Archive for January, 2008

Urdu OpenPad Plugin for WordPress

Sunday, January 27th, 2008

AssalamOAlaikum,

Today I am presenting the Urdu OpenPad plugin for WordPress. This plugin will integrate Urdu editor into several edit areas of the front-end as well as the admin section of your WordPress blog. You can use the plugin’s options to turn the Urdu editor’s integration on or off in different edit areas. This plugin will save you the trouble of editing your blog’s theme and other files for integrating Urdu editor. You will also be able to type Urdu comfortably with the phonetic Urdu keyboard provided in Urdu OpenPad.

Download Urdu OpenPad Plugin for WordPress

السلام علیکم،

میں نے محفل فورم پر ورڈپریس کا اردو پیکج تیار کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا جس میں مرحلہ وار ورڈپریس کا اردو پیکج تیار کیا جا رہا ہے۔ اس میں اردو اوپن پیڈ پلگ ان بھی شامل کیا جائے گا۔ میں اسے علیحدہ سے بھی ریلیز کر رہا ہوں تاکہ باقی دوست بھی اسے اپنے بلاگ میں استعمال کر سکیں۔

ورڈپریس کے اردو اوپن پیڈ پلگ کی بدولت آپ کے بلاگ کے فرنٹ اینڈ اور ایڈمن پینل کے متعدد ایڈٹ ایریاز میں اردو ایڈیٹر انٹگریٹ ہو جاتا ہے۔ اس طرح آپ کو اپنے بلاگ کی تھیم ایڈٹ کرنے کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ اپنے بلاگ پر بآسانی اردو ایڈیٹر میں پوسٹس لکھ سکتے ہیں اور یہ ایڈیٹر بلاگ پر تبصرہ کرنے والوں کے لیے بھی مہیا ہو جاتا ہے۔ یہ پلگ ان ذیل کے ربط سے ڈاؤنلوڈ کریں:

ورڈپریس کا اردو اوپن پیڈ پلگ ان

ڈاؤنلوڈ کرنے کے بعد اسے ان زپ کریں اور wp-openpad فولڈر کو ورڈپریس کے wp-content\plugins فولڈر میں کاپی کر دیں۔ اس کے بعد ورڈپریس کے ایڈمن سیکشن میں جاکر ذیل کی تصویر کے مطابق اس پلگ ان کو ایکٹیویٹ کر دیں۔

plugin_page.jpg

اب آپ جب کوئی نئی پوسٹ لکھنا چاہیں گے تو آپ کو ذیل کی تصویر کی طرح صرف عنوان کی فیلڈ میں اردو ایڈیٹر نظر آئے گا جبکہ پوسٹ کی فیلڈ میں یہ ایڈیٹر موجود نہیں ہوگا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ کی یوزر سیٹنگز میں وزی وگ ایڈیٹر سیٹ ہوا ہوا ہے۔

post_page.jpg

اگر آپ پوسٹ لکھنے کے لیے اردو ایڈیٹر کا استعمال کرنا چاہتے ہیں تو ایڈمن سیکشن میں اپنی یوزر سیٹنگز ایڈٹ کریں اور ذیل کی تصویر کے مطابق وزی وگ ایڈیٹر کا چیک باکس ختم کر دیں۔

wysiwyg_uncheck.jpg< اب آپ جب دوبارہ پوسٹ پیج پر جائیں گے تو آپ کو عنوان کی فیلڈ کے ساتھ ساتھ پوسٹ کی فیلڈ میں بھی اردو ایڈیٹر مل جائے گا جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے۔

post_page2.jpg

اردو اوپن پیڈ پلگ ان کی بدولت ورڈپریس کے فرنٹ اینڈ پر بھی تلاش اور تبصروں کے ایڈٹ ایریاز میں اردو ایڈیٹر دستیاب ہوجاتا ہے جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے۔

comment_box.jpg

اردو اوپن پیڈ پلگ ان کی سیٹنگز میں جا کر مختلف ایڈٹ ایریاز میں اردو ایڈیٹر کو فعال یا غیر فعال کیا جا سکتا ہے جیسے کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے۔

plugin_options.jpg

اردو اوپن پیڈ پلگ ان ورڈپریس کے تمام ایڈٹ ایریاز کا احاطہ نہیں کرتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ورڈپریس سوفٹویر کے hooks تمام ایڈٹ ایریاز کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ اردو اوپن پیڈ کی بدولت ورڈپریس میں اردو ایڈیٹر کا استعمال آسان ہوجائے گا اور اس سے اردو بلاگنگ کو وسعت دینے میں معاونت ملے گی۔ جو دوست ورڈپریس کی تھیمز کے اردو ورژن تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں، ان سے گزارش ہے کہ وہ ان تھیمز کی اردو اوپن پیڈ کے ساتھ compatibility کا خیال رکھیں۔

Test Post

Sunday, January 13th, 2008

Test Post

PCMan File Manager کا ترجمہ

Wednesday, January 9th, 2008

پی سی مین فائل منیجر ایک ہلکا پھلکا اور بہترین فائل منیجر ہے.. یہ ایکسفس کے تھنر سے کافی مشابہ لگتا ہے مگر اس سے کافی مختلف ہے.. اس کی سب سے بڑی بات اس کی ٹیب براؤزنگ اور منتقلی کا بٹن ہے جو تھنر میں نہیں ہیں.. یہ آپ کے ڈیسک ٹاپ پر بھی قابض ہوسکتا ہے اور کافی بڑی ڈائریکٹریاں برداشت کرسکتا ہے جہاں تھنر کریش ہوجاتا ہے.. اس کا ترجمہ کئے ہوئے کوئی دو ماہ ہوگئے ہیں اور تب سے یہ مسلسل میرے استعمال میں ہے.. آج سوچا اس کے ترجمہ کا اعلان بھی کر ہی دیا جائے سو پیشِ خدمت ہے:

Free Image Hosting at www.ImageShack.us

ترجمہ جلد ہی ڈاؤنلوڈ سیکشن
میں دستیاب ہوگا..

اردو کمپیوٹنگ کوفروغ دینا کیسے ممکن ہے؟

Sunday, January 6th, 2008

الف نظامی نے اردو محفل فورم پر سوال پوسٹ کیا تھا کہ اردو کمپیوٹنگ کو کیسے فروغ دیا جا سکتا ہے۔ میں نے فورم پر اس کا جواب لکھا ہے۔ اسے میں یہاں بھی پوسٹ کر رہا ہوں۔

اردو کمپیوٹنگ کو فروغ دینے کے لیے سب سے پہلے کمپیوٹر سائنس کے اداروں کو اس جانب توجہ دینی پڑے گی، لیکن بد قسمتی سے یہ ادارے زیادہ تر بھاری فیسیں وصول کرنے میں مصروف رہتے ہیں اور کوالٹی ایجوکیشن دینا ان کی ترجیحات میں شامل نہیں ہوتا۔ میں جب پاکستان جاتا ہوں تو میری کوشش رہتی ہے کہ کسی طرح بڑے آئی ٹی ایجوکیشن کے اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کروں لیکن یا تو لوگوں سے ملاقات نہیں ہو پاتی یا پھر لوگ اس موضوع کو اہمیت نہیں دیتے۔ اسکے علاوہ سٹوڈنٹس بھی محنت سے جان چراتے ہیں۔ اکثر سٹوڈنٹس کی کوشش ہوتی ہے کہ کسی طرح اپنے سینیرز کے پراجیکٹس کاپی کرکے اپنا فائنل پراجیکٹ سبمٹ کرا دیں۔ ایسی صورتحال میں کسی نئے چیلنج کے لیے تحریک دینا مشکل ہوتا ہے۔

اردو کمپیوٹنگ کو فروغ دینے کا ایک طریقہ یہ ہو سکتا ہے کہ آئی ٹی ایجوکیشن کے ادارے اپنے ہاں ایک اردو کمپیوٹنگ گروپ تشکیل دیں جو اس سلسلے میں سرگرمیوں کو ترویج دیں۔ اس کے علاوہ سال میں ایک مرتبہ اردو کمپیوٹنگ کانفرنس بھی ہونی چاہیے جس میں اردو کمپیوٹنگ اور آزاد مصدر وغیرہ سے متعلقہ موضوعات پر مقالات پڑھے جائیں اور معلومات کا تبادلہ کیا جائے۔

اردو کمپیوٹنگ کے سین پر ابھی تک جس چیز کی قدرے کمی ہے وہ سرکاری سرپرستی کی ہے۔ اگرچہ مقتدرہ کے مرکز فضیلت اور کرلپ میں اچھا کام ہو رہا ہے لیکن میرے خیال میں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو کو مروج کرنے کے لیے یہ ناکافی ہے۔ آئی ٹی کی دنیا میں اردو دنیا کی باقی تمام زبانوں سے پیچھے رہ گئی ہے۔ اب جبکہ گزشتہ ایک عشرے سے آپریٹنگ سسٹم لیول پر یونیکوڈ اردو کی سپورٹ میسر آ گئی ہے تو مختلف سوفٹویر کی اردو لوکلائزیشن کے کام کی رفتار بڑھ جانی چاہیے تھی لیکن بدقسمتی سے ابھی تک مشہور کونٹینٹ منیجمنٹ سسٹمز اور اوپن سورس سوفٹ ویر کے اردو ورژن دستیاب نہیں ہیں۔ اس کام کو اگر سرکاری سرپرستی مل جائے تو اس میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔

مغربی دنیا میں کمپیوٹنگ اور خاص طور پر مائیکروکمپیوٹنگ کو ترقی دینے میں انگریزی اور دوسری لاطینی زبانوں میں شائع ہونے والے جرائد نے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ ابھی تک اردو زبان میں آئی ٹی اور کمپیوٹنگ کے موضوعات پر جرائد تقریباً نایاب رہے ہیں۔ اگرچہ ماہنامہ کمپیوٹنگ وغیرہ مارکیٹ‌ میں دستیاب ہیں لیکن میرے خیال میں ابھی بھی اس میدان میں بہت کمی موجود ہے۔ میری ایک عرصے سے خواہش رہی ہے کہ ایک آئی ٹی نیوز سائٹ شروع کروں لیکن کئی مشکلات کے باعث ایسا نہیں کر پایا ہوں۔

اگرچہ مختلف سوفٹویر کی اردو لوکلائزیشن اردو کی ترویج کے سلسلے میں ایک اہم کام ہے لیکن یہ تکنیکی طور پر نسبتاً آسان کام ہے۔ سوفٹویر لوکلائززیشن میں زیادہ کام انگریزی عبارتوں کا اردو ترجمہ کرنے کا ہوتا ہے جو کہ وقت طلب ضرور ہے لیکن تکنیکی اعتبار سے پیچیدہ نہیں ہے۔ دوسری جانب اچھے اور ویب پر قابل استعمال اردو فونٹس کی تیاری، اردو آپٹیکل کیریکٹر ریکگنیشن، مشین ٹرانسلیشن، اردو سپیچ سنتھیسز وغیرہ ایسے کام ہیں جو کہ تکنیکی اعتبار سے انتہائی پیچیدہ ہیں اور ابھی تک ان میں بہت کم کام کیا گیا ہے۔ ان ٹاپکس پر کوئی رزلٹ حاصل کرنے میں کافی مدت بھی لگ سکتی ہے۔ عام سٹوڈنٹس کے لیے ان موضوعات پر بغیر کسی رہنمائی کے کام کرنا بھی ممکن نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ محققین اپنی توجہ اردو کمپیوٹنگ کی جانب مبذول کریں تاکہ اردو انفارمیشن ٹیکنالوجی میں دوسری زبانوں کے ہم پلہ آ سکے۔

آخر میں میں یہ کہوں گا کہ اردو کمپیوٹنگ کے فروغ کے لیے سب سے اہم اردو لکھنے اور پڑھنے کو عام یوزر کے لیے آسان بنانا ہے۔ اور یہ کام آئی ٹی کی بڑی کمپنیاں مائیکروسوفٹ‌ اور گوگل وغیرہ ہی سب سے مؤثر انداز میں کر سکتے ہیں۔ اگرچہ تقریباً ایک عشرے سے ونڈوز اور لینکس پر اردو سیٹ اپ کرنا ممکن ہے لیکن اس اعتبار سے کمپیوٹر پر اردو کا استعمال بہت کم عام ہوا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ مائیکروسوفٹ اور لینکس کی ڈسٹری بیوشنز تیار کرنے والے اردو کے ساتھ دوسرے درجے کے شہری کا سلوک کرتے ہیں۔ ونڈوز کے مختلف ورژنز پر اردو لینگویج سپورٹ انسٹال کرنے کی ہدایات ایک عام یوزر کے لیے کافی پیچیدہ ثابت ہوتی ہیں۔ اس کے لیے علیحدہ سے ونڈوز کی سی ڈی درکار ہوتی ہے اور بعض صورتوں میں انٹرنیٹ سے کچھ فائلیں بھی ڈاؤنلوڈ کرنی پڑتی ہیں۔ اردو کی بورڈ انسٹال کرنے کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ یہ سب کچھ کرنے کے بعد اردو صحیح طور پر ڈسپلے کرنے کے لیے اردو فونٹ بھی انسٹال کرنا پڑتے ہیں۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ایک عام یوزر جس کی کمپیوٹر کے استعمال کی مہارت ای میل کے استعمال تک محدود ہو، اس کے لیے یہ صورتحال کس قدر حوصلہ شکن ثابت ہو گی۔ اردو ویب پر ہمارا مطمع نظر عام یوزرز کے لیے کمپیوٹر پر اردو پڑھنا اور لکھنا آسان بنانا ہے۔ ہم نے ونڈوز ایکس پی کے لیے اردو لینگویج سپورٹ انسٹالر تیار کیا ہے جس کی بدولت اردو لینگویج سپورٹ انسٹال کرنا نہایت آسان ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہم نے اردو فونٹس انسٹالر بھی مہیا کیا ہے جو تمام مشہور اردو فونٹ انسٹال کر دیتا ہے۔ اردو ویب پر دستیاب اردو ایڈیٹرز میں اردو بآسانی لکھ جا سکتی ہے۔ اردو ویب پیڈ اور اردو اوپن پیڈ کی مقبولیت کی وجہ یہی ہے کہ اس کے ذریعے بغیر کسی دقت کے ہر پلیٹ فارم پر اردو لکھنا ممکن ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ میں نے کچھ یوزر سکرپٹس بھی لکھی ہیں جن کی بدولت ہر ویب سائٹ جیسے کہ گوگل وغیرہ پر براہ راست اردو ایڈیٹر استعمال کرنا ممکن ہو جاتا ہے۔ ان سب باتوں کے باوجود میں یہی کہوں گا کہ اردو کو اسی وقت زیادہ رواج ملے گا جب مائیکروسوفٹ اور دوسری بڑی کمپنیاں اردو کے ساتھ فرسٹ کلاس سٹیزن کا سلوک کریں گی۔ اس سلسلے میں ہم اتنا ضرور کر سکتے ہیں کہ انٹرنیٹ پر پٹیشن کے ذریعے اور ان کمپنیوں کے ذمہ داران کو ای میل بھیج کر اس جانب ان کی توجہ مبذول کروائی جائے۔ نعمان نے چند روز قبل مجھے تجویز پیش کی تھی کہ گوگل کو جی میل کے انٹرفیس میں اوپن پیڈ شامل کرنے کا کہا جائے تاکہ اردو ای میل آسانی سے لکھنا ممکن ہو جائے۔ میں نے گوگل کوڈ سائٹ پر اس سلسلے میں ایک نیا پراجیکٹ بنایا ہے۔ میں کوشش کروں گا کہ جلد اس پر اوپن پیڈ کا اپڈیٹڈ ورژن ڈال دوں تاکہ اس سلسلے میں کوئی مہم شروع کی جا سکے۔

UrduWeb Dictionary Application

Friday, January 4th, 2008

اردو ویب لغت اطلاقیہ

السلام علیکم،

آج میں آپ کے سامنے اردو ویب لغت اطلاقیہ کا ابتدائی ورژن پیش کر رہا ہوں۔ یہ اردو ویب کا ایک نہایت اہم سنگ میل ہے اور اس عظیم کامیابی کا سہرا الف نظامی اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کے سر جاتا ہے۔ اس کام کے لیے ان کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

اردو ویب لغت اپلیکیشن میں انگریزی سے اردو اور اردو سے انگریزی دونوں میں الفاظ کے معنی دیکھے جا سکتے ہیں۔ الفاظ کے مطالب کے لیے لغت کی اپنی ڈیٹابیس کے ساتھ اس لفظ کے مطلب کو وکی پیڈیا، گوگل اور وکشنری میں بھی ڈھونڈھا جا سکتا ہے۔

dict1.jpg

dict2.jpg

اردو ویب لغت اپلیکیشن میں اس وقت ذخیرہ الفاظ قدرے محدود ہے، لیکن توقع کی جا سکتی ہے کہ اس پروگرام کا ابتدائی ورژن آنے کے بعد اب اس کے ذخیرہ الفاظ کو وسعت دینے پر کام کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اس میں یوزرز کے لیے خود سے اس کے ذخیرہ الفاظ میں اضافہ کرنے کی سہولت بھی درکار ہے۔

میں امید کرتا ہوں کہ اردو ویب لغت اطلاقیہ اردو کی ترویج کے سفر میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

اردو ویب لغت اطلاقیہ ڈاؤنلوڈ کریں

نوٹ‌ کریں کہ اردو ویب لغت اطلاقیہ چلانے کے لیے آپ کے سسٹم پر ڈاٹ نیٹ 2.0 رن ٹائم انسٹال ہونا ضروری ہے۔ اسے آپ ذیل کے ربط سے ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں۔

ڈاٹ نیٹ 2.0 رن ٹائم ڈاؤنلوڈ کریں

اگر آپ اردو سے انگریزی ڈکشنری کا استعمال کرنا چاہتے ہیں تو آپ کے سسٹم پر اردو لینگویج سپورٹ اور اردو کی بورڈ انسٹال ہونا بھی ضروری ہے۔ اس کے لیے مکمل ہدایات ذیل کے ربط پر موجود ہیں۔

کسی بھی سافٹ ویئر میں اُردو لکھیئے۔