اردو ویب اور اسکے منتظمین کے متعلق ایک ضروری وضاحت
Saturday, August 19th, 2006جہاں مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ اردو سیارہ اور اردو محفل کے علاوہ اردو کے دوسرے فیڈ ایگریگیٹر اور فورم وجود میں آرہے ہیں، وہیں اس بات کا افسوس بھی ہے کہ اردو سیارہ کے چند کرم فرما ان نئی سہولیات کے وجود کے جواز میں زکریا اجمل کو اپنی تنقید اور غم و غصہ کا نشانہ ضرور بناتے ہیں۔ سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ ہمیں ان نئی ویب سائٹس کے ذریعے اردو کی ترویج و ترقی پر خوشی ہے اور عین اسی مقصد کا حصول اردو ویب کی تشکیل کی بنیاد ہے۔ دوسری اور بہت اہم بات یہ ہے کہ ان نئی سائٹوں کی تشکیل کے جواز میں آپ کو اردو ویب یا اردو سیارہ کے دوسرے قارئین کو وضاحتیں پیش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ جہاں آپ کے بلاگ اردو ویب کا حصہ ہیں وہیں ان نئی سائٹس کو بھی اردو ویب اپنے حریف کے طور پر نہیں دیکھتا۔
اس کے علاوہ یہ کہ اردو ویب کے اس وقت تین منتظمین ہیں۔ نبیل، زکریا، اور راقم۔ یہاں یہ گوش گذار کرنا مقصود ہے کہ اردو ویب کے تمام فیصلہ جات منجملہ اردو سیارہ کی بندش اور اس کا دوبارہ چالو کرنا اور اس کے ساتھ ساتھ اراکین کو بین کرنا یا نہ کرنا، یہ تمام امور منتظمین کے مابین باہمی مشورہ جات سے طے پاتے ہیں۔ اس وقت ان فیصلوں کا دفاع میرے پیش نظر نہیں ہے کیونکہ اس پر پہلے ہی بہت کچھ لکھا جا چکا ہے ۔ صرف یہ بتانا ہے کہ ان تمام معاملات میں زکریا اجمل کے بجائے اردو ویب کی انتظامیہ کو مخاطب کیا جائے۔
اگر آپ ہم میں سے کسی کے ساتھ بھی اپنا ذاتی معاملہ طے کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کیجئے۔ بے شک اپنے بلاگ پر لکھئیے یا کسی بھی اور جگہ پر۔ لیکن براہ مہربانی اردو ویب اور ذاتی رنجشوں کو خلط ملط نہ کیجئیے۔ یہ بھی بتلانا مقصود ہے کہ اردو ویب ہم میں سے کسی کی بھی جاگیر نہیں ہے بلکہ اس سال سے تو اس کے اخراجات بھی معزز قارئین کے عطیات سے ادا ہو رہے ہیں۔ البتہ اس کی بہترین کارکردگی کو یقینی بنانے کیلئے ہم کچھ ذمہ داریوں کے مکلف ضرور ہیں جن کو سر انجام دینے کیلئے انتظامی اختیارات کا بروئے کار لانا ناگزیر ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں تحسین اور تنقید کے جذبات کا پیدا ہونا طبعی امر ہے اور اس صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے اردو ویب ہمیشہ سے تیارہے۔