ایک عجیب دوا

ہماری آج کی دنیا میں ہزاروں نہیں، لاکھوں دوائیں بن رہی ہیں اور استعمال کی جا رہی ہیں۔ بیماریاں کم ہیں اور دوائیں زیادہ۔ کچھ دوائیں زیادہ موثر ہیں اورکچھ کم موثر اور کچھ ایسی بھی ہیں جو بالکل بے اثر ہیں اور ایک بات ان سبھی دوائوں میں مشترک ہے۔ اور وہ یہ کہ سبھی دوائیں مفید ہونے کے ساتھ ساتھ غیرمفید اور مضر بھی ہیں۔ بعض اس حد تک خطرناک ہیں کہ انہیں مہلک ادویات کے زمرے میں شامل کیا جاتا ہے، لیکن ایک دوا ایسی بھی ہے جو انتہائی موثر اورمفید ہے۔ آپ پوچھیں گے وہ دوا کونسی ہے؟ اور وہ کس مرض میں استعمال کی جاتی ہے؟ اوراس کی قیمت کیا ہے؟ اورکہاں سے مل سکتی ہے؟ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ وہ دوا کون سی ہے؟ یہ دوا کہیں سے نہیں مل سکتی، کوئی کمپنی اسے تیار نہیں کر سکتی۔ یہ دوا آپ کے پاس ہے، آپ جب چاہیں اسے تیار کر سکتے ہیں، خود بنا سکتے ہیں، جب آپ کا دل چاہے اسے استعمال کر سکتے ہیں۔ آپ چاہیں تو اسے لامحدود تعداد میں تیار کر سکتے ہیں، یہ ایک عجیب دوا ہے، اسے اعجاز آفریں دوا بھی کہتے ہیں۔ یہ ایک حیرت انگیز اورکراماتی دوا ہے، معجز نما دوا ہے، دنیا میں اس سے بڑی کراماتی یا اعجاز آفریں دوا کوئی نہیں ہے۔ یہ ایک طلسماتی دوا ہے، ایک جادوئی دوا ہے۔ یہ ایک سحر انگیز دوا ہے، یہ دوا صرف آپ کے پاس ہے۔ یہ نہایت آسانی سے تیار کی جا سکتی ہے، آپ اسے جتنا تقسیم کرتے جائیں گے، اتنی ہی بڑھتی چلی جائے گی۔ آپ اسے بناتے جائیں گے، دوسروں کو دیتے جائیں گے اور یہ بڑھتی جائے گی۔ اس پر کوئی لاگت نہیں آتی، اس کا خام مال کہیں سے خریدنا نہیں پڑتا۔ یہ بالکل مفت میں بن جاتی ہے، لیکن اس کا منافع آپ کی سوچ سے کہیں زیادہ ہے۔ آپ اسے بنا کر تو دیکھئے، استعمال تو کیجیے! یہ دوا کس حد تک اعجاز آفریں ہے، کتنی موثر ہے اورکتنی سحرانگیز ہے، آپ اس کا اندازہ نہیں لگا سکتے۔ اس عجیب دوا کو مندرجہ ذیل افراد پر آزمایئے اور پھر اس کی اعجاز آفریں تاثیر دیکھئے یہ معجز نما دوا ہے۔

(1) سکول کے بچے: اگر آپ یہ دوا سکول کے بچوں کو دیں گے تو وہ اور بھی محنت اورلگن سے پڑھیں گے اور بہت بلند درجات حاصل کریں گے۔
(2) کاروباری لوگ: اگر آپ یہ دوا کاروباری لوگوں کو دیں گے تو وہ آپ کے ساتھ تہہ دل سے تعاون کریں گے۔ آپ کی بھرپور مدد کریں گے اورآپ کو بھی مالا مال کر دیں گے۔
(3) آپ کا خاندان: جب آپ یہ دوا اپنے کنبے کے افراد اور اپنے دوستوں کو دیں گے تو وہ آپ کا شکریہ ادا کریں گے، ان کی نظروں میں آپ کا اعتبار بڑھ جائے گا۔ وہ آپ کو بھی ایک ’’اعجاز آفریں‘‘ شخصیت کا درجہ دیں گے اور آپ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے، آپ سے بے لوث محبت کرنے لگیں گے۔
(4) اپنی اعجاز آفریں دوا کے ساتھ آپ جہاں بھی جائیں گے لوگ آپ کو خوش آمدید کہیں گے۔ اس دوا کے ذریعے آپ ان کا دامن خوشیوں سے بھر دیں گے آپ جہاں بھی جائیں گے اور جس راستے سے بھی جائیں گے، خوشیاں بکھیرتے جائیں گے۔
(5) جب آپ اپنی یہ دوا دوسروں کو دیں گے، انہیں خوش رکھیں گے تو جواب میں وہ بھی آپ کو خوشیاں ہی دیں گے۔ آپ کے شکرگزار رہیں گے۔ آپ لوگوں کو یہ دوا دیتے جایئے اورخوشیاں سمیٹے جایئے۔ دوا دیتے جایئے اور دولت اکٹھی کرتے جایئے! دوا دیتے جایئے اور شہرت سمیٹتے جایئے، آگے بڑھتے جایئے! دوا بانٹتے جایئے اور سکون قلب حاصل کرتے جایئے!دنیا کے تمام دوا ساز ادارے جب اپنی دوائوں کی تشہیر کرتے ہیں تو دوائوں کی تاثیر کے متعلق مبالغہ آرائی سے کام لیتے ہیں۔ ان کی ہر دوا آزمائش کی محتاج ہوتی ہے۔ لیکن جس دوا کا ذکر میں کرنے والا ہوں وہ ’’تشہیر‘‘ کی محتاج نہیں، نہ ہی آزمائش کی محتاج ہے۔ یہ اپنی تشہیر خود کرتی ہے، اس کی تاثیر فوراً ظاہر ہو جاتی ہے۔ میرا دعویٰ ہے کہ دنیا میں اس کے مقابلے کی کوئی دوا نہیں، یہ ایک عجیب دوا ہے، اہرام مصر سے بھی بڑھ کر حیران کن۔ یہ کراماتی دوا ہے، سحر انگیز دوا ہے، یہ ایک بے توڑ جادو ہے۔ آیئے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ وہ کون سی ہے، اس کا اصل نام کیا ہے۔
جاری ہے
 
یہ دوا ہے ، تعریف، ستائش ، حوصلہ افزائی ! اس کا نام ہے تعریف! کیا…؟ واقعی آپ تو حیران رہ گئے ہیں ان کا نام سن کر۔ جی ہاں … تعریف! یہ کیسی عجیب دوا ہے؟ تعریف! یہی ہے وہ اعجاز آفریں دواہے، جس کی اتنی تعریف کی گئی ہے کہ آپ اس کا نام سننے کے لیے بے چین ہو گئے ہوں گے۔ یہی ہے وہ دوا… جو اعجاز آفریں ہے۔ ایک عجوبہ ہے، ایک جادو ہے جی ہاں، تعریف، واقعی ایک جادو اثر دوا ہے۔ معجزہ بپا کردینے والی دوا۔ معجزاتی دوا۔ اس کا کوئی توڑ نہیں اور یہ بہت سی دوائوں کا توڑ ہے۔ (ایم- آر- کوپ میئر کی کتاب ’’خیالات کی طاقت‘‘ سے ماخوذ) ٭…٭…٭
 
Top