دنیا کے کچھ ایئر پورٹ ایسے بھی ہیں جہاں پروازمیں تاخیر ہوجانے پر لوگ خوشی اظہار کرتے ہیں

ٹرین ہو یا جہاز ان دونوں سواریوں کا تاخیر سے پہنچنا ہر شخص کے لیے پریشانی کا باعث بنتا ہے اور ایسے میں لوگ غصے میں بھی آجاتے ہیں لیکن آپ کو یہ سن کر حیرت ہوگی کہ دنیا کے کچھ ایئر پورٹ ایسے بھی ہیں جہاں پروازمیں تاخیر ہوجانے پر لوگ خوشی اظہار کرتے ہیں اور اس تاخیر کا خوب لطف اٹھاتے ہیں۔
383107-Airportmain-1439479194-929-640x480.jpg
دنیا کے ان خوبصورت ایئر پورٹس پر4 ڈی سینماؤں، انڈرو سرفنگ اورگالف کورسز سے لے کر سوئمنگ پول تک کی سہولت موجود ہے جس سے تاخیر کا شکار مسافر بغیر کسی خرچے کے لطف اٹھاتا ہے اور اسے وقت گزرنے کا پتا ہی نہیں چلتا۔
p1.jpg

انچون ایئر پورٹ جنوبی کوریا: اس ایئرپورٹ پر تاخیر کا شکار مسافروں کو شاپنگ کا موقع ملتا ہے یہ ایئر پورٹ 2 فور ڈی سینماؤں، دلکش میوزیم، 7 حسین باغات، 18 ہول گالف کورس اور آئس اسکیٹنگ رنک کے ساتھ مسافروں کو ایسی تفریح فراہم کرتا ہے کہ وہ بھول جاتے ہیں کہ ان کی فلائٹ کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہے اس کے علاوہ ایئر پورٹ کے کلچر سینٹر میں لائیو میوزک اور رقص کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے جب کہ اس ایئر پورٹ کو دنیا کے صاف ترین ایئر پورٹ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔
p2.jpg

چانگی ایئر پورٹ سنگاپور:اس ایئر پورٹ کی دلکشی اور سحر سے شاید ہی کوئی مسافر خود کو الگ رکھ سکے یہاں گیمرز کے لیے ایکس بکس 360 اور پلے اسٹیشن گیمز، فلم بینوں کے لیے سینما اور بونوں کی دنیا کا شو بھی لوگوں کو تفریح فراہم کرتا ہے جب کہ سوئمنگ پول، شاورز اور آرام کرنے والوں کے لیے سونے کا پرسکون ماحول بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ اس ایئر پورٹ کی ایک اہم خوبی اس میں سجائے گئے 11 انڈور باغات جن میں لگے 5 لاکھ سے زائد پودے اور آبشاریں مسافروں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں اس کے علاوہ ٹرمینل 2 پر میں موجود سن فلاور گارڈن بھی مسافروں کو راحت اور سکون دیتا ہے اور ائیر پورٹ پر بنائی جانے والی سب سے بڑی واٹر سلائیڈ بچوں کو مصروف رکھتی ہے۔
p3.jpg

ہانگ کانگ ایئر پورٹ:اس ایئر پورٹ کا سب سے اہم حصہ 4 ڈی آئی میکس سینما ہے جہاں پر کئی طرح کے سینسری ایفکٹس مسافروں کو اپنی خوبصورتی میں جکڑے رکھتے ہیں اس کے علاوہ 9 ہول گالف کورس، کمپیوٹر سے آپریٹ کیا جانے والا باسکٹ بال کورٹ اور آئی اسپورٹس جم بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے جب کہ بچوں کے لیے مختلف پروفیشنز کے لباس زیب تن کرنے کے مواقع بھی موجود ہیں۔
p4.jpg

کوالالمپور انٹرنیشنل ایئر پورٹ:کچھ لوگ اس ایئر پورٹ کو جنگل میں ایئر پورٹ کا نا م بھی دیتے ہیں کیوں کہ اس ایئر پورٹ کو چاروں طرف سے 86 اقسام کے درختوں سے مزین جنگل نے گھیرا ہوا ہے تاکہ لوگ خود کو ایک پرسکون ماحول میں محسوس کرتے ہوئے آرام کریں۔ قدرتی روشنی سے لطف اندوز ہونے کے لیے پسینجر ٹرمینل کمپلیکس شیشے سے بنایا گیا ہے جب کہ چھت کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ سورج کی روشنی اندر آسکے اس کے علاوہ 80 اور 422 کمروں پر مشتمل 2 بڑے ہوٹل بھی اس ایئر پورٹ کا حصہ ہیں۔
p5.jpg

میک کران انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاس ویگاس:اس ایئر پورٹ کی اہم خوبی یہ ہے کہ اس میں 1234 مشین پر مشتمل کیسینو ہے جس سے مسافر خوب لطف اندوز ہوتے ہیں جب کہ اگر یہاں سے خالی ہاتھ ہوجائیں تو پھر اس پر موجود 5 بڑے آرٹ کے شاہکاروں سے اپنا دل بہلائے۔
p6.jpg

دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ:اس ایئرپورٹ کو خریداری یا شاپنگ کی جنت بھی کہا جاتا ہے اسی لیے یہاں 58 ہزار اسکوائر فٹ پر بنا دنیا کا سب سے بڑا ڈیوٹی فری اسٹورموجود ہے جس پر شاپنگ کرتے لوگوں کو وقت گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوتا اور جو شاپنگ نہ کرنا چاہیں وہ زینگ گارڈن اور سوئمنگ پول سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں جب کہ یہاں پر موجود جی فورس جم مسافروں کو اپنا وزن کم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
p7.jpg

میونخ ایئرپورٹ:اس ایئرپورٹ پر دنیا کا سب سے بڑا بیئر گارڈن موجود ہے یہاں مسافر بیئر کے ساتھ ساتھ میوزک سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن مسافروں کے لیے اس سے بھی زیادہ پرکشش یہاں مصنوعی موجوں سے بنا سرفنگ ایریا ہے جو سمندر جیسی تفریح فراہم کرتا ہے۔
p8.jpg

وینکور انٹرنیشنل ایئر پورٹ: ایئرپورٹ پر 20 ہزار گیلن ٹینک میں بنا ایکوا ونڈر لینڈ 5 ہزار آبی حیات کےساتھ لوگوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے جب کہ بچوں کو مصروف رکھنے کے لیے 4 اسپورٹس ایریاز اور فوڈ آؤٹ لیٹس موجود ہیں۔
p9.jpg

ہیتھرو انٹرنیشنل ایئر پورٹ لندن: یہ ایئر پورٹ مہنگی ترین شاپنگ کے لیے مشہور ہے یہاں 11 ہزار اسکوائر فٹ پر بنا ہیرروڈس اسٹور کی وجہ سے اس ایئر پورٹ کو اسکائی ٹریکس ورلڈ ایئر لائن ایوارڈ بھی مل چکا ہے اس کے ٹرمینل ایک سے 4 میں موجود ہائیڈرو تھراپی شاور سے بھی مسافر خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔
p10.jpg

قطر ایئرپورٹ:قطر ایئرپورٹ کے داخلے پر بنا بہت بڑا ٹیڈی بیئر لیمپ لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ لیتا ہے جب کہ گولڈ پلیٹیڈ کافی شاپس بھی مسافروں کو سکون اور راحت دیتی ہے۔
 

زیک

مسافر
دس میں سے چھ ائرپورٹ گیا ہوں مگر ان میں سے کسی پر بھی فلائٹ لیٹ ہونے پر خوشی نہیں ہوئی
 

آوازِ دوست

محفلین
پیشہ ورانہ ضروریات کے لیے سفر کرنے والا طبقہ تو اِن ترغیبات سے نہیں بہل سکتا ہاں عام ٹریولرکو فرسٹریشن سے بچانے کا اچھا سامان ہے :)
 

محمد وارث

لائبریرین
پہلی بار جب میں دبئی ایرپورٹ پر گیا تو کچھ دیر بعد میری میونخ کے لیے فلائٹ تھی، وہاں شاپنگ کی چیزیں دیکھنے میں اتنا مگن ہوا کہ فلائٹ لیٹ کروا دی، جہاز کا دروازہ بند ہو چکا تھا اور مجھے پائلٹ کے کیبن کے راستے سے لے جایا گیا، اس کا خمیازہ میں نے اگلی بار ماسکو سے واپسی پر بھگتا جب (بقول ایر لائن) ریت کے طوفان کے وجہ سے سولہ اٹھارہ گھنٹے انتظار کرنا پڑا وہ بھی لائن میں لگ کر، ہل بھی نہیں سکتے تھے، اپنے دوست کے ساتھ باری باری لائن میں کھڑا ہوا، الامان و الحفیظ۔
 

آوازِ دوست

محفلین
پہلی بار جب میں دبئی ایرپورٹ پر گیا تو کچھ دیر بعد میری میونخ کے لیے فلائٹ تھی، وہاں شاپنگ کی چیزیں دیکھنے میں اتنا مگن ہوا کہ فلائٹ لیٹ کروا دی، جہاز کا دروازہ بند ہو چکا تھا اور مجھے پائلٹ کے کیبن کے راستے سے لے جایا گیا، اس کا خمیازہ میں نے اگلی بار ماسکو سے واپسی پر بھگتا جب (بقول ایر لائن) ریت کے طوفان کے وجہ سے سولہ اٹھارہ گھنٹے انتظار کرنا پڑا وہ بھی لائن میں لگ کر، ہل بھی نہیں سکتے تھے، اپنے دوست کے ساتھ باری باری لائن میں کھڑا ہوا، الامان و الحفیظ۔
یعنی ایک بار آپ نے انجوائے کیا تو دوسری بار ائیرلائن والوں نے :)
 
میرا خیال ہے کہ ان ائر پورٹ پر موجود سہولتوں سے ان کی ائر لائینوں کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ مثلاً میرے جیسے مسافر کو جب کننکٹنگ فلائٹ سے سفر کرنا پڑے تو میں اس بات پر بھی غور کرتا ہوں کہ مجھے ٹرانزٹ میں کس ائر پورٹ پر وقت گزارنا پڑے گا۔ اور ابو ظہبی یا اومان یا دبئی میں سے کسی ایک جگہ کا انتخاب کرنا پڑے تو میں ظاہر ہے دبئی کا ہی انتخاب کروں گا اور اس کے لئے میں اتحاد، اومان یا ایمیریٹس میں سے ایمیریٹس کا ہی انتخاب کروں گا کیونکہ ایمیریٹس ہی مجھے دبئی ائرپورٹ پر وقت گزارنے کا موقع دے گی۔
 
ان میں سے پانچ پر میں بھی وقت گزار چکا ہوں
صرف اس صورت میں ائیر پورٹ میں مزہ اتا ہے جب ہم سفر ہم مزہ ہو۔ ورنہ سفر میں کچھ بھی مزہ نہیں دیتا
 
Top