سوالنامہ برائے صنف کرخت !

سوالنامہ برائے صنف کرخت !
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اسے ایک شادی فارم سمجھ کر بھریے
پس منظر سے متعلق :
ذات… اونچی
عمر… کچی
زبان… لمبی
علاقہ… غیر
مشاغل… ناقابل تذکرہ
کمائی… اوپر کی
رنگ روپ… بہروپ
قد… لمبوں سے چھوٹا چھوٹوں سے لمبا
وزن… بھاری
تعلیم… اچھی
بہن بھائی تعداد…؟
انما المومنون اخوہ
٭٭٭
جسمانی معلومات:
٭ منہ کا سائز؟… کھلا ہوا
کتنا کھاتے ہو؟… جتنی بھوک لگتی ہے
باتوند ہو یا بے توند؟… سلم سمارٹ توندیا
دانت پورے ہیں؟ ... جتنے ہیں پورے ہیں
٭ کوئی نشہ تو نہیں کرتے مثلا: سگریٹ… چرس… بھنگ… حقہ… نسوار… (کوئی اور ہو تو براہ کرم لکھیے؟)
نشیلی آنکھوں کا نشہ
٭ عمومی اور خاص صحت کیسی ہے؟… مثلا:
دل…دماغ… نظر… جگر… تلی… معدہ…گردے… فلاں فلاں؟
دل جان جگر تجھ پہ نثار کیا ہے
پیار کیا ہے رے بہت پیار کیا ہے

٭٭٭
اخلاقی معلومات وعادات:
٭ قمیص کے دامن سے تو ناک صاف کرنے کی عادت نہیں؟ ...
آستین سے کرتا ہوں.
٭ دیوار پر ناخن تو چر چر نہیں گھسیٹتے؟ .
کواڑ سے کمر کھجلاتا ہوں.
٭ چپل اٹھا کر چلتے ہو یا زمین پر گھسیٹتے ہوئے؟
یہ چپل کیا ہوتی ہے.
٭ مہینے میں یا (چلو سال میں) کتنی بار نہاتے اور دانت صاف کرتے ہو؟
جب جب بارش ہوتی ہے
٭ ناخن چبانے کی عادت بد تو نہیں؟
پیر کے .. نہیں تو ..
٭ چائے پیتے ہوئے سڑک سڑک کی آوازیں تو نہیں نکالتے؟
نہیں سڑڑڑ سڑڑڑ کی نکالتا ہوں.
٭ منہ پھاڑ کے جمائی تو نہیں لیتے؟
نہیں ہونٹ گول کرکے سیٹی مارتا ہوں.
٭ برگر لبرل لائف اور بیوی پسند ہے دقیانوسی؟
برگر مگر انڈے والا خالص دیسی.
٭ بذریعہ پلانٹڈ سیلفی اور فئیر اینڈ لولی معصوم لوگوں کو دھوکا تو نہیں دیتے؟
سیلف لیس ہوں اور ہر فئر اینڈ لولی سے افیر کے چکر میں ہوں.
٭ زنانہ آئی ڈیز بنانے چلانے کا فطرتا رجحان رکھتے ہو یا نہیں؟
زنانہ آئی ڈیز کو رجھاتا ہوں.
٭ آپی باجی کہہ کر ٹھرک تو نہیں جھاڑتے؟
نہیں سینڈل بیچتا ہوں.

٭٭٭

بعد از شادی خدشات ورجحانات:
٭ مما کی ڈول تو نہیں ہو؟
پپا کا ڈھول ہوں
مطلب برگر بچے کہ ہر بات پر اماں کا دوپٹہ پکڑتے ہو یا کچھ زن مریدی کے جراثیم بھی رکھتے ہو؟
مریدی ہم تو تقلید کے قائل ہیں بھائی.
٭ بیوی کی ماں کو ساسو ماں کہنا اچھا لگتا ہے یا تمہاری امی؟ ...
ممی .
٭ گھر داماد بننا تمہارے نزدیک ایک آئیڈیل صورت ہے یا بے غیرتی؟ .
موقع پرستی.
٭ سسرال میں زیادہ رہنا اچھا لگتا ہے یا برا؟
بیوی کے سسرال میں.
٭ ایثار کرنا جانتے ہو یا ہڑپ کرنا… مثلا بالفرض دو بوٹی والی پلیٹ میں بیگم کا اکرام کر کے اپنی بھی کھلا دو گے…یا دونوں خود ہڑپ کر لو گے؟
دو بوٹی بھی پلیٹ میں
٭ بچے پسند ہیں یا…’’بیگم ابھی تو ہمارے گھومنے پھرنے کے دن ہیں‘‘…پر یقین رکھتے ہو؟
بیگم کے بچے پسند ہیں
٭ بوقت ضرورت منے کو 'سوسو' کروا لو گے؟
منے کی ماں کو بھی کروا لونگا
٭ خوشامد کر لیتے ہو یا نہیں؟… مثلا بیگم تیار ہو رہی ہو تو دل پر جبر کر کے باربار ’’کتنی حسین لگ رہی ہو‘‘کہنے کا ہنر رکھتے ہو؟
شاعر ہوں غزلیں کہ دونگا
٭ بیوی کو جیب خرچ کتنا دو گے؟
جتنا اس سے بچے گا
٭ سال میں کتنی بار میکے بھیجو گے بمع تحائف؟
جتنی بار وہ لا سکے " تحائف "
٭ گاجر کا حلوہ، آلو کی ترکاری اور بے وقوف بنانے میں کچھ مہارت ہے؟
حلوہ ہے کیا
٭ تمہارے نزدیک فیس بکی فرینڈ کے کمنٹ کا جواب زیادہ اہم ہے یا بیوی کی پکار کا جب وہ پکارے: اجی سنیے!
فیس بک تو میری جان ہے
٭ اپنی بیگم کو فیس بکی اکاونٹ بنانے دو گے؟
اپنے نام سے

٭٭٭

کیا میں پاس ہو جائونگا بابوجی ...؟

حسیب احمد حسیب
 
Top