تعاون برائے اخراجات اردو ویب سال یاز دہم

دوستو! اردو ویب کے قیام کو پورے گیارہ برس ہونے والے ہیں! اردو ویب کی گیارہویں سالگرہ فقط چند روز کے فاصلے پر ہے۔ سابقہ دستور کے مطابق ایک دفعہ پھر وہ موقع آ گیا ہے جب اردو ویب کے زیر اہتمام چل رہی تمام خدمات کو جاری رکھنے نیز ان کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے تمام محبان اردو اور بالخصوص محفلین کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اردو ویب کے سالانہ اخراجات کی مد میں اپنا تعاون پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں۔ ہماری ترجیح ہوتی ہے کہ تھوڑا تھوڑا کر کے زیادہ سے زیادہ احباب اس کا حصہ بنیں لیکن یہ روایت رہی ہے کہ بعض احباب اچانک خطیر رقم دے کر ہدف کو آن واحد میں پورا کرا دیتے ہیں اور جو احباب کسی سبب چند روز بعد اپنا تعاون پیش کرنے کا پر خلوص ارادہ رکھتے ہیں ان کو اپنا ارادہ اگلے برس تک کے لئے ملتوی کرنا پڑ جاتا ہے۔ عموماً یہ اعلان جون کی ابتدا میں کیا جاتا ہے اور سالگرہ کی ابتدا سے قبل ختم کر دیا جاتا ہے، لیکن اس دفعہ ہم اپنی اکیڈمک مصروفیات کے چلتے پچھلے دنوں سفر پر تھے اس لیے اعلان میں خاصی تاخیر ہوئی۔ :)

امسال وسائل اور خدمات کی دستیابی کے حوالے سے اردو ویب کی کارکردگی تسلی بخش رہی۔ ایک عدد یومیہ کران جاب کے ساتھ کچھ مسئلہ ہے جس کے باعث عموماً لاگ فائلیں جمع ہو جاتی ہیں اور ڈسک بھر جاتا ہے۔ تھوڑی سی چھان بین کی جائے تو اس کا سبب معلوم کیا جا سکتا ہے لیکن کچھ ذاتی مصروفیات کے چلتے ہم اسے ترجیح نہ دے سکے اور مسئلہ نمودار ہونے پر بدست خود اس کا حل کر دیتے تھے۔ اس مسئلے پر توجہ نہ دینے کا ایک سبب یہ بھی رہا کہ اردو ویب کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اوشئین پر منتقل کرنے کا ارادہ ہے۔ اب تک یہ قدم اٹھانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاؤٹ ان کے یہاں اضافی ڈسک کی سہولت کا فقدان تھا جو کہ جلد حل ہونے والا ہے۔ واضح رہے کہ ہم ڈیجیٹل اوشئین کی خدمات کو تجرباتی طور پر عرصہ سے استعمال کرتے آئے ہیں۔ :)

اس دفعہ مجموعی طور پر 400 ڈالر کا ہدف ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ رقم میں محض اردو ویب کی ہوسٹنگ اور ڈومین نیم رجسٹریشن کے اخراجات شامل ہیں۔ ان کے علاوہ اردو ویب کے تحت استعمال ہونے والے سافٹوئیرز و لائبریریز کی لائسنس فیس کی مد میں بھی کافی اخراجات آتے ہیں جن کے لئے احباب سے تعاون کی درخواست نہیں کی گئی ہے۔ عطیات کی ادائیگی کے لیے احباب کریڈٹ کارڈ یا پے پال کا استعمال کر سکتے ہیں۔ :)

پے پال یا کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کا ربط۔

جو احباب امریکہ میں مقیم ہوں اور وہ رقم براہ راست ہمارے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر سکیں وہ ہم سے ذاتی مراسلت کر لیں تاکہ متعلقہ تفصیلات فراہم کی جا سکیں۔ اس طرح پے پال کی اضافی ٹرانزیکشن فیس بچائی جا سکے گی۔ نیز پاکستان میں مقیم احباب اپنے عطیات کے لیے ہم سے ذاتی مکالمے میں رابطہ کر لیں تو ان کو ادائیگی کا کوئی متبادل ذریعہ بتا دیا جائے گا۔ اگر کچھ احباب کے لیے بٹ کوئن کے ذریعہ ادائگی سہل ہو تو اس کا بھی انتظام کیا جا سکتا ہے۔ :)

واضح رہے کہ یہ رضاکارانہ تعاون اردو کی خدمت کے نام پر طلب کیا جاتا ہے اور اس کے عوض احباب کو اردو محفل میں کوئی برتری یا امتیاز نہیں حاصل ہوتا ہے۔ ٹھیک اسی طرح تعاون نہ کر پانے والے احباب کی حیثیت میں چنداں فرق نہیں پڑتا۔ بیشتر احباب اس بات کو پسند نہیں کرتے کہ ان کا نام تعاون فرمانے والوں کی فہرست میں نمایاں کیا جائے اس لئے ہم عموماً تمام معاونین کے ناموں کو صیغہ راز میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ احباب سے درخواست کی جاتی ہے کہ سو ڈالر سے زیادہ رقم بطور تعاون پیش نہ کریں تاکہ دیگر احباب کو بھی موقع مل سکے۔ :)

محفل کی گیارہویں سالگرہ فقط چند ایام کے فاصلے پر ہے لہٰذا احباب اس حوالے سے بھی کمربستہ ہو لیں۔ امید ہے کہ احباب بڑھ کر سامنے آئیں گے اور اس دفعہ جشن سالگرہ کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے۔ :) :) :)
 

زیک

مسافر
پے پال کے لنک میں کریڈٹ کارڈ کی آپشن تو ہے لیکن پاکستان کی آپشن نہیں۔

پاکستان سے رقم کس طرح یا کس کو دی یا بھجوائی جائے؟؟؟

پاکستان میں مقیم احباب اپنے عطیات کے لیے ہم سے ذاتی مکالمے میں رابطہ کر لیں تو ان کو ادائیگی کا کوئی متبادل ذریعہ بتا دیا جائے گا۔
 
برادرم پےپال پاکستان میں موجود نہیں ہے، ایڈمن سے درخواست ہے کہ پاکستان کے لئے ایزی پیسہ وغیرہم کا بندوبست کریں۔ شکریہ
 
برادرم پےپال پاکستان میں موجود نہیں ہے، ایڈمن سے درخواست ہے کہ پاکستان کے لئے ایزی پیسہ وغیرہم کا بندوبست کریں۔ شکریہ
اب ہدف کی تکمیل میں فقط 20 ڈالر مزید درکار ہیں۔ کیا آپ 20 ڈالر یا اس سے کم مالیت کے مساوی رقم کا عطیہ دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں؟ اگر ہاں تو اس ربط پر کلک کر کے ہم سے ذاتی مکالمے میں رابطہ فرما لیں، ہم پاکستان سے رقم منتقل کرنے کی کوئی سبیل بتا دیں گے۔ :) :) :)
 
اردو ویب کے سالانہ اخراجات کی مد میں فراخدلانہ تعاون پر احباب کا بے حد شکریہ نیز ہدف کی تکمیل پر مبارکباد۔ ان تمام محفلین و غیر محفلین احباب کا خصوصی شکریہ جنھوں نے عطیات سے نوازا یا اس میں دلچسپی ظاہر کی۔ :) :) :)
 
Top