الوداع اردو محفل

رانا

محفلین
جناب محفل کی دسویں سالگرہ کو یادگار بنانے کے لئے آج ہم نے بھی اردو محفل کو الوداع کہنے کا ارادہ کرلیا ہے۔یہ دھاگہ اسی لئے کھولا ہے تاکہ سب کو پتہ لگ جائے۔ویسے سب کو پتہ لگنا ضروری تو نہیں لیکن جو بھی جاتا ہے وہ اعلان کرکے جاتا ہے اس لئے ہم کیوں پیچھے رہیں۔ کافی دنوں سے سوچ رہے تھے کہ کچھ کرنا چاہئے۔ وہ کہتے ہیں نا کہ جانے والے کی لوگ تعریفیں کرتے ہیں چلیں اس بہانے ہماری بھی محفلین کچھ تعریف وغیرہ کرلیں گے۔ ویسے لوگ کہتے ہیں کہ یہ دنیا سے جانے والے کے لئے کہا گیا ہے۔ خیر اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔محفل سے جانے والوں کو بھی لوگ کبھی کبھی یاد کرتے ہیں اور اچھے الفاظ میں یاد کرتے ہیں۔ اسی طرح ہمارے جانے کے بعد ہمیں بھی لوگ یاد کریں گے کہ کیا بندہ تھا کتنا بڑا خلا پیدا کرگیا ہے اب یہ خلا کیسے پر ہوگا وغیرہ وغیرہ۔ ویسے یہ خلا والی بات کی مجھے آج تک سمجھ نہیں آئی، کہ سُنتے ہیں خلا تو کبھی رہتا ہی نہیں۔ کوئی نہ کوئی چیز اردگرد سے خلا کو پُر کرہی دیتی ہے۔ ہوسکتا ہےکچھ لوگ بہت بڑا سا خلا بنا کے جاتے ہوں۔ ویسے کبھی کبھی ہم سوچتے ہیں کہ بعدمیں پیدا ہونے والے خلا کو پیشگی ناپنے کا بھی کوئی طریقہ ہونا چاہئے تاکہ ممکنہ شرمندگی سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جاسکیں۔ ورنہ اگر میری طرح کوئی اس امید پر محفل چھوڑ جائے کہ اس کے جانے سے بہت بڑا خلا پیدا ہوگا لیکن بعدمیں پتہ لگے کہ اتنا چھوٹا خلا پیدا ہوا کہ کسی محفلین کے چھوٹے بھائی یا بہن نے ہی اسکول کی چھٹیوں میں محفل جوائن کرکے اس خلا کو بھر دیا۔ تو اسکا بہترین حل یہ ہے کہ پیشگی خلا ناپ کر اندازہ کرلیا جائے۔ اگر پیشگی اندازہ بہت چھوٹے خلا کا ہو تو الوداع کے ارادے کو کچھ عرصہ کے لئے خیرباد کہہ دیا جائے اور مزید وقت محفل پر گزار کر اس متوقع خلا کی پرورش کی جائے کہ خوب بڑا ہوجائے اور جب اچھا خاصا بڑا ہوجائے تو الوداع کا دھاگہ کھول کر بم گرا دیا جائے۔

ایک بات اور یاد آئی کہ محفل چھوڑنے کے لئے ہر کسی نے کوئی نہ کوئی وجہ بھی بتائی تھی۔ شائد یہ بھی کوئی روایت ہے وجہ بتانا۔ ویسے بھی نامناسب معلوم ہوتا ہے بغیر وجہ کے الوداع کہنا۔ تو ٹھیک ہے پھر ہم بھی وجہ بتائیں گے۔ مثلاً یہ وجہ کیسی رہے گی کہ سیاسی دھاگوں میں بڑی تُو تُو میں میں ہوتی ہے۔ ہاں یہ ٹھیک ہے۔ واقعی بھئی سیاسی دھاگوں میں بڑا مچھلی بازار لگتا ہے۔ لو بتاؤ بھلا یہ کوئی بات ہے جس کو جو لیڈر پسند ہے وہ اس کو پسند ہی کئے جارہا ہے۔ نامعقولیت ہے سراسر۔ لیکن۔۔۔ اس میں ایک مسئلہ ہے کہ ہم خود بھی تو سیاسی دھاگوں میں کئی بار ۔۔۔ نہیں نہیں یہ وجہ نامناسب ہے یہ تو اپنے اوپر ہی بات آجائے گی۔ کوئی اور وجہ ہونی چاہئے۔ ہاں یاد آیا کسی نے یہ بھی کہا تھا کہ یہاں سیکولر بہت ہوگئے ہیں۔ یہ ٹھیک رہے گا۔ واقعی سیکولر کہاں کے دہریہ ہیں پکے ایک نمبر کے۔ بس یہ وجہ ٹھیک ہے۔ یہ کیا بات ہوئی کہ مسلمانوں کے فورم میں ویلنٹائن کے دھاگے کھل رہے ہیں۔ نہ صرف دھاگے بلکہ مبارکبادیں بھی وصول کی جارہی ہوتی ہیں۔ ویلنٹائن سے یاد آیا کہ پچھلے سال کا ویلنٹائن ڈے ہمیں کبھی نہیں بھولے گا۔ ہم نے اپنی نئی محبوبہ کو تحائف دینے کے لئے پچھلے ہفتے والی محبوبہ سے دو سو روپے ادھار لئے تھے۔ چار دن بعد واپس کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ بس غضب یہ ہوگیا کہ دوسرے دن اس نے ہمیں نئی محبوبہ کے ساتھ دیکھ لیا اور پھر چار دن انتظار بھی نہ کیا کم ظرف نے اور اگلے دن ہی ہمارے گھر پہنچ کر امی کو شکایت لگادی کہ آپ کے بیٹے نے دو سو روپے لئے تھے واپس نہیں کررہا۔ اِدھر امی نے چپل بھی ان دنوں نئی نئی خریدی تھی ۔ نئی چپل پتہ نہیں کیوں زیادہ زور سے لگتی ہے۔۔۔

اوہو بات کہاں نکل گئی۔۔ ہاں تو ہم کہہ رہے تھے کہ یہ کتنی غلط بات ہے اس طرح کے دھاگے کھولنا۔ شراب کے ذائقوں پر بحث کرنا وہ بھی مسلمانوں کے فورم پر وغیرہ وغیرہ۔ اور غصہ تو اس وقت آتا ہے جب ایسے ایسے بھی شراب کے ذائقوں پر تبصرہ کرتے ہیں جنہوں نے کبھی شراب کی خوشبو بھی نہیں سونگھی ہوتی۔ اچھی بھلی دلچسپ گفتگو میں کباب کی ہڈی بن جاتے ہیں۔ خوشبو سے یاد آیا کہ شراب کی خوشبو بڑی عمدہ ہوتی ہے۔اور کوالٹی کے حساب سے اگر دیکھا جائے تو اسکاٹ لینڈ کی شراب سے زیادہ اچھی شراب شائد ہی دنیا میں کہیں اور بنتی ہو ۔ لیکن اپنے ملک میں دونمبری بہت ہوتی ہے اس وجہ سے اوریجنل ملنا مشکل ہوتاہے ۔عمدہ قسم کی وہسکی بھی کراچی میں چند گنی چُنی جگہوں پر ہی ملتی ہے۔۔۔ اوہو ۔ لاحول ولاقوہ۔۔ یہ پتہ نہیں کس کے خیالات بھٹک کر ہماری طرف آگئے۔ آجکل لوگ ٹیلی پیتھی کے ذریعے اپنے گندے خیالات بھی تو دوسروں کے ذہن میں منتقل کردیتے ہیں۔ کہاں کی بات کہاں نکل جاتی ہے۔ بات ہو رہی تھی کہ مسلمانوں کے فورم پر ایسی باتیں ۔۔۔ لیکن یاد آیا ۔۔۔ایک بار ایک محفلین سے یہ بات کہی تھی تو وہ الٹا ہمیں ہی لتاڑنے لگا تھا کہ کہاں لکھا ہےکہ یہ مسلمانوں کا فورم ہے۔ ہم نے بڑی دلیلیں دیں کہ بھئی اردو میں ہے لیکن اس نے بات ہی اچک لی کہ اردو کب مسلمان ہوئی۔ اس نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ تمہیں تو خود مزہ آتا ہے اس طرح کے دھاگوں میں ورنہ تم وہاں گھستے ہی کیوں ہو۔ اتنا ہی مسلمان ہو تو اسلامی زمروں تک محدود رہا کرو۔ یقین جانیں ہماری تو کانوں کی لویں تک سرخ ہوگئیں یہ باتیں سن کے۔ نامعقول کہیں کا۔ بھلا بتاؤ اسلامی زمروں تک کیسے محدود رہیں آخر سینے میں دل رکھتے ہیں کوئی پتھر تھوڑی۔ خیر۔۔ اس لئے مسلمانوں والے فورم کا بہانہ تو نہیں چلے گا۔

کچھ اور ہونا چاہئے۔ ہاں اس کا الٹ ٹھیک رہے گا۔ زبردست ۔۔۔ یہ وجہ ٹھیک ہے محفل چھوڑنے کی کہ اردو کا فورم ہے بھئی کوئی اسلامی فورم تھوڑی ہے اس میں اسلامی زمرے کیوں ہیں۔ نہ صرف زمرے بلکہ ان میں پھڈے بھی ہوتے ہیں اور متشدد خیالات وہ کہ الامان۔ یہ بھی کافر وہ بھی کافر میں بھی کافر تو بھی کافر جس مراسلے میں اپنی تعریف نہ ہو وہ مراسلہ بھی کافر۔۔ ہاں تو اسلامی زمروں میں دھینگا مشتی ایک اردو کے فورم پر ناقابل برداشت ہے۔ یہ اردو کے فروغ کا فورم ہے نہ کہ اسلامی فرقوں کے فروغ کا۔ اس لئے اس بات سے رنجیدہ ہوکر بڑے دکھ کے ساتھ ہم محفل چھوڑ رہے ہیں۔۔۔ لیکن ۔۔۔ یہ تو خیال ہی نہیں رہا کہ کسی نے وہی بات کہہ دی کہ تم اردو کے زمروں تک رہا کرو کیوں اسلامی زمروں میں گھستے ہو تو پھر۔۔۔ واقعی پہلے اس کا جواب سوچنا چاہئے۔ ڈھنگ کی وجہ سوچنا بھی کتنا مشکل کام ہے۔۔۔

بھئی وجہ کی ایسی کی تیسی۔ ہم نہیں بتاتے وجہ۔ ہم بغیر وجہ بتائے جائیں گے۔آخر کیا ضروری ہے کہ دوسروں کی تقلید کی جائے۔ آج سے ہم اس نئی روش کی ابتدا کریں گے کہ بغیر وجہ بتائے محفل چھوڑی جائے۔ پھر لوگ ہمیں یاد کیا کریں گے۔ ہماری یاد میں ٹھنڈی آہیں بھی شائد بھرا کریں۔ ایک محفلین ادھر سے نکلے گا اور ٹھنڈی آہ بھرتا ہوا دوسری طرف غروب ہوجائے گا۔ دوسرا اسلامی دھاگے سے نکلے گا اور ٹھنڈی آہ بھرتا ہوا کوچہ ملنگاں میں غڑاپ۔ ٹھنڈی آہوں کا بڑا مسئلہ ہے کہ انہیں بندہ لائیو ہی دیکھ سکتا ہے۔ ٹھنڈی آہوں کو الفاظ کی شکل میں محفل پر بکھیرنا تو بڑا مشکل ہوگا محفلین کے لئے۔ اگر اس کا کوئی طریقہ ہوتا تو ہمارے بعد محفل میں ہر طرف ٹھنڈی آہوں کے مراسلے اوردھاگے بکھرے نظر آتے اور ہر طرف ان آہوں کی وجہ سے ایک دھند سی چھائی رہتی۔ نئے آنے والے محفلین کو اس دھند کی وجہ سے دو گز تک دیکھنا بھی محال ہوتا اور دھاگے اور مراسلے آپس میں بری طرح ٹکرانے لگتے۔ کسی کی سالگرہ کا مراسلہ کسی کے انا للہ والے دھاگے سے ٹکرا جاتا اور پھر پھڈے ہوتے، شرم نہیں آتی میرے دادا کی تعزیت کے دھاگے میں اپنے بیٹے کی سالگرہ کا مراسلہ چھوڑ دیا۔ غلطی ہوگئی بھائی وہ دھند کی وجہ سے دھاگے کا بورڈ ٹھیک سے نہیں پڑھ سکا۔وغیرہ وغیرہ۔ پُرانے محفلین یہ دیکھ دیکھ کر ہمیں مزید یاد کرتے کہ جانے والا چلا گیا لیکن پیچھے ابتری پھیلا گیا۔

ویسے گذشتہ چند ماہ سے ایک بات ہم نے نوٹ کی ہے کہ محفل میں کئی نئے اور مفید اضافے ہوئے ہیں جنہوں نے بعض سابقہ اچھے محفلین کا خلا پُر کرنے کی کوشش کی ہے۔ مثلاً ایک بہت اچھے سائنسی معلومات رکھنے والے محفلین گئے تو ان کی جگہ زہیر عباس صاحب جلوہ گر ہوگئے اور آتے ہی دو تین دلچسپ سائنسی کتابوں کا ترجمہ کرڈالا۔ اسی طرح ایک دوسرے محفلین جو ہر بات کو حقائق کی کسوٹی پر رکھتے تھے اور منطقی انداز میں گفتگو کرنے کی وجہ سے ہر دلعزیز تھے ان کی جگہ اب حمیر یوسف نظر آتےہیں اور ان کی کمی محسوس نہیں ہونے دیتے۔ اسی طرح شعر و ادب سے لگاؤ رکھنے والے بھی کچھ نئے اضافے ہوئے ہیں۔۔۔اوہو۔۔ یہ تو شائد وہی بات ہوئی جو ابھی میں سوچ رہا تھا کہ خلا تو کسی نہ کسی طرح بھر ہی جاتا ہے کبھی جلدی اور کبھی دیر سے۔ تو اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ ہمارے جانے کے بعد لوگ ہمیں ایک دو ماہ یاد کریں اورپھر کوئی نہ کوئی آکر ہمارا خلا بھر دے۔ پھر کسی کو یاد ہی نہ رہے کہ ہم بھی تھے کبھی محفل کی راہوں میں۔ یہ تو بڑی خطرناک بات ہے۔ اچھا ہوا اس طرف دھیان چلا گیا۔ یہ تو کسی صورت بھی قابل برداشت نہیں کہ ہمارا پیدا کردہ خلا کوئی اس طرح بھر دے کہ ہمیں بھلا دیا جائے۔نہ بھئی نہ۔ محفل کو الوداع کہنے کا ارادہ ملتوی۔ یہ فیصلہ ہوگیا کہ ہم کہیں نہیں جائیں گے۔ سب محفلین اچھی طرح سُن لیں کہ ہم کہیں نہیں جارہے۔ ہم یہیں رہ کر سب کے سینے پر مونگ دلیں گے۔
 

عثمان

محفلین
بالکل یہ محفل ہے ہی ایسی کہ اسے الوداع کہنے کو جی نہیں کرتا۔
البتہ کچھ محفلین ایسے ضرور ہیں کہ انہیں ہزار الوداع کہو وہ پھر مڑ کر آجاتے ہیں۔

اور یہ شراب والا دھاگہ کہاں ہے؟
 
ویسے آج کل محفل میں ادب اور شعر شاعری کا زور ہے۔ اور نئے اور اچھے شعرا شامل بھی ہوئے ہیں اور کچھ محفلین کا ادبی ذوق منظر عام پر بھی آیا ہے۔
 

محمداحمد

لائبریرین
واہ رانا بھائی!

بہت ہی شگفتہ تحریر ہے۔ دل خوش ہوا پڑھ کر۔ :)

ہم تو خیر اکثر حیران ہوتے ہیں کہ محفل سے تعلق توڑ کر لوگوں کو نہ جانے کیا خوشی ملتی ہے یا کون سی انا کو تسکین پہنچتی ہے۔ سیدھی سیدھی بات کرتے ہیں ہم تو کہ دل چاہے تو آ جائیں محفل میں۔ نہ دل چاہے تو جہاں دل چاہے جائیں۔ اور دو ماہ میں چار ماہ میں، دو سال میں جب بھی دل مائل ہو آ جائیں۔ تعلق تو رکھنا چاہیے۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
واہ واہ رانا صاحب۔۔۔ کیا کہنے۔۔۔ لاجواب۔۔۔ میں تو بھاگا چلا آیا تھا کہ چلو یار خلا بننے لگا ہے۔۔۔ چلو شاید میرا جثہ ہی سما جائے۔۔ مگر آخر میں ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا۔۔۔ اس طرح تھوڑی کرتے ہیں بھلا۔۔۔ :p
 
ویسے جو حضرات واقعتاً محفل کو الوداع کہنا چاہیں ان کے لئے ایک تجویز ہے کہ اس سے پہلے کہ آپ کی برداشت انتہا تک پہنچے آپ محفل سے چند دن کی بریک لے لیا کریں۔ اور طبیعت پرسکون ہونے کے بعد دوبارہ تازہ دم ہو کر اپنی سرگرمیاں شروع کر دیا کریں۔
 

رانا

محفلین
واہ رانا بھائی!

بہت ہی شگفتہ تحریر ہے۔ دل خوش ہوا پڑھ کر۔ :)

ہم تو خیر اکثر حیران ہوتے ہیں کہ محفل سے تعلق توڑ کر لوگوں کو نہ جانے کیا خوشی ملتی ہے یا کون سی انا کو تسکین پہنچتی ہے۔ سیدھی سیدھی بات کرتے ہیں ہم تو کہ دل چاہے تو آ جائیں محفل میں۔ نہ دل چاہے تو جہاں دل چاہے جائیں۔ اور دو ماہ میں چار ماہ میں، دو سال میں جب بھی دل مائل ہو آ جائیں۔ تعلق تو رکھنا چاہیے۔
بہت شکریہ احمد بھائی۔:)
واقعی ہماری سمجھ میں بھی کبھی نہیں آیا کہ اسطرح جانے کی بجائے غیر اعلانیہ محفل پر آمد کم کردی جائے تو کیا حرج ہے۔ کسی شہر میں دل نہ لگے تو کوئی یہ تو نہیں کہتا کہ اب میں تیرے شہر میں کبھی نہیں آؤں گا۔ البتہ ایک گلوکار یہ کہا کرتا تھا لیکن اسکی تو مجبوری تھی کہ شہر کی محبوبہ نے اسکو ٹھکرا دیا تھا۔:)
 

رانا

محفلین
واہ واہ رانا صاحب۔۔۔ کیا کہنے۔۔۔ لاجواب۔۔۔ میں تو بھاگا چلا آیا تھا کہ چلو یار خلا بننے لگا ہے۔۔۔ چلو شاید میرا جثہ ہی سما جائے۔۔ مگر آخر میں ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا۔۔۔ اس طرح تھوڑی کرتے ہیں بھلا۔۔۔ :p
بہت شکریہ نیرنگ بھائی۔:)
اور مجھے بھی آپ ہی کی طرف سے خطرہ تھا اپنے پیدا کردہ خلا کے لئے، اسی لئے فورا ارادہ بدل ڈالا۔:p
 

اکمل زیدی

محفلین
ویسے آج کل محفل میں ادب اور شعر شاعری کا زور ہے۔ اور نئے اور اچھے شعرا شامل بھی ہوئے ہیں اور کچھ محفلین کا ادبی ذوق منظر عام پر بھی آیا ہے۔

بہت شکریہ .......لئیق بھائی ....باغ نہ جانے نہ جانے ... گل تو لیکن جانے ہے .... :LOL:
 

رانا

محفلین
بھائی صاحب ہمارے پیدا کردہ خلامیں آپ ویسے بھی نہ سما سکتے۔ آخر جثے جثے کا فرق ہوتا ہے کہ ہم کافی دبلے پتلے واقع ہوئے ہیں۔:)
اسکا تجربہ ہمیں ایک مرتبہ بس میں سفر کے دوران ہوا۔ ہم منی بس کی پچھلی سیٹ پر تھے جس میں پانچ مسافر پھنسے ہوتے ہیں۔ ایک اسٹاپ سے ایک باریش بزرگ مسافر سوار ہوئے۔ ہمارا جذبہ ہمدردی خلق فورا بیدار ہوا اور ہم نے فورا ان کے لئے اپنی جگہ خالی کردی۔ وہ بزرگ ہم سے کوئی ڈھائی تین گنا تو ہوں گے ہی۔ جب وہ ہماری سیٹ پر ڈھیر ہوئے تو اسکے نتیجے میں سیٹ کے باقی مسافر جسطرح پچکے تو مت پوچھیں کہ ان مسافروں نے ہمیں اجتماعی طور پر کن نظروں سے گھورنا شروع کیا۔ ہم نے فورا نظریں جھکالیں کیونکہ سمجھ گئے تھے کہ چاروں مسافر ہمیں دل ہی دل میں کیا صلواتیں سنا رہے ہوں گے کہ کمبخت خود تو لکڑی جیسا ہے اور ہمدردی کا جذبہ جاگا ہے ڈرم کے لئے۔ وہ دن اور آج کا دن جب بھی بس میں کوئی ایسی صورت حال پیش آئے تو پہلے ہم اپنے جثے کا بزرگ مسافر کے جثے سے موازنہ کرتے ہیں پھر فیصلہ کرتے ہیں۔ اس احتیاطی موازنے کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ اب سیٹ کے مسافروں کی صلواتوں سے تو بچ جاتے ہیں لیکن بعض اوقات دگنے جثے کے بزرگ مسافر کی خشمگیں نظروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو دل میں سوچتے ہوں گے کہ کیا زمانہ آگیا ہے آج کل کی جواں نسل بزرگوں کے لئے سیٹ چھوڑنا بھی کسر شان سمجھتی ہے۔:)
 

عثمان

محفلین
ویسے جو حضرات واقعتاً محفل کو الوداع کہنا چاہیں ان کے لئے ایک تجویز ہے کہ اس سے پہلے کہ آپ کی برداشت انتہا تک پہنچے آپ محفل سے چند دن کی بریک لے لیا کریں۔ اور طبیعت پرسکون ہونے کے بعد دوبارہ تازہ دم ہو کر اپنی سرگرمیاں شروع کر دیا کریں۔
ہفتہ وار چھٹی مناسب رہے گی!
 

arifkarim

معطل
رانا
جب بھی ہماری یہاں کسی الوداعی دھاگے پر نظر پڑتی ہے تو ہمارا دل باغ باغ ہو جاتا ہے کہ لو ایک اور جہادی محفل سے رخصت ہو گیا۔ لیکن پھر کچھ ہی عرصہ بعد کچھ جہادی کھلے عام الوداع کہہ کر واپس آجاتے ہیں۔ :( :( :(
ایچ اے خان
 
آخری تدوین:
Top