مار ڈالا تری محبت نے

مار ڈالا تری محبت نے
جان لے لی وفورِ نعمت نے

کتنے جذبوں کے سر خرید لیے
دل کی دنیا میں غم کی دولت نے

خون کا رنگ آنکھ میں پکڑا
عشق کی بےنشان عظمت نے

جب نہ سمجھا تو سب غلط سمجھا
دل کو کافر کیا ہدایت نے

کیوں عزازیلِ وقت کیا گزری
کیا دیا آپ کو عبادت نے

عشق افسانوی ہی اچھا تھا
دلکشی چھین لی حقیقت نے

آگ دکھلا کے دل کو اپنے تئیں
مات دے دی ہے ضو کو ظلمت نے

ہم بھی اہلِ کرم ہیں اہلِ کرم
بھیک منگوائی ہے ضرورت نے

مسکراہٹ کمال ہے راحیلؔ
کیا کیا دل کے ساتھ حضرت نے

راحیلؔ فاروق
۲۱ اپریل ۲۰۱۷ء
 
بہت عمدہ راحیل بھائی.
کتنے جذبوں کے سر خرید لیے
دل کی دنیا میں غم کی دولت نے

آگ دکھلا کے دل کو اپنے تئیں
مات دے دی ہے ضو کو ظلمت نے

مسکراہٹ کمال ہے راحیلؔ
کیا کیا دل کے ساتھ حضرت نے
 

عاطف ملک

محفلین
عشق افسانوی ہی اچھا تھا
دلکشی چھین لی حقیقت نے
اف۔۔۔۔۔کیا بات ہے
کتنے جذبوں کے سر خرید لیے
دل کی دنیا میں غم کی دولت نے

آگ دکھلا کے دل کو اپنے تئیں
مات دے دی ہے ضو کو ظلمت نے
اور مقطع تو راحیل کا ہے!
زبردست بھیا!
بہت خوب :)
 

با ادب

محفلین
جب نہ سمجھا تو سب غلط سمجھا
دل کو کافر کیا ہدایت نے
مجھ جیسے کم فہم کو اس شعر کی تشریح اگر بیان کر دیں تو کمال.ہو جائے. خود جو.سمجھ آیا وی ہم بعد میں عرض کئیے دیتے ہیں
 

با ادب

محفلین
جان لے لی وفورِ نعمت نے
یہ.مصرع اتنا کمال.ہے کہ اس پہ آپ.کو ادبی ایوارڈ سے نوازا جانا چاہئیے. لاجواب.
 

با ادب

محفلین
آگ دکھلا کے دل کو اپنے تئیں
مات دے دی ہے ضو کو ظلمت نے
ضو یعنی روشنی بمعنی آگ. اور ظلمت کیا.دل کی تاریکی ہے؟
اگر کچھ غلط ہے تو جان لیجئیے میں نے اردو ادب میں سند نہیں حاصل کر رکھی.
 
Top