دور ادوار.

با ادب

محفلین
میں دورافق کے اس پار کی باسی ہوں جہاں زندگی سبک خرام.ندی کی طرح رواں دواں ہے. جہاں صبح سورج نکلنے سے پہلے سپیدی اور سیاہی گلے لگ کے ایک دوسرے کو الواداع کہتی ہیں. دنیا داروں نے مجھ سے پوچھا تمھاری دنیا کیسی ہے؟
کیسی ہے میری دنیا؟ ؟
سوال کتنے اچھے ہوتے ہیں جواب کی طلب میں آپ پہ ان چیزوں کو آشکار کر دیتے ہیں جنہیں آپ نے کبھی سمجھا ہی نہیں ہوتا. اور جب سمجھ آجاتی ہے تو وہ تمام عقدے حل ہونے لگتے ہیں جن کے لئیے ہم نے خود کو خواری میں مبتلا کر رکھا ہوتا ہے.
میری دنیا میں صبح ہوتی ہے تو باد نسیم چلتی ہے. کیونکہ میری دنیا کی آنکھ دن چڑھے نہیں کھلتی.
باد نسیم کے چلنے میں کیا راز ہے؟
باد نسیم چپکے سے کان میں خوشی کا پیغام سناتی ہے. ہولے سے دھیرے دھیرے آپ کے ذہن پہ چھائے تفکرات کے بادلوں کو تحلیل کر دیتی ہے. آپ بادلوں کی رفتار کو محسوس کرنے لگتے ہیں.
میں در حقیقت کوہ کے دامن میں رہتی ہوں. یہاں کے لوگ بہت لمبی عمر یں جیتے ہیں. جانتے ہو کیوں؟
یہاں رات کی سوئی آنکھیں دور ندی کے پانی سے دھل کے کھلتی ہیں. ٹھنڈا میٹھا پانی. تیز روی سے بہتا ہے. یہ عام پانی نہیں آب حیات ہے. یہ جن آنکھوں کو چھو لے ان کی بینائی لوٹ آتی ہے.
یہ کیسی بات ہوئی. ؟؟
آزما لو. دھوئیں اور شور کے باسیو ! منرل واٹر میں جینے والو! آزما ئش شرط ہے.
پانی اگر اچھا ہے تو صحت کے اچھا ہونے کا امکان ہے نا. بینائی سے کیا تعلق؟
بہت گہرا تعلق ہے. جس روز صبح کی باد نسیم میں آنکھیں موندھے چلتے ہوئے تم نے اس پانی کو آنکھوں سے لگا لیا جان لو اس دن تمھاری دل کی آنکھیں کھل جائینگی.
دل و نظر کا ماحول سے بڑا گہرا تعلق ہے. ماحول دھندلا تو نگاہ دھندلی ماحول روشن تو بینائی تیز ماحول گرد آلود تو آنکھ میں کنکر ' ماحول چمکیلا تو آنکھوں میں خواب ' ماحول آندھی طوفاں سے اٹ جائے تو سامنے موجود راستہ دکھائی نہیں دیتا اور ماحول بارش سے دھل کے نکھر جائے تو کھوئے ہوئے راستوں کا نشان مل.جاتا ہے.
عجیب منطق ہے.
ہاں ایسا ہے میری دنیا عجیب ہے. بہت عجیب. یہاں کوئلیں میرے صحن میں اچھلتی کودتی شور مچاتی ہیں ..یہاں چڑیا یہا‍ وہاں پھدکتی ہیں یہاں میرے پاس وہ وقت ہے جو میں ان کے ساتھ گزار سکوں. یہ پرندے بڑے اچھے ساتھی ہیں. مجھے ان سے ملنا ہو تو تکلفات کی دیوار آڑے نہیں آتی. ان کا جب جی چاہے مجھ سے ملنے آجاتے ہیں. انھیں میرے برانڈڈ سراپے سے کوئی غرض نہیں. انھیں میرے حسن و جمال کی بھی پرواہ نہیں.
عجیب ہوئے پھر تو یہ. انسانوں والی حس جمالیات مفقود ہے ان میں.
ارے ہاں یہ بھی عجیب ہیں. جانتے ہی نہیں کہ حسن کھاڈی کے لان میں ہے. کوتاہ نظر ہیں. آسماں پہ اڑتے ہیں اور دنیا کے بازار میں سجے مالز دکھائ ہی نہیں دیتے ان کو.
فرض کرو پرندوں کے فیشن شوز ہوتے تو آسمان کی رنگینیاں کتنی دلفریب ہوتیں. رنگین آنچل لہراتے
آپ اتنی ہی عجیب کیوں ہیں؟
کتنی؟
جتنی دکھائی دیتی ہوں؟
سنو ہالی ووڈ نے پرندوں کے لباس پہ فلم بنائی ہے.
سچ؟
نہیں جھوٹ.
ویسے اگر بنائی ہوتو شاندار ہوتی.
وہ عجیب جو نہیں.
آپ کی دنیا میں گھر ہیں؟
وہاں بہت خوبصورت گھر ہیں. کچی مٹی کے بنے. پتہ ہے مٹی کے گھر میں جو راحت ہے اس کا کوئی نعم البدل نہیں. اس سکون کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا. دھوپ جب سوا نیزے پہ پہنچتی ہے تو مٹی کی ٹھنڈک بہترین پناہ گاہ ہے. میں اونچے ٹیلے پہ رہتی ہوں وہاں کی شامیں کیف آگیں ہیں.
کبھی مال روڈ کی شام دیکھی ہے؟
نہیں دیکھی.
شور ہنگامہ گہما گہمی زندگی
میں نے ٹیلوں کی شامیں دیکھی ہیں سکوت ٹہراؤ مسکراہٹ دور تندوروں پہ آگ جلاتی لڑکیاں ..جن کا حسن آگ کے شعلوں کو مات دیتا ہے
میں نے سورج کو پہاڑوں کی اوٹ سے جھانکتے اور چھپتے دیکھا ہے.
میری دنیا کا آسمان تاروں سے بھرا دیکھا ہے. اتنے تارے اتنی روشنی جس کا تصور محال ہے. میں نے روشن راتیں اجلے دن دیکھے ہیں. مجھے انکی قدر و قیمت کا اندازہ ہے.
میری دنیا نے سکوت کا سکون پایا ہے.
آپ شور کے حسن سے واقف نہیں.
میں شور کی بے آرامی سے اکتا چکی ہوں.
آپ کی نسل ٹیکنالوجی کی دنیا سے دور تھی.
درست! میری نسل نے بزرگوں سے ادب سیکھا احمقوں سے عقل سیکھی بد زبانی سے خاموشی سیکھی. میں انسان دوستی کی نسل سے تعلق رکھتی ہوں ..تم مشین دوستی کے قائل ہو. میری دنیا عجیب ہے تمھاری دنیا غریب ہے.
اک آرزو ہے یا رب. . . . . . .
 

با ادب

محفلین
اس تحریر کو لکھنے کے بعد اندازہ ہوا خواہ مخواہ کسی رو میں لکھ ڈالی ..پر اب تو لکھی گئی ہے کیا ہوسکتا ہے :)
 

نایاب

لائبریرین
ماشاء اللہ
بلاشبہ مسحور کرتے سکون سے بھرپور وادی میں دھکیلتی تحریر
بہت سی دعاؤں بھری داد
بہت دعائیں
 
تحریر پڑھنے کے بعد دوسرے مراسلے سے پتہ چلا کہ مجھے تو ٹیگ ہی نہیں ہوئی تھی پھر بھی پڑھ لی!!! :LOL:
 
آخری تدوین:

با ادب

محفلین
تحریر پڑھنے کے بعد دوسرے مراسلے سے پتہ چلا کہ مجھے تو ٹیگ ہی نہیں ہوئی تھی پھر بھی پڑھ لی!!! :LOL:
بہت نوازش پڑھنے کے لئیے. محفل پہ لگانے ک مطلب ہے سب کو ٹیگ ہوگئی نا. . آپ دل پہ مت لیجئیے. عمر کا تقاضا ہے مجھے سب یاد نہیں رہتا. اب تحریر پڑھ لی تھی تو تبصرہ بھی کر دیتے.
 
ماشاء اللہ خوب رہا یہ ماضی و حال کے مابین مکالمہ.
اپنے تمام تر فوائد کے ساتھ یہ بہرحال ٹیکنالوجی کا ایک بڑا نقصان ہے کہ ہم قدرتی ماحول سے دور ہو کر مصنوعی ماحول کے عادی ہو چکے ہیں.
اور جہاں رابطے آسان ہوئے ہیں وہاں تعلق کمزور ہو گئے ہیں.
اقبال کا شہرہ آفاق شعر، جبکہ اس وقت ٹیکنالوجی آج سے بہت پیچھے تھی.
ہے دل کے لیے موت مشینوں کی حکومت
احساسِ مروت کو کچل دیتے ہیں آلات
 

با ادب

محفلین
ماشاء اللہ خوب رہا یہ ماضی و حال کے مابین مکالمہ.
اپنے تمام تر فوائد کے ساتھ یہ بہرحال ٹیکنالوجی کا ایک بڑا نقصان ہے کہ ہم قدرتی ماحول سے دور ہو کر مصنوعی ماحول کے عادی ہو چکے ہیں.
اور جہاں رابطے آسان ہوئے ہیں وہاں تعلق کمزور ہو گئے ہیں.
اقبال کا شہرہ آفاق شعر، جبکہ اس وقت ٹیکنالوجی آج سے بہت پیچھے تھی.
ہے دل کے لیے موت مشینوں کی حکومت
احساسِ مروت کو کچل دیتے ہیں آلات
بہت نوازش آپ نے مرکزی خیال.کو.سمجھ لیا ..میرا آپ.کو ٹیگ کرنا بے کار نہیں گیا. نوازش.
 
Top