قائم مقام امريکی معاون وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان

Fawad -

محفلین

فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ
قائم مقام امريکی معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کا دورہ پاکستان

اسلام آباد (۴ ِاگست ، ۲۰۱۷ء)__ قائم مقام امریکی معاون وزیر خارجہ برائے امور جنوبی و وسط ایشیاء اورقائم مقام خصوصی ایلچی برائے افغانستان و پاکستان ایلس ویلزنے تین سےچار اگست تک اسلام آباد کا دورہ کیا جو اُن کا خطے کے تعارفی دورے کا حصہ تھا۔


معاون وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں اپنے دورے کے دوران وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ ، وزیر خزانہ اسحٰق ڈاراور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیرحیات سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے اُن پاکستانی طالبعلموں اور اساتذہ سے بھی ملاقات کی جو امریکی محکمہ خارجہ کی مالی معاونت سے چلنے والے دوسالہ انگلش ایکسس مائیکرواسکالرشپ پروگرام میں حصہ لے چکے ہیں ۔


ایلس ویلز نے پاکستانی رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں میں دہشت گرد ی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ جنوبی ایشیاء کے متعلق حکمت عملی پر نظرثانی کےجاری عمل کا ذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے سلامتی ، تجارت اور افغانستان میں استحکام و سلامتی سمیت مختلف شعبوں اورباہمی مفادات میں تعاون کی اہمیت اُجاگر کی۔ انہوں نےاِس بات پر زور دیاکہ پاکستانی سرزمین ہمسایہ ملکوں کے خلاف دہشت گردی کے حملوں یا اُن کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

سفیر ویلز نے پاکستان کو اُس کے ۷۰ ویں یوم آزادی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع امریکہ اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات اور اشتراک ِکار کی ۷۰ ویں سالگرہ بھی ہے۔


فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ
 
Top