السلام علیکم،
حالیہ دنوں میں جہاں اردو بلاگز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے وہاں اردو میں آسانی سے بلاگ لکھنے کے لیے سہولتیں بھی منظر عام پر آتی جا رہی ہیں۔ اب خاص اردو بلاگز کے لیے ایک سے زائد بلاگ ہوسٹ دستیاب ہیں۔
ورڈپریس بلاگ پبلش کرنے کا مقبول ترین سوفٹویر ہے۔ کچھ لوگ اسے باقاعدہ کونٹینٹ منیجمنٹ سسٹم کے طور پر استعمال کرتے ہیں، اور اسے ایک آن لائن جریدہ پبلش کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اردو بلاگرز میں بھی ورڈپریس کافی مقبول ہے۔ اگرچہ ورڈپریس تحریری (یونیکوڈ) اردو ڈیٹا کو درست محفوظ کرنے کی اہلیت رکھتا ہے لیکن اردو مواد کو درست ڈسپلے کرنے کے لیے اس کی تھیمز میں ترمیم کی ضرورت پیش آتی ہے۔ کئی دوست ورڈپریس کے سٹائلز کی اردو کسٹمائزیشن پر کام کر رہے ہیں۔ زیر نظر ٹیوٹوریل میں میں آپ کو ورڈپریس کی ایک تھیم کی اردو کسٹمائزیشن کے بارے میں بتاؤں گا جس کے ذریعے آپ کو ورڈپریس کی تھیمز کی اردو کسٹمائزیشن کے بارے میں بنیادی معلومات حاصل ہو جائیں گی اور آپ خود سے بھی ورڈپریس کی کوئی تھیم کی اردو کسٹمائزیشن کر سکیں گے۔
اس ٹیوٹوریل میں فراہم کی گئی معلومات سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کو ایچ ٹی ایم ایل اور سی ایس ایس کی بنیادی باتوں کا علم ہو۔ ایچ ٹی ایم ایل اور سی ایس ایس کو سمجھنا زیادہ مشکل نہیں ہے اور اس کے لیے انٹرنیٹ پر متعدد ٹیوٹوریل موجود ہیں۔
ضروریات
- فائرفاکس براؤزر بمعہ فائر بگ ایکسٹینشن
کسی بھی ویب پیج کے سٹائل کی کسٹمائزیشن میں مدد کے لیے فائرفاکس براؤزر کی فائر بگ ایکسٹینشن بہترین ٹول ہے۔ اس کے ذریعے ویب پیج کے سٹائلز کو آن لائن حالت میں تبدیل کرکے اس کا اثر دیکھا جا سکتا ہے۔ فائربگ کے ذریعے فوری طور پر معلوم کیا جا سکتا ہے کہ ویب پیج کے کسی مخصوص حصے پر سٹائل شیٹ کا کونسا سٹائل اپلائی ہو رہا ہے، حتی کہ سی ایس ایس فائل میں اس کا لائن نمبر تک معلوم ہو جاتا ہے جس سے وقت کی کافی بچت ہو جاتی ہے۔
- ایڈیٹر
یہاں ایک سادہ ٹیکسٹ ایڈیٹر جس میں utf-8 ٹیکسٹ کی سپورٹ موجود ہو، جیسے کہ نوٹ پیڈ وغیرہ سے بھی کام چل سکتا ہے لیکن اگر کوئی بہتر ایڈیٹر استعمال کر لیا جائے جس میں ایچ ٹی ایم ایل کی سنٹیکس ہائی لائٹنگ مہیا ہو تو اس سے کام میں سہولت ہو جاتی ہے۔ اس طرح کے کئی ایڈیٹر موجود ہیں جیسے کہ الٹرا ایڈٹ، ڈریم ویور وغیرہ۔ میں عام طور پر ویژوئل سٹوڈیو میں کام کرتا ہوں اور اس ٹیوٹوریل کی تیاری کے لیے میں نے ویژوئل سٹوڈیو ڈاٹ نیٹ کا ہی استعمال کیا ہے۔ لیکن آپ اس کی جگہ اپنی پسند کا ایڈیٹر استعمال کر سکتے ہیں۔
- ورڈپریس کی لوکل انسٹالیشن
ورڈپریس کی تھیم کی اردو کسٹمائزیشن ٹیسٹ کرنے کے لیے ورڈپریس کی ایک لوکل انسٹالیشن بھی درکار ہو گی۔ لوکل ویب سرور سیٹ اپ کرنا اور اس میں ورڈپریس انسٹال کرنا اس ٹیوٹوریل کے سکوپ میں شامل نہیں ہے، اس سے متعلق معلومات ذیل میں دیے گئے روابط سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس ٹیوٹوریل کی تیاری کے لیے اردو پریس کی لوکل انسٹالیشن سے کام لیا گیا تھا۔ اردو پریس ورڈپریس 2.3.2 کا اردو ورژن ہے۔
- ورڈپریس کی تھیم
یہ وہ تھیم ہے جو آپ نے انٹرنیٹ سے ڈاؤنلوڈ کی ہے اور جس کی آپ اردو کسٹمائزیشن کرنا چاہتے ہیں۔ میں اس ٹیوٹوریل میں استعمال کے لیے ورڈ پریس کی آؤٹ آف دی باکس تھیم کا استعمال کر رہا ہوں۔
اردو کسٹمائزیشن کے مقاصد
ورڈپریس کی تھیم کی اردو کسٹمائزیشن سے عام طور پر ذیل کی چیزیں مراد لی جاتی ہیں:
1۔ عبارت کا رُخ دائیں سے بائیں کرنا
2۔ اردو عبارت کو درست ڈسپلے کرنے کے لیے اس پر اردو فونٹ اپلائی کرنا
3۔ تھیم کا اردو ترجمہ کرنا
4۔ تھیم کے ٹیکسٹ ایریاز میں اردو اوپن پیڈ انٹگریٹ کرنا
عبارت کا رخ بدلنے اور اس پر اردو فونٹ اپلائی کرنے کے لیے تھیم کی سٹائل شیٹ میں ترمیم درکار ہوتی ہے جبکہ اوپن پیڈ انٹگریٹ کرنے کے لیے تھیم کی فائلیں ایڈٹ کرکے اوپن پیڈ کی جاواسکرپٹ شامل کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ انہی نکات کی تفصیل اس ٹیوٹوریل میں پیش کی جائے گی۔ ذیل میں ورڈپریس کی آؤٹ آف دی باکس تھیم کی اردو کسٹمائزیشن کی مرحلہ وار تفصیل پیش کی جا رہی ہے۔
تھیم انسٹال کرنا
ورڈپریس کی کسی بھی تھیم کی اردو کسٹمائزیشن کے لیے اس تھیم کو ورڈپریس کی کسی ٹیسٹ انسٹالیشن پر انسٹال کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس طرح تھیم میں اردو کسٹمائزیشن کے لیے کی گئی تبدیلیوں کا فوری مشاہدہ ممکن ہو جاتا ہے۔ ورڈپریس کی مذکورہ بالا آؤٹ آف دی باکس تھیم کو انسٹال کرنے کے لیے اسے ورڈپریس کے wp-content/themes فولڈر میں کاپی کریں۔ اس تھیم کو فعال کرنے کے لیے ورڈپریس کے ایڈمن سیکشن میں لاگ ان کریں اور وہاں اسے بطور ڈیفالٹ سٹائل سیٹ کر دیں جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے:
اردو مواد شامل کرنا
ورڈپریس کی تھیم کی اردو کسٹمائزیشن کے لیے اس میں اردو مواد شامل ہونا ضروری ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ تھیم میں کس جگہ تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ میں نے اس ٹیوٹوریل کے لیے اردو پریس 2.3.2 کا استعمال کیا ہے جوکہ ورڈ پریس کا ہی اردو ورژن ہے۔ اس کے استعمال سے مجھے یہ سہولت ہو گئی کہ مجھے اردو مواد علیحدہ سے شامل کرنے کی ضرورت نہیں رہی۔ اردو پریس کی ڈیفالٹ انسٹالیشن میں ایک نمونے کی اردو پوسٹ اور اس پر اردو تبصرہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ سائیڈ بار کے مندرجات جیسے کہ زمرہ جات اور بلاگ رول کے روابط بھی اردو میں ہیں۔ اس تھیم کو استعمال کرنے کے بعد بلاگ ذیل کی تصویر کے مطابق نظر آئے گا:
![]()
تھیم کے سٹائل میں تبدیلی
جیسا کہ میں عرض کر چکا ہوں ورڈپریس کی کسی بھی تھیم کی اردو کسٹمائزیشن کے لیے اس کی سٹائل شیٹ میں اردو عبارت کو درست دکھانے کے لیے تبدیلیاں درکار ہوتی ہیں۔ یہ تبدیلیاں بنیادی طور پر کافی آسان ہوتی ہیں اور ورڈ پریس کی ایک عام تھیم کو بغیر کسی مشکل کے اردو کے لیے کسٹمائز کرنا ممکن ہوتا ہے۔ لیکن اگر ورڈپریس کی کسی تھیم میں سٹائل شیٹ کے پیچیدہ رول استعمال کیے گئے ہوں تو اس کی اردو کسٹمائزیشن دقت طلب بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
ورڈپریس کی تھیم کو اردو کے لیے کسٹمائز کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ویب صفحے کے مختلف حصوں پر اپلائی ہونے والے سٹائل کی نشاندہی کی جائے اور اس میں مناسب ترمیم کر دی جائے تاکہ یہ اردو متن کو درست طور پر دکھا سکے۔ فائرفاکس براؤزر کی فائربگ ایکسٹینشن اس سلسلے میں بہت کارآمد ثابت ہوتی ہے۔ اس کے ذریعے ویب پیج کے کسی حصے پر اپلائی ہونے والے سٹائل کا پتا چلایا جا سکتا ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ سٹائل شیٹ فائل میں اس مخصوص سٹائل کا لائن نمبر بھی بتا دیتا ہے۔
ورڈپریس کی تھیم کی اردو کسٹمائزیشن کا آغاز کرنے کے لیے فائرفاکس براؤزر میں ورڈپریس کی لوکل انسٹالیشن کے ربط پر جائیں اور اس کے ساتھ ہی اس کی سٹائل شیٹ فائل کو ایڈیٹر میں کھول لیں۔ آؤٹ آف دی باکس تھیم کی سٹائل شیٹ فائل style.css آپ کو wp-content\themes\out-of-the-box فولڈر میں نظر آئے گی۔
ذیل کی تصویر میں آؤٹ آف دی باکس تھیم کی سٹائل شیٹ کا ایک حصہ دکھایا گیا ہے جس میں body ایلیمنٹ کے سٹائل اٹریبیوٹ دکھائے گئے ہیں۔
ہم body ایلیمنٹ کے سٹائل میں direction اٹریبیوٹ کا اضافہ کریں گے اور اس کو دائیں سے بائیں کرنے کے لیے اس کو rtl پر سیٹ کریں گے جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے:
جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے، body ایلیمنٹ کی ڈائریکشن دائیں سے بائیں کرنے سے کم از کم بلاگ کے صفحے پر اردو متن کا رخ درست ہو گیا ہے۔ اب ہم صفحے کے مختلف حصوں کا فونٹ اور فونٹ سائز ایڈجسٹ کرنے کی جانب توجہ کر سکتے ہیں۔
سب سے پہلے ہم بلاگ کے ٹائٹل کا فونٹ درست کریں گے۔ بلاگ کے ٹائٹل پر اپلائی ہونے والے سٹائل کا پتا لگانے کے لیے ہم فائرفاکس کی فائربگ ایکسٹینشن کا استعمال کریں گے۔ فائربگ کو ایکٹیویٹ کرنے کے لیے براؤزر کے نیچے کی جانب سبز رنگ کے چیک باکس پر کلک کریں۔ اس سے فائربگ کا کنسول ظاہر ہوجائے گا جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے:
اس کے بعد فائربگ کے Inspect بٹن پر کلک کریں اور پھر بلاگ کے ٹائٹل پر کلک کریں۔ اس طریقے سے بلاگ کے ٹائٹل کے سٹائل کے بارے میں تمام معلومات حاصل ہو جائیں گی جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے:
آخری تدوین از نبیل : 19 جولاي 2008 بوقت 01:14 ص
جیسا کہ بالا کی تصویر میں دکھایا گیا ہے، ہمیں نہ صرف بلاگ کے ٹائٹل کے سٹائل (#head) کے بارے میں معلومات مل رہی بلکہ یہ بھی پتا چل رہا ہے کہ سٹائل شیٹ میں اس کی ڈیفینیشن لائن نمبر 45 پر موجود ہے۔ ہم ایڈیٹر میں سٹائل شیٹ فائل کی اس لائن پر جا کر متعلقہ سٹائل کو تبدیل کریں گے جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے:
جیسا کہ بالا کی تصویر میں دکھایا گیا ہے، #head سٹائل کے font اٹریبیوٹ میں اردو نسخ ایشیا ٹائپ فونٹ کے نام کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اردو نسخ ایشیا ٹائپ فونٹ کا استعمال محض اس ٹیوٹوریل کے لیے کیا جا رہا ہے۔ آپ اس کی جگہ کسی اور اردو فونٹ کا استعمال بھی کر سکتے ہیں۔ سٹائل شیٹ میں اس تبدیلی کو محفوظ کرنے کے بعد آپ ورڈپریس کے صفحے کو ری لوڈ کریں گے تو آپ کو اس کے ٹائٹل کے سٹائل میں تبدیلی کا اثر نظر آ جائے گا جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے:
اسی تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے ہوئے سٹائل شیٹ میں شامل باقی سٹائلز میں بھی ضروری تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ ان تمام تبدیلیوں کو یہاں بیان کرنے سے مضمون کی طوالت میں غیر ضروری اضافہ ہوگا۔ اس کو خود سے دیکھنے کے لیے آپ منسلکہ کسٹمائزڈ تھیم کو ڈاؤنلوڈ کرکے اس کی سٹائل شیٹ کو ملاحظہ کر سکتے ہیں۔ آپ نوٹ کریں گے کہ اکثر سٹائلز میں صرف اردو فونٹ کا اضافہ کیا گیا ہے اور فونٹ سائز میں مناسب تبدیلی کی گئی ہے۔ مثال کے طور پر پوسٹ کے متن کا سٹائل #content p ایڈجسٹ کرنے کے لیے اس میں ذیل کی دو سطور کا اضافہ کیا گیا ہے:
اسے ذیل کی تصویر میں بھی دیکھا جا سکتا ہے:کوڈ:font-family: 'Urdu Naskh Asiatype', Tahoma; font-size: 13pt;
تھیم کی سٹائل شیٹ کو اردو کسٹمائزیشن کے لیے ایڈجسٹ کرنے کے بعد بلاگ ذیل کی تصویر کے مطابق نظر آئے گا:
آخری تدوین از نبیل : 19 جولاي 2008 بوقت 08:41 ص
تھیم کا اردو ترجمہ کرنا
ورڈپریس کی تھیم کے سٹائل میں اردو مواد کے اعتبار سے ترمیم کرنے کے بعد بلاگ پر اردو درست نظر آنے لگے گی لیکن ابھی تک تھیم کے کچھ ٹیکسٹ انگریزی میں ظاہر ہو رہے ہوں گے۔ اس کو اردو میں تبدیل کرنے کا واحد طریقہ تھیم کی تمام فائلوں کو ایڈٹ کرکے ان میں انگریزی ٹیکسٹس کی جگہ ان کا اردو ترجمہ لکھنا ہے۔ اگرچہ کچھ تھیمز میں لوکلائزیشن کی سپورٹ موجود ہوتی ہے اور ان کی po فائل کو پوایڈٹ پروگرام کے ذریعے ترجمہ کیا جا سکتا ہے لیکن عام طور پر ورڈپریس کی تھیمز کی فائلوں میں براہ راست ترجمہ کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ درست ترجمہ کرنے کا یہی طریقہ ہے کہ بلاگ کے صفحات پر چیک کیا جاتا رہے کہ ترجمہ مکمل اور درست ہو۔تھیم کا اردو ترجمہ کرنا اس لیے قدرے طلب ہوتا ہے کیونکہ ترجمہ طلب ٹیکسٹ فائلوں میں پھیلے ہوتے ہیں اور انہیں ڈھونڈ کر ان کو ترجمہ کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ ذیل کی تصویر میں تھیم کی اوریجنل sidebar.php فائل دکھائی گئی ہے:
اور ذیل کی تصویر میں یہی فائل ضروری اردو ترجمہ کے بعد دکھائی گئی ہے.
تھیم کی فائلوں کا اردو ترجمہ کرنے کے بعد بلاگ ذیل کی تصویر کے مطابق نظر آئے گا:
آخری تدوین از نبیل : 19 جولاي 2008 بوقت 01:01 ص
تھیم میں اردو اوپن پیڈ انٹگریٹ کرنا
ورڈپریس کی تھیم کے سٹائل میں ترمیم کرنے اور اس کی فائلوں کو اردو میں ترجمہ کرنے کے بعد ہم آخری ٹچ دینے کے لیے اس میں اردو اوپن پیڈ شامل کریں گے۔ اردو اوپن پیڈ ایک ویب بیسڈ اردو ایڈیٹر ہے جو انٹرنیٹ ایکسپلورر اور فائرفاکس میں درست کام کرتا ہے اور اس کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں اردو لکھنے کے لیے کمپیوٹر پر اردو لینگویج سپورٹ یا اردو کی بورڈ انسٹال کرنا ضروری نہیں ہوتا۔ بلاگ میں اردو اوپن پیڈ کی انٹگریشن سے اس پر بآسانی اردو میں تبصرے پوسٹ کیے جا سکتے ہیں اور اور اس کی تلاش کے خانے میں بھی اردو لکھی جا سکتی ہے۔
ورڈپریس میں اردو اوپن پیڈ کے استعمال کا آسان ترین طریقہ ورڈپریس کے اردو اوپن پیڈ پلگ ان کا استعمال ہے۔ اس کے ذریعے تھیم کی فائلوں کو علیحدہ سے ایڈٹ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ مزید یہ کہ اردو اوپن پیڈ پلگ ان کے استعمال کی بدولت آپ کو ایڈمن سیکشن میں پوسٹ لکھنے کے لیے بھی اردو ایڈیٹر دستیاب ہوجاتا ہے۔ ذیل کی تصویر میں بلاگ کے تبصروں کے خانے میں اردو ایڈیٹر اور آن سکرین کی بورڈ کو دکھایا گیا ہے جو کہ اردو اوپن پیڈ پلگ کے استعمال کے ذریعے شامل ہوئے ہیں.
آخری تدوین از نبیل : 19 جولاي 2008 بوقت 08:45 ص
خلاصہ
اس ٹیوٹوریل میں ورڈپریس کی ایک نسبتاً سادہ تھیم کی اردو کسٹمائزیشن کی وضاحت کی گئی ہے۔ سی ایس ایس اور ایچ ٹی ایم ایل میں معمولی مہارت بھی ورڈپریس کی تھیم کی اردو کسٹمائزیشن کے لیے کافی ثابت ہوتی ہے۔ اس ٹیوٹوریل میں بتائے گئے طریقے سے ورڈپریس کی اکثر تھیمز کی اردو کسٹمائزیشن ممکن ہوگی۔ البتہ ایسی تھیمز کی اردو کسٹمائزیشن مشکل ثابت ہو سکتی ہے جن میں سی ایس ایس کے پیچیدہ قواعد کا استعمال کیا گیا ہو۔
میں نے حسب وعدہ ورڈپریس کی تھیم کی اردو کسٹمائزیشن کا ٹیوٹوریل پیش کر دیا ہے: امید کرتا ہوں کہ یہ آپ کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ اگر آپ اس سلسلے میں کوئی سوال پوچھنا چاہیں تو یہاں پوچھ سکتے ہیں۔ اس ٹیوٹوریل میں استعمال کی گئی آؤٹ آف دی باکس تھیم کا اردو ورژن بھی اس پوسٹ کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔
والسلام
آخری تدوین از نبیل : 19 جولاي 2008 بوقت 01:13 ص
نو آموزوں کے لیے کافی مفید سبق ہے.. تیسری پوسٹ میں پہلی تصویر ظاہر نہیں ہورہی اسے درست کرنے کی ضرورت ہے..
واللہ الموفق
To view links or images in signatures your post count must be 10 or greater. You currently have 0 posts.
To view links or images in signatures your post count must be 10 or greater. You currently have 0 posts.
To view links or images in signatures your post count must be 10 or greater. You currently have 0 posts.
شکریہ مکی بھائی، میں نے اسے ٹھیک کر دیا ہے۔
بہت اچھے نبیل بھیا
:thumb:
نجانے کیوں ہمارے دل کو تم نے دل نہیں سمجھا
یہ شیشہ توڑ ڈالا، پیار کے قابل نہیں سمجھا