اب دوسرا لالہ نہیں آئے گا

_94750790_f3a23844-bc91-4ce3-a279-ecb16d56acd7.jpg

اس میں دو رائے نہیں کہ آج سے دس سال پہلے پوری قوم آفریدی کو پسند کرتی تھی
شارجہ میں جب شاہد آفریدی نے یہ واضح کیا کہ اب ان کا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں، تو یہ کوئی بریکنگ نیوز نہیں تھی محض ایک طے شدہ حقیقت کا اعتراف تھا۔
20 سال سے زیادہ عرصے پہ محیط اس کریئر کا آغاز جتنا ڈرامائی تھا، انجام اتنا ہی غیر دلچسپ ثابت ہوا۔ شاید یہ فیصلہ شاہد آفریدی کو کچھ سال پہلے کر لینا چاہیے تھا۔
ایسا نہیں کہ انہوں نے پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی ہو۔ اس سے پہلے بھی وہ کئی مواقع پہ دلبرداشتہ ہو کر ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں مگر اس بار ان کی واپسی کا کوئی امکان باقی نہیں رہا۔
اگر اعدادوشمار سے ہٹ کر دیکھا جائے تو آفریدی نے پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا یادگار ترین کریئر دیکھا ہے۔ ان کی فارم جو بھی رہی، قوم نے ہمیشہ اپنی امیدیں انھی سے وابستہ رکھیں۔ کوئی بھی میچ ہو، دنیا کا کوئی بھی میدان ہو، خطرناک سے خطرناک بولر سامنے ہو لیکن آفریدی کے کریز پر آتے ہی ایسا لگتا تھا کہ کچھ انہونی سی ہونے کو ہے۔
عموماً ہوتا یہ ہے کہ جب ایک کھلاڑی مسلسل تین چار میچوں میں کارکردگی نہ دکھا پائے تو لوگ اس سے مایوس ہونے لگتے ہیں، ٹیم میں اس کی جگہ پہ سوال اٹھنے لگتے ہیں اور کرکٹ شائقین بھی اسے بھولنے لگتے ہیں مگر آفریدی کے مداحوں نے اس مسلمہ اصول کو بھی غلط ثابت کر دکھایا ہے۔
36
سالہ شاہد آفریدی کا بین الاقوامی کرکٹ کریئر 21 سال پر محیط رہا
اس میں دو رائے نہیں کہ آج سے دس سال پہلے پوری قوم آفریدی کو پسند کرتی تھی۔ جس ٹیم میں انہوں نے ڈیبیو کیا، وہ بڑے ناموں سے بھری ہوئی تھی اور آفریدی پہ زیادہ ذمہ داریاں نہیں تھی مگر جوں جوں وہ بڑے نام ایک ایک کر کے ڈریسنگ روم سے رخصت ہوتے گئے، آفریدی پر ذمہ داری کا بوجھ پڑتا گیا اور ان کی فارم اس بوجھ تلے ماند پڑتی گئی۔
جس دور میں آفریدی نے ون ڈے کی تیز ترین سینچری بنائی تب نہ تو کوئی پاور پلے ہوا کرتے تھے، نہ دونوں اینڈ سے نئے گیند استعمال ہوتی تھی اور نہ ہی اس طرح کے بیٹ موجود تھے جو آج کرس گیل، ڈی ویلیئرز اور وارنر جیسوں کے پاس ہیں اور پھر وہ سینچری ہی آفریدی کی پہچان بن گئی۔
کرکٹ سٹارڈم کو اگر ٹی وی ریٹنگز کے پیرائے میں دیکھا جائے تو غلط نہ ہو گا۔ جیسے ایک ٹی وی پروڈیوسر کی مجبوری ہوتی ہے کہ اسے کوالٹی سے قطع نظر صرف ریٹنگ پیدا کرنی ہے، ویسے ہی کرکٹ سٹارز کو بھی میچ کی صورت حال اور ٹیم کی ضروریات سے ماورا ہو کر صرف اپنی گیم کرنا پڑتی ہے۔
آفریدی کا بھی یہی مسئلہ تھا۔ ایک طرف ٹیم کی ضروریات تھیں اور دوسری طرف مداحوں کی خواہشات۔ آفریدی نے زیادہ تر مداحوں کی خواہشات کا ہی احترام کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی کہیں میچ ہو رہا ہو اور آفریدی بیٹنگ پر آئیں تو سبھی اچانک سکرین کی جانب متوجہ ہو جاتے ہیں لیکن اس لیے نہیں کہ لالہ میچ جتائے گا، انتظار ہوتا ہے تو صرف اس بات کا کہ آج لالہ کتنے چھکے لگائے گا۔
مگر ہمیشہ ایسا بھی معاملہ نہیں رہا۔ کئی مواقع پہ آفریدی نے توقعات سے کہیں بڑھ کر ذمہ داری کا ثبوت بھی دیا۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2009 کے سیمی فائنل اور فائنل میں جو اننگز آفریدی نے کھیلیں، وہ نہ صرف ان کے اپنے کریئر کی بلکہ بحیثیت مجموعی آئی سی سی ایونٹس میں بھی کسی پاکستانی کی بہترین اننگز تھیں۔
یہ بات گو بحث کی متقاضی ہے کہ کیا آفریدی نے اپنے ٹیلنٹ سے بھرپور انصاف کیا یا نہیں؟
ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان اور بھارت مدمقابل ہیں۔ آخری اوور میں جیت کے لیے دس رنز درکار ہیں اور شاہد آفریدی کریز پر موجود ہیں، کروڑوں شائقین کی سانسیں رکی ہوئی ہیں۔ ایشون آئے، پہلی بال پہ سعید اجمل بولڈ ہوئے، دوسری پہ جنید خان نے سنگل لیا اور آفریدی سٹرائیک پر آ گئے۔
تیسری اور چوتھی گیند کہاں سے آئی کیسے آئی، نہیں یاد۔ یاد ہے تو بس اتنا کہ چوتھی گیند پہ جب آفریدی نے بلا گھمایا تو دس سیکنڈز کے لئے گویا پوری دنیا میں خاموشی چھا گئی۔ اور اس سکوت کو توڑا رمیز راجہ کی آواز نے۔۔۔۔ "آفریدی! یو بیوٹی"
یہ تھا وہ آفریدی جو ان کے مداح دیکھنا چاہتے تھے اور آفریدی نے بھی اپنا کریئر ویسا ہی گزارا جیسا ان کے مداح انھیں دیکھنا چاہتے تھے۔
مگر اب شاید یہ قوم ایسا کوئی کریئر نہیں دیکھنا چاہے گی اور اب کوئی دوسرا لالہ بھی نہیں آئے گا۔
بشکریہ بی بی سی اردو
 
اس بات میں بھی کسی کو ئی شک نہیں کہ پاکستان میں جتنی عزت اور شہرت شاہد خان آفریدی کے حصے میں آئی ہے وہ بڑوں بڑوں کے لیے ایک خواب ہی ہے ۔ چاہے عمران خان ہو یا جاوید میانداد ۔ بلکہ میں تو یہ کہوں گا کہ پوری دنیائے کرکٹ میں کوئی ایسا کھلاڑی آج تک پیدا نہیں ہوا کہ جس کے آوٹ ہوتے ہی میدان اُجڑ جاتے ہوں ۔ لوگ صرف اس کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے (جوکہ چند منٹ اور بعض اوقات چند سیکنڈ ز پہ محیط ہوتی تھی) دیوانہ وار اُمڈ آتے ہوں۔
اور یہ بھی سچ ہے کہ اس نے اپنے پیچھے مثالیں چھوڑ دیں ۔
چاہے وہ کھیلے یا نہ کھیلے اس سے قطع نظر
اب بھی کبھی ٹیم کو تیز رنز چاہیے ہوں تو ایک ہی نام ذہن میں آتا ہے ۔
پھر جہاں کئی مضحکہ خیزیاں سامنے آئیں وہیں اسکی شخصیت کے مثبت پہلو بھی سامنے آئے ۔ چار بیٹیوں سے والہانہ محبت اور انہیں بیٹوں کے برابر درجہ دے کے اُس نے بیٹے اور بیٹی کی تفریق ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔
قصہ مختصر آفریدی آج بھی مجھے اُتنا ہی عزیز ہے جتنا دس سال پہلے تھا ۔
 
محمد وارث

لائبریرین
شاعروں میں کچھ شاعر ایسے ہوتے ہیں جو ایک دو شعر یا ایک آدھ غزل ایسی ظالم کہہ دیتے ہیں کہ ساری زندگی اس کی شہرت پر ہی "ملک الشعرا" بنے رہتے ہیں، گویا وہ شاعروں کے "لالہ" ہوتے ہیں، فرق صرف اتنا ہے کہ شاعروں کے "لالے" ساری زندگی اتنی کمائی نہیں کر پاتے جتنی کمائی کرکٹ کے "ایک مصرعے کے شاعر" ایک میچ کھیل کر کر جاتے ہیں۔ :)
 
آخری تدوین:
اب یہاں کوئی نہیں، کوئی نہیں آئے گا۔ :cry::cry::cry:

اللہ کا شکر ہے کہ آفریدی سے پہلے والی کرکٹ بھی بہ ہوش و حواس دیکھی ہے، لہٰذا اس کے بغیر بھی کرکٹ کو کرکٹ ہی سمجھتا ہوں۔
بغیر بھی کی جگہ بغیر ہی بھی لایا جا سکتا ہے۔
 
میری طرف سے "بھی" کو ابھی سے "ہی" سے بدل دیں :)
 
پاکستانی کرکٹ کی حالت بہت بہتر ہوتی اگر آفریدی کو اتنا سر پر نہ بٹھایا جاتا
شاہد آفریدی اور راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد بھی یہی ڈر لگا رہتا ہے کہیں واپس نہ آ جائے
 
عثمان قادر

محفلین
جتنی زیادہ گالیاں آفریدی کو پڑیں اتنی بھی شاید کسی کو نا پڑی ہوں ۔۔۔۔۔
مطلب جب امید ٹوٹری ہے تو درد تو ہوتا ہے نا اور پاکستانی درد کا اظہار زبان سے کرنے میں بہت زبان دراز ہیں ۔۔۔۔
 
پاکستانی کرکٹ ۔۔۔۔
جہاں ایک سیریز میں بلے باز تھوڑے رنز کر لیں تو اگلی سیریز فکس کر لیتے ہیں ۔۔ جہاں ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان کی ایک بھی سنچری نہیں ہوتی پورے کیریئر میں ۔ جہاں ون ڈے ٹیم کا کپتان اس کو بنایا جاتا ہے جس نے پچھلے 3 سالوں سے کو ئی انٹر نیشنل میچ نہیں کھیلا ہوتا ۔
جہاں کرکٹ نے اپنی تاریخ کا سب سے سیاہ ترین دور دیکھا کہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کی رینکنگ میں ترلے اور منتوں سے ٹاپ ایٹ میں جگہ بنا پائے ۔
۔۔
وہاں لوگوں کو آفریدی کے سُپر سٹار ہونے پہ اعتراض ہے ۔ حد ہے
اس پہ کسی کی دو رائے نہیں ہے کہ اس نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بہت دیر سے کیا ۔ اور بار بار کیا ۔ لیکن یہی لوگ اس بندے کو بھول جاتے ہیں جس نے کہا تھا کہ اگر مشرف اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے سکتا ہے تو میں کیوں نہیں ؟
آفریدی کی فارم پہ سوالیہ نشان کل بھی تھے ۔ آج بھی ہیں ۔اسے بہت دیر پہلے باعزت ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے تھی ۔ اس سے میں بالکل متفق ہوں ۔ اور یہ حقیقت بھی ہے ۔
لیکن اسے گالیاں دینے سے پہلے صرف ایک دفعہ سٹیٹس پہ نظر دوڑا کے دیکھ لیں کہ بنسبت دوسرے پاکستانی کھلاڑیوں کے ۔ آفریدی نے کتنے میچز پاکستان کو جتوائے ۔ کتنے میچز میں مین آف دی میچ رہا ۔ کتنے کیچز پکڑے ۔ کتنے ریکارڈز اپنے نام کیے ۔اور اس کا موازنہ باقی آل راونڈرز سے ضرور کر لیجیے گا ۔ پھر اسے گالی دیں یا کوسنے ۔ آپ کی مرضی ہے ۔
 
جہاں ایک سیریز میں بلے باز تھوڑے رنز کر لیں تو اگلی سیریز فکس کر لیتے ہیں ۔۔ جہاں ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان کی ایک بھی سنچری نہیں ہوتی پورے کیریئر میں ۔ جہاں ون ڈے ٹیم کا کپتان اس کو بنایا جاتا ہے جس نے پچھلے 3 سالوں سے کو ئی انٹر نیشنل میچ نہیں کھیلا ہوتا ۔
جہاں کرکٹ نے اپنی تاریخ کا سب سے سیاہ ترین دور دیکھا کہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کی رینکنگ میں ترلے اور منتوں سے ٹاپ ایٹ میں جگہ بنا پائے ۔
۔۔
وہاں لوگوں کو آفریدی کے سُپر سٹار ہونے پہ اعتراض ہے ۔ حد ہے
حضور! یہ تو آپ نے ایسی بات کر دی جیسے ہمارے حکمران اسمبلیوں میں کرتے ہیں۔ ایک کو جب کہا جاتا ہے آپ نے کرپشن کی، وہ جواب دیتا ہے فلانے فلانے فلانے بھی تو کرپشن کی۔ صرف آفریدی ہی نہیں کئی کھلاڑیوں نے پاکستانی کرکٹ اور میرٹ کا قتل کیا ہے۔ آپ آفریدی کو اس کھاتے سے باہر نہیں نکال سکتے۔ یا یہ جواز نہیں دے سکتے کہ آفریدی ان سب کھلاڑیوں سے بہتر تھا جن کی مثالیں آپ نے دی ہیں۔ انصاف اور میرٹ کے تقاضوں پہ سیاست کل بھی حاوی تھی اور آج بھی حاوی ہے۔
 
چلیں سر آپ تھوڑا واضح کر دیں کہ آفریدی نے میرٹ اور انصاف کی دھجیاں کیسے اڑائیں ؟؟ کیا کو ئی سیاسی اثر و رسوخ تھا ؟؟ یا پیسے کی انوالومنٹ تھی ؟؟ کچھ تو ہو گا جس کے بَل پہ بقول آپ کے آفریدی اتنا عرصہ میرٹ اور انصاف کی دھجیاں اُڑاتا رہا ہے ؟؟
 
محمد وارث

لائبریرین
درست ہے اعداد و شمار ہر بار کسی کھلاڑی کی صحیح قابلیت ظاہر نہیں کرتے، لیکن اگر کھلاڑی بیس سال تک کرکٹ کھیلتا رہا ہو تو اس کے اعداد و شمار یقینا اس کے بارے میں سچ بولیں گے۔ آفریدی صاحب کے اعداد و شمار

27 ٹیسٹ 1716 اسکور، تقریبا 37 اوسط۔ 48 وکٹیں 36 کی اوسط سے۔
398 ون ڈے، 8064 اسکور، 23 اوسط۔ 395 وکٹیں، 34 کی اوسط سے۔
98 ٹی ٹونٹی، 1405 اسکور، 18 اوسط، 97 وکٹیں، 24 کی اوسط سے۔
113 فرسٹ کلاس میچ (ٹیسٹ + ڈومیسٹک)، 5695 اسکور، 31 اوسط، 266 وکٹیں، 27 کی اوسط سے۔
501 لسٹ اے (ون ڈے، انٹرنیشنل + ڈومیسٹک) 10881 اسکور، 25 اوسط، 510 وکٹیں 34 کی اوسط سے

آپ ان اعداد و شمار کو دنیا کے کسی بھی "آل راؤنڈر" کے اعداد و شمار کے سامنے رکھیں، فرق صاف ظاہر ہو جائے گا۔ خدا کی پناہ، یہ ون ڈے کے "بے تاج بادشاہ" کے اعداد و شمار ہیں جس نے 501 ایک روزہ میچ کھیلے (انٹرنیشل اور ڈومیسٹک) جن میں زیادہ تر "پھٹا" وکٹوں پر ہونگے اور بیٹنگ اوسط دیکھیے 25؟ صرف 25؟ اگر کوئی کہے آفریدی نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرتا تھا تو دنیا کے زیادہ تر آل راؤنڈرز نچلے نمبروں ہی پر بیٹنگ کرتے ہیں، اور آفریدی نے تو بہت سارے میچوں میں اوپننگ بھی ہے۔

مصباح الحق کو ون ڈے میں سینچری نہ کرنے کے طعنے دینے والے خود دیکھ لیں کہ اس "سُپر سٹار" کی 501 ون ڈے (انٹرنیشنل + ڈومیسٹک) میچوں میں صرف 8 سنچریاں ہیں۔

سچ ہے اعداد و شمار کبھی "جذباتی" نہیں ہوتے۔ :)
 
آپ ان اعداد و شمار کو دنیا کے کسی بھی "آل راؤنڈر" کے اعداد و شمار کے سامنے رکھیں
سر آپ کچھ مِس کر گئے ہیں
پاکستانی کرکٹ ۔۔۔۔

ایک دفعہ سٹیٹس پہ نظر دوڑا کے دیکھ لیں کہ بنسبت دوسرے پاکستانی کھلاڑیوں کے ۔ آفریدی نے کتنے میچز پاکستان کو جتوائے ۔ کتنے میچز میں مین آف دی میچ رہا ۔ کتنے کیچز پکڑے ۔ کتنے ریکارڈز اپنے نام کیے ۔اور اس کا موازنہ باقی آل راونڈرز سے ضرور کر لیجیے گا
 
چلیں سر آپ تھوڑا واضح کر دیں کہ آفریدی نے میرٹ اور انصاف کی دھجیاں کیسے اڑائیں ؟؟ کیا کو ئی سیاسی اثر و رسوخ تھا ؟؟ یا پیسے کی انوالومنٹ تھی ؟؟ کچھ تو ہو گا جس کے بَل پہ بقول آپ کے آفریدی اتنا عرصہ میرٹ اور انصاف کی دھجیاں اُڑاتا رہا ہے ؟؟
ہر چیز آپ کے سامنے ہے، شاید آپ آفریدی کی محبت ان چیزوں کو دیکھ کر بھی "ان دیکھا" کر رہے ہیں۔ ان سب چیزوں کے علاوہ "بلیک میلنگ" سے بھی انصاف کی دھجیاں اڑائی جا سکتی ہیں۔ جب بھی ان سے پرفارمنس پہ بات کی گئی تو ان کے جوابات آج بھی گوگل کیے جا سکتے ہیں اور یوٹیوب پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ :)
 
محمد وارث

لائبریرین
سر آپ کچھ مِس کر گئے ہیں
ڈاکٹر صاحب، میں نے اسی لیے آپ کے مراسلے کا اقتباس نہیں لیا تھا کہ یہ آپ کی بات کا جواب نہیں تھا، اور ہم کرکٹ کی بات کر رہے ہیں نا؟ کیا کرکٹ صرف وہی ہے جو "لالہ" کھیلتے تھے یا وہ ہے جو ساری دنیا کھیلتی ہے؟
 
سر یہ میری بات کا جواب نہیں ہے ۔بلیک میلنگ تھی تو کس طرح سے تھی کچھ تو بتائیں تاکہ میرے علم میں بھی اضافہ ہو کہ کونسی گیدڑ سنگھی تھی آفریدی کے پاس کہ اس نے پورے کرکٹ بورڈ کو اپنا غلام بنا کے رکھا ہوا تھا ؟؟؟ شاید کل کو یہ ٹپس کسی اور کھلاڑ ی کے کام بھی آ جائیں ؟؟ :)
 
ڈاکٹر صاحب، میں نے اسی لیے آپ کے مراسلے کا اقتباس نہیں لیا تھا کہ یہ آپ کی بات کا جواب نہیں تھا، اور ہم کرکٹ کی بات کر رہے ہیں نا؟ کیا کرکٹ صرف وہی ہے جو "لالہ" کھیلتے تھے یا وہ ہے جو ساری دنیا کھیلتی ہے؟
سر میرا خیال ہے ہم پاکستانی کرکٹ کی بات کر رہے تھے :D
 
محمد وارث

لائبریرین
Top