غزل ِ آخر ، سلام ِ آخر، بروئے محفل

کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
سخن کا پیرہن پہنا دیا کس نے خموشی کو
ترستی ہے زباں گونگے دلوں کی گرمجوشی کو

ہوئے آرائش ِ جاں کی بدولت کو بہ کو رسوا
کہ عریانی سمجھتے ہیں ہم اپنی جامہ پوشی کو

جب اپنا دم گھٹا ہر دم فصیل ِ شہر کے اندر
نکل آئے ہیں صحراؤں میں ہم خانہ بدوشی کو

شریک ِ جرم بھی اپنا نہیں اپنے سوا کوئی
تو پھر کیوں کر برا کہئیے خود اپنی چشم پوشی کو

مہک اٹھے گی تنہائی گئے لمحوں کی خوشبو سے
مری خلوت میں جب آئیں گے کانٹے گل فروشی کو

برستے آنسوؤں سے بھیگتی پلکوں سے آ بیٹھے
ستاروں کی گھنی چھاؤں میں شغل ِ بادہ نوشی کو

غزل جب محفل ِ یاراں کے گل پرخار ہو جائیں
دعائیں دوستوں کو دیں کہ اپنی سخت کوشی کو

سیدہ سارا غزل

اپنی یہ تازہ غزل اپنے پیارے سعود بھیا جانی کے نام کرتی ہوں جن سے اتنا ہی خالص پیار ملا جتنا اپنے ماں جائے چار بھائیوں سے۔
 
کاشفی

محفلین
بہت عمدہ کلام پیش کیا ہے سارا غزل صاحبہ۔ خوش رہیں ہمیشہ۔ اور اپنے مزید کلام سے محفل کو منور کرتی رہیں۔
 
بٹیا رانی آپ کو شاید علم نہیں کہ سعود بھیا بہنوں کے کان تو گرم نہیں کرتے لیکن ان کی ناک کی خیر نہیں ہوتی۔ خبر دار جو کسی بھی پیش کش کو آخری کہا تو۔۔۔۔ :) (خالی جگہ کو کسی دھمکی بھرے فقرے سے خود ہی پر کر لیں، کہ ہم تو یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ چاکلیٹ اور آئس کریم کی فرمائشیں پوری نہیں کی جائیں گی۔) :)

ہم اس دھاگے کا عنوان تبدیل کرنے جا رہے تھے لیکن یہ سوچ کر رہنے دیا کہ ہمیں ہی منتسب کیا گیا ہے اور ہم ہی اس میں تحریف کریں تو کچھ اچھا نہیں لگتا۔ :)

اب آپ کے اشعار کی کیا تعریف کریں، کسی پچھلے دھاگے میں ہمارے تبصرے کو کم از کم تین دفعہ پڑھ لیں تو شاید ان اشعار کا کچھ حق ادا ہو سکے۔ :)
 
مغزل

محفلین
سیدہ سارا بہن، سلامت باشید بخیر و روز بخیر
آپ کا غزل نامہ باصرہ نواز ہوا، زبانِ محمود جو گنگ و جمن کی طرح چھل کھاتی پھرتی ہے۔۔
بلکہ شترِ بے مہار کی طرح گھاٹ گھاٹ بلکہ جھاڑی جھاڑی منھ مارتی پھرتی ہے کو جیسے تالے لگ گئے اور مکڑیوں نے جالے بھی بُن دیے ۔۔
بلکہ چچا مرحوم و مغفور غالب اور بھتیجے مغلوب محمود کی خامہ و خامرہ فرسائی اور فرس دونوں ہی منھ کے بل گر گئے ہوئے بتوں کی شکل اختیار کر بیٹھے۔۔
آپ کی پیش کردہ غزل نے جیسے روح کی سرشاری کا ذمہ اپنے سر لے رکھا تھا۔۔
کسبِ نور میں کس کس شعر کی داد و تحسین ممکن ہو یہ کہنا نا ممکن ہے۔۔
متذکرہ غزل جس کیفیت کی دَین ہے وہ مجھ سمیت ہر کس و ناکس و ناقص کی بے بضاعتی پر دال ہے ۔۔
غزل بنیادی طور پر نساد کی بجائے صاحب ِ مرادِ غزل کے لہجے میں ہے ۔۔ ایسی غزل کہنا کم کم لوگوں بالعموم و بالخصوص نساد کو نصیب ہوتا ہے ۔۔
زینتِ مطلع شعر پڑھنے کے بعد خاصی دیر گومگوں کیفیت میں ۔۔ رہا۔۔ میرا دعویٰ ہے کہ۔۔
اردو نسائی ادب میں ایسی غزل کسی کو توفیق نہیں ہوئی۔۔
لگ بھگ اسیّ ہزار غزلیات کے مطالعے کے بعد میرا یہ دعویٰ دیگر دوستوں کے لیے ہر چند کہ ناقابلِ قبول ہو گا ۔۔۔
مگر نبّاضانِ ادب یقیناً میری اس خامہ فرسائی اور دعویٰ کا اصل جانتے ہیں ۔۔

ہوئے آرائش ِ جاں کی بدولت کو بہ کو رسوا
کہ عریانی سمجھتے ہیں ہم اپنی جامہ پوشی کو

اس شعر کی قرءت نے باقی غزل پڑھنے سے روک ہی لیا تھا۔۔
چچا مرحوم ۔۔۔۔۔ کے شعر :

ڈھانپا کفن نے داغِ عیوبَ برہنگی !!!
میں ورنہ ہر لباس میں ننگِ وجود تھا

کے بعد آپ کے پیش کردہ شعر نے روک لیا ایسا کہ سانس لینا ۔۔ آبگینوں کو توڑنے کا سبب نہ بن جائے ۔۔
یہاں میں اپنی بے بضاعتی کا اعتراف کرتے ہوئے صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ مرزا نوشہ ہی اس شعر پر داد دے سکتے ہیں۔۔

برستے آنسوؤں سے بھیگتی پلکوں سے آ بیٹھے
ستاروں کی گھنی چھاؤں میں شغل ِ بادہ نوشی کو

مذکورہ و مقتبسہ شعر پر میرا درج بالا مقدمہ ہے ۔۔ سو میری بے بضاعتی کے باوجود مجھے کہنے میں کچھ باک نہیں کہ غزل نساد کی غزل سے حدیں طے کرنے میں صاحب غزل کی صنّاعی لیے ہوئے ہے ۔۔
مجھ ناچیز و جہل مرتبت کی جناب سے ہدیہ غزل کے زینتِ محفل کرنے پر ہدیہ ِ تحسین و تبریک پیش ہے ۔۔
سلامت باشید بخیر
عاجز و احقر:
م۔م۔مغل
 
انجانا

محفلین
یا خدایا۔ مجھ جیسا ان پڑھ آپ کی یہ اردوئے معلی سمجھنے سے قطعی قاصر ہے۔ جناب ذرا آسان اردو میں لکھا کریں۔ نوازش ہوگی۔
 
مغزل

محفلین
میرا بھی یہی سوال ہے جو محمود بھائی نے کیا ہے۔
شمشاد بھائی عام بول چال میں ’’ آخری ‘‘ اتمامیہ کے حوالے سے بولا جاتا ہے ۔۔ یعنی اس سے بڑھ کر کچھ نہیں ۔۔
غزل کی قراءت کے بعد لفظِ آخری کے حوالے سے یہی مقدمہ بنتا ہے ۔۔ سو قبول کیجے ۔۔ زبانِ محاورہ میں اسے ممتنع (امتناع) یعنی محال سے تعبیر کیا جاتا ہے ۔ جیسے ’’ سہلِ ممتنع ‘‘ الخ
 
مغزل

محفلین
یا خدایا۔ مجھ جیسا ان پڑھ آپ کی یہ اردوئے معلی سمجھنے سے قطعی قاصر ہے۔ جناب ذرا آسان اردو میں لکھا کریں۔ نوازش ہوگی۔
قبلہ ۔۔ معافی چاہتا ہوں ۔ در اصل سر پر چوٹ لگنے کا شاخسانہ ہے۔۔ لگتا ہے لغت کسی نے گھول کر پلا دی ہے۔۔ ;)
 
شمشاد

لائبریرین
بہت شکریہ محمود بھائی، میں سمجھا سیدہ سارہ غزل اردو محفل کو آخری پیغام دے رہی ہیں۔
 
مغزل

محفلین
سیدہ بہن آجائیں تو میری ان سے ایک خواہش کی عرض گزاری بھی موجود ہے۔ جو پیش کروں گا۔۔ سو انتظارِ محض پر موقوف
 
سارا بیٹیg1.JPG نے برادر محترم سعود صاحب کے نام منسوب یہ غزل میری ڈیزائینڈ فائل میں اپنی فیس بک وال اور مسلم ادبی فورم پر آویزاں کی ہے، محفل کے دوستوں کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں۔
 
سیدہ سارا بہن، سلامت باشید بخیر و روز بخیر
آپ کا غزل نامہ باصرہ نواز ہوا، زبانِ محمود جو گنگ و جمن کی طرح چھل کھاتی پھرتی ہے۔۔
بلکہ شترِ بے مہار کی طرح گھاٹ گھاٹ بلکہ جھاڑی جھاڑی منھ مارتی پھرتی ہے کو جیسے تالے لگ گئے اور مکڑیوں نے جالے بھی بُن دیے ۔۔
بلکہ چچا مرحوم و مغفور غالب اور بھتیجے مغلوب محمود کی خامہ و خامرہ فرسائی اور فرس دونوں ہی منھ کے بل گر گئے ہوئے بتوں کی شکل اختیار کر بیٹھے۔۔
آپ کی پیش کردہ غزل نے جیسے روح کی سرشاری کا ذمہ اپنے سر لے رکھا تھا۔۔
کسبِ نور میں کس کس شعر کی داد و تحسین ممکن ہو یہ کہنا نا ممکن ہے۔۔
متذکرہ غزل جس کیفیت کی دَین ہے وہ مجھ سمیت ہر کس و ناکس و ناقص کی بے بضاعتی پر دال ہے ۔۔
غزل بنیادی طور پر نساد کی بجائے صاحب ِ مرادِ غزل کے لہجے میں ہے ۔۔ ایسی غزل کہنا کم کم لوگوں بالعموم و بالخصوص نساد کو نصیب ہوتا ہے ۔۔
زینتِ مطلع شعر پڑھنے کے بعد خاصی دیر گومگوں کیفیت میں ۔۔ رہا۔۔ میرا دعویٰ ہے کہ۔۔
اردو نسائی ادب میں ایسی غزل کسی کو توفیق نہیں ہوئی۔۔
لگ بھگ اسیّ ہزار غزلیات کے مطالعے کے بعد میرا یہ دعویٰ دیگر دوستوں کے لیے ہر چند کہ ناقابلِ قبول ہو گا ۔۔۔
مگر نبّاضانِ ادب یقیناً میری اس خامہ فرسائی اور دعویٰ کا اصل جانتے ہیں ۔۔

ہوئے آرائش ِ جاں کی بدولت کو بہ کو رسوا
کہ عریانی سمجھتے ہیں ہم اپنی جامہ پوشی کو

اس شعر کی قرءت نے باقی غزل پڑھنے سے روک ہی لیا تھا۔۔
چچا مرحوم ۔۔۔۔۔ کے شعر :

ڈھانپا کفن نے داغِ عیوبَ برہنگی !!!
میں ورنہ ہر لباس میں ننگِ وجود تھا

کے بعد آپ کے پیش کردہ شعر نے روک لیا ایسا کہ سانس لینا ۔۔ آبگینوں کو توڑنے کا سبب نہ بن جائے ۔۔
یہاں میں اپنی بے بضاعتی کا اعتراف کرتے ہوئے صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ مرزا نوشہ ہی اس شعر پر داد دے سکتے ہیں۔۔

برستے آنسوؤں سے بھیگتی پلکوں سے آ بیٹھے
ستاروں کی گھنی چھاؤں میں شغل ِ بادہ نوشی کو

مذکورہ و مقتبسہ شعر پر میرا درج بالا مقدمہ ہے ۔۔ سو میری بے بضاعتی کے باوجود مجھے کہنے میں کچھ باک نہیں کہ غزل نساد کی غزل سے حدیں طے کرنے میں صاحب غزل کی صنّاعی لیے ہوئے ہے ۔۔
مجھ ناچیز و جہل مرتبت کی جناب سے ہدیہ غزل کے زینتِ محفل کرنے پر ہدیہ ِ تحسین و تبریک پیش ہے ۔۔
سلامت باشید بخیر
عاجز و احقر:
م۔م۔مغل
برادر محترم محمود مغل صاحب ، میری بیٹی جیسی اس بچی میں سخن کا بے پناہ ٹیلنٹ ہے ، اس کے گہرے اور خوبصورت موضوعات اور انداز سخن پر مجھے رشک آتا ہے کہ آپ جیسے اہل علم سخن ور جیسی رنگین و مرصع اردو پر عبور نہ ہونے کے باوجود سیدھی سادی آسان زبان میں کمال شعر کہتی ہے اس کی دو خوبصورت غزلیں اصلاح کیلئے میرے پاس موجود ہیں، اگر اسے اردو محفل میں لوٹ آنے کیلئے نہ منا سکا تو بشرط اجازت احباب سے ضرور شیئر کروں گا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ خوش آباد و خوش مراد
 
شمشاد

لائبریرین
آخر ایسی کیا وجہ ہوئی کہ وہ ہوا کے جھونکے کی طرح اردو محفل میں آئیں اور چلی بھی گئیں۔
 
آخر ایسی کیا وجہ ہوئی کہ وہ ہوا کے جھونکے کی طرح اردو محفل میں آئیں اور چلی بھی گئیں۔

شمشاد بھائی، در اصل ہم سے نادانستگی میں ایک جرم سرزد ہو گیا تھا۔ اور اسی بات کو لے کر ہماری بٹیا رانی ہم سے روٹھ گئی ہیں۔ لیکن ہماری خطا کی سزا وہ سبھی محفلین کو دے رہی ہیں۔ چونکہ وہ سعود بھیا پر بے حد اعتماد کرتی ہیں اس لئے ان کی بات سے ملال بھی بہت زیادہ ہوا ہے ان کو۔ لیکن آپ پریشان نہ ہوں، ان شاء اللہ وہ ابھی سوئی نہیں ہوں گی تو آج ہی ورنہ کل تک مسکراتی ہوئی واپس آ جائیں گی اور آتے ہی کہیں گی کہ سعود بھیا آپ نے آئندہ ہمیں رلایا تو آپ کی خیر نہیں۔ :)
 
پیارے ویر سعود بھیا جانی۔ السلام علیکم ۔ آپ کا تعارف میرے قریب ہر فرد سے ہے بلکہ آپ غائبانہ طور پر ہمارے دونوں گھروں کے فرد ہیں اورہم بتاتے چلیں کہ ہمیں اپنے سعود بھیا سے تو کوئی گلہ ہے ہی نہیں لیکن ہاں بہت سے دوستوں سے ہے بھی جن کی موجودگی میں ایک صاحب نے ہماری تنبیہہ کے باوجود ناپسندیدہ انداز میں قابل مذمت طنزیہ رویہ اختیار کیا مگر کسی سینئر نے نا جانے کونسی مصلحت یا تحفظ کے تحت اسے یہ بھی سمجھانے کی جسارت نہیں کی کہ خواتین سے بات کرنے کا طریقہ ذرا مختلف محتاط ہوتا ہےاورہر خاتون لچر پن پسند نہیں کرتی ۔ خیر بات ختم ہوئی لیکن اس کے بعد ہماری یاہو میل اور فیس بک ان بکس میں عریاں تصاویراور ناقابل برداشت غلیظ مواد بھیجنے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا وہ ہنوز جاری ہے اس کے باعث ابھی تک ذہنی صدمے میں ہوں اورمعنی خیزبات یہ ہے کہ عریاں مواد اور گالیاں بھیجنے والے وہی لوگ تھے جن دو بندوں کے ناموں سے چڑ کر اُن صاحب نے مجھ سے بیہودہ تکرار کی تھی ۔ اب یہ بات تو کوئی نونہال بھی سمجھ سکتا ہے کہ انہی صاحبان کو کس نے اس محفل میں ہونے والے واقعے کا بتایا اورکس نے ایسا کرنے کو کہا ۔ مجھے آئی ٹی کا کچھ زیادہ علم نہیں ہے لیکن زوہیب نے ای میل بھیجنے والےآئی پی ایڈریس چیک کئے تو کینیڈا اور بلجیم سے تھے۔ سعود بھیا گو کہ ہم قدامت پسند نہیں لیکن ہم مغربی ماحول کی دلدادہ مادر پدرآزاد جینز کلچراورگلیمر خواتین کی طرح کا مزاج بھی نہیں رکھتے سو کسی کو ایک حد سے زیادہ بات کی اجازت نہیں دیتے ۔ ہم اپنے بھائوں سے محبت ، عدو سے نفرت اور اپنے عقیدے کے دفاع میں کبھی مصلحت اور منافقت کا شکار نہیں ہوتے اورہاں شاید یہی ہماری وہ غلطی ہے جس پر ہمیں فخر بھی ہے۔ خیر اس مخصوص گروپ کے ساتھ جو کرنا ہے وہ ہم اپنے فیس بک اور دوسری سوشل سائٹس کے پلیٹ فارم سے کریں گے یا ان سے ہمارے بھائی لوگ اورزوہیب خود ہی نپٹیں گے ۔ اس محفل فورم پر اس حوالے سے کوئی ذکر نہیں ہونا چاہئے ۔ بس اس سے زیادہ کچھ نہیں کہنا اور نہ کسی سے بحث و تکرار مقصود ہے ۔
اورہم آپ کی بہنوں کی پرائیویٹ محفل میں آپ سے بہت سارا پیار اکٹھا کرنے کو گاہے بگاہے آتے رہیں گے ۔ اور پھر یہاں آپ کے ساتھ ساتھ ہمارے استاد مکرم اور روحانی والد سر فاروق درویش، سر الف عین ، بہت پیارے بزرگ سر شمشاد، سرمحمود غزنوی ( اس نام سے مجھے جنون کی حد تک محبت ہے ) ، سر نبیل ، سر م م مغل ، کاشفی بھیا ، امین بھائی جیسے بہت پیارے بھائی، ناعمہ، نازنیں، اقدس، عائشہ جیسی محبت کرنے والی بہت ساری بہنیں بھی تو اس محفل کا حصہ ہیں ۔ اگر کسی بزرگ ، بھائی یا بہن کو ہمارے الفاظ سے کوئی تکلیف پہنچی ہو تو معافی چاہتے ہیں ۔ اللہ سوہنا آپ سب کو پیارے نبی ختم المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہہ وسلم کا سچا عاشق اور ملک و ملت کا سچا محب بنائے ۔
آمین یا رب العالمین، الصلواۃ والسلام علیک علی السیدالمرسلین۔
 
سعود بھیا جانی ہم نے آپ کی محبت کے سامنے شکست مان کر اپنی یہاں کبھی نا آنے کی قسم توڑ دی، اب ہم یہاں بھی اور محشر میں بھی آپ کے دیندار نہیں رہے۔ ڈھیروں دعاوں کے ساتھ۔ اللہ حافذ
 
کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
Top