سوئے فرید

تحریر: "فائزہ صابری نوا"

کبھی آپ نے ایسے سفر کیا جس میں بظاہر آپ تنہا ہوں، مگر آپ کے ساتھ کوئی ہو. شاید آپ طفل ناداں کی اس نادانی پہ زیر لب مسکرائے ہوں کہ ارے واہ! یہ کون سی نئی بات ہوئی؟ کہ ایک ہم سفر تو انسان کے اندر بھی ہوتا ہے. ..سچ کہا آپ نے کبھی جب باہر سے کوئی ہم سفر آپ کو تنہا کر جائے تو اندر کا ہم سفر پوری محبت سے آپ کا ہاتھ تھام لیتا ہے...اگر آپ اچھی محسوسات رکھتے ہیں تو یقیناً یہ ہم سفر آپ کو بور نہیں ہونے دیتا. ..خیر آپ کا احساس آپ کے ساتھ، میرا ہم سفر میرے ساتھ. ..
میرے دل نے میرے کان میں سرگوشی بهری کہ بس اس بابا جان سے ملنا ہے. پهر دل تو دل ہے. ..دماغ کو منا کے چهوڑ تا ہے ،پھر کیا تھا! میں، دل اور دماغ " سوئے فرید " روانہ ہوئے. .. بس کی سیٹ کچھ اچھی نہیں تھی لیکن جب منزل کا کے حسن کا احساس ہو تو راستے کی بدصورتی کچھ معانی نہیں رکھتی. .. یوں بھی ہم سفر جو پل پل آپ کے اندر اندر ہو سوچ میں ہو وہ آپ کو برے احساسات سے دور رکھتا ہے ، میرے بابا سرکار میرے ہمسفر رہے... میرا سفر ایسا خوبصورت کٹا کہ جس کی مثال نہیں.
شاید آپ نے کبھی " پاکپتن " دیکها ہے یا نہیں! پاکپتن شہر تو ہم سے بہت سوں نے دیکھا ہو گا مگر صاحب " پاکپتن " بہرحال سب نے نہیں دیکھا. .. کوچہء محبوب کوئی بھی ہو اجمیر سے کلیر اور کلیر سے لاہور پهر لاہور سے پاکپتن کوچہء محبوب کہیں بھی ہو... لیکن جو دیکھ لیتے ہیں ان کے لیے پهر کچھ برا نہیں رہتا، کوچہء محبوب کی نالیاں، وہاں کے کوڑے کے ڈھیر تک کچھ معانی نہیں رکھتے. .. نظر میں بس وہ بستا ہے جو " محبوب ہے ...وہاں کا گارا پهر گارا نہیں رہتا. ..جی! یہ باتیں بہت سوں کے لیے چند لفظوں سے آگے کچھ نہیں. .. بہت سوں کے لیے ہنسی کا سامان. .. لیکن جو محبت کرنا جانتے ہیں، جو اس نعمت سے مالا مال ہیں وہ جانتے ہیں کہ کوچہء محبوب کی خاک آنکھ کا سرمہ نہیں تو کیا ہے؟ گو کہ صاحبِ عشق یہ نہیں جانتا کہ " کیوں " اہم ہے ؟ بس چاہنا. .. چاہتے چلے جانا بنا کسی غرض کے بنا کسی عرض کے عشق کی ریت ہے ... جو محبت کرنا نہیں جانتے وہ بصد شوق ان اوراق عشق کو طاق پہ دهر سکتے ہیں. .
میرے ساتھ ہمیشہ ایک حسین معاملہ رہا ہے کہ میں جب بھی بابا صاحب کے پاس حاضر ہوئ ہوں کوئی خوش گلو قوال ہی بابا سرکار کو منقبت پیش کر رہا ہوتا ہے جس کی آواز محض کانوں تک ہی نہیں دل تک پہنچتی ہے اور کاسہء دل چمکا دیتی ہے. ..
سوچ، خیال، تخیل، احساس، پیار،محبت. ... یہ سب نہ ہوتے تو ہم کیا ہوتے؟ ہم کہ صاحبِ محبت کہاں جاتے! میں دیوار سے ٹیک لے کر بہت دیر تک بیٹھی رہی. .. کتنے خیال دست بستہ میرے پاس سے گزرے. .. کتنی خوبصورت سوچیں مجھے اپنے گھیرے میں رکھے ہوئے تهیں. .. یہ وہ پتھر نہ سہی جس پہ میرے بابا سرکار نے پاوں رکھے لیکن ان میں ان کے ہونے کا احساس کتنا قوی ہے! میری بند آنکھوں میں آنسو نہیں شاید ستارے ہیں جو مجھے میرے بابا سرکار سے قریب کرتے ہیں... میرے بابا سرکار کی چال کسقدر خوبصورت ہے میں نے اپنا ہاتھ فرش پہ رکھ کے اسے ہونٹوں سے لگا لیا ہے. .. دیکھو ! فرش صاف نہیں ہے مگر " دیکهو " فرش چاند کی طرح روشن ہے. یہ عقیدت کی کتنی خوبصورت منزل ہے کیسا پیارا احساس ہے. ..یہ کیفیت کیسی ہے کہ میں نے اپنا رومال فرش سے مس کر کے اپنے بیگ میں رکھ لیا. ..
کوئی نہیں جان سکتا میرے بابا سرکار نے ابھی ابھی لنگر تقسیم کیا ہے اور صاحب وہ کبھی کم نہیں پڑتا. .. صابر سرکار نے بابا حضور کی قدم بوسی کی ہے. .. دیکھو صاف نظر آتا ہے محبوب الہی سرکار کیسا دیوانہ وار چلتے ہیں. اللہ محمد چار یار حاجی خواجہ قطب فرید . کہیں پیچھے. .... بہت پیچھے کنیزوں میں میں بھی ہوں. ... محبت کا یہ دروازہ کتنا حسین ہے یہ چوکھٹ کتنی مقدس ہے! بابا جی مجھے جنت کی پیاس نہیں یہاں لائ ، آپ کی محبت آپ کی مامتا یہاں لائ ہے. .. کسی نے چلتے چلتے مٹھائی پهینکی...
میرے حواس مجھ تک لوٹ آئے چڑیاں بول رہی ہیں. ... شجر شام اوڑھ چکے ہیں. .... چہل پہل کہیں بڑھ چکی ہے اور وقت بتاتا ہے چلو چلنے کا وقت آیا. ... میں چلی تو مجھے لگا کہ میری آنکھوں کے ستارے آنسو بن کر بہنے لگے. .... اور میں ایک خوبصورت سفر کی یاد اور وہ سکون جو مجھے بس وہاں ملتا ہے، وہ توجہ جس میں بابا کی دین ہے. ... سب سے مالا مال لوٹ آئ. ... میری بہت سی باتیں سن کر محض مسکراتے ہی نہیں میرا سر تهپکتے ہیں مجھے کتنی تسلی ہو جاتی ہے! کوئی کیا جانے.
اللہ سے دعا ہے کہ اللہ ہم سب کو محبت کی دولت عطا فرمائے تاکہ جینا آسان ہو. ...راستوں کی غلاظت پہ کم اور منزل پر نظر ہو تاکہ سفر آسان ہو.
 

نور وجدان

لائبریرین
تشنگی کا احساس ہے اور ہمسفر دل میں ۔۔۔۔۔۔احساس کی چادر میں سفر کاٹے نہ کٹے ۔۔ خوبصورت احساس ہے
 
صابر پیا سرکار کی نگری ہے " کلیر" انڈیا میں واقع ہے
میرا آبائی گاوں جو کہ گوجرانوالہ میں واقع ہے اس کا نام بھی کلیر ہے ۔ تو شاید اُسی مناسبت سے مجھے تجسس تھا کہ اور کس جگہ کا نام کلیر ہے ۔
معلومات میں اضافہ کرنے کے لیے شکریہ ۔
 
Top