، جس سے اس مبارک اتفاق کو صدمہ پہنچے۔ دوسری بات یہ ہے کہ مہاتما گاندھی جی پر پوری طرح اعتماد رکھیں اور جب تک وہ کوئی ایسی بات نہ چاہیں (اور وہ کبھی نہ چاہیں گے) جو اسلام کے خلاف ہو، اس وقت پوری سچائی اور مضبوطی کے ساتھ ان کے مشوروں پر کاربند رہیں۔

مرکزی خلافت کمیٹی :

مرکزی خلافت کمیٹی کے کاموں کی طرف سے میں مطمئن ہوں۔ اس کے باہمت اور سرگرم صدر سیٹھ چھٹانی صاحب کی موجودگی ہر طرح کی کفایت کرتی ہے۔ میرے عزیز ڈاکٹر سید محمود سیکرٹری منتخب ہو چکے ہیں اور نہایت سرگرمی سے کام کر رہے ہیں۔ ان کی اعانت کے لیے مسٹر احمد صدیق کھتری پیشتر سے موجود ہیں۔ مجھے امید ہے کہ دفتر کے تمام اخوان و ارکان
 

شمشاد

لائبریرین
صفحہ 42

ان باتوں کو فراموش نہ کریں گے جو گذشتہ قیام بمبئی کے موقعہ پر میں نے ان سے کہی تھیں۔ ان کی متحدہ زندگی اور سعی ہماری عدم موجودگی کی پوری طرح تلافی کر دے گی۔

حکیم محمد اجمل خاں صاحب :

حکیم صاحب کو میرا پیغام پہنچا دیا جائے، کہ اب آپ کی دوش ہمت پر صرف آپ ہی کے فرائض کا نہیں ہم سب کا بوجھ آن پڑا ہے۔ حکمتِ الٰہی کا منشاء ایسا معلوم ہوتا ہے کہ باہر کے تمام کام آخر تک آپ ہی انجام دیں۔ بہتر یہ ہے کہ اب آپ بمبئی تشریف لے جائیں اور دہلی کی فکر چھوڑ دیں۔

انگورہ فنڈ :

افسوس ہے کہ انگورہ فنڈ کی مزید تکمیل کا مجھے موقعہ نہیں ملا۔ غالباً اس وقت تک دس لاکھ روپیہ فراہم ہو گیا ہے۔ پہلے آخر دسمبر تک کا زمانہ قرار پایا تھا۔ اب بہتر ہو گا کہ ایک ماہ کی مدت اور بڑھا دی جائے اور جنوری کے آخیر تک فراہمی کا سلسلہ جاری رہے۔

میرا ارادہ تھا کہ دسمبر کے وسط میں ایک خاص تاریخ عام وصول کے لیے قرار دیدی جائے اور جس طرح مردم شماری کے وقت انتظام ہوتا ہے، اسی طرح ہر جگہ انتظام کیا جائے۔ پہلے سے اعلان کر دیا جائے کہ فلاں وقت چندہ کرنے والے نکلیں گے۔ ہر شخص حتی الامکان اپنے مکان میں رہے۔ پھر وصول کرنے والے تمام شہر میں پھیل جائیں اور ہر مسلمان کے آگے دست سوال دراز کریں۔ کم از کم ایک مرتبہ تو ایسا ہونا چاہیے کہ ہندوستان کا ہر مسلمان حفاظت اسلام و خلافت کے لیے کچھ نہ کچھ مالی قربانی کر دے؟

لیکن کلکتہ پہنچ کر جب ملک کی عام حالت پر نظر ڈالی تو یہ وقت اس کے لیے موزوں معلوم نہ ہوا۔ میں چاہتا ہوں کہ احمد آباد خلافت کانفرنس میں اس کا اعلان ہو جائے اور جنوری کے پہلا ہفتہ کی کوئی تاریخ مقرر کر دی جائے۔
 

شمشاد

لائبریرین
صفحہ 43

جمعیۃ العلماء :

جمعیۃ العلماء کا وجود اس وقت سب سے زیادہ اہم اور سب سے زیادہ ذمہ دار ہے۔ وہ علماء کا مجمع ہے اور علماء کے سوا کوئی نہیں جسے مسلمانوں کی دینی و دنیوی رہنمائی و پیشوائی کا منصب حاصل ہو۔ جمیعت کے سامنے اس وقت ایک نہایت اہم اسلامی مسئلہ تھا۔ اللہ تعالٰی تمام ارکانِ جمعیت کو توفیق دے کہ اجتماع بدایوں میں کامل اتفاق و اجماع کے ساتھ کسی بہتر فیصلہ پر پہنچیں۔ سردست میں ارکان جمعیت سے بہ ادب عرض کروں گا :

1 - آپ سب کا باہمی اتحاد ہر حال میں ضروری اور تمام مقاصد کےلیے بنیاد کار ہے۔

2 - ہندو مسلمانوں کے اتفاق کی ضرورت و اہمیت اور شرعی استحسان آپ کی نظر سے پوشیدہ نہیں۔ اس کی پوری طرح حفاظت کرنی چاہیے اور اس کی حفاظت آپ ہی کے ہاتھ میں ہے۔

3 - احمد آباد کانگرس میں تمام علماء اسلام کو اور خاص ارکان جمعیت کو ضرور شریک ہونا چاہیے اور جمعیۃ العلماء کی جانب سے اس کا اہتمام کرنا چاہیے۔

4 - لاہور میں ارکان عامہ کی تجویز منظور ہوئی ہے، اس پر فوراً عمل درآمد شروع ہو جائے اور جہاں تک جلد ممکن ہو مجوزہ تعداد ممبروں کی بہم پہنچائی جائے۔

گورنمنٹ بنگال :

آخر میں مجھے گورنمنٹ بنگال کے لیے بھی ایک پیغام لکھنا ہے : " 24 کی ہڑتال ضرور ہو گی اور خلافت اور کانگرس رضا کاروں کا سلسلہ ہماری گرفتاری کے بعد دوگنی طاقت کے ساتھ جاری رہے گا۔
 

شمشاد

لائبریرین
صفحہ 44

عزیزانِ ملک و ملت‌!

میں چار سال نظر بند رہنے کے بعد دسمبر 1919ء میں رہا ہوا اور دو سال کے بعد اب پھر جیل جا رہا ہوں۔ اللہ آپ سب کا مددگار ہو اور راہ خدمت حق میں مستقیم رکھے : [ayah]اُفَرِضُ اَمرِی اِلے اللہِ ان اللہَ بَصِیر بِالعِبَادِ[/ayah] (سورۃ المومنون آیت 44)۔

8 دسمبر، کلکتہ ۔-۔-۔-۔-۔-۔-۔-۔-۔-۔-۔-۔ احمد
 
Top