فلیش فلیش ویب ڈیزائننگ (تعارف)

شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان ، نہایت رحم فرمانے والا ہے۔

logo.gif

تعارف....INTRODUCTION
اُردو ویب کے عزیز ممبرز!....السلام علیکم!

”فلیش ویب ڈیزائننگ“ کورس میں خوش آمدید!....جوں جوں انٹرنیٹ کی دنیا خصوصاََ ورلڈ وائڈ ویب (W W W) ترقّی یافتہ ہوتی جا رہی ہے، توں توں ساکت اور ساکن ویب سائٹس کی جگہ متحرک (dynamic) ویب سائٹس منظرِعام پر آرہی ہیں جو نہ صرف ہلتی جھلتی ہیں بلکہ ناچتی اور گاتی بھی ہیں! ....اگر آپ ملٹی میڈیا سے بھرپور ویب سائٹس تخلیق کرنا چاہتے ہیں،جن میں vectorاور bitmap دونوں اقسام کے گرافکس شامل ہوں،MP3 میوزک بھی موجود ہو، متحرک ایفیکٹس یا Animations بھی ہوں، فارمز کے ذریعے اس میں Interactivity کی بھی سہولت موجود ہو، یہاں تک کہ اس میں ویڈیو فائلز بھی شامل کی گئی ہوں تو.... ایڈوبی فلیش ایک ایسا زبردست اور ہرفن مولا(Versatile)قسم کا سافٹ ویئر یا پروگرام ہے جو مندرجہ بالا تمام اُمور بخوبی اور احسن طریقے سے انجام دے سکتا ہے۔​

تعارف: آج سے ہم اُردو ویب کے ممبرز کے لئے فلیش کے نئے کورس کا آغاز کر رہے ہیں۔ میرے ذہن میں ایک انتہائی زبردست آئیڈیا آیا!.... میں نے سوچا کہ فلیش کے ٹیوٹوریل پر ٹیوٹوریل لکھنے کے بجائے ایک جامع فلیش کو رس کا آغاز کیا جائے۔ جس میں فلیش کے تمام اہم اُصولوں اور اوپر بیان کردہ تمام اُمور کا احاطہ کیا جائے ۔

میرے خیال سے تو فلیش سافٹ ویئر ہی ایسا ہے کہ اس کی تمام جہتوں کو ایک کورس میں سمونا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے!....لہٰذا میں نے سوچا کہ کیوں نا ایک ”فلیش پروجیکٹ “ کا آغاز کیا جائے، جس میں کوشش کی جائے کہ زیادہ سے زیادہ فلیش کے تمام بنیادی اور اہم اُصولوں اور جہتوں کو شامل کیا جائے۔ اس سلسلے میں ”فلیش ویب ڈیزائننگ“ سے اچھا پروجیکٹ اور کوئی نہیں ہو سکتا تھا۔ کیوں کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے تقریباََ ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی اپنی ایک ذاتی ویب سائٹ ہو جسے دوسرے لوگ دیکھ کر سراہیں اور تعریفوں کے پُل باندھیں۔ (مسکراتے ہوئے)
 
تو جناب یہ تھا اس کورس کا پس منظر اور شروع کرنے کی وجوہات !....اس کورس کے دوران انشاءاللہ میری پوری کوشش رہے گی کہ میں فلیش کے زیادہ سے زیادہ فنگشنز اور جہتوں کو اِس کورس میں شامل کروں۔ انشاءاللہ اس کورس سے نا صرف آپ فلیش کے بنیادی استعمال سے اچھی طرح آگاہ ہو جائیں گے بلکہ کورس کے درمیان بعض مرتبہ فلیش کے ایڈوانس فنگشنز (جیسے ایکشن اسکرپٹ) سے بھی آپ کو متعارف کرایا جائے گا (انشاءاللہ!)

کورس کے لئے سافٹ ویئر: اس کورس کے لئے آپ کے پاس Macromedia Flash MX or Higher ہونا ضروری ہے۔ فلیش ورژن 5 یا اس سے کم میں یہ کورس قابل عمل نہیں۔ میں فلیش ایم ایکس استعمال کروں گا ۔ ممکن ہے کہ نئے ورژن میں اسکرین شاٹس کچھ مختلف دکھائی دیں۔ مگر انشاءاللہ جو بھی میں بتاؤں گا وہ نئے ورژن میں بھی قابل عمل ہوگا۔

اگر آپ فلیش کا بنیادی استعمال نہیں جانتے تو براہ ِ کرم پہلے فلیش پروگرام کے Help مینو میں موجود Tutorials & Lessonsسے استفادہ حاصل کر لیں ۔ اُمید ہے آپ میری یہ بات ضرور مانیں گے، تاکہ کورس کے دوران آپ کو بہت زیادہ مشکل پیش نہ آئے.... شکریا!

حرف ِ آخر:
اُمید ہے آپ کو یہ کورس ضرور پسند آئے گا۔کورس کے دوران اگر کوئی بات سمجھ نہ آئے تو براہِ کرم پوچھنے سے مت ہچکچائیے گا۔کورس کے دوران انشاءاللہ میری پوری کوشش ہوگی کہ میں آپ کی ہر اس مشکل کو آسان کرنے کی کوشش کروں ، جس کا مجھے علم ہو !........کورس کے حوالے سے آپ کی رائے کا انتظار رہے گا!....شکریا!


اُردو ویب۔۔۔۔۔۔۔۔شعیب سعید شوبی

خبردار: "فلیش ویب ڈیزائننگ کورس " اردو محفل کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔ اس کا مواد نقل کرنے سے قبل اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔
 
Top