کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر ایک قابل استعمال نستعلیق فونٹ روزاول سےہی اردو کمیونٹی کا خواب رہا ہے۔ اگرچہ کچھ اوپن ٹائپ نستعلیق فونٹ منظر عام پر آئے ہیں، لیکن یہ یا تو کمرشل فونٹ ہیں یا پھر ان میں رینڈر کیا ہوا پیج اس قدر بھاری بھرکم ہو جاتا ہے کہ یہ ناقابل استعمال ہوجاتا ہے۔ اب پاک نستعلیق کے منظر عام پر آنے سے اردو کمیونٹی کا یہ خواب حقیقت بننے والا ہے۔ پاک نستعلیق فونٹ مقتدرہ پاکستان کے مرکز فضیلت کی پیشکش ہے اور یہ کارنامہ سرانجام دینے والے باصلاحیت نوجوان کا نام محسن حجازی ہے۔ ابھی اگرچہ پاک نستعلیق فونٹ کا بیٹا ورژن پیش کیا گیا ہے اور اس میں بہتری لانے کی گنجائش موجود ہے لیکن موجودہ شکل میں بھی اس میں لکھی گئی عبارت نہایت دلکش نظر آ رہی ہے۔ میں نے یہ پوسٹ اردو ویب پیڈ کے ذریعے لکھ رہا ہوں اور میں نے ٹیکسٹ ایریا میں پاک نستعلیق فونٹ سیٹکیا ہوا ہے۔ اس میں لکھی گئی عبارت انپیج کے نوری نستعلیق سے بھی بہتر لگ رہی ہے۔
محسن حجازی کی ذہانت کو داد دینا پڑتی ہے کہ انہوں نے فونٹ تیار کرتے ہوئے اپنی پہلی ترجیح اس کی پرفارمنس کو دی۔ اب تک کے موجود نستعلیق فونٹس کی سب سے بڑی خرابی یہی رہی ہے کہ ان میں رینڈر کیے ہوئے صفحات نہایت بھاری بھرکم ہو جاتے ہیں جبکہ پاک نستعلیق رفتار میں لاطینی زبانوں کے فونٹس کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
مجھے اس بات کی حیرانی ہے کہ خود مرکز فضیلت کی جانب سے اس بارے میں کوئی آفیشل اناؤنسمنٹ سننے میں نہیں آئی۔ ابھی اس فونٹ میں نقطہ پلیسمنٹ اور اعراب وغیرہ کے کچھ مسائل ہیں۔ لیکن محسن ان مسائل کے حل کے لیے مستقل کام کر رہے ہی۔ میں امید کرتا ہوں کہ ہر نئی ریلیز کے ساتھ پاک نستتعلیق فونٹپہلے سے بہتر ہوتا جائے گا۔میرا وژن یہ ہے کہ کچھ عرصے بعد ڈیسک ٹاپ پبلشنگ کے پروگراموں جیسے کہ Quark Express وغیرہ میں پاک نستعلیق میں پروفیشنل کمپوزنگ ممکن ہو جائے گی۔ اس طرح اردو کمپیوٹنگ کی دنیا میں صحیح معنوں میں انقلاب رونما ہو جائے گا۔ یہاں میں پاک نستعلیق میں لکھی گئی عبارت کا ایک نمونہ پیش کر رہا ہوں جو کہ میں نے مائیکروسوفٹورڈ میں لکھی تھی۔
